(ایک لکڑی کی آپ بیتی، جس نے رزم گاہ کی خاموشی میں ایک مردِ آہن کو اپنے روبرو پایا۔)
میں ایک معمولی سی لکڑی تھی۔ بے جان، بے زبان، گرد و غبار میں اٹی ہوئی۔ ایک ایسی سرزمین پر پڑی ہوئی، جس کی مٹی نے مدتوں لہو کی سرخی دیکھی تھی اور جس کی فضاؤں میں بارود کی بو بسی ہوئی تھی۔ میں نے اپنے گرد بہت کچھ بکھرتے دیکھا تھا۔ بلند عمارتوں کو ملبے میں بدلتے، خوابوں کو خاکستر ہوتے اور آسمان کو دھوئیں کی سیاہی میں ڈوبتے۔ مگر میں نہیں جانتی تھی کہ ایک دن میری بے جان ہستی کو تاریخ کے ایک ایسے لمحے کا امین بننا ہے، جسے بیان کرنے کے لیے لفظوں کو بھی اپنے ظرف سے بلند ہونا پڑے گا۔
پھر میں نے یحییٰ کو دیکھا۔
ہاں، میں نے یحییٰ کو دیکھا تھا۔ یہ وہی یحییٰ سنوار تھا، جو غاصبوں کے لیے ایک خوف ناک خواب کی مانند تھا۔ وہ میرے سامنے تھا۔ چہرے پر نقاب، لباس پر گرد و غبار، ہاتھ لہو سے تر اور وجود پر تھکن کے آثار۔ اس کے گرد جنگ کا شور تھا، فضا میں خطرے کی ہیبت تھی مگر اس شخص کی آنکھوں میں ایک عجیب ٹھہراؤ تھا۔ وہ ٹھہراؤ جو کسی آسودہ زندگی کی آسائش سے نہیں، بلکہ کسی بڑے مقصد سے وفاداری کے عہد سے پیدا ہوتا ہے۔
اس کے چہرے کا بیشتر حصہ نقاب میں چھپا ہوا تھا، لیکن مجھے یوں محسوس ہوا جیسے اس کی آنکھیں اس کے پورے وجود کی داستان سنا رہی ہوں۔ ان میں ایک ایسی سرزمین کا درد تھا، جس کے بچوں سے ان کا بچپن چھین لیا گیا تھا، ان ماؤں کی بے بسی تھی، جن کی آغوشیں اجڑ گئی تھیں اور ان گھروں کی یاد تھی، جن کے در و دیوار ملبے کی تہوں میں دفن ہو چکے تھے۔
اس کے ہاتھ خون آلود تھے۔ میں نے ان ہاتھوں کو دیکھا تو میرے اندر ایک عجیب سوال نے سر اٹھایا۔ یہ ہاتھ کتنی کہانیوں کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں؟ کتنے زخموں کی گواہی ان کی لکیروں میں محفوظ ہے؟ کتنی طویل مسافتوں کی گرد ان پر جمی ہے؟ اور کتنی دعاؤں کی حرارت اب بھی ان کی گرفت میں باقی ہے؟
کیسا عجیب منظر تھا! ایک طرف لہو میں ڈوبا ہوا ہاتھ، دوسری طرف ملبے کا انبار، فضا میں گرد کی دبیز تہیں اور ان سب کے اوپر دشمن کا وہ ڈرون، جو بلندیوں میں منڈلاتا ہوا ہر جنبش کو اپنی نگاہ میں قید کیے جا رہا تھا۔ وہ شاید یہ سمجھ رہا تھا کہ اس نے ایک شکست خوردہ انسان کو ڈھونڈ لیا ہے۔ مگر اسے کیا خبر تھی کہ جس منظر کو وہ فتح کی دستاویز سمجھ کر محفوظ کر رہا ہے، وہی ایک دن اس کے غرور کے لیے فردِ جرم بن جائے گا۔
اور پھر اس نے مجھے اٹھا لیا اور پوری قوت سے ڈرون کی جانب اچھال دیا۔ میں ایک لمحے کے لیے ہوا میں تھی۔ ایک معمولی لکڑی دشمن کے فولادی غرور کی طرف پھینکی گئی اور اس لمحے مجھے پہلی مرتبہ اپنے وجود پر ناز ہوا۔
میں ہتھیار نہیں تھی۔ میں کوئی تیر نہیں تھی۔ میں کوئی بندوق بھی نہیں تھی۔ میرا کوئی نام نہ تھا، میری کوئی شناخت نہ تھی۔ میں نہ کسی درخت کی داستان اپنے ساتھ لائی تھی، نہ کسی بڑھئی کے ہنر کا تعارف رکھتی تھی۔ میں تو محض ایک لکڑی تھی، مگر اس ایک لمحے نے مجھے ایک نام دے دیا:عصائے سنوار۔
میں اس ڈرون سے ٹکرائی یا نہیں، اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ اصل ضرب تو کہیں اور لگی تھی۔ وہ ضرب اس یقین پر لگی تھی کہ طاقت صرف آسمان سے برسنے والے ہتھیاروں کا نام ہے۔ وہ ضرب اس غرور پر لگی تھی، جو سمجھتا تھا کہ ایک زخمی انسان لازماً مغلوب انسان ہوتا ہے۔ وہ ضرب اس تصور پر لگی تھی کہ جسم کو توڑا جا سکتا ہے تو عزم بھی توڑ دیا جائے گا۔
نہیں! ہرگز نہیں!
میں نے اپنی پوری زندگی میں ایسا منظر نہیں دیکھا تھا۔ ایک جسم جو زخموں سے چور تھا، اسی جسم نے آخری لمحے تک مزاحمت کا اعلان کیا۔ اور ایک معمولی سی لکڑی، جسے شاید دنیا نے کبھی قابلِ ذکر چیز نہ سمجھا تھا، اچانک مزاحمت کی علامت بن گئی۔
اب جب میرا ذکر ہوتا ہے تو میرے ساتھ اس ہاتھ کا ذکر بھی آتا ہے، جس نے مجھے تھاما تھا۔ اس چہرے کا ذکر بھی آتا ہے، جسے نقاب نے چھپا رکھا تھا۔ اس زخمی وجود کا ذکر بھی آتا ہے، جس نے اپنے گرد پھیلی ہوئی ویرانی میں اپنے آخری عمل کے لیے ایک معمولی سی لکڑی کو منتخب کیا تھا۔
میں لکڑی تھی، انسانی چہروں کے تاثرات پڑھنے کا ہنر نہیں جانتی تھی، مگر اس روز مجھے معلوم ہوا کہ بعض انسانوں کو سمجھنے کے لیے ان کے چہروں سے نقاب اٹھانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ان کے کردار کا ایک لمحہ ہی ان کی پوری زندگی کا تعارف بن جاتا ہے۔
اس دن مجھے پہلی بار اپنے بے جان ہونے پر افسوس ہوا۔ کاش میرے اندر زبان ہوتی، کاش میں اس لمحے کی ساری جزئیات اپنے سینے میں محفوظ کر سکتی، کاش میں زمانے کے سامنے گواہی دے سکتی کہ میں نے ایک ایسے شخص کو دیکھا ہے، جس کے گرد موت کا سایہ تھا، مگر جس کی موجودگی میں زندگی کے عزم کا احساس باقی تھا۔
میں نے اسے کسی تخت پر نہیں دیکھا تھا، نہ کسی پرشکوہ ایوان میں، نہ کسی جشن کے ہنگامے میں۔ میں نے اسے ملبے، گرد، خون اور جنگ کی بے رحم فضا میں دیکھا تھا۔ یہی وہ مقام تھا، جہاں انسان کے دعووں اور اس کے کردار کے درمیان فرق نمایاں ہوتا ہے۔
میں نے ایک نقاب پوش چہرے کے پیچھے ایک عہد کی سختی دیکھی تھی۔ میں نے خون آلود ہاتھوں میں ایک معرکے کی تلخی دیکھی تھی۔ میں نے گرد آلود لباس میں ایک سرزمین کی بے قراری دیکھی تھی۔ اور میں نے جنگ کے اس ویران منظر میں یہ حقیقت محسوس کی تھی کہ تاریخ کے بعض کردار اپنی زندگی کے آخری مناظر سے امر ہو جاتے ہیں۔
لوگ مجھ سے پوچھیں گے کہ یحییٰ کیسا دکھائی دیتا تھا، تو میں کہوں گی کہ میں اس کے چہرے کی پوری شناخت نہیں جانتی تھی، مگر اس کے عزم کی ایک جھلک دیکھ لی تھی۔ اور اس نے مجھے اتنا ضرور سمجھا دیا تھا کہ بعض انسانوں کی داستان ان کے اپنے وجود سے بڑی ہو جاتی ہے۔
میں ایک لکڑی ہوں۔ میرے پاس نہ قلم ہے، نہ زبان، لیکن اگر میری خاموشی کبھی لفظوں میں ڈھل سکے تو میں دنیا کو صرف اتنا بتاؤں گی کہ میں نے یحییٰ کو دیکھا تھا اور میں نے اسے وہاں دیکھا تھا جہاں انسان کے وجود سے زیادہ اس کے عزم کا امتحان لیا جاتا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments