غلط رسموں کو مٹانے میں عورتوں کا کردار

عموماً یہ بات کہی جاتی ہے کہ شادی بیاہ یا دیگر مواقع پر بے جا، بلکہ غلط رسموں کی ابتدا زیادہ تر خواتین ہی کی طرف سے ہوتی ہے۔ اس طرح معاشرے میں کسی بے جا رسم کا چلن ہو جاتا ہے اور پھر لوگ اس کے اس قدر عادی ہو جاتے ہیں کہ اسے ترک کرنا گوارا نہیں کرتے، بلکہ اسے اپنی توہین سمجھنے لگتے ہیں۔ اس طرح کی رسمیں آگے چل کر سماج پر ایک بوجھ بن جاتی ہیں۔ بعض رسمیں ایسی بھی ہوتی ہیں، جو سخت معصیت کے کام ہیں اور انھیں مٹانا ہر مسلمان کی ذمے داری ہے۔ اگر ان رسموں کی ابتدا خواتین ہی کی طرف سے ہوتی ہے، جیسا کہ عام طور پر تصور کیا جاتا ہے، تو انھیں مٹانے کی ابتدا بھی خواتین ہی کی طرف سے ہونی چاہیے۔ اگر خواتین اس طرح کے معاملات میں آگے بڑھ کر نمایاں کردار ادا کریں تو ماحول میں بڑی حد تک تبدیلی رونما ہو سکتی ہے۔ اس معاملے میں خواتین کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اسلامی تاریخ میں اس کی مثال ہمیں ام المومنین حضرت زینب بنت جحشؓ کی شخصیت میں ملتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایک قبیح رسم کو مٹانے کے لیے ان کی ذات کو ذریعہ بنایا۔
ام المومنین حضرت زینبؓ کا اصل نام برّہ تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کا نام تبدیل کرکے زینب رکھا۔ ان کے والد کا نام جحش اور والدہ کا نام امیمہ بنت عبداللہ تھا۔ نسبی اعتبار سے حضرت زینب بنت جحشؓ ایک معزز گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں۔ رشتے میں وہ رسول اللہ ﷺ کی پھوپھی زاد بہن تھیں۔ حسن و جمال میں بھی ممتاز تھیں۔ حضرت زینبؓ اسلام قبول کرنے اور ہجرت کرنے والوں میں السابقون الاولون میں شمار ہوتی تھیں۔ انھوں نے اپنے بھائی کی قیادت میں مدینہ منورہ ہجرت کی۔
حضرت زید بن حارثہؓ رسول اللہ ﷺ کے آزاد کردہ غلام تھے۔ آپ ﷺ ان سے بہت محبت کرتے تھے اور اسی محبت و وفاداری کے پیش نظر انھیں اپنا متبنّیٰ، یعنی منھ بولا بیٹا، بنا لیا تھا۔ لوگ انھیں زید بن محمد کہنے لگے۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت زینبؓ کا رشتہ اپنے آزاد کردہ غلام حضرت زید بن حارثہؓ کے لیے خود پیش کیا۔ یہ محض ایک عام رشتہ نہ تھا، بلکہ اس کے پیچھے اعلیٰ ترین مقاصد کارفرما تھے۔ غلاموں کو آزادی دے کر انھیں عام انسانوں کی طرح معاشرے میں رائج نسلی و طبقاتی امتیاز سے بالاتر مقام دینا اور عملی مثال قائم کرنا مقصود تھا، تاکہ لوگوں کے درمیان جاہلانہ فخر و غرور، اونچ نیچ اور رنگ و نسل کی بنیاد پر امتیاز کو مٹایا جا سکے اور معاشرے پر یہ واضح کیا جا سکے کہ نکاح کی بنیاد نسب، دولت یا طبقہ نہیں، بلکہ دین اور تقویٰ ہے۔
عرب معاشرے میں ایک معزز گھرانے کی خاتون کا رشتہ ایک غلام سے ہونا ناقابل تصور تھا۔ ابتدا میں حضرت زینبؓ کو اس رشتے کے سلسلے میں کچھ تامل ہوا، لیکن پھر وہ اس کے لیے تیار ہو گئیں، کیوں کہ سورۂ احزاب کی آیت نمبر 36؍ میں یہ واضح کر دیا گیا تھا کہ اللہ اور اس کے رسول کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہی تقویٰ کی معراج ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے:

وَمَا كَانَ لِمُؤْمِنٍ وَّلَا مُؤْمِنَةٍ إِذَا قَضَى اللّٰهُ وَرَسُولُهُ أَمْرًا أَنْ يَكُونَ لَهُمُ الْخِيَرَةُ مِنْ أَمْرِهِمْ ۗ وَمَنْ يَعْصِ اللّٰهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ ضَلَّ ضَلَالًا مُّبِينًا۔ (الاحزاب: 36)

ترجمہ: کسی مومن مرد اور کسی مومن عورت کو یہ حق نہیں ہے کہ جب اللہ اور اس کا رسول کسی معاملے کا فیصلہ کر دیں تو پھر انھیں اپنے معاملے میں خود فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل رہے۔ اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے، وہ صریح گمراہی میں پڑ گیا۔
حضرت زینبؓ نے اللہ کے حکم کے سامنے سر تسلیم خم کر دیا اور حضرت زیدؓ سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ تاہم حضرت زیدؓ اور حضرت زینبؓ کے مزاج میں ہم آہنگی نہ رہ سکی۔ یہ ازدواجی زندگی زیادہ دن نہ چل سکی اور بالآخر حضرت زیدؓ نے حضرت زینبؓ کو طلاق دے دی۔
عربوں میں ایک پرانا دستور چلا آ رہا تھا کہ اگر کوئی شخص کسی کو اپنا متبنّیٰ، یعنی منھ بولا بیٹا، بنا لیتا تو اسے حقیقی بیٹے کی طرح سمجھا جاتا تھا۔ اس کی مطلقہ بیوی سے نکاح کرنا بھی بہت برا خیال کیا جاتا تھا، کیوں کہ حقیقی بیٹے کی مطلقہ بیوی محرمات میں شمار ہوتی ہے۔ اس طرح متبنّیٰ کو حقیقی بیٹا سمجھنے کا رواج ایک قبیح رسم کی صورت اختیار کر چکا تھا، جو شرعی اعتبار سے بھی درست نہ تھا۔ اس رسم کو مٹانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کو حضرت زینب بنت جحشؓ سے نکاح کرنے کا حکم دیا، جو آپ ﷺ کے منھ بولے بیٹے حضرت زیدؓ کی مطلقہ تھیں۔ چناں چہ قرآن مجید میں ارشاد ہے:

فَلَمَّا قَضٰى زَيْدٌ مِّنْهَا وَطَرًا زَوَّجْنٰكَهَا لِكَيْ لَا يَكُونَ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ حَرَجٌ فِيْۤ اَزْوَاجِ اَدْعِيَآئِهِمْ اِذَا قَضَوْا مِنْهُنَّ وَطَرًا ۗ وَكَانَ اَمْرُ اللّٰهِ مَفْعُوْلًا۔ (الاحزاب: 37)

ترجمہ: پھر جب زید اس سے اپنی حاجت پوری کر چکے تو ہم نے اس خاتون کا نکاح تم سے کر دیا تاکہ مومنوں پر اپنے منھ بولے بیٹوں کی بیویوں کے معاملے میں کوئی تنگی نہ رہے، جب کہ وہ ان سے اپنی حاجت پوری کر چکے ہوں۔ اور اللہ کا حکم تو پورا ہو کر ہی رہنا تھا۔
جب حضرت زینبؓ سے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نکاح کی بات کہی گئی تو وہ خوشی سے راضی ہو گئیں۔ ان دونوں مواقع پر انھیں سماج کے طعنے بھی سننے پڑے اور سخت آزمائشوں سے بھی گزرنا پڑا، لیکن انھوں نے صبر کے ساتھ لوگوں کی طعن و تشنیع اور ناراضی کو برداشت کیا۔ اس طرح ایک غلط رواج کو مٹانے میں انھوں نے اپنا اہم کردار ادا کیا۔
اس واقعے سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ معاشرے میں رائج غلط رسم و رواج کو مٹانے کے لیے ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ اس مقصد کے لیے خان دانی اور نسلی غرور و امتیاز سے بالاتر ہو کر لوگوں کے لعن طعن اور ناراضی کو صبر کے ساتھ برداشت کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے۔ جب ہم اس عزم کے ساتھ جدوجہد کریں گے، تبھی غلو اور بے جا رسموں کو مٹانے میں کام یاب ہو سکیں گے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦