درس حدیث خدا اس شخص کو ترو تازہ رکھے ۔۔۔
زمرہ : النور

قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : نضر الله امرأ سمع منا حديثا فحفظه حتى يبلغه

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ اس شخص کو تروتازہ رکھے، جس نے ہم سے حدیث سنی پھر اسے یاد رکھا یہاں تک کہ اسے دوسروں تک پہنچا دیا۔ (ترمذی، ابو داؤد)

یہ پیاری سی دعا ان لوگوں کے لیے ہے، جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث سے دلچسپی رکھتے ہیں، اس کو پڑھتے ہیں، سمجھتے ہیں، یاد کرتے ہیں اور دوسروں تک پہنچاتے ہیں۔ اس دعا میں شامل ہونے اور محبت رسول کا تقاضا پورا کرنے کے لیے حدیث کا مطالعہ بہت ضروری ہے۔
موجودہ دور جس میں کذب و افتراء، غلط بیانی اور دھوکہ دہی و فریب کاری کا دور دورہ ہے، جس کے منفی اثرات ہر چیز پر نظر آتے ہیں حتی کہ احادیث نبویہ بھی اس سے محفوظ نہیں رہ سکیں، اس لیے آج کے دور میں تو حدیث کا علم حاصل کرنے کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔

ہماری آج کی حدیث

 عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ بُسْرٍ أَنَّ أَعْرَابِيًّا قَالَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ مَنْ خَيْرُ النَّاسِ؟ قَالَ: مَنْ طَالَ عُمُرُهُ وَحَسُنَ عَمَلُه۔ رواه الترمذي (2329) وقال: حديث حسن صحيح، وصححه الألباني.

ایک دوسری روایت سے اس کی مزید وضاحت ہوتی ہے۔

 خَيْرُ النَّاسِ مَنْ طَالَ عُمُرُهُ وَحَسُنَ عَمَلُهُ، وَشَرُّ النَّاسِ مَنْ طَالَ عُمُرُهُ وَسَاءَ عَمَلُهُ۔ (رواه أحمد والترمذي)

ترجمہ: حضرت عبداللہ ابن بسر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک اعرابی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا : اے اللہ کے رسول لوگوں میں سب سے بہتر کون ہے ؟ اپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس کی عمر بھی لمبی ہو اور اس کے عمل بھی اچھے ہوں۔

 ایک دوسری روایت میں ہے: سب سے بہترین انسان وہ ہے، جس کی عمر لمبی اور عمل اچھے ہوں اور بدترین انسان وہ ہے، جس کی عمر لمبی اور عمل برے ہوں۔
اللہ کے نزدیک بہترین انسان وہ نہیں جو بہت مال دار ہو اور اونچے عہدوں پر فائز ہو بلکہ اللہ کے نزدیک بہترین انسان وہ ہے، جس کو اللہ نے لمبی عمر دی ہو اور اس نے اس کونیکی اور عبادت کرنے میں لگا دیا ہو۔ کبھی نماز، کبھی روزہ، کبھی یاد خدا، کبھی والدین کی خدمت، کبھی لوگوں کی مدد۔ الغرض ہر دن پچھلے دن سے اچھا۔ ہر دن نیکیوں میں اضافہ ہوتا ہے اور ہر دن جنت میں اس کا منصب اور اس کا عہدہ بلند سے بلند تر ہوتا جاتا ہے۔
اس کے بر عکس وہیں اگر کسی کو لمبی عمر ملے اور وہ اس کو برائی کرنے اور گناہ سمیٹنے میں لگا دے تو وه بدترین انسان ہے، کیوں کہ اس کی لمبی عمر ایک طرف تو اس کے خلاف دلیل ہوگی اور دوسری طرف اس کے گناہوں کو بڑھاتی چلی جائے گی۔
یہ حدیث ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ہم اپنے وقت کی قدر کریں اور عمر کا ہر لمحہ خیر میں گزاریں۔ لمبی سے لمبی عمر نعمت ہے، اگر اس کے ساتھ نیکیاں اور اچھے عمل بھی ہوں۔
مگر افسوس آج کل عمر کے مراحل کے متعلق ایک روایت کثرت سے بیان کی جاتی ہے۔ ایک من گھڑت روایت، بہ نام حدیث، یہ تاثر دیتی ہے کہ اللہ کی محبت کا تعلق انسانی زندگی کے مختلف مرحلوں سے ہے اور انسان ہر بڑھتے مرحلے کے ساتھ اپنے رب کا محبوب ہوتا جاتا ہے۔
روایت کے الفاظ یہ ہیں:

عن ‌عثمان بن عفان رضي الله عنه يقول سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول قال الله عز وجل إذا بلغ عبدي أربعين سنة عافيته من البلايا الثلاث من الجنون والبرص والجذام فإذا بلغ خمسين سنة حاسبته حسابا يسيرا وإذا بلغ ستين سنة حببت إليه الإنابة وإذا بلغ سبعين سنة أحبته الملائكة وإذا بلغ ثمانين سنة كتبت حسناته وألقيت سيئاته وإذا بلغ تسعين سنة قالت الملائكة أسير الله في أرضه فغفر له ما تقدم من ذنبه وما تأخر وشفع في أهله

اس کا ترجمہ یہ کیا جاتا ہے:
’’جب میرا بندہ چالیس سال کو پہنچتا ہے تو میں اسے جنون، برص اور جذام سے عافیت دیتا ہوں، پچاس پر حساب آسان، ساٹھ پر توبہ کی رغبت ، ستر پر فرشتوں کی محبت، اسی پر نیکیاں لکھی جاتی ہیں اور برائیاں مٹ جاتی ہیں اور نوے پر اگلے پچھلے گناہ معاف۔‘‘
لیکن مختلف اسناد اور طرق حدیث کے مطالعے سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ یہ حدیث صحیح نہیں ہے، بلکہ بہت ضعیف اور موضوع (من گھڑت) ہے۔
اس روایت سے متعلق مختلف فتاویٰ کمیٹی کے دلائل ملتے ہیں، جو اسے موضوع قرار دیتے ہیں جیسا کہ اللجنہ الدائمہ للبحوث العلمیہ والافتاء، فتویٰ نمبر 20478 میں کہا گیا: مذکورہ بالا حدیث بہت ضعیف ہے بلکہ بعض حفاظ حدیث نے اس پرمن گھڑت ہونے کا حکم لگایا۔
امام جلال الدین سیوطی رحمہ اللہ نے بھی اسے موضوع روایات میں شمار کیا ہے۔
یہ روایت ایک طرف عقل سے ٹکراتی ہے اور دوسری طرف تعلیمات قرآنى کے خلاف ہے۔شاید یہ من گھڑت روایت احادیث کی طرف سے عدم دلچسپی اور احادیث میں غور و فکر نہ کرنے کی وجہ سے اتنی عام ہو گئی۔ حالاں کہ ایک حدیث جو انسان کو ڈھلتی عمر کے ساتھ عمل کی ترغیب دیتی ہے، صحیح بخاری میں موجود ہے۔

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضي الله عنه عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ: أَعْذَرَ اللهُ إِلَى امْرِئٍ أَخَّرَ أَجَلَهُ حَتَّى بَلَغَ سِتِّينَ سَنَةً۔ رواه البخاري

ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: اللہ نے اس شخص کا عذر ختم کر دیا، جسے ساٹھ سال تک مہلت دی۔
یعنی جب اللہ کسی کو 60؍ سال کی عمر دے دے تو اس کے پاس یہ بہانہ نہیں رہتا کہ مجھے موقع نہیں ملا۔ اللہ نے اسے سوچنے، سمجھنے اور لوٹ آنے کا پورا موقع دے دیا۔ اس لیے ہمیشہ یہ بات ذہن میں رہنی چاہیے کہ کام یابی خود بہ خود عمر گزرنے سے نہیں ملتی۔
جیسا کہ احادیث رسول اور اسانید حدیث کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ حقیقت میں یہ صبح و شام، یہ ماہ و سال اور عمر کی یہ منزلیں انسان کے کسی کام نہیں آئیں گی، جب تک وہ خود اس کو اپنی کوششوں سے خوب صورت، اپنی محنتوں سے روشن اور اپنی قربانیوں سے قیمتی نہ بنا دے۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے:

 وَأَنْ لَيْسَ لِلْإِنْسَانِ إِلَّا مَا سَعَى (النجم: 39)

’’اور یہ کہ انسان کے لیے وہی کچھ ہے، جس کی اس نے خود کوشش کی ہے۔‘‘

خلاصہ

مختلف دلائل سے مذکورہ روایت کا موضوع ہونا ثابت ہے۔ لہٰذا اس ضعیف روایت کو نبی ﷺ کی طرف منسوب کرنا جائز نہیں۔ نیز یہ بات بھی اظہر من الشمس ہے کہ عمر کی منزلیں خود بہ خود انسان کے کام نہیں آئیں گی، بلکہ اس بے ثبات کائنات میں شریعت اسلامیہ کے مطابق کی گئی جد وجہد اور کاوشیں ہی اسے کام یابی کی راہ پر گامزن کریں گی۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦