وہ حیران تھی کہ علاقے میں کیا ہو رہا ہے؟ ہر طرف گہما گہمی تھی اور ’وندے ماترم‘ کی صدائیں بلند ہو رہی تھیں۔
وہ سراپا حیرت بنی حالات کا جائزہ لے رہی تھی، مگر کچھ بھی سمجھنے سے قاصر تھی۔
وہ آسمان پر نظریں جمائے قدرت کے کارخانے کا مشاہدہ کر رہی تھی اور فضا میں ’وندے ماترم‘ کی گونج اس کی سماعت کو بوجھل کر رہی تھی۔
وہ اسی ادھیڑ بن میں تھی کہ اللہ کی اس مخلوق کو آخر کیا ہو گیا ہے کہ وہ اس شہنشاہ کی تسبیح کرنے کے بجائے اس کی مخلوق کے گن گانے میں مصروف ہے؟
کیا میں خدا کی زمین پر خدا کی مخلوق کی بندگی کو آنکھیں بند کر کے دیکھتی رہوں؟
وہ اپنے آپ سے ہی سوال کر رہی تھی کہ یکایک اس نے اپنے کندھوں پر ایک لمس محسوس کیا۔ اس نے گردن گھمائی تو پیچھے اپنی پیاری دوست کو پایا، جو ابھی کچھ مہینے پہلے ہی اس کی بھابھی بن چکی تھی۔
کیا ہوا حفصہ؟ اس کی دوست اور بھابھی نے اس کی پریشانی کو بھانپ لیا تھا۔
کچھ نہیں اریبہ۔ حفصہ نے سرسری سا جواب دیا اور دم سادھے کھڑی رہی۔ یکایک اس نے موبائل میں میسج کی بیپ سنی اور بریکنگ نیوز پڑھنے میں مصروف ہو گئی۔
’’سہارن پور کی صد سالہ قدیم مسجد صبح تڑکے شہید کر دی گئی۔‘‘
اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا اور وہ دھڑام سے گر پڑی۔
پاس میں کھڑی بھابھی نے اسے سہارا دیا، جب کہ وہ نیم بے ہوشی کی حالت میں بڑبڑائے جا رہی تھی:
’’خدا کی زمین پر مخلوق کی پوجا؟ خدا کا گھر شہید؟ نہیں، ایسا نہیں ہو سکتا۔ میں ایسا نہیں ہونے دوں گی۔‘‘
وہ بولے جا رہی تھی اور اریبہ اسے دلاسہ دیتے ہوئے ہوش میں لانے کی کوشش کر رہی تھی۔
وہ ایک دم سے اٹھ کر کھڑی ہو گئی اور جھٹ سے حجاب پہن کر تیز قدموں سے باہر نکل گئی۔
حفصہ! میری دوست، باہر حالات سازگار نہیں ہیں۔ اندر آ جاؤ۔
اریبہ اسے آواز دیتی رہی، مگر اس نے سنی ان سنی کر دی۔
حفصہ ایک باشعور لڑکی تھی۔ جرأت و بے باکی اس کا خاصہ تھی۔ بچپن سے ہی اس نے حق کا ساتھ دیا اور اپنے اس عزم کو پورا کرنے کے لیے اس نے صحافتی میدان میں قدم رکھا۔ یورپی ممالک میں زیرِ تعلیم و تربیت ہونے کے باوجود اس نے اسلامی شعائر کا خیال رکھا اور چوں کہ توحید کے سائے تلے پروان چڑھی تھی، لہٰذا توحید کا رنگ اس کی فطرت میں سما گیا تھا۔ اس نے ہمیشہ یہ تمنا کی کہ اس کا کوئی قدم توحید کی راہ میں کام آ جائے۔
آج جب کہ وہ اپنی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھی ایک لمبا سفر طے کر رہی تھی تو بار بار یہ خیال اسے سرشار کر رہا تھا کہ شاید آج اس کی آرزو بارگاہِ ایزدی میں قبول ہو جائے۔
وہ بہت تیز رفتاری سے کار چلائے جا رہی تھی اور ساتھ ہی رب العزت کی بارگاہ میں دعا بھی کرتی جا رہی تھی کہ سب خیر ہو۔
زوہیب گھر میں داخل ہوا تو اریبہ کو اکیلا پا کر حفصہ کے بارے میں پوچھا۔
کیا؟ تم نے اسے جانے کیوں دیا؟ آج ملک میں ماحول بہت خراب ہے۔ تم نے اسے روکا کیوں نہیں؟
زوہیب اریبہ کو ڈانٹ رہا تھا۔
اریبہ نے اسے یقین دلایا کہ اس نے اسے روکنا چاہا، مگر اس نے اس کی ایک نہ سنی۔
زوہیب کو اپنی بہن کی بے باکی کا اندازہ تھا، اس لیے وہ گھبرا رہا تھا اور دعا بھی کر رہا تھا کہ خدایا! میری بہن کی حفاظت فرما۔
دونوں کچھ دیر ساکت و جامد کھڑے رہے۔ اس کے بعد اس نے بہن کو کال کی، مگر حفصہ نے کال نہیں اٹھائی۔
وہ متنازع علاقے میں پہنچ چکی تھی اور ہر ایک سے بے باکی سے سوال کر رہی تھی۔
زوہیب حیران و پریشان بہن کو کال لگانے میں مصروف تھا، مگر دوسری طرف حفصہ ظالم حکمرانوں کا محاسبہ کرنے میں مشغول تھی۔
بھائی کی بار بار کال پر اس نے ایک مختصر سا اطمینان بخش پیغام بھیجا:
’’میں محفوظ ہوں۔‘‘
اور پھر مسجد کی شہادت کے متعلق ہر سربراہ سے ملاقات میں مشغول ہو گئی۔
موقع پر موجود محکمۂ پولیس اور دیگر تشدد پسند حکمرانوں سے وہ اپنے سوالوں کے جواب مانگ رہی تھی۔ وہاں اقلیتی طبقے کی ایک بھیڑ تھی، جس کے چہروں سے پریشانی اور افسردگی کے آثار ظاہر ہو رہے تھے۔ ہر طرف سراسیمگی تھی۔ ہر چہرہ ناکامی کی داستان سنا رہا تھا۔ فضا میں مایوسی طاری تھی کہ یکایک ’وندے ماترم‘ کا نعرہ لگانے والوں کا ایک سیلاب امڈ آیا۔
وہاں موجود بھیڑ نے ان وحشت ناک بھیڑیوں سے جان بچانے کی کوشش کی، مگر حفصہ شیرنی بنی کھڑی رہی اور فضا میں ’اللہ اکبر‘ کی صدا بلند کی۔ وہ ڈٹی رہی اور بولتی رہی کہ توحید کے پرچم کو شرک سے آلودہ نہیں ہونے دوں گی۔
توحید کے مرکز پر شرک کا جھنڈا نہیں لہرانے دوں گی۔
وہ اپنے ہاتھوں کا حصار باندھے ’’حسبنا اللہ ونعم الوکیل‘‘ کا ورد کرتی رہی۔ فرقہ پرستوں کی بھیڑ میں سے ایک خوف ناک چہرہ سامنے آیا اور اس شیرنی کو روکنے کی کوشش کی، مگر وہ رکنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔
وہ تنہا توحید کا گن گاتی رہی، یہاں تک کہ اس شیرنی کی ہمت کو سلام کرتے ہوئے اقلیتی طبقے کے کچھ لوگ آگے بڑھے اور اپنی جانب ایک مضبوط حصار باندھ لیا۔
ہماری مسجد کو کیوں شہید کیا گیا؟
وہ سوالات کرتی جا رہی تھی اور میڈیا کی نظروں میں ابھرتی جا رہی تھی۔
ملکی میڈیا نے اس کی بے باکی کو دیکھ کر بریکنگ نیوز میں یہ خبر وائرل کر دی کہ:
’’ملک میں ایک دہشت گرد لڑکی نے قدم جما لیے ہیں۔‘‘
خبر کے پھیلتے ہی حکومت کے خوشامدیوں نے اس علاقے کی جانب بڑھنا شروع کر دیا۔ محکمۂ پولیس نے ہر طرف سے ناکہ بندی کر دی اور پلک جھپکتے حفصہ کو حراست میں لے لیا۔
میرا قصور کیا ہے؟
مجھے کیوں گرفتار کیا جا رہا ہے؟
مجھے کہاں لے جایا جا رہا ہے؟
وہ سوالات کیے جا رہی تھی، مگر ظالم بھیڑیے وحشت ناک نظروں سے گھورتے ہوئے اسے گاڑی میں سوار کر لیتے ہیں اور پھر گاڑی زناٹے دار آواز میں تیزی سے اس منزل کی طرف روانہ ہو جاتی ہے، جس کا حفصہ کو کچھ علم نہیں۔
وہ دل ہی دل میں گھبرا رہی تھی، مگر چہرے پر طمانیت چھائی ہوئی تھی، کیوں کہ ایک آیت فتح کا مژدہ سنا رہی تھی:
’’وَلَا تَهِنُوا وَلَا تَحْزَنُوا وَأَنْتُمُ الْأَعْلَوْنَ إِنْ كُنْتُمْ مُؤْمِنِينَ‘‘
اور بچپن سے وہ جس آیت کی گرویدہ تھی، وہ تو دل کو توانائی بخش رہی تھی۔
ہاں!
’’لَا تَحْزَنْ إِنَّ اللَّهَ مَعَنَا‘‘۔
وہ آیت جس کا پس منظر بچپن میں سیرتِ رسول ﷺ کے اسباق یاد کرتے ہوئے دیکھا تھا۔ ہاں، وہی آیت جذبات کو سرشار کر رہی تھی کہ یکایک گاڑی رک گئی اور حفصہ نے نظر اٹھائی تو سامنے دل دہلا دینے والا منظر تھا۔
جیل!
اس کی تو چیخ نکل گئی۔
یہہہہہہہ!
وہ ہکلائی، پھر شیرنی بن کر کھڑی ہو گئی اور پوچھنے لگی:
میرا قصور کیا ہے؟
تمھاری بے باکی!
ایک پولیس اہل کار نے طنزیہ جواب دیا۔
میری بے باکی؟
بے باکی اتنا بڑا جرم ہے؟
وہ سراپا سوال تھی۔
وہ سوچتی رہی اور فرمانِ رسول ﷺ پر غور کرتی رہی:
’’قُلِ الْحَقَّ وَلَوْ كَانَ مُرًّا‘‘
یہی تو حق ہے۔ میری بے باکی کی اتنی بڑی سزا؟
تو حفصہ! تجھے تیری بے باکی مبارک۔
وہ دل ہی دل میں بولے جا رہی تھی اور ساتھ ہی ساتھ اس ہول ناک منظر کو محسوس بھی کر رہی تھی جو سلاخوں کے پیچھے اس کے لیے تیار کیا گیا تھا، مگر اگلے ہی پل
’’لَا تَحْزَنْ إِنَّ اللَّهَ مَعَنَا‘‘
کی حلاوت دل کے اضطراب کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی تھی۔
کیا سوچ رہی ہو، بی بی؟
ایک پولیس اہل کار نے تمسخر اڑایا۔
کچھ نہیں۔
اس نے مختصر جواب دیا۔
اب تمھیں تمھاری بے باکی کی سزا ملنے والی ہے۔
محکمۂ پولیس کے افسر نے دو ٹوک جملہ کہا۔
حفصہ سب کچھ سنتی رہی اور دل میں کہتی رہی:
حفصہ! تجھے تیری بے باکی مبارک!
خاتون پولیس افسر حفصہ کا ہاتھ تیزی سے پکڑ کر اسے ایک کمرے میں لے گئی، جہاں جاتے ہی اس کا دم گھٹنے لگا۔ اس نے پولیس سے منت سماجت کی کہ اسے کھلی جگہ پر لے جایا جائے، مگر اس کی نہ سنی گئی۔ اندر جاتے ہی اس پر بے ہوشی طاری ہو گئی، مگر جیل میں موجود دیگر خواتین نے اسے سنبھالا اور تسلی دی۔
جیل کے اندر کا خوف ناک منظر اسے بے حال کر رہا تھا، مگر سورۂ آلِ عمران کی آیت اس کے لیے تریاق ثابت ہوئی۔ اس نے اللہ تعالیٰ کی ذات پر مکمل بھروسا کیا اور پھر ذکرِ الٰہی میں مصروف ہو گئی۔
حفصہ کا کہیں کچھ پتا نہیں!
زوہیب غم سے نڈھال ہو رہا تھا۔ اس کا فون بند جا رہا تھا۔ اس کے کسی دوست کو بھی کچھ علم نہیں تھا۔ وہ اپنی کیفیت بیان کر رہا تھا اور اریبہ اسے تسلی دے رہی تھی کہ حفصہ بے باک اور نیک لڑکی ہے۔ اس کی نیکی کی بدولت اللہ تعالیٰ اس کی حفاظت فرمائے گا۔
ہاں!
زوہیب نے ایک سرد آہ بھری اور ان شاء اللہ کہا۔
رات کی تاریکی غائب ہو چکی تھی۔ صبح کی سپیدی نمودار ہو رہی تھی۔ وہ مصلیٰ پر بیٹھی فریاد کر رہی تھی کہ یکایک دور سے اس کے کانوں میں رس گھولتی آواز سنائی دی:
جو تو نے اللہ سے لو لگائی تو دل میں خوفِ زوال کیسا
کہ جس کی کشتی کو تھام لے وہ تو ڈوبنے کا خیال کیسا
وہ اس آواز کے سحر میں قید ہو گئی۔ تھوڑی دیر کے بعد خاتون پولیس کی اعلیٰ افسر کمرے میں داخل ہوئی اور اس سے ایک کورے کاغذ پر دستخط کرائے۔
حفصہ نے سادہ کاغذ پر دستخط کرنے سے منع کیا تو اس نے کہا کہ اگر رہائی چاہتی ہو تو یہ دستخط کرنا ہوگا۔
حفصہ نے کچھ لمحے تأمل کیا، پھر اللہ پر بھروسا کرکے دستخط کر دیے۔ خاتون افسر نے اس کے ہاتھ سے کاغذ لے کر اسے گاڑی میں بٹھایا۔
دورانِ سفر وہ بار بار یہی جملہ دہرائے جا رہی تھی:
’’حفصہ! تجھے تیری بے باکی مبارک!‘‘
اور پھر پولیس افسر نے اسے اس کی گرفتاری کی جگہ پر پہنچا دیا، جہاں اس کی گاڑی، اس کے دوست اور اس کا ہر دل عزیز بھائی شدت سے اس کے انتظار میں کھڑے تھے۔
اسے دیکھتے ہی دوستوں کی طرف سے ایک صدا بلند ہوئی:
’’حفصہ! تجھے تیری بے باکی مبارک!‘‘
اور حفصہ بھی یہ کہتی جا رہی تھی:
’’حفصہ! تجھے تیری بے باکی مبارک!‘‘
اور پوری فضا اس صدا سے گونج رہی تھی:
’’حفصہ! تجھے تیری بے باکی مبارک!‘‘
٭ ٭ ٭

![Adbi Fun Paare [Bebaaki]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/10/Adbi-Fun-Paare-Bebaaki.jpg)
0 Comments