ذیابیطس (Diabetes) کے خلاف جنگ: ادویات کے ساتھ غذا اور طرزِ زندگی کا کردار

14؍ نومبر کو ہر سال دنیا بھر میں عالمی یومِ ذیابیطس منایا جاتا ہے۔ ذیابیطس اب محض خون میں شکر کی زیادتی کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک پیچیدہ میٹابولک بیماری (Metabolic Disorder) ہے، جو دل، گردوں، آنکھوں، اعصاب اور خون کی نالیوں سمیت جسم کے متعدد اعضا کو متاثر کر سکتی ہے۔
حالیہ برسوں میں ذیابیطس کے علاج کے تصور میں ایک اہم تبدیلی آئی ہے۔ اب توجہ صرف خون میں شکر کم کرنے والی ادویات تک محدود نہیں رہی، بلکہ بیماری کی ابتدائی شناخت، وزن میں کمی، متوازن غذا، جسمانی سرگرمی، ورزش، نیند، ذہنی دباؤ اور مجموعی طرزِ زندگی کو بھی علاج کا بنیادی حصہ سمجھا جا رہا ہے، کیوں کہ ذیابیطس کو طرزِ زندگی سے متعلق بیماری بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے علاج میں طرزِ زندگی میں تبدیلی کی بہت اہمیت ہے۔

ذیابیطس کیا ہے؟

ذیابیطس ایک دائمی (Chronic) میٹابولک بیماری ہے، جس میں جسم خون میں شکر (گلوکوز) کی سطح کو قابو میں نہیں رکھ پاتا۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب انسولین کی پیداوار ناکافی ہو یا جسم انسولین کو مؤثر طریقے سے استعمال نہ کر سکے۔
انسولین ایک ہارمون ہے، جو لبلبے(Pancreas) سے بنتا ہے اور جسم کو توانائی کے لیے گلوکوز استعمال کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ذیابیطس میں خون میں شکر کی زیادتی دل، گردوں، اعصاب اور آنکھوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ذیابیطس کی اقسام

(1) ٹائپ 1؍ ذیابیطس:

یہ ایک خودکار مدافعتی بیماری (Autoimmune Disease) ہے، جس میں جسم کا مدافعتی نظام انسولین بنانے والے خلیوں پر حملہ کرتا ہے۔ یہ عموماً بچپن یا نوجوانی میں ظاہر ہوتی ہے اور اس میں انسولین کے انجیکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔

(2) ٹائپ 2؍ ذیابیطس:

یہ سب سے عام قسم ہے، جس میں جسم انسولین کا صحیح استعمال نہیں کر پاتا۔ یہ عموماً موٹاپے، غلط خوراک اور غیر متحرک طرزِ زندگی سے جڑی ہوتی ہے۔

(3) حمل کی ذیابیطس (Gestational Diabetes):

یہ حمل کے دوران عموماً دوسرے یا تیسرے سہ ماہی میں پیدا ہوتی ہے۔ یہ عارضی ہو سکتی ہے، مگر اس سے مستقبل میں ماں اور بچے دونوں میں ٹائپ 2؍ ذیابیطس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

(4) پری ذیابیطس (Pre-diabetes):

یہ ایسی حالت ہے، جس میں خون میں شکر کی سطح معمول سے زیادہ ہوتی ہے، لیکن ابھی ذیابیطس کی حد تک نہیں پہنچی ہوتی۔ یہ مستقبل میں ٹائپ 2؍ ذیابیطس کے خطرے کی علامت ہے۔ بروقت احتیاط اور طرزِ زندگی میں مناسب تبدیلیوں سے اس خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

انسولین کے خلاف مزاحمت (Insulin Resistance)

ٹائپ 2؍ ذیابیطس کی اہم وجہ انسولین کے خلاف مزاحمت ہے۔ ذیابیطس کو سمجھنے کے لیے انسولین کے خلاف مزاحمت کے بارے میں سمجھنا بے حد ضروری ہے۔ ہم اس کو آسان الفاظ میں سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
انسولین ایک ہارمون ہے، جو خون میں موجود شکر کو جسم کے خلیوں تک پہنچانے اور اسے توانائی کے طور پر استعمال کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ جگر، عضلات اور چربی کے خلیوں سے کہتا ہے کہ گلوکوز یعنی شکر کو جمع کرکے استعمال کرو۔ لیکن جب جسم انسولین کی بات سننا بند کر دیتا ہے اور اس کے اشارے پر مناسب ردِعمل نہیں دیتا تو اسی کیفیت کو انسولین کے خلاف مزاحمت کہا جاتا ہے۔ اس صورت میں انسولین موجود ہونے کے باوجود جسم اسے مؤثر طریقے سے استعمال نہیں کر پاتا اور خون میں شکر کی سطح بڑھنے لگتی ہے۔

خواتین میں انسولین کے خلاف مزاحمت کے اسباب

غیر متوازن غذا، چکنائی سے بھرپور اور فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال، میٹھے مشروبات، جسمانی سرگرمی کی کمی، ذہنی دباؤ، ناکافی نیند اور پیٹ کے گرد چربی کا بڑھنا انسولین کے خلاف مزاحمت کے خطرے میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہارمونی مسائل، مثلاً پی سی او ایس یعنی پولی سسٹک اووری سنڈروم (PCOS: Polycystic Ovary Syndrome) بھی اس کیفیت سے تعلق رکھتے ہیں۔
انسولین کے خلاف مزاحمت کی وجہ سے صرف ذیابیطس ہی سے نہیں، بلکہ بلند فشارِ خون(High BP)، پی سی او ڈی(PCOD) اور بعض دیگر میٹابولک مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

ہندستان میں ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح

ہندستان آج دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے، جہاں ذیابیطس بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ طبی تحقیق کے مطابق ملک میں کروڑوں افراد ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، جب کہ ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو ابھی اپنی بیماری سے واقف ہی نہیں۔ یہ صورتِ حال اس لیے بھی تشویش ناک ہے کہ ذیابیطس کے ساتھ ساتھ موٹاپا، پیٹ کے گرد چربی، بلند فشارِ خون، خون میں چکنائی کی زیادتی اور جگر میں چربی جیسے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں۔
جسمانی سرگرمی کی کمی، مسلسل بیٹھے رہنا، میٹھے مشروبات، بیکری اور تیار شدہ غذاؤں کا بڑھتا ہوا استعمال، سفید آٹے اور دیگر صاف شدہ نشاستہ دار غذاؤں کی زیادتی اور غیر متوازن خوراک نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ہندستانیافراد میں ایک اہم مسئلہ یہ بھی ہے کہ نسبتاً کم جسمانی وزن کے باوجود پیٹ کے اندرونی حصے میں چربی جمع ہو سکتی ہے اور انسولین کے خلاف مزاحمت پیدا ہو سکتی ہے۔ اس لیے صرف وزن یا جسمانی ساخت دیکھ کر کسی شخص کی میٹابولک صحت کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔

کیا ذیابیطس کی حالت بہتر ہو سکتی ہے؟

حالیہ تحقیق میں ذیابیطس کے حوالے سے ایک اہم تصور سامنے آیا ہے، جسے بیماری کی تخفیف یا ریمیشن کہا جاتا ہے۔
خصوصاً ٹائپ 2؍ ذیابیطس میں بعض افراد مناسب اور مسلسل طرزِ زندگی کی تبدیلی، وزن میں نمایاں کمی اور ضرورت کے مطابق طبی علاج کے ذریعے اس مقام تک پہنچ سکتے ہیں جہاں خون میں شکر کی سطح ذیابیطس کی حد سے نیچے آ جائے اور کچھ عرصے تک شوگر کم کرنے والی دوا کے بغیر بھی برقرار رہے۔
تاہم اسے مکمل شفا کہنا درست نہیں، کیوں کہ ذیابیطس دوبارہ ظاہر ہو سکتی ہے۔ اس لیے ایسے افراد کے لیے بھی مسلسل طبی نگرانی، مناسب غذا اور صحت مند طرزِ زندگی برقرار رکھنا ضروری ہے۔ جن افراد میں بیماری کا دورانیہ کم ہو، لبلبے کی انسولین بنانے کی صلاحیت نسبتاً محفوظ ہو اور وزن میں مناسب کمی ممکن ہو، ان میں ذیابیطس کی تخفیف کے امکانات زیادہ ہو سکتے ہیں۔

ذیابیطس کی قسم کے مطابق علاج کی اہمیت

ذیابیطس کے علاج کے لیے یہ بے حد ضروری ہے کہ اس کی قسم معلوم ہو۔ پری ذیابیطس میں طرزِ زندگی کی تبدیلی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، ٹائپ 1؍ ذیابیطس میں انسولین کا علاج ضروری ہوتا ہے، جب کہ ٹائپ 2؍ ذیابیطس میں غذا اور ورزش کے ساتھ ضرورت کے مطابق ادویات بھی استعمال کی جاتی ہیں۔
ہمارے یہاں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ذیابیطس کسی بھی قسم کی ہو، سب کو ایک جیسا علاج دیا جاتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ مریض کو بھی ان چیزوں کا شعور ہو اور وہ اپنی بیماری کی نوعیت، علاج اور احتیاطی تدابیر کو سمجھے۔

وزن میں کمی اور میٹابولک صحت

جدید تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ وزن میں کمی میٹابولک صحت پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔ خصوصاً پیٹ اور اندرونی اعضا کے گرد جمع ہونے والی چربی میں کمی سے انسولین کے خلاف مزاحمت کم ہو سکتی ہے، خون میں شکر کی سطح بہتر ہو سکتی ہے اور بعض افراد میں لبلبے کے افعال میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کو اکثر یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ صرف چینی اور مٹھائی چھوڑ دیں۔ اگرچہ اضافی شکر کو کم کرنا ضروری ہے، لیکن ذیابیطس کی غذائی تدبیر اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔ اصل توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ غذا کی مجموعی مقدار، معیار اور اجزا کیا ہیں اور طرزِ زندگی کس طرح کا ہے۔
کم نشاستہ دار غذا نے ذیابیطس کی تحقیق میں خاصی اہمیت حاصل کی ہے۔ بعض افراد میں نشاستہ دار غذاؤں کی مقدار کم کرنے سے کھانے کے بعد خون میں شکر کے اضافے اور مجموعی طور پر خون میں شکر کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم غذا کا انتخاب ہر فرد کی طبی کیفیت اور غذائی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔

غذا کی متوازن تقسیم

یک غذائی طریقۂ کار کے مطابق روزمرہ کی غذا کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دی جاتی ہے:
33؍ فی صد نشاستہ دار غذائیں (Carbohydrates)
33؍ فی صد لحمیات (Protein)
33؍ فی صد صحت بخش چکنائیاں (Good Fats)
یہ تناسب جسم کو توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انسولین کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے مقصد سے پیش کیا جاتا ہے۔ تاہم ہر فرد کے لیے غذائی اجزا کی ایک ہی مقررہ شرح موزوں نہیں ہوتی۔ ذیابیطس کے مریضوں کو اپنی عمر، جسمانی سرگرمی، وزن، گردوں کی صحت اور دیگر طبی ضروریات کے مطابق غذا ترتیب دینی چاہیے۔ اس سلسلے میں ماہرِ غذائیت یا معالج سے مشورہ مفید ہے۔

پروٹین کے بارے میں غلط فہمیاں

اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ پروٹین گردوں کو نقصان پہنچاتا ہے، حالاں کہ اس کا انحصار فرد کی صحت، گردوں کی حالت اور پروٹین کی مقدار پر ہوتا ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے غذا کا انتخاب ان کی انفرادی طبی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔

پرہیز کی چیزیں

ذیابیطس پر قابو پانے کے لیے درج ذیل چیزوں کا استعمال محدود کرنا مفید ہو سکتا ہے:
(1) میٹھے مشروبات اور مٹھائیاں۔
(2) میدے اور انتہائی صاف شدہ آٹے سے بنی اشیا۔
(3) بازاری اور تیار شدہ غذائیں۔
(4) غیر صحت بخش غذائیں (Junk Food)۔
(5) ضرورت سے زیادہ نشاستہ دار غذائیں۔

مفید غذائیں

قدرتی اور تازہ غذا کو ترجیح دیتے ہوئے درج ذیل غذائیں مناسب مقدار میں شامل کی جا سکتی ہیں:
(1) سبزیاں اور تازہ پھل۔
پھل بھی مکمل شکل میں کھانا بہتر ہے، کیوں کہ پھل کا رس پینے کے مقابلے میں پورا پھل کھانے سے فائبر زیادہ حاصل ہوتا ہے اور شکر نسبتاً آہستہ جذب ہوتی ہے۔
(2) پروٹین کے لیے دودھ، انڈے، گری دار میوے، چکن، مٹن اور مچھلی وغیرہ مناسب مقدار میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
(3) صحت مند چکنائیوں کے لیے زیتون کا تیل، گری دار میوے، بیج اور دیگر موزوں ذرائع غذا میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔

کارنیوور ڈائٹ (Carnivore Diet): گوشت پر مبنی غذا

یورپ میں آج کل کارنیوور ڈائٹ پر خاص تحقیق ہو رہی ہے۔ اس طرزِ غذا میں گوشت، مچھلی اور دیگر پروٹین و چکنائی سے بھرپور غذائیں شامل کی جاتی ہیں۔
یہ طریقہ نہ صرف ذیابیطس بلکہ کئی دوسری دائمی بیماریوں میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے، کیوں کہ یہ انسولین کے توازن کو بحال کرتا ہے اور جسم میں چربی کے بجائے توانائی کے استعمال کو بڑھاتا ہے۔

کھانے کا صحیح طریقہ اور اعتدال

ہم نے کھانے کے لیے ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا جیسے معمولات اپنا لیے ہیں، جب کہ انسانی جسم کی غذائی ضروریات ہر فرد میں مختلف ہو سکتی ہیں۔ اصل اصول یہ ہے کہ غذا کی مقدار، معیار اور اوقات کو اپنی ضرورت کے مطابق متوازن رکھا جائے۔
اسلام بھی کھانے میں اعتدال کی تعلیم دیتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
’’آدمی اپنے پیٹ سے زیادہ برا کوئی برتن نہیں بھرتا۔ چند لقمے جو کمر سیدھی رکھیں، کافی ہیں۔ اگر زیادہ کھانا ہی ہو تو ایک تہائی کھانے کے لیے، ایک تہائی پانی کے لیے اور ایک تہائی سانس کے لیے چھوڑ دو۔‘‘ (ترمذی)
اگر انسان ضرورت سے زیادہ کھانے سے گریز کرے اور اپنی غذائی عادات میں اعتدال پیدا کرے تو موٹاپے، ذیابیطس، بلند فشارِ خون اور دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ورزش: ذیابیطس کی روک تھام اور علاج کا اہم حصہ

ذیابیطس کے علاج میں جسمانی سرگرمی کا مقام انتہائی اہم ہے۔ ورزش صرف وزن کم کرنے کے لیے نہیں، بلکہ جسم کی انسولین کے لیے حساسیت بہتر بنانے کے لیے بھی ضروری ہے۔ جسم کے عضلات گلوکوز کے استعمال کا ایک اہم ذریعہ ہیں، اس لیے باقاعدہ جسمانی سرگرمی خون میں موجود گلوکوز کو بہتر طور پر استعمال کرنے میں مدد دیتی ہے۔
بالغ افراد کے لیے عموماً ہر ہفتے کم از کم 150؍ منٹ معتدل درجے کی جسمانی سرگرمی کی تجویز دی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہفتے میں دو سے تین مرتبہ قوت بڑھانے والی ورزش (Strength Training) بھی مفید ہے۔
یہ بھی ضروری ہے کہ بہت دیر تک مسلسل بیٹھے رہنے سے گریز کیا جائے۔ ہر کچھ دیر بعد اٹھنا، چند منٹ چلنا یا ہلکی جسمانی حرکت کرنا بھی روزمرہ سرگرمی کا اہم حصہ ہے۔
کئی افراد یہ سمجھتے ہیں کہ اگر وہ روزانہ ایک گھنٹہ ورزش کر لیتے ہیں تو باقی پورا دن بیٹھے رہنا کوئی مسئلہ نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ روزمرہ کی مجموعی جسمانی حرکت بھی اہم ہے۔ سیڑھیاں استعمال کرنا، مختصر فاصلے پیدل طے کرنا، گھر کے کام کرنا، کھانے کے بعد چند منٹ چلنا اور طویل وقت تک بیٹھنے کے دوران وقفہ لینا، یہ سب میٹابولک صحت کے لیے فائدہ مند عادات ہیں۔

خواتین میں ورزش کے حوالے سے شعور

مسلم معاشرے میں عمومی طور پر خواتین میں ورزش کا رجحان کم ہے، حالاں کہ صحت مند جسم عبادت میں مددگار ہوتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
’’تمھارے جسم کا بھی تم پر حق ہے۔‘‘ (بخاری)
ورزش صرف وزن کم کرنے کے لیے نہیں، بلکہ ہارمونز کے توازن، خون میں شکر پر قابو، ہڈیوں کی مضبوطی اور ذہنی سکون کے لیے بھی ضروری ہے۔
اکثر خواتین سمجھتی ہیں کہ چہل قدمی یا یوگا کافی ہے، مگر ورزش کے معمول میں قوت بڑھانے والی ورزش(Strength Training) اور وزن اٹھانے کی مشقیں(Weight Training) شامل کرنے سے بھی کئی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، مثلاً:
پٹھوں کی مضبوطی۔
انسولین کی حساسیت میں بہتری۔
جسم کی توانائی استعمال کرنے کی صلاحیت میں اضافہ۔
ہڈیوں اور پٹھوں کی مضبوطی کو برقرار رکھنے میں مدد۔
عموماً صبح کے اوقات میں خواتین مصروف ہوتی ہیں، اس لیے وہ ورزش نہیں کر پاتیں۔ لیکن ورزش دن کے کسی بھی مناسب وقت میں کی جا سکتی ہے۔ ضروری یہ ہے کہ اسے اپنی زندگی کا معمول بنایا جائے اور صحت مند رہا جائے۔

نیند اور ذہنی سکون

ذیابیطس کی روک تھام اور علاج میں نیند اور ذہنی دباؤ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ناکافی یا خراب معیار کی نیند ہارمونی توازن، بھوک، وزن اور انسولین کی حساسیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ اسی طرح مسلسل ذہنی دباؤ جسم میں ایسے ہارمونز کے اخراج کو بڑھا سکتا ہے، جو خون میں شکر کی سطح کو متاثر کرتے ہیں۔
اس لیے ذیابیطس کے جامع علاج میں مناسب نیند، ذہنی سکون، باقاعدہ معمولات اور جذباتی صحت کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

پری ذیابیطس(Pre-diabetes): بیماری سے پہلے احتیاط

اصل ضرورت یہ ہے کہ ہم پری ذیابیطس کے مرحلے پر ہی بیماری کے خطرے کو پہچانیں اور طرزِ زندگی میں تبدیلی کرکے ذیابیطس کے آغاز کو روکنے یا مؤخر کرنے کی کوشش کریں۔
اگر خطرے سے دوچار افراد اپنے وزن، کمر کے گھیر، غذا، جسمانی سرگرمی اور نیند پر بروقت توجہ دیں تو دوسری قسم کی ذیابیطس کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے یا اس کے آغاز کو کئی سال تک مؤخر کیا جا سکتا ہے۔

فطرت کے قریب طرزِ زندگی

اللہ تعالیٰ نے انسان کو فطرت کے قریب زندگی گزارنے کی تعلیم دی ہے۔ اگر ہم اپنی غذا میں سادگی، قدرتی توازن اور اعتدال پیدا کریں، روزانہ ورزش کریں اور اپنی زندگی کو سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالیں تو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس تحریر کا مقصد عوام میں یہ شعور بیدار کرنا ہے کہ ذیابیطس کے ساتھ صحت مند زندگی گزارنا ممکن ہے اور مناسب طبی نگرانی، درست غذا اور طرزِ زندگی میں تبدیلی سے بیماری کی تخفیف بھی ممکن ہو سکتی ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی عادات بدلیں، غیر متوازن اور انتہائی تیار شدہ غذاؤں کا استعمال محدود کریں، قدرتی اور متوازن خوراک کو ترجیح دیں اور سنتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات میں موجود اعتدال کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦