’’خار و گل‘‘ فلسطینی مصنف یحییٰ سنوار کے عربی ناول ’’الشوک والقرنفل‘‘ کا اردو ترجمہ ہے، جسے ڈاکٹر ظلِ ہما نے نہایت رواں اور دل نشیں انداز میں اردو کے قالب میں ڈھالا ہے۔
476 ؍صفحات پر مشتمل اس ترجمے کی روانی، سلاست اور بیانیے کی گرفت ایسی ہے کہ مطالعہ ایک تسلسل کے ساتھ آگے بڑھتا چلا جاتا ہے۔ ڈاکٹر ظلِ ہما کی ادبی و تحقیقی وابستگی ترجمے کے اسلوب میں بھی محسوس ہوتی ہے۔
کتاب کے ابتدائی تعارف سے معلوم ہوتا ہے کہ یحییٰ سنوار نے اسے اسرائیلی قید کے دوران 2004ء میں تحریر کیا۔ ناول میں فلسطینی معاشرے، غزہ کے حالات، خان دان، تعلیم، سیاسی شعور، ہجرت، محرومی اور مسلسل جدوجہد کو ایک داستانی پیرائے میں پیش کیا گیا ہے۔
جس ناول کو پڑھنے کے لیے بڑی بے تابی سے انتظار تھا، بالآخر وہ میرے ہاتھ میں آیا اور 476 ؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب کو پورے انہماک کے ساتھ صرف دو دن میں ختم کر ڈالا۔ یہ محض کتاب پڑھنے کے دو دن نہیں تھے، یوں محسوس ہوا جیسے میں نے یہ دو دن فلسطین کے ایک کیمپ میں احمد کے ساتھ گزارے ہوں، جو اس کتاب کا مرکزی کردار ہے۔
شعور سنبھالنے کے بعد سے ہی فلسطین کے بارے میں سنتے آئے ہیں۔ کبھی گھر میں ہونے والی گفتگوؤں کے ذریعے، کبھی میڈیا پر چلنے والے یک طرفہ اور غلط سلط بیانیوں کے ذریعے، کبھی شہادتوں کی خبروں میں، کبھی اخوان المسلمین کے بارے میں پڑھی گئی کتابوں میں تو کبھی حماس سے متعلق سنسنی خیز خبروں کے ذریعے۔ پھر گزشتہ دو، ڈھائی برسوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے بہت سی ایسی حقیقتیں سامنے آئیں، جن پر پردہ ڈالنے اور جن کا بیانیہ تبدیل کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی۔
اور اب یہ ناول…
میں نے اسے صرف فلسطین کے تناظر میں نہیں پڑھا، بلکہ اپنے ملک اور اپنے معاشرے کے تناظر میں بھی پڑھا۔
میں سوچتی رہی کہ کوئی قوم کیسے ٹوٹتی ہے، مشکلات کے باوجود کیسے خود کو سنبھالتی ہے اور مسلسل جدوجہد آخرکار کیسے رنگ لاتی ہے!
1967ء سے لے کر آج تک فلسطینی عوام نے بھوک، پیاس، ہجرت، جبر اور مسلسل آزمائشوں کا سامنا کیا، لیکن اس سب کے باوجود مقدسات کی حفاظت، ایمان کی حفاظت اور شعائر اللہ کی تقدیس ان کی اجتماعی زندگی کا حصہ بنی رہی۔ ناول یہ سوال بھی ہمارے سامنے رکھتا ہے کہ مقدسات سے وابستگی اور کسی قوم کی فکری و اخلاقی زندگی اس کے عروج کا ذریعہ کیسے بن سکتی ہے، جب کہ ان سے بے اعتنائی قوموں کو کس طرح زوال کی طرف لے جا سکتی ہے۔
پورا ناول ایک روانی سے بہتی ہوئی ندی کی مانند ہے۔ واقعات ایک دوسرے سے اس طرح جڑتے چلے جاتے ہیں کہ قاری خود کو کہانی کا حصہ محسوس کرنے لگتا ہے۔
سب سے زیادہ متاثر کرنے والا پہلو خان دان ہے۔ خان دان معاشرے کی پہلی اکائی ہے۔ اگر یہ پہلی اکائی اپنی ذمے داری درست طور پر ادا کرے تو پورا معاشرہ یک جہتی اور مضبوطی کی مثال بن سکتا ہے۔ خاص طور پر ایک ماں کا کردار، حالات جیسے بھی ہوں، ماں ہونے کی اپنی ذمے داری کو مسلسل نبھانا، یہ دکھاتا ہے کہ نسلوں کی تعمیر خاموشی سے گھروں کے اندر ہوتی ہے۔
ناول میں یہ پہلو بھی بہت خوب صورتی سے سامنے آتا ہے کہ ایک ہی خان دان کے افراد مختلف سیاسی دھاروں سے وابستہ ہونے کے باوجود ایک ہی چھت کے نیچے بیٹھ کر اپنے سیاسی موقف پر گفتگو اور بحث کرتے ہیں۔ اختلاف اپنی حدود میں رہتا ہے اور باہمی احترام قائم رہتا ہے۔ بعض مقامات پر تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کسی بے گھر اور محصور قوم کے کیمپ کا منظر نہیں، بلکہ آکسفورڈ جیسی کسی یونی ورسٹی کے فارغ التحصیل افراد کے درمیان ہونے والی سنجیدہ علمی بحث ہو۔ اور پھر…
بھوک، بے سروسامانی، غربت، ظلم اور بربریت کے درمیان تعلیم کے لیے مسلسل جدوجہد۔
یہ ناول ایک ایسی قوم کی تصویر پیش کرتا ہے، جو حالات کے سامنے ہار ماننے کے بجائے استقامت کو اپنی شناخت بنا لیتی ہے۔ نسلیں مشکلات کے درمیان پروان چڑھتی ہیں، لیکن آگے بڑھنے کا عزم نہیں چھوڑتیں۔
تعلیمی اداروں سے لے کر کاروبار اور ملازمت تک، گھروں کی عورتوں سے لے کر بزرگوں تک، زندگی کے مختلف شعبوں میں ایک مشترک مقصد کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ ایمان کے چراغ روشن رکھنے اور اپنی شناخت و سرزمین سے وابستہ رہنے کا مقصد!
ناول کا اختتام بھی اپنے اندر ایک گہرا روحانی اثر رکھتا ہے۔ شہادت کے مقام تک پہنچنے والے کردار اور رسول اللہ ﷺ کی زیارت اور جنتِ نعیم کی بشارت کا تذکرہ کہانی کو ایک روحانی کیفیت میں سمیٹ دیتا ہے۔
یہ کتاب میرے لیے محض ایک ناول نہیں رہی۔ یہ ارضِ مقدس سے عشق، وابستگی، استقامت، خان دان، تعلیم، ایمان اور مسلسل جدوجہد کی ایک بے مثال داستان بن گئی۔
کتاب میں قرآن و سنت کی ان بشارتوں کی طرف بھی توجہ دلائی گئی ہے، جن میں حق پر قائم رہنے والی جماعت کے ثابت قدم رہنے کا ذکر ہے اور ایک روایت میں اس جماعت کا تعلق بیت المقدس اور اس کے اطراف سے بھی بیان ہوا ہے۔ یہ حوالہ ارضِ مقدس سے ہر مسلمان کی قلبی وابستگی کو ایک خاص روحانی معنی عطا کرتا ہے۔
476 ؍ صفحات ختم ہوئے، لیکن سوالات اور احساسات ابھی باقی تھے۔
کچھ کتابیں پڑھی جاتی ہیں، کچھ کتابیں محسوس کی جاتی ہیں اور کچھ کتابیں انسان کو اپنے معاشرے، اپنی ترجیحات اور اپنی ذمے داریوں کے بارے میں دوبارہ سوچنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔
یہ ناول میرے لیے ایسی ہی ایک کتاب ہے۔
یہ کتاب تحریکی سرگرمیوں سے وابستہ گھروں کی زینت تو ہونی ہی چاہیے، مگر موجودہ حالات میں ملک و قوم کے لیے درد رکھنے والے ہر فرد کے مطالعے کی بھی مستحق ہے۔ کیوں کہ یہ صرف فلسطین کی داستان نہیں، بلکہ قوموں کی تعمیر، نسلوں کی تربیت اور مشکل حالات میں مسلسل جدوجہد کا شعور دینے والی کتاب ہے۔
اس فکر انگیز اور دل کو چھو لینے والی کتاب کو ہمارے درمیان پہنچانے کے لیے مترجمہ ڈاکٹر ظلِ ہما اور ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔
مصنف کی تحریر، مترجمہ کی رواں اردو اور ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی کی اس کتاب کو قارئین تک پہنچانے کی کاوش، تینوں نے مل کر ’’خار و گل‘‘ کو اردو قارئین کے لیے ایک یادگار مطالعہ بنا دیا ہے۔ جزاکم اللہ خیراً کثیراً!
اور آخرکار ہر جدوجہد، ہر قربانی اور ہر امید کا سفر ربِّ کائنات کی بارگاہ میں حمد و ثنا کی نذر۔
٭ ٭ ٭


0 Comments