ملی و قومی زندگی میں عورت کی اہمیت مسلم ہے۔ وہ کائنات کے رنگوں میں سب سے خوب صورت اور بے حد اہم کردار لے کر پیدا ہوئی ہے۔ اسلام نے عورت پر یہ عظیم احسان کیا کہ اس کی شخصیت کے بارے میں مرد اور عورت، دونوں کی ذہنیت کو بدلا۔ تاریخ کے اُس دور میں جب عورت کو محض ایک مادی شے یا مصیبت کی جڑ سمجھا جاتا تھا، اسلام نے انسان کے ذہن و قلب میں عورت کا حقیقی مقام و وقار متعین کیا، اس کی حدود بتائیں اور اس کا دائرۂ کار فراہم کیا۔ بالترتیب مرد و عورت کو عزت، ترقی اور کام یابی و ارتقا کے یکساں مواقع بہم پہنچائے۔
جس طرح مرد انسانیت کی بقا اور ترقی کی راہ میں قدم بڑھاتا ہے، اسی طرح عورت بھی اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے دائرۂ کار کے اندر میدانِ ترقی میں جولانی کر سکتی ہے۔ اسلام نے دونوں کے درمیان حقوق و فرائض کا ایک ایسا خوب صورت توازن قائم کیا ہے، جہاں کوئی کسی کا استحصال نہیں کر سکتا۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں مرد اور عورت کی اس یکساں ایمانی و اخلاقی حیثیت کو واضح کرتے ہوئے سورۂ احزاب کی آیت نمبر 35؍ میں ارشاد فرمایا:
’’بے شک مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں، مومن مرد اور مومن عورتیں، فرماں بردار مرد اور فرماں بردار عورتیں، راست باز مرد اور راست باز عورتیں، صابر مرد اور صابر عورتیں، عاجزی کرنے والے مرد اور عاجزی کرنے والی عورتیں، صدقہ دینے والے مرد اور صدقہ دینے والی عورتیں، روزہ رکھنے والے مرد اور روزہ رکھنے والی عورتیں، اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرنے والے مرد اور حفاظت کرنے والی عورتیں اور اللہ کو کثرت سے یاد کرنے والے مرد اور یاد کرنے والی عورتیں، اللہ نے ان سب کے لیے مغفرت اور بڑا اجر تیار کر رکھا ہے۔ ’’(سورۂ احزاب: 35)
اللہ تعالیٰ نے اس کائنات میں ہر شے کو ایک خاص فطرت پر پیدا کیا ہے۔ پھول میں خوش بو، دریا میں روانی، چاند میں ٹھنڈک اور سورج میں تمازت رکھی۔ اسی طرح عورت کے وجود میں ’نسوانیت‘ کو کوٹ کوٹ کر بھر دیا۔ نسوانیت عورت کا جوہر، اس کی پہچان اور اس کا سرمدی تاج ہے۔ جب یہ دنیا اپنی مادی عینک سے یہ باور کرانا چاہتی ہے کہ ’نازک‘ ہونا کم زوری یا عیب ہے تو عورت کا اپنی اسی فطری نزاکت کی قدر کرنے کا حوصلہ اس کی سب سے بڑی طاقت اور پہچان بن جاتا ہے۔
نسوانیت دراصل فطرت کا حسن ہے۔ حقیقت اور معنویت کے اعتبار سے نسوانیت حیا، نرمی، محبت، شفقت اور ایثار کا ایک ایسا مقدس مجموعہ ہے، جو کائنات کو امن فراہم کرتا ہے۔ عورت کا لہجہ دکھی دلوں کے لیے مرہم ہے اور اس کی گود نسلِ انسانی کے لیے زمین پر پہلی جنت ہے۔ اس کی دعا میں وہ اثر ہے، جو سلطنتوں کا رخ موڑ دے اور اس کی تربیت میں وہ انقلاب ہے، جو تاریخ بدل دے۔ وہ محض ایک فرد نہیں، بلکہ پورے معاشرے کی معمار اور اپنے بچے کی پہلی آفاقی درس گاہ ہے۔
یہاں یہ سمجھنا بے حد ضروری ہے کہ نسوانیت کا مطلب محض موم جیسی نرمی یا بے بسی نہیں ہے۔ عورت کی اس نزاکت اور حیا کے اندر ایک فولادی طاقت چھپی ہوئی ہے۔ یہ وہ روحانی، فکری اور اخلاقی فولاد ہے، جو باطل کے بڑے سے بڑے طوفان کے سامنے چٹان بن جاتا ہے۔ جب معاشرہ فکری زوال کا شکار ہو تو عورت اپنی اخلاقی مضبوطی اور فکری پختگی سے پوری نسل کے ایمان کی حفاظت کرتی ہے۔ یہ وہی روحانی فولاد ہے، جو کربلا کے میدان میں حضرت زینبؓ کے خطبوں کی صورت میں گونجتا ہے اور وقت کے ظالم و جابر حکمران کے تخت کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ عورت کا اخلاقی استحکام وہ ڈھال ہے، جو خان دانی نظام کو بکھرنے سے بچاتا ہے اور معاشرے کو بے راہ روی کی دلدل میں گرنے نہیں دیتا۔
لیکن جب زندگی کے ہر شعبے میں مغرب نے اپنے مادی اور لادینی افکار کا اثر ڈالا تو عورت کی زندگی بھی اس کے منفی اثرات سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی۔ مغرب نے مساوات کے نام پر عورت کو ہر قسم کی بے جا آزادی دے دی، جس کا تلخ نتیجہ یہ ہوا کہ بندشوں سے آزادی پانے کے بعد عورت اپنی مظلومیت کے مداوے سے بہت آگے نکل کر ایک نئی دلدل میں جا گری۔ آزادیِ نسواں کی بہت سی ایسی انتہا پسندانہ تحریکیں چلیں، جنھوں نے عورت کو اس کی فطرت سے دور کر کے اس مقام پر پہنچا دیا جہاں جا کر عورت نہ عورت رہ سکی اور نہ ہی مرد بن سکتی تھی۔ اس نظریے نے عورت کو مرد کی معتمد ساتھی بنانے کے بجائے اس کا حریف (Competitor) بنا کر کھڑا کر دیا۔ مغرب نے نعرہ لگایا کہ: ’اگر طاقت ور بننا ہے تو مرد جیسا بنو۔ چیخو، مقابلہ کرو، سڑکوں پر آؤ اور حیا کا روایتی لبادہ اتار پھینکو۔‘
دوسری طرف، ہمارے روایتی اور جاگیردارانہ معاشرے نے دوسری انتہا پسندی دکھائی اور کہا: ’عورت کے کوئی حقوق نہیں۔ اس کی حیثیت ثانوی ہے۔ اس کا کام صرف اور صرف گھرداری ہے۔ بنا تھکے، بنا رکے اور بنا کسی حق کے غلام بن کر جینا اس کا مقدر ہے۔‘ ان دونوں متضاد انتہاؤں کے بیچ عورت کی اپنی اصل شخصیت، اس کا سکون اور اس کا وقار گم ہو کر رہ گیا۔ وہ ایک طرف مغرب کی مادی منڈی کا اشتہار بن گئی اور دوسری طرف مشرق کی فرسودہ رسومات کی بھینٹ چڑھ گئی۔
علامہ اقبالؒ نے جدید و قدیم جاہلیت کی پیدا کردہ اس الجھن کو بہت پہلے بھانپ لیا تھا۔ انھوں نے اپنی فارسی مثنوی ’رموزِ بے خودی‘ میں جاہلیت کی اس عورت کا نقشہ کھینچا ہے، جو آزادی کے نام پر اپنی فطرت کو داؤ پر لگا دیتی ہے اور پھر اسلام کی مخاطب خواتین کے حقیقی مقام کو یاد دلایا ہے:
آں کہ نازد بر وجودش کائنات
ذکرِ او فرمود با طِیب و صلوٰۃ
از امومت پختہ تر آئینِ زیست
امتزاجِ شوخیِ پنہانِ زیست
از امومت پختہ تر جوشِ حیات
از امومت چہرہ کش رازِ حیات
ترجمہ: وہ ہستی جن کے وجود پر پوری کائنات ناز کرتی ہے، انھوں نے طیب و صلوٰۃ کے ساتھ عورت کا ذکر فرمایا۔ ماں بننے کے عمل سے زندگی کے قوانین مزید پختہ ہوتے ہیں اور زندگی کی پوشیدہ شوخیوں کا امتزاج بنتے ہیں۔ مامتا ہی سے زندگی کا جوش پختہ تر ہوتا ہے اور اسی سے زندگی کے گہرے راز بے نقاب ہوتے ہیں۔
اسلام نے عورت کا جو مثالی مقام متعین کیا ہے، وہ جدید و قدیم کی ان تمام افراط و تفریط اور انتہاؤں سے یکسر پاک، متوازن اور آفاقی ہے۔ اسلام کے نظامِ رحمت میں نہ تو عورت کو ’گناہ کی پتلی‘ یا نحوست بنا کر مظلوم بنانے کی اجازت ہے، جیسا کہ قدیم تہذیبوں میں تھا، اور نہ ہی اسے یورپ کی سی وہ ’مادر پدر آزادی‘ حاصل ہے جو اس کی عزت و عفت کو سرِ بازار نیلام کر دے۔ اسلام عورت کو بیٹی کے روپ میں رحمت، بہن کے روپ میں غیرت و وقار، بیوی کے روپ میں زندگی کا سکون و نصف ایمان اور ماں کے روپ میں وہ عظیم ہستی بناتا ہے جس کے قدموں تلے جنت کو بچھا دیا گیا ہے۔
اسلام کا پیغام واضح ہے۔ عورت کو مرد جیسا بننے کی ضرورت نہیں، کیوں کہ اس کی اپنی نسوانیت ہی اس کا سب سے بڑا کمال ہے اور اس کا اخلاقی و فکری فولاد ہی معاشرے کی بقا کا ضامن ہے۔
ہم سب مل کر نسوانیت کو گلے لگائیں اور معاشرے میں عورت کے اس عظیم مرتبے کو تسلیم کریں، جس کا اعتراف کائنات کی سب سے صادق ہستی ﷺ نے فرمایا۔ علامہ اقبال نے ’رموزِ بے خودی‘ میں جس مامتا اور نسوانیت کو کائنات کا حسن اور زندگی کا پوشیدہ راز قرار دیا تھا، آج اسی فکر کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔ آئیے! ہر سطح پر نسوانیت کا وقار بحال کر کے ایک روشن اور متوازن مستقبل کی بنیاد رکھیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments