گناہ کا احساس

حرام تعلق انسان کو دیمک کی طرح اندر ہی اندر کھا جاتا ہے۔ اس کا سب سے زیادہ نقصان اگر کسی کو ہوتا ہے تو وہ ہم لڑکیوں کو ہوتا ہے۔
ہم بدتمیز، نافرمان، اپنے مقصد سے غافل اور کبھی کبھی اپنی ہی زندگی میں ناکام اور نااہل بننے لگتی ہیں۔ شیطان ہم سے آہستہ آہستہ ہر وہ حد ختم کروا دیتا ہے، جو ہم نے کبھی اپنے لیے قائم کی تھی۔ وہ ہمارے اندر سے حیا، خوف اور اللہ کی پکڑ کا احساس کم کرتا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ہمیں وہ کام بھی معمولی لگنے لگتے ہیں، جن کے بارے میں ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔
جب ایک لڑکا اور ایک لڑکی حرام تعلق میں رہتے ہوئے ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں تو اللہ کے نزدیک گناہ دونوں کا ہے۔ دونوں اپنے عمل کے ذمے دار ہیں۔ دونوں کو اپنے رب کے سامنے جواب دینا ہے اور سزا کے اعتبار سے بھی کسی کو محض لڑکا یا لڑکی ہونے کی وجہ سے رعایت نہیں۔
لیکن ذرا معاشرے کی حقیقت دیکھیے۔ اکثر ایک لڑکے کا ماضی اتنا بڑا مسئلہ نہیں بنایا جاتا۔ وہ چاہے کتنی ہی لڑکیوں سے بات کر چکا ہو، معاشرہ اسے پھر بھی قبول کر لیتا ہے۔ محفل میں اسے عزت دی جاتی ہے، گھر اور خان دان میں اسے عزت ملتی ہے اور اسے بڑا اور سمجھ دار انسان سمجھا جاتا ہے۔ اسے آس پڑوس اور معاشرے میں ویسی رسوائی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، جو اکثر ایک لڑکی کے حصے میں آتی ہے۔ حتیٰ کہ جب شادی کا وقت آتا ہے تو کئی مرتبہ لڑکے کے ماضی کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے، لیکن لڑکی کے ماضی کو بار بار سامنے لایا جاتا ہے۔
اب آپ خود موازنہ کیجیے کہ معاشرتی نقصان کس کا زیادہ ہوتا ہے؟
ہم لڑکیوں کا نقصان صرف اس وقت نہیں ہوتا جب ہم کسی لڑکے سے بات کرتی ہیں۔ نقصان اس وقت شروع ہوتا ہے، جب ہم محبت کے نام پر خواب دیکھنے لگتی ہیں، کسی غیر محرم کو اپنا جذباتی سہارا بنا لیتی ہیں اور اپنی زندگی کے فیصلوں اور جذبات کو اس سے جوڑ دیتی ہیں۔
پھر آہستہ آہستہ ہماری پڑھائی متاثر ہوتی ہے، ہمارے مقاصد پیچھے رہ جاتے ہیں، والدین سے جھوٹ بولنا شروع ہوتا ہے، ان سے باتیں چھپائی جاتی ہیں اور سب سے بڑھ کر ہمارا اللہ سے تعلق کم زور ہونے لگتا ہے۔ اور اگر ایک لڑکی بعد میں توبہ بھی کر لے تو معاشرہ کئی مرتبہ اسے اس کے ماضی سے باہر نہیں آنے دیتا۔ رشتے کی بات چلتی ہے تو اس کا ماضی نکالا جاتا ہے۔ محفل میں اس کے کردار پر بات ہوتی ہے۔ اسے بدنام نظروں سے دیکھا جاتا ہے۔
لیکن یہاں ہمیں ایک بات بہت واضح طور پر سمجھنی چاہیے۔ اللہ کے نزدیک گناہ کی ذمے داری لڑکے اور لڑکی دونوں کی ہے۔ اس لیے ہمیں نہ لڑکے کے گناہ کو معمولی سمجھنا چاہیے اور نہ لڑکی کے گناہ کو صرف معاشرتی بدنامی کی وجہ سے زیادہ بڑا قرار دینا چاہیے۔ گناہ، گناہ ہے؛ چاہے کرنے والا لڑکا ہو یا لڑکی۔
محبت واقعی انسان کی ایک بنیادی ضرورت ہے۔ ہمیں محبت چاہیے، توجہ چاہیے، خیال چاہیے، ہمیں کسی کے سہارے اور ایک محفوظ کندھے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ لیکن ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ غیر محرم کا کندھا ہمارا سہارا نہیں ہے۔
ہمیں خود کو اتنا مضبوط بنانا ہوگا کہ اپنی جذباتی ضروریات کو سمجھ سکیں اور انھیں حرام راستے سے پورا کرنے کے بجائے حلال اور صحیح راستہ اختیار کریں۔ اور سب سے بڑھ کر، ہماری پہلی وفاداری اللہ کے ساتھ ہونی چاہیے۔
انسان جب اللہ کے ساتھ وفا کرنا سیکھ لیتا ہے تو وہ اپنے والدین اور دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی وفا نبھانا سیکھتا ہے۔ تو پھر ہم محبت کی آس کسی غیر محرم میں کیوں ڈھونڈیں؟
اگر ایک لڑکی کو اس کی ماں، اس کا باپ، اس کے بہن بھائی اور اس کا خان دان محبت کا احساس دلائیں، اسے سراہیں، اس کی بات سنیں، اسے اہمیت دیں اور اسے یہ احساس دلائیں کہ ’’تم ہمارے لیے بہت قیمتی ہو، تم خاص ہو اور تمھاری بات ہمارے لیے اہم ہے‘‘ تو پھر اسے اپنی ہر جذباتی ضرورت کے لیے کسی غیر محرم کی تلاش نہیں ہوگی۔
اسے ہمدردی چاہیے تو اس کا گھر اس کا سہارا بنے۔ اسے بات کرنی ہے تو اس کے والدین اس کی بات سنیں۔ اسے حوصلہ چاہیے تو اس کا خان دان اسے حوصلہ دے۔ اور اسے محبت چاہیے تو سب سے پہلے اسے اپنے رب کی محبت کا راستہ دکھایا جائے۔ کیوں کہ جب گھر محبت، اعتماد اور قبولیت کی جگہ بن جائے تو باہر سے ملنے والی جھوٹی محبت کا جال انسان کو اتنی آسانی سے اپنی طرف نہیں کھینچ سکتا۔
ہم لڑکیوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ہماری زندگی کسی حرام تعلق کے لیے نہیں ہے۔ اللہ نے ہمیں اپنی زندگی ضائع کرنے کے لیے نہیں بھیجا۔ ہماری زندگی قیمتی ہے۔ ہمارا مستقبل قیمتی ہے۔ ہمارے والدین کا اعتماد قیمتی ہے۔ ہماری عزت قیمتی ہے۔ اور سب سے بڑھ کر، اللہ کے ساتھ ہمارا تعلق قیمتی ہے۔
اس لیے محبت چاہیے تو سب سے پہلے اللہ سے مانگیں۔ سہارا چاہیے تو اللہ سے جڑیں۔ اور جب زندگی میں حلال محبت کا وقت آئے تو اسے بھی اللہ کے بتائے ہوئے راستے سے حاصل کریں۔ چند لمحوں کے جذبات کے لیے اپنی پوری زندگی، اپنے والدین کا اعتماد اور اپنے رب سے تعلق داؤ پر مت لگائیے۔
حرام تعلق محبت کا نام نہیں۔ یہ ایک ایسا راستہ ہے، جو انسان کو آہستہ آہستہ اس کے اصل مقصدِ زندگی سے دور کر سکتا ہے۔ اپنی محبت کو سستا نہ کریں۔ اسے حلال وقت کے لیے محفوظ رکھیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦