13؍ نومبر عالمی یومِ رحم دلی (World Kindness Day)اور اسلام میں رحم دلی کی تعلیم و اہمیت

پوری دنیا میں 13؍ نومبر کو ’’عالمی یومِ رحم دلی‘‘ (World Kindness Day)منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں رحم دلی، محبت اور ایک دوسرے کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنے کا جذبہ پیدا کرنا اور اسے فروغ دینا ہے۔ اگرچہ دنیا میں اس دن کو منانے کی شروعات 1998ء میں ہوئی، لیکن اسلام نے تقریباً 1400 سال پہلے ہی رحم دلی اور نرم مزاجی کو ایمان کا ایک اہم حصہ اور زندگی کا مقصد بتا دیا تھا۔
اسلام دینِ فطرت ہے۔ اس میں تمام انسانوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کو عبادت قرار دیا گیا ہے۔ دنیا رحم دلی اور ہم دردی کو ایک اچھی عادت کہتی ہے، لیکن اسلام اسے عبادت کا درجہ دیتا ہے اور لوگوں کے ساتھ رحم دلی اور ہم دردی کو دین کا ایک حصہ سمجھتا ہے۔
اللہ تعالیٰ، جو تمام کائنات کے خالق ہیں، کے صفاتی ناموں میں الرحمٰن اور الرحیم بھی شامل ہیں۔ ان کا مفہوم ہے: نہایت مہربان اور بار بار رحم فرمانے والا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب بندے اور آخری پیغمبر حضرت محمد ﷺ کے بارے میں بھی قرآنِ کریم کی سورۂ انبیاء، آیت نمبر 107؍ میں فرمایا:
’’اور ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔‘‘
اس کا مطلب واضح ہے کہ اللہ تعالیٰ خود رحمان و رحیم ہے اور اس نے اپنے آخری پیغمبر حضرت محمد ﷺ کو بھی تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ ﷺ نے اپنے قول و عمل سے رحم دلی کو اسلام کا ایک اہم حصہ بتایا اور اپنے کردار کو دنیا کے سامنے ایک نمونہ بنا کر پیش کیا۔
صحیح بخاری و مسلم میں مذکور حدیث کا مفہوم ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا، اس پر بھی رحم نہیں کیا جاتا۔‘‘ ایک اور حدیث کا مفہوم ہے: ’’جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہیں کرتا اور ہمارے بڑوں کی عزت نہیں کرتا، وہ ہم میں سے نہیں ہے۔‘‘ اسی طرح صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی ایک حدیث میں حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’مسلمان وہ ہے، جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔‘‘
نبی اکرم ﷺ نے رحم دلی کی تعلیم صرف زبانی نہیں دی، بلکہ اسے عملاً کر کے بھی دکھایا۔ آپ ﷺ خود لوگوں کی مدد کے لیے پیش پیش رہتے اور ہر ایک کے ساتھ نرمی اور رحم دلی سے پیش آتے تھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں رہتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کی مدد میں رہتا ہے۔ آپ ﷺ نے یہ بھی فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں میں سے رحم کرنے والوں پر رحم فرماتا ہے۔
حضرت محمد ﷺ اپنی ذاتی زندگی میں ہر ایک کی مدد کے لیے تیار رہتے اور مدد کرنے میں کسی کے ساتھ امتیاز نہیں کرتے تھے۔ مسند احمد میں حضرت خباب بن ارت رضی اللہ عنہ کی صاحب زادی سے ایک روایت منقول ہے کہ ان کے والد ایک لشکری مہم پر گئے ہوئے تھے تو رسول اللہ ﷺ ان کی واپسی تک ان کے گھر کی بکری کا دودھ دوہ کر انھیں دیا کرتے تھے۔
آپ ﷺ خود اکثر فاقہ فرماتے اور کئی کئی دن گھر میں چولہا نہیں جلتا تھا، لیکن جب کوئی بھوکا یا سائل آپ کے پاس آتا تو آپ ﷺ اسے اپنے اوپر ترجیح دیتے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی روایات میں اہلِ صفہ کے ساتھ آپ ﷺ کی ہم دردی اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کا ذکر ملتا ہے۔
آپ ﷺ نے جانوروں پر بھی رحم کرنے کی ترغیب دی۔ احادیث میں جانوروں کو بھوکا پیاسا رکھنے اور ان پر ان کی طاقت سے زیادہ بوجھ ڈالنے سے منع کیا گیا ہے۔ صحیح مسلم میں حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے غلاموں اور ماتحتوں کے بارے میں فرمایا کہ وہ تمھارے بھائی ہیں۔ انھیں وہی کھلاؤ جو خود کھاتے ہو، وہی پہناؤ جو خود پہنتے ہو، ان پر ان کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہ ڈالو اور اگر ایسا کام ان کے سپرد کرو جو ان کے لیے مشکل ہو تو ان کی مدد کرو۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ جانوروں ہی نہیں، بلکہ انسانوں کے ساتھ بھی رحم دلی اور حسنِ سلوک اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔
آپ ﷺ نے غلاموں اور خادموں کے حقوق اور ان کے ساتھ ہم دردی و رحم دلی کا جو معیار قائم کیا، وہ تاریخِ انسانیت میں ایک نمایاں مثال ہے۔ آپ ﷺ نے انھیں معاشرے کا حصہ سمجھنے اور ان کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنے کی تعلیم دی۔ آپ ﷺ کی خدمت میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بچپن ہی سے رہے اور دس سال تک آپ ﷺ کی خدمت کرتے رہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ آپ ﷺ نے کبھی میرے کسی کام پر ناراضی کا اظہار نہیں کیا اور نہ کبھی مجھے اُف تک کہا۔
اسی طرح ایک حدیث میں آتا ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جو خود کھاؤ، وہی اپنے خادموں اور ماتحتوں کو کھلاؤ اور ان سے ان کی طاقت سے زیادہ کام نہ لو۔ اگر کوئی ایسا کام ہو جو ان کے لیے مشکل ہو تو خود ان کی مدد کرو۔ یہ اس دور کی تعلیم ہے، جب عرب معاشرے میں غلاموں اور خادموں کی تذلیل اور ان کے ساتھ سختی کرنا عام تھا۔ آپ ﷺ نے اس ظالمانہ رویے کی اصلاح فرمائی۔ صحیح مسلم میں یہ روایت بھی موجود ہے کہ ایک شخص نے اپنے غلام کو تھپڑ مارا تو رسول اللہ ﷺ نے اسے آزاد کرنے کا حکم دیا۔
آپ ﷺ فرمایا کرتے تھے کہ کسی بھی نیکی کے کام کو حقیر نہ سمجھو، چاہے وہ اپنے بھائی سے مسکرا کر ملنا ہی کیوں نہ ہو کیوں کہ کسی سے مسکرا کر ملنا بھی صدقہ ہے۔ حضرت محمد ﷺ نے یتیموں، بیواؤں اور مسکینوں کی خبرگیری اور ان کی مدد کرنے کی بھی ترغیب دی اور اسے اجر و ثواب کا ذریعہ قرار دیا۔
آپ ﷺ کی تعلیمات کا نتیجہ ہے کہ اسلام میں رحم دلی کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی اور اسے نیک اعمال میں شمار کیا گیا ہے۔ اسلام لوگوں کو اپنی ذاتی زندگی میں بھی رحم دلی کی تعلیم دیتا ہے۔ کسی کو اپنے ہاتھ سے تکلیف پہنچانا تو دور کی بات، زبان سے بھی اذیت دینے سے منع کیا گیا ہے۔ کسی کو برا بھلا کہنا، جسمانی چوٹ پہنچانا، کسی کی جان یا مال پر زیادتی کرنا اور کسی کا حق مارنا، یہ سب اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں حکم دیا ہے کہ لوگوں سے اچھی بات کہو۔ (سورۃ البقرۃ: 83)
اسی طرح اسلامی تعلیمات میں راستے سے پتھر یا کوئی تکلیف دہ چیز ہٹا دینا، کسی پیاسے کو پانی پلا دینا، کسی ضرورت مند کی ضرورت پوری کر دینا، کسی کو صحیح مشورہ دینا، کسی کے غم میں دل جوئی کرنا، اسے تسلی دینا اور مصیبت و پریشانی میں اپنی حیثیت کے مطابق مدد کرنا بھی نیکی اور صدقے کے کاموں میں شامل ہیں۔
آج اسلام کے تعلق سے لوگوں میں بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ بعض لوگ غلط بیانی سے کام لے کر اسلام اور اس کے ماننے والوں کو بدنام کرتے اور ان کے بارے میں غلط پیغام پھیلاتے ہیں۔ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جاتی ہے کہ اسلام اور اس کے ماننے والوں میں رحم دلی اور ہم دردی کا جذبہ نہیں پایا جاتا۔ ایسی صورت میں ہمارے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ ہم دنیا کے سامنے اسلام کے پیغام کو عام کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ اسلام میں رحم دلی کے لیے صرف ایک دن مخصوص نہیں ہے، بلکہ یہ ہماری روزمرہ زندگی کے ہر لمحے اور ہر دن میں ہم دردی اور مہربانی اختیار کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔
بعض روایات میں یتیموں کے جذبات کا خیال رکھنے اور ان کے احساسِ محرومی کو سمجھنے کی تعلیم بیان کی جاتی ہے۔ اس پہلو سے ہمیں یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ ہماری نیکی کا کوئی عمل کسی ضرورت مند یا یتیم بچے کے جذبات کو مجروح نہ کرے۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ بعض لوگ محض دکھاوے، سوشل میڈیا پر چند لائکس اور فولوورز حاصل کرنے کے لیے یتیم خانوں میں جا کر اپنے بچوں کی سالگرہ مناتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ انھوں نے یتیم بچوں کے ساتھ سالگرہ منا کر، انھیں اچھا کھانا کھلا کر نیکی کا کام کیا ہے، لیکن ممکن ہے کہ اس عمل سے ان بچوں کے دلوں میں اپنے والدین کی جدائی کا احساس اور محرومی بڑھ جائے۔ اسی طرح بعض لوگ کسی ادارے یا سماجی کام میں مالی مدد کرنے کے بعد احسان جتاتے ہیں، اس کی تشہیر کرتے ہیں اور اسے دکھاوے کا ذریعہ بنا لیتے ہیں۔ حالاں کہ اسلام ہمیں چھوٹی چھوٹی باتوں میں بھی رحم دلی اور مہربانی اختیار کرنے کی تعلیم دیتا ہے، چاہے وہ گھر ہو یا باہر، معاشرہ ہو یا بازار، یا کوئی بھی ادارہ۔ اصل نیکی وہ ہے جس میں خلوص ہو، دوسروں کی عزتِ نفس کا خیال رکھا جائے اور کسی کی مدد کر کے اسے شرمندہ نہ کیا جائے۔
صرف ایک دن رحم دلی منانے یا کبھی کبھار لوگوں کے ساتھ ہم دردی کرنے سے ایک بہتر معاشرہ نہیں بن سکتا۔ آج دنیا کے حالات کو دیکھتے ہوئے اسلامی تعلیمات کو دوبارہ سمجھنے اور انھیں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہر شخص اسلامی تعلیمات میں موجود رحم دلی اور ہم دردی کے جذبے کو اپنائے تو ان شاء اللہ دنیا میں امن و امان اور باہمی محبت کو فروغ مل سکتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦