(انانیت سے بھرپور شخصیت کی نفسیات، اس کی پہچان، تعلقات پر اس کے اثرات اور قرآن و سیرت کی روشنی میں اصلاح)
اکتوبر کے شمارے میں ہم نے Toxic Behaviour یعنی زہریلے رویوں پر گفتگو کی تھی۔ اس شمارے میں ہم Egoistic Behaviour یعنی انانیت سے بھرپور رویے کو زیرِ بحث لا رہے ہیں۔ عام طور پر ان دونوں کو ایک ہی سمجھ لیا جاتا ہے، حالاں کہ دونوں میں فرق ہے اور اس فرق کو سمجھنا ضروری ہے۔
زہریلا رویہ وہ طرزِ عمل ہے جو کسی تعلق میں مسلسل بے سکونی، ذہنی دباؤ، خوف، تحقیر یا بے اعتمادی پیدا کرے، جب کہ انانیت میں بنیادی مسئلہ اپنی ذات کو غیر معمولی اہمیت دینا ہوتا ہے۔ انانیت رکھنے والا شخص ضروری نہیں کہ ہر وقت دوسروں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہو، لیکن جب اپنی رائے، خواہش، عزت یا برتری اس کے لیے دوسروں کے احساسات سے زیادہ اہم ہوجائے تو اس کا رویہ تعلقات کے لیے نقصان دہ بن سکتا ہے۔ یوں بعض اوقات انانیت زہریلے رویے کی شکل اختیار کرلیتی ہے، مگر ہر زہریلا رویہ انانیت کی وجہ سے پیدا نہیں ہوتا۔
اس فرق کو سامنے رکھتے ہوئے سمجھنے کی کوشش کریں گے کہ انانیت آخر پیدا کیسے ہوتی ہے؟ اسے پہچانا کیسے جائے؟ یہ قریبی تعلقات کو کس طرح متاثر کرتی ہے؟ اور انسان اپنی ذات کو اس رویے کی اصلاح کی طرف کیسے لے جاسکتا ہے؟
انانیت کی اصل حقیقت
کچھ لوگوں کے ساتھ رہتے ہوئے ایک وقت ایسا آتا ہے، جب آدمی کو محسوس ہونے لگتا ہے کہ اس تعلق میں دو انسان موجود ضرور ہیں، مگر جگہ صرف ایک کے لیے ہے۔ گفتگو اسی کی پسند سے شروع ہوتی ہے اور اسی کی ناراضی پر ختم ہوتی ہے۔ فیصلوں میں اسی کی مرضی چلتی ہے اور اختلاف کی صورت میں بھی آخرکار بات اسی کی ذات تک پہنچ جاتی ہے۔ ابتدا میں یہ سب کچھ محض خود پسندی معلوم ہوتا ہے۔ انسان سوچتا ہے کہ شاید مزاج ہی ایسا ہے، وقت کے ساتھ نرمی آجائے گی۔ لیکن جب یہی انداز گھر، دوستی، کام اور دوسرے تعلقات میں بار بار دکھائی دے تو معاملہ کسی ایک عادت سے آگے بڑھ جاتا ہے۔
انسان کے اندر اپنی ذات کی اہمیت کا احساس ہونا فطری ہے۔ آدمی اپنی قدر نہ جانے تو اپنے حق کی حفاظت بھی مشکل ہوجاتی ہے۔ اپنی محنت پر خوش ہونا، اپنی کام یابی کو تسلیم کرنا، اپنی رائے رکھنا اور اپنی حدود کی حفاظت کرنا صحت مند شخصیت کی علامتیں ہوسکتی ہیں۔ خرابی وہاں شروع ہوتی ہے، جہاں اپنی ذات کی اہمیت دوسروں کی اہمیت کو نگلنے لگے۔ ’’میں بھی اہم ہوں‘‘ ایک صحت مند احساس ہے، لیکن ’’اہم صرف میں ہوں‘‘ انانیت کی طرف بڑھتا ہوا قدم ہے۔
انانیت سے بھرپور شخصیت یا Egoistic Personality کسی باقاعدہ طبی بیماری کا نام نہیں۔ یہ ایک وصف کی تعبیر ہے، جس سے ایسے رویے مراد لیے جاتے ہیں جن میں آدمی اپنی ذات، اپنی رائے، اپنی خواہش، اپنی حیثیت یا اپنی برتری کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے۔ نفسیات میں Ego کا مفہوم اس سے کہیں وسیع ہے۔ اسے محض غرور یا خود پسندی کا مترادف سمجھنا درست نہیں۔ یہاں گفتگو اس رویے کی ہے، جس میں خود مرکزیت اتنی بڑھ جائے کہ دوسرے انسان کی آزادی، احساس اور رائے بار بار اس کے نیچے دبنے لگے۔
یہ فرق اس لیے بھی اہم ہے کہ روزمرہ گفتگو میں ہم کسی خود پسند انسان کو فوراً ’’نرگسی‘‘ کہہ دیتے ہیں۔ حالاں کہ Narcissistic Personality Disorder ایک باقاعدہ طبی تشخیص ہے، جس کے لیے دیرپا اور نمایاں رویوں کا مخصوص مجموعہ درکار ہوتا ہے۔ محض اپنی تعریف پسند کرنا اور کبھی ضد کرنا یا اپنی کام یابی پر فخر کرنا کسی شخصیت کے مرض کی دلیل نہیں۔ نفسیات کا کام انسان پر لیبل لگانا نہیں، اس کے رویوں کے مستقل انداز کو سمجھنا ہے۔
اسی لیے انانیت کو سمجھتے ہوئے انصاف بھی ضروری ہے۔ ہر سخت مزاج شخص مغرور نہیں، ہر خود پسند شخص نرگسی شخصیت کا حامل نہیں اور ہر اختلاف شخصیت کی خرابی نہیں۔ انسان کبھی تھکا ہوا، کبھی پریشان، کبھی غصے میں اور کبھی اپنی کم زوری کے باعث غیر متوازن رویہ اختیار کرسکتا ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ یہ انداز بار بار کس شکل میں سامنے آتا ہے اور اس کا دوسروں پر کیا اثر پڑتا ہے۔
خود اعتمادی اور انا
خود اعتمادی اور انانیت بہ ظاہر ایک دوسرے سے ملتی جلتی محسوس ہوسکتی ہیں، مگر دونوں کے اندرونی مزاج میں بڑا فرق ہے۔ خود اعتماد شخص اپنی صلاحیت سے واقف ہوتا ہے، لیکن اسے اپنی قدر ثابت کرنے کے لیے ہر دوسرے شخص کو کم تر دکھانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ وہ کسی دوسرے کی قابلیت تسلیم کرسکتا ہے، اپنی غلطی مان سکتا ہے، کسی کم عمر سے سیکھ سکتا ہے اور یہ بھی قبول کرسکتا ہے کہ ہر معاملے میں اس کی رائے آخری نہیں۔
انانیت میں یہ وسعت سکڑنے لگتی ہے۔ اپنی برتری محض ایک خوبی نہیں رہتی بلکہ اپنی ذات کی حفاظت کا ذریعہ بن جاتی ہے۔ تنقید اسے اصلاح کا موقع دینے کے بجائے اپنی توہین محسوس ہوسکتی ہے۔ کسی دوسرے کی کام یابی اسے خوش کرنے کے بجائے بے چین کرسکتی ہے۔ اختلافِ رائے ایک الگ نقطۂ نظر معلوم ہونے کے بجائے اپنی حیثیت کے خلاف چیلنج بن جاتا ہے۔ ایسے میں آدمی مسئلے کو حل کرنے سے زیادہ اپنی برتری ثابت کرنے میں مصروف ہوجاتا ہے۔
یہی فرق گفتگو میں بھی دکھائی دیتا ہے۔ کوئی شخص آپ سے اپنی پریشانی بیان کرے اور آپ اسے پوری توجہ سے سنیں تو تعلق میں قربت پیدا ہوتی ہے۔ لیکن اگر وہ ہر بار اپنی بات مکمل ہوتے ہی آپ کی بات کا رخ اپنی طرف موڑ دے، آپ کی تکلیف کے مقابل اپنی تکلیف رکھ دے یا آپ کی کام یابی کے فوراً بعد اپنی کام یابی بیان کرنے لگے تو گفتگو جاری رہنے کے باوجود باہمی تعلق کم زور ہونے لگتا ہے۔ سامنے والا بول تو رہا ہوتا ہے، مگر اسے محسوس نہیں ہوتا کہ اسے سنا گیا۔
خود اعتمادی انسان کو اپنی جگہ دیتی ہے، لیکن انانیت دوسروں کی جگہ کم کرتی ہے۔ یہی وہ باریک فرق ہے، جسے سمجھنا ضروری ہے۔ اپنی قدر جاننا انسان کو مضبوط بناتا ہے، مگر اپنی قدر کے ثبوت کے لیے دوسروں کو چھوٹا کرنا اسے اندر سے کم زور کرتا ہے۔
ہر بات میں اپنی ذات
انانیت کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ آدمی کے لیے بہت سی باتیں آخرکار اپنی ذات سے متعلق ہوجاتی ہیں۔ آپ کسی فیصلے سے اختلاف کریں تو وہ اسے اپنی توہین سمجھ سکتا ہے۔ آپ کسی کام میں خامی نکالیں تو وہ خامی پر غور کرنے کے بجائے آپ کی نیت پر گفتگو شروع کرسکتا ہے۔ شریکِ حیات کسی معاملے میں اپنی پسند بتائے تو بات پسند یا ناپسند سے نکل کر اس سوال تک پہنچ سکتی ہے کہ ’’تم میری بات کی قدر نہیں کرتے۔‘‘
اس طرح اصل مسئلہ پیچھے رہ جاتا ہے اور شخصیت مرکز بن جاتی ہے۔ آپ کسی کام کی اصلاح چاہتے ہیں، مگر گفتگو اس بات پر ہونے لگتی ہے کہ کس کی بات آخری ہوگی۔ سامنے والا اپنی غلطی کی وجہ بتاتا ہے، پھر اس وجہ کی وجہ، پھر کسی دوسرے شخص کی غلطی جس نے اس کی غلطی کی نشاندہی کی تھی۔ کچھ دیر بعد ابتدائی مسئلہ کہیں پیچھے رہ جاتا ہے۔
اسی خود مرکزیت کی ایک شکل Entitlement ہے، یعنی اپنے لیے غیر معمولی حق داری کا احساس۔ انسان یہ سمجھنے لگتا ہے کہ اسے دوسروں سے زیادہ توجہ، زیادہ رعایت، زیادہ احترام یا زیادہ اہمیت ملنی چاہیے۔ اسے اپنی قربانی یاد رہتی ہے، لیکن دوسروں کی قربانی بھول جاتا ہے۔ اپنی ناراضی کے لیے اسے سمجھا جانا چاہیے، مگر دوسرے کی ناراضی اسے بدتمیزی محسوس ہوسکتی ہے۔ اپنی مجبوری حقیقی دکھائی دیتی ہے، لیکن دوسرے کی مجبوری بہانہ بن جاتی ہے۔
اس رویے کا ایک اور اثر یہ ہے کہ دوسروں کی کام یابی کو قبول کرنا دشوار ہوجاتا ہے۔ کوئی آگے بڑھ جائے تو اس کی محنت کے بجائے قسمت، تعلقات، سفارش یا حالات کا ذکر ہونے لگتا ہے۔ کسی کی تعریف ہو تو دل میں یہ احساس جاگ سکتا ہے کہ اس تعریف سے اپنی قدر کم ہورہی ہے۔ حالاں کہ حقیقت یہ ہے کہ کسی دوسرے کا اچھا ہونا ہماری ناکامی کا ثبوت نہیں۔
یہیں سے مقابلہ ایک غیر ضروری عادت بن جاتا ہے۔ زندگی کے ہر میدان میں آگے نکلنے کی خواہش اگر اپنی ذات کی قدر کا واحد پیمانہ بن جائے تو آدمی کبھی مطمئن نہیں ہوتا۔ ہر کام یابی کے بعد کوئی نیا شخص اس سے آگے کھڑا ہوتا ہے اور ہر بار اپنی قدر دوبارہ ثابت کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
انا کے پیچھے عدمِ تحفظ
انانیت کی ہر صورت کے پیچھے ایک ہی سبب نہیں ہوتا۔ شخصیت کئی تجربات سے بنتی ہے۔ گھر کا ماحول، تربیت، قبولیت یا عدمِ قبولیت، مسلسل تعریف، مسلسل تنقید، ناکامیوں کا تجربہ اور تعلقات کے ابتدائی نمونے، یہ سب انسان کے مزاج پر اثر ڈال سکتے ہیں۔ بعض افراد میں برتری کا اظہار دراصل اندرونی عدمِ تحفظ کو چھپانے کا ایک طریقہ بن سکتا ہے۔
بہ ظاہر بہت پُراعتماد شخص تنقید برداشت نہ کرسکے، معمولی طور پر نظر انداز ہونے سے شدید متاثر ہوجائے یا کسی دوسرے کی کام یابی سے بے چین ہوجائے تو ممکن ہے اس کی خود اعتمادی اتنی مضبوط نہ ہو جتنی باہر سے دکھائی دیتی ہے۔ بعض اوقات آدمی کو اپنی قدر کا یقین اندر سے نہیں ہوتا، اس لیے وہ دوسروں کی تعریف، توجہ یا برتری کے ذریعے اس یقین کو بار بار قائم رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
یہ بات ہر مغرور یا خود پسند شخص کے بارے میں نہیں کہی جاسکتی۔ کسی کے ماضی میں تحقیر رہی ہو، کسی کو بچپن میں یہ سکھایا گیا ہو کہ اسے ہر حال میں سب سے بہتر ہونا ہے یا کسی کو صرف کام یابی کی صورت میں قبولیت ملی ہو، ایسے تجربات شخصیت کے برتاو پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ لیکن ماضی کسی نقصان دہ رویے کی مکمل معافی نہیں بن جاتا۔ کسی کے زخم کو سمجھنا اور اس کے ہاتھ سے لگنے والی چوٹ کو قبول کرنا دو الگ باتیں ہیں۔
غلطی ماننے میں دشواری بھی اسی جگہ سے جڑ سکتی ہے۔ پختہ شخصیت کے لیے غلطی اپنی پوری ذات پر فیصلہ نہیں ہوتی۔ انسان کہہ سکتا ہے ’’مجھ سے غلطی ہوئی‘‘ اور اس اعتراف کے باوجود اپنی عزت برقرار رکھ سکتا ہے۔ لیکن اگر کسی شخص کے لیے غلطی ماننا اپنی حیثیت کم ہونے کے برابر ہو تو وہ اصلاح کے بجائے دفاع کو ترجیح دے گا۔ پھر معذرت بھی کبھی پوری ذمے داری قبول کرنے کے بجائے صفائی بن جاتی ہے مثلا ’’اگر تمھیں برا لگا تو معذرت‘‘، ’’میرا مطلب وہ نہیں تھا‘‘، ’’تم نے غلط سمجھا۔‘‘
یہاں شخصیت کی پختگی کا ایک اہم معیار سامنے آتا ہے: کیا آدمی اپنی غلطی دیکھ کر ٹوٹ جاتا ہے یا سیکھتا ہے؟ جو شخص اپنی ذات کو اتنا بڑا بنا لے کہ اس میں اپنی خامی کے لیے جگہ ہی نہ بچے، وہ خود اپنی اصلاح کا راستہ تنگ کردیتا ہے۔
رشتوں پر انانیت کے اثرات
انانیت کا سب سے گہرا اثر عموماً قریبی تعلقات پر پڑتا ہے، کیوں کہ قربت میں انسان کا اصل مزاج زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔ گھر میں اگر ایک فرد کی ناراضی سب کے فیصلے طے کرنے لگے تو باقی لوگ اپنی بات کہنے سے پہلے ماحول کا اندازہ لگاتے ہیں۔ بچوں کو معلوم ہوجاتا ہے کہ کن موضوعات پر خاموش رہنا ہے۔ شریکِ حیات جانتا ہے کہ کون سی بات بحث بن سکتی ہے۔ یوں گھر میں بہ ظاہر سکون قائم رہتا ہے، مگر اس سکون کے نیچے خوف اور غیر ضروری احتیاط جمع ہونے لگتی ہے۔
دوستی میں بھی تعلق آہستہ آہستہ یک طرفہ ہوسکتا ہے۔ ایک دوست اپنی ضرورت کے وقت آپ کو یاد کرے، مگر آپ کی ضرورت کے وقت مصروف رہے۔ آپ اس کی ناراضی کو اہم سمجھیں اور وہ آپ کی ناراضی کو غیر ضروری قرار دے۔ آپ اس کی غلطیوں کو نظر انداز کریں اور وہ آپ کی معمولی لغزش کو وفاداری کا مسئلہ بنا دے۔ ایسی صورت حال میں تعلق موجود رہنے کے باوجود اس میں برابری کم ہوتی جاتی ہے۔
کام کی جگہ پر انانیت ایک مختلف شکل اختیار کرسکتی ہے۔ ایسا شخص ٹیم کی کام یابی کو اجتماعی کوشش سمجھنے کے بجائے ہر کام یابی کو اپنے نام سے جوڑنا چاہتا ہے۔ کسی ماتحت کی اچھی کارکردگی اسے خوش کرنے کے بجائے بے آرام کرسکتی ہے۔ کسی ساتھی کی تجویز قبول ہوجائے تو اسے اپنی حیثیت کے لیے خطرہ محسوس ہوسکتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ لوگ بہتر خیال پیش کرنے کے بجائے یہ سوچنے لگتے ہیں کہ کہیں کسی کی انا مجروح نہ ہوجائے۔
ہم دردی یعنی دوسرے کے احساس اور نقطۂ نظر کو سمجھنے کی صلاحیت، ایسے تعلقات میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انانیت کا مطلب یہ نہیں کہ آدمی بالکل بے حس ہوچکا ہے۔ وہ دوسرے کی تکلیف محسوس کرسکتا ہے، مگر اپنی ذات، عزت یا مفاد کو خطرہ محسوس ہوتے ہی دوسرے کا دکھ پس منظر میں چلا جاتا ہے۔ احساس موجود رہتا ہے، مگر ترجیح کی ترتیب بگڑ جاتی ہے۔
کبھی یہی کیفیت غصے اور سخت رویے کی شکل بھی اختیار کرتی ہے۔ کسی نے بات نہیں مانی، اختیار کو چیلنج کیا، توجہ نہیں دی یا تنقید کردی تو ردِعمل ضرورت سے زیادہ شدید ہوسکتا ہے۔ سخت رویہ ہمیشہ جسمانی تشدد کا نام نہیں۔ تحقیر، طنز، دھمکی، مسلسل چیخنا، کسی کی کم زوری کو بحث میں استعمال کرنا یا تعلق ختم کرنے کی دھمکی دینا بھی رشتے کو زخمی کرسکتے ہیں۔ ہر سخت جملہ بیماری نہیں، مگر مسلسل خوف پیدا کرنے والا رویہ معمول بھی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
ایسے شخص کے قریب رہنے والے لوگ بھی آہستہ آہستہ بدلنے لگتے ہیں۔ وہ الفاظ ناپ کر بولتے ہیں، اپنی کام یابی کا ذکر کرتے ہوئے ہیں، اختلاف سے پہلے ممکنہ ردِعمل کا اندازہ لگاتے ہیں اور اپنی ضرورت بیان کرنے کے بجائے خاموش رہنا آسان سمجھتے ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان اس وقت ہوتا ہے، جب آدمی دوسروں کے مزاج کو سنبھالتے سنبھالتے اپنی شخصیت کی آواز بھولنے لگے۔
انانیت کی پہچان اور اصلاح
انانیت کو کسی ایک جملے یا ایک واقعے سے نہیں پہچانا جاسکتا۔ ایک طویل مدت کا نقشہ دیکھنا پڑتا ہے۔ کیا شخص بار بار اپنی غلطی کا ذمے دار کسی دوسرے کو ٹھہراتا ہے؟ کیا اختلاف اسے ذاتی توہین لگتا ہے؟ کیا اسے دوسروں کی کام یابی قبول کرنے میں دشواری ہوتی ہے؟ کیا معذرت اس کے لیے شکست ہے؟ کیا تعلق میں ہمیشہ اسی کی تکلیف اہم رہتی ہے؟ کیا اس کے قریب رہنے والے لوگ اس سے اختلاف کرتے ہوئے غیر معمولی احتیاط محسوس کرتے ہیں؟
ان سوالات کا مقصد کسی پر لیبل لگانا نہیں۔ عام زندگی میں کسی شخص کو ’’نرگسی‘‘ کہہ دینا آسان ہے، لیکن یہ سمجھنا مشکل ہے کہ اس کے رویے کا کون سا حصہ عادت ہے، کون سا مزاج اور کہاں واقعی نفسیاتی مدد کی ضرورت ہوسکتی ہے۔ اسی لیے طبی تشخیص ماہرِ نفسیات کا کام ہے۔ عام آدمی کے لیے زیادہ مفید یہ ہے کہ وہ رویے کے اثرات کو دیکھے اور تعلق میں پیدا ہونے والی خرابی کو سنجیدگی سے سمجھے۔
اگر کسی شخص کو اپنے اندر یہ رجحانات محسوس ہوں تو اصلاح کا آغاز خود کو برا بھلا کہنے سے نہیں ہونا چاہیے۔ اپنی ذات سے دیانت دارانہ گفتگو زیادہ مفید ہے۔ اختلاف کیوں برداشت نہیں ہوتا؟ تنقید سنتے ہی دفاع کیوں شروع ہوجاتا ہے؟ کسی دوسرے کی کام یابی بے چینی کیوں پیدا کرتی ہے؟ کیا دوسروں کی بات واقعی سنی جاتی ہے یا صرف جواب دینے کے لیے انتظار کیا جاتا ہے؟
سننے کی عادت اس تبدیلی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ سامنے والا بات کرے تو فوراً اپنی مثال دینے کے بجائے اسے مکمل بات کرنے دینا، اس کے تجربے کو اپنی نظر سے مختلف ہونے کا حق دینا اور اختلاف کے باوجود اس کی عزت باقی رکھنا شخصیت کو نرم کرتا ہے۔ اسی طرح اپنی غلطی ماننے کی مشق ضروری ہے۔ ’’ہاں، یہاں مجھ سے غلطی ہوئی‘‘ ایک مختصر جملہ ہے، مگر اپنی ذات کے گرد مضبوط حصار بنانے والے انسان کے لیے یہ بڑی اندرونی تبدیلی کا آغاز ہوسکتا ہے۔
دوسرے کی کام یابی پر خوش ہونے کی کوشش بھی خود مرکزیت کو کم کرتی ہے۔ کسی کا آگے بڑھ جانا میرے راستے کو بند نہیں کرتا۔ دنیا میں دوسرے انسان کی قابلیت میرے وجود کے خلاف فیصلہ نہیں۔ اپنی قدر کا انحصار ہر وقت دوسروں سے آگے نکلنے پر ہو تو سکون ہمیشہ مشروط رہتا ہے۔
اپنی حدود کی حفاظت
اگر آپ کسی ایسے شخص کے ساتھ رہتے ہیں، جس کی انانیت بار بار آپ کے سکون، عزت یا آزادی کو متاثر کرتی ہے تو سب سے پہلے اپنی حدود واضح کرنا ضروری ہے۔ Boundaries یعنی ذاتی حدود، دوسرے کو قابو کرنے کا نام نہیں۔ یہ اپنے لیے طے کرنا ہے کہ کس طرح کا برتاؤ قبول کیا جائے گا اور ناقابلِ قبول رویے کی صورت میں آپ کیا کریں گے۔
’’اختلاف ہوسکتا ہے، توہین نہیں۔‘‘
’’غصے میں گفتگو روک دوں گا، بعد میں بات ہوگی۔‘‘
’’میری زندگی کے فیصلے میں میری رائے بھی ضروری ہے۔‘‘
یہ حدود اس وقت معنی رکھتی ہیں، جب ان کے ساتھ عمل بھی ہو۔ ہر الزام کا جواب دینا ضروری نہیں۔ بعض اوقات انسان اپنی صفائی دیتے دیتے وہاں پہنچ جاتا ہے، جہاں اسے اپنے ہر احساس کا ثبوت پیش کرنا پڑتا ہے۔ اگر سامنے والا پہلے ہی طے کرچکا ہو کہ وہ درست ہے اور آپ غلط، تو بحث لمبی ہونے سے حقیقت نہیں بدلتی۔ صاف بات، محدود وضاحت اور مناسب فاصلہ کئی مرتبہ زیادہ صحت مند راستہ ہوتا ہے۔
اگر تعلق ازدواجی یا خان دانی ہو تو معاملہ زیادہ حساس ہوجاتا ہے۔ ہر مشکل رشتے کا حل جدائی نہیں اور ہر رشتے کو ہر قیمت پر بچانا بھی ضروری نہیں۔ اگر دونوں طرف مسئلے کو سمجھنے اور رویے بدلنے کی آمادگی ہو تو باہمی گفتگو، واضح حدود اور ماہرِ نفسیات کی مدد مفید ہوسکتی ہے۔ لیکن اگر مسلسل تحقیر، دھمکی، جسمانی تشدد، مالی پابندی یا شدید خوف موجود ہو تو ترجیح انسان کی حفاظت ہونی چاہیے۔
جو شخص انانیت کے ساتھ رہ رہا ہو، اسے دوسرے کی شخصیت اپنے ذمے نہیں لے لینی چاہیے۔ آپ سمجھا سکتے ہیں، اپنی تکلیف بیان کرسکتے ہیں، اپنی حدود واضح کرسکتے ہیں، مگر دوسرے کو بدلنا آپ کے اختیار میں نہیں۔ محبت کسی انسان کو بہتر بننے کی ترغیب دے سکتی ہے، لیکن کسی بالغ شخص کی ذمے داری آپ کے کندھوں پر منتقل نہیں کرتی۔
اپنی ذات کو مٹانا بھی حل نہیں۔ انانیت کا مقابلہ خود کو کم تر سمجھ کر نہیں کیا جاسکتا۔ اپنی قدر باقی رکھتے ہوئے دوسرے کی قدر تسلیم کرنا ہی متوازن راستہ ہے۔ اپنے حق کی حفاظت کیجیے، مگر دوسرے کے حق کو پامال کیے بغیر۔ اپنی رائے رکھیے، مگر دوسرے کو بھی رائے کا حق دیجیے۔ اپنی کام یابی پر خوش رہیے، مگر کسی دوسرے کی کام یابی کو اپنی شکست نہ سمجھیے۔
قرآن و سیرت کی رہنمائی
انسان کے اندر اپنی بڑائی کا احساس کوئی نیا مسئلہ نہیں۔ قرآن نے تکبر اور خود پسندی کی اس کیفیت کو بہت گہرائی سے بیان کیا ہے۔ انسان کو اس حقیقت کی طرف بار بار متوجہ کیا گیا کہ بڑائی اللہ کے لیے ہے اور انسان کی اصل حیثیت بندگی ہے۔ یہی احساس انا کے اس حصار کو توڑتا ہے، جس میں آدمی اپنی ذات کو دوسروں سے بلند سمجھنے لگتا ہے۔
قرآن کہتا ہے: ’’بے شک اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘ (النحل :23)۔ یہ محض ایک اخلاقی حکم نہیں، بلکہ انسانی شخصیت کی اصلاح کا اصول بھی ہے۔ جب آدمی یہ سمجھ لیتا ہے کہ اس کی قابلیت، حیثیت، دولت، علم اور اختیار سب عطا ہیں، تو برتری کا وہ احساس کم ہونے لگتا ہے جو اسے دوسروں کو حقیر دیکھنے پر آمادہ کرتا ہے۔
قرآن نے چلنے کے انداز تک میں انسان کو اس کے اندر چھپی ہوئی بڑائی سے آگاہ کیا: ’’اور زمین میں اکڑ کر نہ چل، بے شک تو نہ زمین کو پھاڑ سکتا ہے اور نہ پہاڑوں کی بلندی تک پہنچ سکتا ہے۔‘‘ (الاسراء:37)۔ انسان کی طاقت اپنی جگہ، مگر اپنی حقیقت کا شعور اسے غرور سے بچاتا ہے۔
قرآن نے یہ بھی فرمایا کہ ’’اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے، جو تم میں سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔‘‘ (الحجرات:13)۔ یہاں انسانی برتری کا معیار بدل دیا گیا۔ خان دان، دولت، منصب، شہرت اور ظاہری قوت کے بجائے تقویٰ کو معیار بنایا گیا۔ یہ تعلیم انانیت کے لیے ایک گہرا علاج ہے، کیوں کہ جس شخص کی نظر اپنے منصب اور ظاہری امتیاز کے بجائے اپنے کردار پر ہو، اسے دوسروں کو کم تر ثابت کرنے کی ضرورت کم ہوجاتی ہے۔
سیرتِ رسول اللہ ﷺ میں عاجزی محض ایک وعظ نہیں، ایک زندہ کردار کے طور پر سامنے آتی ہے۔ آپ ﷺ لوگوں کے ساتھ بیٹھتے، ان کی بات سنتے، کم زوروں سے بے تکلفی سے ملتے اور اپنی ذات کو کسی مصنوعی عظمت کے حصار میں نہیں رکھتے تھے۔ فتحِ مکہ کے موقع پر وہی انسان جن کے ہاتھوں آپ ﷺ اور آپ کے ساتھیوں نے برسوں کی اذیتیں برداشت کی تھیں، آپ کے سامنے بے اختیار کھڑے تھے، مگر غلبے کے اس لمحے میں انتقام کی جگہ عفو کا رویہ سامنے آیا۔ اقتدار انسان کے اندر چھپی ہوئی انا کو بڑھا بھی سکتا ہے اور اس کی حقیقت کھول بھی سکتا ہے۔ لیکن سیرت نے ہمیں اختیار کے ساتھ رحم اور قوت کے ساتھ معافی کا راستہ دکھایا۔
قرآن انسان کو یہ بھی سکھاتا ہے کہ اپنے نفس کو پاک کرنے کی کوشش جاری رکھے۔
’’قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَا، وَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاهَا‘‘
فلاح اسے ملی جس نے اپنے نفس کو پاک کیا، اور نامراد وہ ہوا جس نے اسے آلودہ کردیا۔ (الشمس:9-10)۔ انانیت کی اصلاح بھی اسی اندرونی تربیت کا حصہ ہے۔ اپنی خواہش، غصے، برتری کے احساس اور دوسروں سے مسلسل مقابلے کی عادت کو دیکھنا، پھر اسے آہستہ آہستہ قابو میں لانا محض اخلاقی خوب صورتی نہیں، شخصیت کی پختگی ہے۔
انسان کی اصل بڑائی شاید یہی ہے کہ اسے اپنی بڑائی ثابت کرنے کی ضرورت باقی نہ رہے۔ وہ اپنی خوبی جانتا ہو، مگر اس پر اتراتا نہ ہو۔ اپنی عزت کا خیال رکھتا ہو، مگر دوسروں کو ذلیل نہ کرتا ہو۔ اپنی بات کہتا ہو، مگر سننے کا حوصلہ بھی رکھتا ہو۔ غلطی ہوجائے تو معذرت کرسکے اور کسی دوسرے کی کام یابی دیکھ کر دل تنگ نہ ہو۔
’’میں‘‘ انسان کی ضرورت ہے۔ اسی سے شناخت بنتی ہے، ارادہ پیدا ہوتا ہے اور زندگی کو سمت ملتی ہے۔ لیکن جب یہی ’’میں‘‘ اتنا پھیل جائے کہ دوسرے کے لیے جگہ باقی نہ رہے تو رشتے تنگ ہونے لگتے ہیں۔ محبت میں آزادی کم ہوتی ہے، گفتگو میں برابری گھٹتی ہے اور تعلق کا سکون آہستہ آہستہ رخصت ہونے لگتا ہے۔
متوازن شخصیت اپنی قدر جانتی ہے، مگر دوسروں کی قدر بھولتی نہیں۔ اسے عزت عزیز ہوتی ہے، مگر عزت دینا بھی آتا ہے۔ اسے اپنی جگہ چاہیے، مگر وہ دوسرے کے لیے بھی جگہ چھوڑ سکتی ہے۔
انسان کا قد اپنی ذات کو بڑا دکھانے سے نہیں بڑھتا۔ شخصیت کی اصل وسعت شاید یہ ہے کہ آدمی اپنی جگہ پر قائم رہتے ہوئے دوسرے انسان کے لیے بھی جگہ باقی رکھ سکے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments