بھارت صرف میرا ہی نہیں، بلکہ ہر بھارتی شہری کا پیارا ملک ہے، جہاں ہم پیدا ہوئے اور جس کی محبت خدا نے ہمارے دلوں میں بسائی ہے۔ بھارت کے بارے میں ہم نے کئی خوب صورت خواب دیکھے ہیں۔ ان خوابوں میں سے چند پیشِ خدمت ہیں۔
سب سے پہلے بھارت کی تعریف بیان کریں تو اس کی یہ خوبی اسے دوسرے ملکوں سے منفرد بناتی ہے کہ یہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔
ہم نے ایک خوب صورت خواب دیکھا ہے کہ ایک لڑکی سونا اچھالتے ہوئے کشمیر سے کنیا کماری تک جائے اور اسے کسی کا خوف نہ ہو۔ ہم نے اپنے خوابوں میں ایسا بھارت دیکھا ہے، جہاں کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر ناانصافی نہ ہوتی ہو، جہاں کسی کا حق نہ مارا جاتا ہو اور جہاں محنت کرنے والوں کو ان کا پورا حق ملتا ہو۔ ہم نے اپنے خوابوں میں بھارت کو کچھ یوں دیکھا ہے کہ یہاں قانون کی مکمل پابندی ہوتی ہو اور کسی امیر کو کسی غریب پر فوقیت نہ دی جاتی ہو۔
ہم نے اپنے خوابوں میں بھارت کو اس طرح سجایا ہے کہ جہاں ہر شخص کو اپنی معاشی ذمے داری کا احساس ہو، ہر شہری کے لیے روزگار کے ذرائع موجود ہوں اور کوئی بھوکا نہ رہے۔ ہر شہری کو بہ حیثیت بھارتی اپنی ذمے داریوں کا احساس ہو اور وہ انھیں پورا کرنے کی کوشش کرے۔
ہم نے اپنے خوابوں میں بھارت کو کچھ یوں دیکھا ہے کہ جہاں صرف انسانوں ہی کے ساتھ نہیں، بلکہ بے زبان جانوروں کے ساتھ بھی ناانصافی نہ ہو۔ ان کے ساتھ ہمدردی برتی جائے۔ جہاں انسانیت ہو، محبت ہو اور بھائی چارے کا پیغام عام ہو۔ بھارت کو کسی ایک مذہب سے جوڑ کر نہ دیکھا جائے، بلکہ وہ ہر شہری کا بھارت ہو اور ہر شہری اسے ترقی یافتہ بنانے کے لیے کوشاں ہو۔ محنت کرے جو آدمی، اسے اس کی محنت کا پھل ملے۔
ہم نے اپنے خوابوں میں بھارت کو کچھ اس طرح سجایا ہے کہ جہاں پرچے افشا ہونے جیسے واقعات نہ ہوتے ہوں۔ صرف تعلیم ہی نہیں، بلکہ ہر شعبے میں ہر انسان کو انصاف ملتا ہو۔ ہر شہری کی جان اور عزت محفوظ ہو اور ہر انسان کی اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہو۔ کوئی کسی کی آواز کو کچل نہ دے۔ جہاں ہر پیشے کو اہمیت دی جائے اور ہر استاد کی عزت کی جائے۔
بھارت کو ترقی یافتہ بنانے کی ذمے داری صرف حکومت ہی کی نہیں، بلکہ اس سرزمین پر رہنے والے ہر شہری کی بھی ہے۔ انگریزوں نے بھارت کو سونے کی چڑیا کہا تھا، لیکن میں تو اسے ہیرے کی چڑیا بنانا چاہتی ہوں۔ میں اپنے عزیز وطن بھارت میں محبت کے پھول کھلانا چاہتی ہوں۔
ارمانوں کے پھول کھلیں گے، ہر شہری مسکرائے گا
ہندستان ہمارا رشکِ جنت پھر کہلائے گا
اندرا گاندھی نے جب بھارت کے پہلے خلاباز راکیش شرما سے پوچھا کہ خلا سے بھارت کیسا نظر آتا ہے تو راکیش شرما نے جواب دیا:
’’سارے جہاں سے اچھا،ہندوستان ہمارا‘‘
یقیناً بھارت میں کچھ تبدیلیاں آئی ہیں، لیکن یہ بعید نہیں کہ ہماری محنت اور کوششوں سے ہمیں پھر ایسا بھارت دیکھنے کو ملے، جیسا کہ اسے ہونا چاہیے۔
بھارت، تجھے سلام!
تجھ میں بسنے والے ہر شہری کو سلام!
ان کی محنت اور کمالات سے تیرا نام روشن ہو،
اور تیرا نام ان کے نام کے ساتھ یاد کیا جائے۔
کیا ہی خوش قسمت ہوگا وہ شخص، جو تیرے نام کے ساتھ یاد کیا جائے!
٭ ٭ ٭


Masha Allah 👌 👌