ٹی ٹائم
زمرہ : ٹی ٹائم

قسمت کیا ہر ایک کو قسام ازل نے

بل گیٹس جس دورانیے میں اسکول جا رہا تھا، اس دورانیے میں دنیا کے تیس کروڑ بچے اسکول جا رہے تھے، ان میں سے ایک کروڑ اسی لاکھ بچے امریکی تھے، ان میں سے دو لاکھ ستر ہزار واشنگٹن کی ریاست سے تھے۔
ان میں سے ایک لاکھ سیاٹل کے علاقہ سے تھے، اور ان ایک لاکھ بچوں میں سے صرف تین سو بچے لیک سائیڈ اسکول میں جا رہے تھے۔ یہ وہ اسکول تھا جہاں بل گیٹس نے پڑھا۔
لیکن خاص بات پڑھنا نہیں تھی،بلکہ اس ا سکول میں موجود وہ کمپیوٹر تھا، جو بل گیٹس کو دستیاب تھا۔ اُس زمانے میں ایسا کمپیوٹر امریکی یونیورسٹیوں میں بھی دستیاب نہیں تھا، جیسا بل گیٹس کو تھا۔ خود بل گیٹس اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ اگر اُسے یہ کمپیوٹر دستیاب نہ ہوتا تو وہ مائیکروسافٹ کبھی نہ بنا پاتا۔
وہیں بل گیٹس کا ایک دوست کینٹ ایونس تھا، آج بھی بل گیٹس کو اُس کا نمبر یاد ہے۔ وہ اور بل گیٹس گھنٹوں فون پر باتیں کرتے تھے۔
کینٹ بھی تیس کروڑ بچوں میں سے اُن چند بچوں میں شامل تھا، جنھیں کمپیوٹر کی سہولت دستیاب تھی۔ وہ بھی بل گیٹس جتنا چالاک اور ذہین تھا۔لیکن کینٹ اسکول گریجویٹ کرنے سے پہلے ہی کوہ پیمائی کرتے ہوئے فوت ہو گیا تھا۔ اور اُس کا فوت ہونا بھی اُتنا ہی نایاب حادثہ تھا، جتنا ان کے ا سکول میں کمپیوٹر کا دستیاب ہونا تھا۔
ہر سال درجنوں کوہ پیما حادثاتی موت کا شکار ہوتے ہیں، لیکن ایک اسکول جاتے بچے کا کوہ پیمائی کرتے ہوئے فوت ہونے کا امکان لاکھوں میں ایک ہو سکتا ہے، اور کینٹ کے ساتھ وہ ہوا۔
اسی کو ہم قسمت کہتے ہیں۔ اکثر ہمیں جو کامیابی دکھائی دیتی ہے وہ دراصل کامیابی نہیں، قسمت کے ہاتھوں نہایت نفاست سے سینچی گئی زندگی ہوتی ہے، جس میں کچھ لوگوں کو قسمت ایسے نایاب مواقع دیتی ہے جو کہ یا تو اُن کی زندگی بنا کر رکھ دیتی ہے یا اُن سے زندگی ہی چھین لیتی ہے۔

ضیغم قدیر

اجازت

چین کے ایک معروف تاجر کا کہنا ہے کہ
’’ گاڑی دیکھ کر بچوں نے مجھ سے کھیلنے کی اجازت مانگی۔
بچوں کے چہروں سے پھوٹتی خوشی دیکھ کر میں نے انھیں نئی نویلی قیمتی گاڑی پر جوتوں سمیت چڑھ جانے اور اچھل کودکرنے کی اجازت دے دی۔ بچے اس قدر خوش تھے کہ میں بیان نہیں کر سکتا۔ بچوں کو خوش دیکھ کر مجھے بھی خوشی ہو رہی تھی …
حالاں کہ نہ تو وہ بچے میرے تھے اور نہ ہی وہ گاڑی میری تھی ۔‘‘

زبانی

غلام عباس غالباً واحد افسانہ نگار تھے، جنھیں اپنے افسانے زبانی یاد تھے۔ایک بار ایسا ہوا کہ انھوں نے آدھا لکھا ہوا افسانہ پڑھ کر سنایا، بقایا آدھا افسانہ زبانی سنا کر سننے والوں کو حیرت زدہ کردیا تھا۔

کتاب:تعزیت نامے،از:ستار طاہر

ہاتھوں کی حرکت

میں نے جب بی بی سی میں شمولیت اختیار کی اور میری تربیت شروع ہوئی تو جو بے شمار کام کی باتیں بتائی گئیں ،ان میں ایک یہ تھی کہ جب مائیکرو فون پر بولو تو اپنے ہاتھوں کو اسی طرح حرکت دیتے رہو، جیسے عام بول چال کے دوران دیتے ہو۔
ہم نے پوچھا کہ:
’’ وہ کیوں بھلا ؟‘‘
بتایا گیا کہ :
’’بولنے کا فطری انداز سب سے زیادہ دلکش ہوتا ہے،آپ ہاتھ باندھ کر بولیں گے تو لگے گا آپ سے کوئی جرم سرزد ہورہا ہے۔‘‘

رضا علی عابدی

خلد میں مشاعرہ

نومبر 1950 ءسے مئی 1951 ءکے چھ ماہ اردو شاعری پر بڑے بھاری گزرے۔30 نومبر کو ڈاکٹر محمد دین تاثیر نے وفات پائی۔30 جنوری کو مولانا تاجور نجیب آبادی انتقال کرگئے۔ اگلے روز 31 جنوری کو مولانا سیماب اکبر آبادی نے وفات پائی۔ 16 اپریل کو علامہ آرزو لکھنوی رحلت فرما گئے۔ 13 مئی کو لکھنؤ سے مولانا حسرت موہانی کی سناؤنی آگئی۔ شاعروں کی ان پے درپے اموات کی وجہ سے 15 مئی1951ءکو روزنامہ ’’جنگ ‘‘(کراچی) میں رئیس امروہوی کا یہ قطعہ شائع ہوا:
نامور شاعروں کی یہ اموات
سخت نازک معاملہ ہے کوئی
کیوں یکے بعد دیگرے رحلت؟
خُلد میں کیا مشاعرہ ہے کوئی؟

کتاب:پاکستان کرونیکل،از:عقیل عباس جعفری

ہے جرم ضعیفی کی سزا…

فرانس کے سونے کے ذخائر دنیا میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس کے پاس 2436 ٹن سونا ہے، حالاں کہ فرانس میں سونے کی ایک بھی کان نہیں ہے۔
مالی میں سونے کی 860 کانیں ہیں جن سے سالانہ 50 ٹن سونا نکلتا ہے، لیکن اس کے پاس سونے کا کوئی ذخیرہ نہیں ہے،اس لیے کہ وہ فرانس کا غلام رہا ہے۔

دل چسپ سرقہ

یونیورسٹی کے ایک طالبِ علم کے ہاتھ ایک قدیم علمی بحث لگ گئی،جو دراصل کسی یونیورسٹی کی ایک طالبہ کا لکھا ہوا مقالہ تھا۔ اس نے سرورق پر اپنی معلومات درج کیں، اور اندر سے نہ ہی بحث پڑھی، اور نہ ہی اس پر نظرِ ثانی کی، بلکہ جوں کا توں آگے اسے اپنے نام سے پیش کر دیا۔
دل چسپ امر یہ ہے کہ اسی مقالے کے مقدمے میں اصل مصنفہ (طالبہ) نے یہ معذرت بھی درج کر رکھی تھی کہ اگر اس تحقیق میں کوئی کمی یا کوتاہی رہ گئی ہو ،تو اس کی وجہ اس کے حمل (Pregnancy) کے حالات ہیں، اور یہ عبارت بھی اسی طرح برقرار رہ گئی۔

ڈاکٹرنور الرحمن ہزاروی

اُس کا جب ذکر ہوا بات بدل دی ’’اس‘‘نے

امریکہ کا سابق صدر جمی کارٹر جب یروشلم گیا تو اس وقت کا اسرائیلی وزیر اعظم مناحیم بیگن اس کو دیوار گریہ کے پاس لے گیا، جو یروشلم میں یہودیوں کی مقدس ترین جگہ ہے۔ وہاں جمی کارٹر نے دعا کرتے ہوئے کہا:
’’اے خدا ! عربوں اور اسرائیل کو امن تک پہنچنے میں مدد کر۔‘‘
بیگن نے کہا:
’’آمین‘‘
اس کے بعد کارٹر نے دعا کی :
’’خدایا ! مصر اور اسرائیل کو پُر امن طور پر ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کی توفیق دے۔‘‘
بیگن نے کہا :
’’آمین!‘‘
اس کے بعد جمی کارٹر نے دعا کی کہ :
’’خدایا! اسرائیلیوں کو بتا دے کہ وہ عربوں کو وہ تمام علاقے واپس کردیں جن پر انھوں نے 1967 ءکی جنگ میں قبضہ کیا ہے۔‘‘
یہ سن کر بیگن نے ’’آمین‘‘ کہنے کے بجائے فوراً کہا :
’’جناب صدر ! میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ آپ خدا سے نہیں، بلکہ ایک دیوار سے مخاطِب ہیں۔‘‘

رسالہ:ریڈرز ڈائجسٹ(مئی 1981ء)،حصہ:لافٹر اِز دی بیسٹ میڈیسن
ترجمہ:خالد قیوم تنولی

خطاب

کلاسیکی شاعر خواجہ میر درد ؔکو اگر سر کا خطاب مل جاتا …
تو وہ ’’سر درد‘‘ کہلاتے۔

اشعر علیگ

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦