نومبر ۲۰۲۴
ٹوٹتے خاندان کے بچوں پر ہونے والے اثرات
زمرہ : ادراك

رب العالمین نے انسانی زندگی کا نظام کچھ اس طرز سے ترتیب دیا کہ نسل انسانی والدین کے ذریعہ دنیا میں آتی ہے، اور والدین ہی کے ذریعہ تربیت پاتی ہے ۔ خاندان کے استحکام اور خاندان کا خوش گوار ماحول بچے کی تربیت کا اہم حصہ ہے۔ شوہر اور بیوی کے تعلقات کی خوش گواری کو یقینی بنانے کے لیے اسلامی شریعت نے ہر طرح کا خیال رکھا ہے ۔عائلی قوانین کے احکام کی حکمت پر غور کریں تو بنیادی طور پر شوہر بیوی کی ہم آہنگی ، محبت ومودت ، بے لوثی،احترام اور نسل انسانی کی پرورش کے لیےپرسکون ماحول ہی تمام تعلیمات کا محور ٹھہرتا ہے ۔

خاندان

اسلام دین فطرت اور ایک مکمل ضابطہ ٔحیات ہے۔اس کے عائلی قوانین بھی تمام احکام کی طرح انسانی نفسیات کے مطابق وضع کیے گئے ہیں۔ نکاح کے ذریعہ ایک خاندان تشکیل پاتا ہے ۔اللہ رب العالمین ارشاد فرماتا ہے:

وَمِنۡ اٰيٰتِهٖۤ اَنۡ خَلَقَ لَكُمۡ مِّنۡ اَنۡفُسِكُمۡ اَزۡوَاجًا لِّتَسۡكُنُوۡۤا اِلَيۡهَا وَجَعَلَ بَيۡنَكُمۡ مَّوَدَّةً وَّرَحۡمَةً  ؕ اِنَّ فِىۡ ذٰ لِكَ لَاٰيٰتٍ لِّقَوۡمٍ يَّتَفَكَّرُوۡنَ ۞

(سورۃ الروم، آیت : 21)
(اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمھارے لیے تمھاری ہی جنس سے بیویاں بنائیں ،تاکہ تم ان کے پاس سکون حاصل کرو اور تمھارے درمیان محبّت اور رحمت پیدا کر دی۔ یقیناً اس میں بہت سی نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لیے جو غور وفکر کرتے ہیں۔)

انسانی بنیاد پر خاندان کو استوار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے لیےباعث سکون ہوں ، ازدواجی رشتے میں احترام ہو، محبت اورجذباتی لگاؤہو، ایک دوسرے کا پاس ولحاظ ہو ، ذہنی ہم آہنگی ہو ، جہاں شوہر اور بیوی ایک دوسرے کےرفیق اور معاملات زندگی میں ایک دوسرے کے شریک سفر بن جاتے ہیں،وہیں زندگی خوش گوار گزرنے لگتی ہے ۔ بچوں پر بھی اس کے خوش گوار اثرات ہوتے ہیں، ایسے ماحول میں پرورش پانے والے بچے امن پسند ہوتے ہیں ، ان میں بے چینی اور اضطراب نہیں ہوتا ،وہ دوسروں کی مدد پر آمادہ ہوتے ہیں، ان کی دماغی صحت اچھی ہوتی ہے ، ان میں آموزشی صلاحیت قابل قدر ہوتی ہے ۔
ایسے خاندان،سماج کی اکائی اور تہذیب و تمدن کی اساس ہوتے ہیں۔ خاندان ہی وہ جگہ ہے جہاں نسل انسانی کی نہ صرف تربیت ہوتی ہے بلکہ تہذیب و تمدن کی بقا اور منتقلی کا کام سر انجام پاتا ہے۔ ڈاکٹر ڈنیال گول مین (جو ماہر نفسیات اور ’’جذباتی ذہانت‘‘ نامی شہرہ ٔآفاق کتاب کے تخلیق کار ہیں) کے مطابق:
“Family life is our first school of emotional learning.”
معاملات زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت انسان کی جذباتی ذہانت کی ہے،اور بچے کی جذباتی ذہانت کا فیصلہ گھر کے ماحول سے ہوتا ہے۔بچوں کے اخلاق ، ان کے کردار ، ان کی دماغی صحت ، خوش مزاجی، خاندان کے ماحول کی عکاس ہوتی ہے ۔ زیرک والدین نسل انسانی کی نشوونما کو اتنی اہمیت دیتے ہیں کہ چھوٹی چھوٹی باتوں سے تعلقات خراب نہیں کرتے،تعلقات کی بہتری اور انسانی روابط کو ترجیحی بنیادوں پر استوار رکھتے ہیں ۔ جہاں افرادخاندان میں تعلقات کو اہمیت نہیں دی جاتی، مادی چیزوں کی اہمیت ہوتی ہے، لوگوں کے سامنے دکھاوے کی اہمیت ہو ،یا ایک دوسرے سے غیر ضروری توقعات رکھی جائیں یا جبر وظلم کو مباح سمجھ لیا جائے، ایک دوسرے کا احترام نہ ہو تو تعلقات میں دراڑ پڑ جاتی ہے ۔
بیوی اور بہو کا انتخاب نیکی کی بنیاد پر نہ ہو، صرف مادی ضرورت کے پیش نظر کیا جائے،دیکھنے اور پرکھنے کا زاویہ مادہ پرستی ہو یا ظاہری چکا چوند کو اہمیت دی جائے تو نتائج اچھے نہیں ہوتے۔خاندان ذہنی سکون کی جگہ ہے، جہاں نسل انسانی پروان چڑھتی ہے،ایک خاندان میں ماضی، حال و مستقبل کی بہترین مثالیں موجود ہوتی ہیں۔ گھر کے بزرگ ماضی ہیں، شوہر اور بیوی حال اور بچے مستقبل ہوتے ہیں۔خاندان کی خوش گواری کا انحصار افراد کے شعور اور ان کی خوش مزاجی پر ہے۔خاندان کو جوڑنے والی چیز افراد خاندان میں ایثار و قربانی اور بےلوثی کا جذبہ ہوتو خاندان مستحکم رہتا ہے۔جہاں یہ خود غرضی پر منتج ہو،وہاں خاندان کی بنیادیں کم زور پڑنے لگتی ہیں ۔شوہر بیوی کے درمیان کی چپقلش بڑھتے بڑھتے کبھی علیٰحدگی کی شکل بھی اختیار کر لیتی ہے ۔
علیٰحدگی کی صورت میں سب سے بڑا نقصان بچوں کا ہوتا ہے۔ گذشتہ زمانے میں طلاق کےواقعات کا تناسب نسبتاً کم تھا۔ طلاق سے اجتناب کو ایک تہذیب کے ذریعہ منتقل کیا جاتا تھا ۔صبرو توکل ، قوت برداشت ، قناعت پسندی ، شوہر کا احترام، یہ خصوصیات خاندانوں میں برسہا برس تک رہیں،تاہم روشن خیالی کے اس سیلاب نے تہذیب و تمدن کی اہمیت ابتدائی دور میں گھٹا دی ، خاندان روشن خیالوںکی تقلید کا شکار ہونے لگے، رفتہ رفتہ اس سیلاب نے تین صورتیں پیدا کیں، ایک تو اس مادہ پرستی نے اقدار کو پائمال کیا، توقعات اور مطالبات نے شوہر اور بیوی کو دو الگ الگ محاذ کا سپاہی بنادیا، دونوں برسر پیکار رہنے لگے، گھر کا ماحول مکدر رہنے لگا ۔
دوسری صورت یہ بنی کہ عورت کو کم زور سمجھاگیا اور اسے حد میں رکھنے کی پالیسی اختیار کی جانے لگی، اور اس کے جائز مطالبات کو بھی ظلم کی روش اختیار کرکے روکا جانے لگا،بعض جگہ تو ظلم وجبر کو مبنی بر حکمت سمجھا جاتا ہے یا اس کی حق تلفی کو حق سمجھا جاتا ہے۔ تیسری صورت میں نہ شوہر بیوی لڑتے ہیں نہ کوئی کسی پر ظلم کرتا ہے، لیکن ایک دوسرے سے مطلق لاتعلق رہتے ہیں، جیسے جرم کی صورت زندگی کے ایام کاٹ رہے ہوں، زندگی کی کوئی رمق ان گھروںمیں نظر نہیں آتی ۔ جوڑوں کی یہ تینوں اقسام نہ ان کی اپنی ذہنی صحت کے لیے اچھی ہوتی ہیں نہ بچوں کے حق میںبہتر ثابت ہوتی ہیں۔گھروں کی تباہی کے واقعات نے مردوں کو عدم تحفظ کا شکار بنادیا۔ بیوی پر مکمل کنٹرول کے لیے تشدد کی راہ اختیار کرنا روایت بننے لگا۔

گھریلو تشدد کے سماج اور افراد خاندان پر اثرات

گھروں میں خواتین پر تشدد یا چھوٹی چھوٹی باتوں پر ان کے ساتھ نا زیبا سلوک یا انھیںحقیر سمجھ کر حد میں رکھنے کی کوشش کرنا ،بظاہر تو مرد کو اچھا لگتا ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو کنٹرول میں رکھا ہے، لیکن اس طرح وہ اپنی بیوی سے اعتماد چھین لیتا ہے۔پر اعتماد ماں اپنے بچوں کی تربیت بہتر طریقے سےکرسکتی ہے ،
انھیں اعتماد بخشتی ہے ،ان کے نفسیاتی اور ارتقائی مسائل کو سمجھتی ہے۔
تشدد کے واقعات کی خبریں لڑکیوں اور طالبات کو شادی سے متنفر کرتی ہیں۔ہم دیکھ رہے ہیں کہ سوشل میڈیا پراوراخبارات کے ذریعہ شوہر کے تشدد کے واقعات گردش کرتے ہیں ۔نسلوں کو شادی اورخاندان سے نفرت ہونے لگتی ہے ۔کلکتہ کی ایک شادی شدہ خاتون نے گورنمنٹ جاب کا انٹرنس ٹیسٹ کوالیفائی کیا، یہ خبر شوہر تک پہنچی، شوہر خواتین کی جاب سے متنفر تھا، اس نے اپنی بیوی کا ہاتھ بڑے سے چاقو سے کہنی کے پاس سے کاٹ کرالگ کردیا، اور ہاتھ کو ایسی جگہ چھپا دیا کہ وہ کسی کو نہ مل سکا ۔ ہندوستانی سماج کو ہم تشدد کی اس انتہا ءپر دیکھتے ہیں ۔ اس طرح کی خبریں طالبات کو شادی سے متنفر کردیتی ہیں ۔

تشدد کے خلاف خواتین کا محاذ

گھریلو تشدد کے خلاف بیداری بڑھنے لگی۔ فیمنسٹ خواتین نے اس کا فائدہ اٹھا کر خواتین کو خاندان کے خلاف کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا ، گھروں کاتشدد رفتہ رفتہ خواتین کو جارح بنانے لگا۔ وہ شوہر کے ساتھ زندگی توگزارتی ہیں، ساتھ ہی ان سے نفرت بھی کرتی ہیں۔ جوں جوں وقت گزرتا ہے، جسمانی مار اور زدوکوب کم ہونے لگتی ہے، لیکن مائیں اپنے بچوں کو والد کی ظلم کی داستان سناتی ہیں۔ انسان کے لیے اس سے بڑی بد بختی کیا ہو کہ جو زندگی کا ساتھی ہو، جن ہاتھوں میں اس کی نسل تربیت پارہی ہو ،وہی اس کے ساتھ محبت نہیں کرتا ہے۔ اسلام نے بیوی پر ظلم کرنے سے باضابطہ حکم دیتے ہوئے روکا ہے۔ظلم و تشدد کی راہ سے کوئی خیر کی امید نہیں کی جاسکتی۔ ظلم اور جبر کا راستہ چھپ کر گناہ پر آمادہ کرتا ہے ۔ابتداءً خواتین جبر سہہ لیتی ہیں، لیکن جب وہ مستحکم ہوتی ہیں اور بچے بڑے ہوجائیں تب وہ جارحانہ رویہ اختیار کرتی ہیں اور یہ رویہ پورے خاندان کی فضا کو مکدر کردیتا ہے۔

طلاق کے سماج اور خاندان پر اثرات

طلاق ناگزیر حالات میں ایک بہترین حل ضرور ہے، لیکن صالح تمدن میں اس کی ہمت افزائی نہیں کی جاسکتی ۔صالح معاشرے کی تشکیل میں خاندان کا اہم رول ہے، اور خاندان کی ابتداء نکاح سے ہوتی ہے۔ دو اجنبی ایک رشتے میں بندھتے ہیں اوریہ جذباتی تعلق بہت سے خوش گوار لمحات اپنے ساتھ رکھتا ہے۔ مستحکم خاندان اور خوش گوار تعلقات ایثار و قربانی ،قوت برداشت اور سمجھوتے سے تعبیر ہیں۔ اس سلسلے میں ہر دو کی جانب سے زندگی کے تئیں باشعور اور سنجیدہ کوشش درکار ہے، تاہم ضروریات ، خواہشات ، توقعات کی وجہ سے کبھی کبھی تعلقات میں خرابی پیدا ہوتی ہے اور تنازعات بڑھتے بڑھتے علیٰحدگی پر تمام ہوتے ہیں۔ ایسی حالت میں جدا ہونے والے شوہر بیوی پر تنازعات کا غلبہ تعلق توڑنے پر مجبور ضرور کرتاہے، لیکن مکمل علیٰحدگی کے چند ماہ بعد خوش گوار تعلقات کی یادیں تکلیف کا باعث بنتی ہیں ،ذہن پر چھائی ہوئی گرد چھٹنے لگتی ہے۔ علیٰحدہ ہونے والے افراد بظاہر تو دوسروں کو ہلکا پھلکا محسوس کرواتے ہیں، لیکن محققین کے نزدیک وہ بہت مجروح ہوتے ہیں ، انھیں احساس ہوتا ہے کہ ان چھوٹی باتوں کو نظر انداز کیا جاسکتا تھا۔ڈیل کارنیگی نے اپنی کتاب میں لکھا ہے:
’’شکاگو کے ایک حج جو زیف چالیس ہزار سے زیادہ طلاق کے معاملوں کا فیصلہ کرنے کے بعد یہ کہنے پر مجبور ہوئے کہ ازدواجی زندگی کو لاحق ہونے والی ہر بدبختی کے پیچھے ہمیشہ معمولی باتیں ہی ملیں گی۔ ‘‘
نیو یارک کے اٹارنی جنرل فرنیک ہوگنی کا کہنا ہے:
’’عدالتوں میں جرائم کے جتنے معاملات پیش ہوتے ہیں، ان میں سے نصف واقعات کی بنیاد معمولی اسباب پر ہوتی ہے، مثلاً خاندان کے افراد کے درمیان کوئی جھگڑا ،کسی کی تو تو میں میں، کوئی تکلیف دہ جملہ یا ذلت آمیز اشاره۔ جی ہاں ! اس طرح کی چھوٹی چھوٹی باتیں قتل جیسے جرائم تک پہنچادیتی ہیں ۔ہم میں سے کم ہی لوگ فطری طور پر سخت دل ہوتے ہیں۔ ہماری ذات،عزت اور شرف پر ہونے والے مسلسل حملے ہی ان مسائل کا سبب بنتے ہیں جو آج دنیا کو در پیش ہیں ۔‘‘
یہ بات جوامریکی شہروں میں جرائم کے اسباب کی وضاحت کرتی ہے، بعینہ ان جرائم کے اسباب کے بارے میں بھی کہی جاسکتی ہے، جو ہمارے شہروں اور دیہاتوں میں پیش آ رہے ہیں۔ قوت برداشت کو اپنی انتہا تک آزمانا چاہیے اور کاؤنسلنگ کے ذریعہ کبھی معاملات کو زاویہ بدل کر بھی دیکھنا چاہیے۔ دہائیوں پہلے خواتین اپنی قوت برداشت کو پچاس سال تک آزمایا کرتی تھیں،کچھ نے بیس سال تک اور اب صرف دوسال میں خواتین کی قوت برداشت جواب دے جاتی ہے ۔

مثال بنتی طلاقیں

تصور فیمنزم نے تیزی کے ساتھ اپنی جڑیں مضبوط کیں، سوشل میڈیا نے اسے ہر ایک تک پہنچادیا ،وہ زندگیاں جو ایک دوسرے کے لیے ایثار وقربانی کے ساتھ گزر رہی تھیں، انھیں سمجھادیا گیا کہ یہ ظلم ہے۔ مرد عورت کو دو مخالف محاذ پر لاکھڑا کیاگیا ، خواتین کو خودانحصاریت کی راہ اس لیے دکھائی گئی کہ وہ مرد سے آزاد رہیں ۔عورت کی خود انحصاریت یا امپاورمنٹ بری چیز نہیں،لیکن وہ اپنے خاندانی استحکام اور معاشرے میں تعمیری رول کے تئیں کی جائے ،لیکن مغرب پرستی نے مرد کی قوامیت کو غلامی کاتصور کروایا اور طلاق کو اس غلامی سے آزادی گردانا گیا ۔ایسی طلاقیں مثال بنادی گئیں۔ اب خواتین کی تعلیم اور کوالیفیکیشن سماجی فعالیت یا تعمیری رول کے بجائے آزاد زندگی گزانے پر منتج ہوگئی ۔سماج میں طلاق کے رجحان کا ایک سبب اس کا مثال بن جانا ہے۔ کوئی خاتون جو برسر روزگار ہے، طلاق کے بعد بچوں کے ساتھ وہ آرام سے گزر بسر کرلیتی ہے۔ دیکھنے والوں کو اس کی زندگی پرسکون، بے روک ٹوک اور آزاد نظر آتی ہے، لیکن فطرت سے کی جانے والی اس جنگ کا کرب وہ خاتون ہی جانتی ہے۔ذہنی آسودگی سے خالی زندگی کبھی بھی پرسکون زندگی کی مثال نہیں بن سکتی ۔ ان کو مثال بناکر خواتین نے دوسری خواتین کی علیٰحدگی کوبھی آسان بنادیاہے ۔

بچوں اور افراد خاندان پرطلاق کے اثرات

طلاق یا علیٰحدگی؛ دونوں خاندانوں کے لیے تکلیف دہ عمل ہے۔ ہر عمر کے بچے کا شعور اور جذب وقبول کی صلاحیت مختلف ہوتی ہے، اس لیے ان پر والدین کے تنازعات اور علیٰحدگی کے اثرات الگ الگ پڑتے ہیں۔ شیر خوار بچے میں جھنجھلاہٹ ، مستقل رونے، اضطرابی کیفیت کےبڑھ جانے، نیز کم زور صحت اور ارتقائی منازل کے سفر کے سست ہوجانے جیسے عوامل کو ماہرین نے نوٹ کیا ہے ۔چھ سال سے کم عمر کےبچے گھرمیں انتشار کو محسوس تو کرسکتے ہیں، لیکن اظہار نہیں کرسکتے۔اس عمر کے بچے اپنی ماں سے بہت زیادہ قریب ہوتے ہیں ،ماں کی اندرونی کیفیت کے اثرات محسوس کرلیتے ہیں۔ بچے کی دماغی صحت متاثر ہونے لگتی ہے ۔گھر میں چلنے والی چپقلش اچھے اور برے رویے کی تمیز کھودیتی ہے۔ اس کے سب سے زیادہ اثرات معصوم بچوں پر پڑتے ہیں۔والدین بچوں پر اپنی جھنجھلاہٹ نکالتے ہیں۔کاؤنسلنگ کے درمیان پیش آنے والے اس واقعےکو نظر انداز کرنا کوتاہی ہوگی ،جہاں 16 سالہ ایک طالبہ نے اپنے والدین کی علیٰحدگی کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا تھا:
’’ میں نے ہوش سنبھالاتواپنی والدہ کی آنکھوں میں نفرت دیکھی اور بات بات پر چمٹی کاٹتے ہوئے دیکھا ۔ صبح میری سوتیلی ماں مجھے جگاتے ہوئے چمٹیاں کاٹتی تھیں اور ابو سے شکایت کرتی تھیں، جس پر میرے والد کھڑے ہوکر مجھے پیروںسے مارکر جگاتے تھے۔ میں نے اپنے بچپن سے لےکرآج تک محبت بھرے الفاظ نہیں سنے۔ دہاڑتی ہوئی آوازیں میرے کان میں گونجا کرتیں اور میری آنکھ کھل جاتی ۔‘‘
اسی طرزکےایک اور کیس میںایک طالبہ جو خود اذیتی کی مریض تھی، نوکیلے پین سے اپنی کلائی میں چھید کیا کرتی اور نکلنے والے خون کے قطروں کو دیکھ کر سسکیاں بھرتی تھی،اس کی ایک معلمہ نے اپنی ایما پراس کی کاؤنسلنگ کے لیے کیس درج کروایا تھا ۔ تحقیق پر علم ہوا کہ اس کے والدین نے پسند کی شادی کی ،دوسال بعد طلاق ہوئی،شوہرنے دوسری شادی کی اور اس بچی کی پرورش سوتیلی ماں کے حوالے کی، لیکن شوہر آج بھی اپنی پہلی بیوی سے محبت کرتا تھا، اور ذہنی مریض بن چکا تھا ۔اس نارسائی کو تشدد کی صورت وہ اپنی بیٹی پر نکالتا رہا تھا ۔ایسے بچے خود اذیتی کا شکار بن جاتے ہیں ،ان میں توجہ حاصل کرنے کے لیے مصنوعی رویے کو نوٹ کیا جاسکتا ہے۔

افراد خاندان پر اثرات

ایک جوڑے کی طلاق سے دونوں خاندانوں سے جڑے افراد بھی متاثر ہوتے ہیں۔ ہر فریق دوسرے فریق کے اقرباء سے ملاقات میں ان دو افراد کی برائی کرتا ہے ، اور دوسرے فریق کو ظالم اور خود کومظلوم ظاہر کرتا ہے۔سننے والوں کے لیے وہ برے تجربات کی حیثیت سے یاد رکھے جاتے ہیں ۔بظاہر نظر آنے والی وجہ کو سب مثال بنالیتے ہیں۔مثلا ًخاتون کے والد کا دولت مند ہونا وجہ ہو یا خاتون کا جاب کرنا۔ یہ بیانیہ مشہور ہوتا ہے کہ سبھی جاب کرنے والی خواتین آزادانہ زندگی گزارنے کے لیے خلع کا مطالبہ کرتی ہیں ۔یوں بھی ہوتا ہے کہ فلاں پیشے سے جڑے لڑکے حقوق کی ادائیگی نہیں کرتے ۔بظاہر نظر آنے والی وجوہات مستقل بیانیہ کی شکل اختیار کرلیتی ہیں اور اس کو دوسری نئی لڑکیوں یا جاب کرنے والی خواتین پر طنز کی صورت چسپاں کیا جاتاہے،جو سراسر زیادتی ہے ۔

بچوں میں غیر متوازن جذباتیت

جذباتی نشوونما میں والدین کا بہت بڑا رول ہوتا ہے ۔ قوت فیصلہ کو پروان چڑھانے میں والدین مدد گار ہوتے ہیں ۔بچہ سیکھتا ہے کہ بھوک لگنے پر کس طرح کھانے کے اہتمام تک خود کو روک سکے ، وہ رونا آجانے سے رونے کا سلیقہ سیکھتا ہے ، وہ غصہ آجانے پر قابو پانے کی تکنیک اپنے والدین یا بڑوں سے سیکھتا ہے ۔ جسے ہم جذباتی ذہانت کہتے ہیں ۔
جذباتی ذہانت دراصل انسانی ذات کی بقاء کی آخری آرام گاہ ہے، جس کی مدد سے انسان کے درمیان بدترین مزاج شخص کے متعلق بھی اس کے رویے کو اپنے ذہن پر بوجھ بننے سے بچایا جاسکتا ہے ۔تکلیف دہ تعلقات کو بھی خوش گوار بنایا جاسکتا ہے،ورنہ انسانی رویے اتنے تکلیف دہ اور خود غرضانہ صورت اختیار کرچکے ہیں کہ انسان کی دماغی صحت متاثر ہونے لگتی ہے۔ایموشنل انٹلی جنس کا تصو ر سے سب سے پہلےامریکی ماہر نفسیات ڈیئنیل گولمین نے متعارف کروایا، جس کے مطابق یہ ایک ایسی اہلیت ہے جو اپنے اور دوسروں کے جذبات کو محسوس کرنے، پہچاننے، سمجھنے اور ان کو بہتر انداز میں برتنے کا سلیقہ فراہم کرتی ہے۔ یہ ایک خاص قسم کا ہنر ہے ،جس کی بدولت حالات کو سمجھتے ہوئے جذباتی معلومات کی رہ نمائی میں درست فیصلے لینے میں ہماری سوچ اور رویے کی مدد کرتی ہے، اور ہم کو اپنی اور دوسروں کی جذباتی یرغمالی سے محفوظ رکھتی ہے ۔ڈیئنیل گولمین کے مطابق ایموشنل انٹلی جنس کچھ عناصر کےمجموعے کا نام ہے، جومل کر ایک ایسا تاثر پیدا کرتے ہیں،جن سے انسان کے تعلقات بنانے، نبھانے اور خوش گوار انداز میں ان کو قائم رکھنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے ،جو انسان کی خوشی اور کامیابی کویقینی بنانے میں مدد کرتی ہے۔
والدین کی علیٰحدگی ہو یا گھروں میں روزانہ کے تنازعات،بچے ایسے ماحول میں جذباتی ذہانت سے ہوکرناقص شخصیت کا شکار بن جاتے ہیں۔ان کی شخصیت اپنی ذات سے ناآشناہوتی ہے، انھیں علم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا پسند کرتے ہیں اور کیا سیکھ سکتے ہیں ۔ان کی عمر کا بیش تر حصہ والدین کے تعلقات کے بارے میں سوچنے میں گزر جاتا ہے ۔جب کہ ان کے ہم عمر بچے نئے تجربات کرتے ہیں ،اپنی جسمانی توانائی کو محسوس کرتے ہیں، اساتذہ سے تعریفیں سن رہے ہوتے ہیں۔ متاثر بچے اپنے گھر کے حالات میں غرق دوسروں سے خود کا تقابل کرتے ہیں اور خود کو بدقسمت ٹھہراتے ہیں ۔

 رویے کے مسائل (Behavioural problems) :

گھر کا امن بچوں کو اپنے اسکول کے مسائل کی گفتگو پر آمادہ کرتا ہے۔ وہ اپنے والدین اور اپنے دوستوں کے مسائل ، سیکھنے کی دشواری ، یا اساتذہ کے رویے پر گفتگو کرسکتے ہیں۔لیکن والدین اپنی ہی پریشانیوں میں الجھے ہوں تو ان کا رویہ بھی تبدیل ہوجاتا ہے۔ وہ توجہ حاصل کرنے کے لیے غیر معیاری حرکتیں کرتے ہیں ۔ کبھی بہن بھائیوںکے درمیان لڑائی ہوتی ہے، کبھی وہ اپنے ہم جماعت کو اپنے خوابوں کی دنیا کے جھوٹ پر مبنی قصے سناتے ہیں ۔مثلاً وہ اپنے والدین کی سیر و سیاحت کے قصے سناتے ہیں ، جنسیات پر مبنی گفتگو کرتے ہیں یا کسی کو نقصان پہنچاتے ہیں ۔والدین کی لڑائی کی وجہ سے وہ نہ والدہ کو غلط ٹھہراتے ہیں نہ والد کو، لیکن ان کے ذہن میں بات بگڑنے کا سبب موجود ہوتا ہے اور دو میں سے کسی ایک سے وہ نفرت کرتےہیں۔کچے ذہن میں نفرت بیٹھ جاتی ہے،تشدد کرنے والے شخص سے انھیں نفرت ہوتی ہے ۔ڈاکٹر جان گوٹ مین نے اپنی کتاب’’The heart of parenting‘‘:میں لکھا ہے :
’’طالب علم کو اپنی معلمہ سے شدید نفرت تھی، وہ اپنی معلمہ کی نفرت میں اتنا شدید تھا کہ اس معلمہ کے قریب نہیں جاتا اور احکام کی عدم تعمیل میں وہ اپنے نفع ونقصان کا بھی خیال نہیں رکھتا تھا۔
کیس اسٹڈی کے بعد پتہ چلا کہ اس بچے کے والدین میں مستقل تنازعات رہے ہیں،اور تنازعے کا اصل سبب اس بچے کی ماں ہے، جس نے اپنی جاب کی وجہ سے شوہر سے علیٰحدگی اختیار کی ہے۔ والدہ نے اس بچے کی کفالت کی، اس بچے کی ضروریات کی تکمیل کو اہمیت دی ہے، چوں کہ والد کا مطالبہ بچے کےذاتی تجزیے میں حق بجانب تھااور والدہ کی جانب سے اس نے زیادتی محسوس کی تھی،اس لیے والدہ کے ساتھ رہنے کے باوجود وہ جاب کرنے والی خواتین سے شدید نفرت کرتا تھا ۔‘‘
یہ ایک مثال ہے۔ اس طرح کے بے شمار رویے میں تبدیلی کی مثالیں ہم مطالعہ کرسکتے ہیں ۔وہیں ایک کیس میں والد کے تشدد کے باعث ایک طالبہ نے اپنا بچپن کرب ناک کیفیت سے گزارا ۔وہ ہر رات چیخ کر جاگا کرتی ، شادی کے بعد بھی اس کا ہم درد شوہر بھی اسے بچپن کی کہانی کا ایک خطرناک کردار نظر آتا تھا، اس لیے وہ چھوٹی سی بات پر دفاعی پوزیشن میں ہوتی اور مجھے’’ مت مارو‘‘ چیختی ۔کاؤنسلنگ کے بعد پتہ چلا کہ اس لڑکی کا بچپن متشدد باپ کے ذریعےماںکو پٹتے ہوئے دیکھ کرگزرا۔یہ مثالیں بچوں پر خاندان کے بکھرنے کے اثرات کے باب میں رکھی جاسکتی ہیں۔

تعلیمی اعتبارسے کم زوری

بچے کا اکتسابی دور رحم مادر سے شروع ہوتا ہے۔ بچہ پیدائش کے بعد ہر لمحہ اکتساب کرتا ہے،اس کے سیکھتے ہوئے اس کی شخصیت میں قابل قدر تبدیلی واضح نظر آتی ہے ۔ بچے کے آموزش و اکتساب کے ماہرین
( Learning therapist) یہ کہتے ہیں کہ بچے کی صحت مندی اس کے آموزشی تجربات کو بڑھاتی ہے، وہیں بچے کی طبیعت کی ناسازی اس کو آموزشی تجربات میں نسبتاً کم زور کردیتی ہے ۔یہ بات بھی کہی جاتی ہے کہ بچے کو نزلہ ہو تو اس کی سماعت کو کم زور کردیتی ہے،اور وہ ابتدائی جماعتوں میں سنی گئی نظمیں دہرا نہیں سکتا،وہ دوسرے بچوں کے بالمقابل دیر سے نظمیں یاد کرتا ہے ۔اسی طرح ابتدائی جماعت میں والدین کے تنازعات ، ان کے جھگڑے یا کرفیو جیسا گھر کا ماحول اس کے ذہن کو سوچوں میں مشغول رکھتا ہے۔والدین کے تنازعات سے بچے میں عدم تحفظ کا احساس گہرا ہونا شروع ہوتا ہے۔ بچوں میں ماں یا باپ کے کھونے کا ہر لمحہ خوف جگہ بنالیتاہے،وہ گھنٹوں اس پر سوچتا ہے، اس کے ذہن پر شدید دباؤ بنتا ہے، وہ اپنی تعلیم پر کم توجہ دیتا ہے۔
والدین کی علیٰحدگی سے بچوں کا تعلیمی گراف قا بل ذکر حد تک گرنے لگتا ہے ۔ اپنے ہم جماعت کے درمیان بچے کا اعتماد کم زور پڑتا ہے، وہ اندر ہی اندر خجالت محسوس کرتا ہے، احساس جرم کا شکار ہوتا ہے، گویا کہ والدین کی علیٰحدگی کا سبب اس کی اپنی ذات ہی ہے۔جماعت میں حاضر دماغی سے سرگرمی انجام دینے کے بجائے غائب دماغی یا ذہنی خلجان کا شکار ہوتا ہے اور تعلیمی سرگرمیوں میں پیچھے رہ جاتا ہے ۔اس کی ہمت افزائی کا سامان نہیں ہوتا، اس کا اعتماد متزلزل ہوتا ہے، وہ عدم تحفظ کے احساس کا شکار ہوتا ہے ۔

منشیات و جنسی بے راہ روی

گھر کے ماحول میں اپنائیت ، محبت ، باہمی تعاون کا مزاج نہ ہو اور ٹوٹ کر چاہنے والے والدین کی کمی ہو تو عنفوان شباب میں بچے جنسیات اور منشیات کی جانب راغب ہوجاتے ہیں۔انسانی دماغ ہمیشہ امن پسندی کو پسند کرتا ہے، جب امن نہ ملے تو انسان کا دماغی نظام کچھ ایسا ہے کہ وہ موجود مسائل سے فرار کے لیے اسے دوسری چیزوں میں الجھا دیتا ہے اور تخریب کاری میں اپنی صحت کو تباہ کرنے پر آمادہ ہوجاتاہے۔امریکن ایسو سی ایشن کی جانب سے Broken home childپرکی گئی ایک ریسرچ کے مطابق بچوںمیں ایمپیتھی لیول کا کم ہوجانا اور سن شعور سے پہلے ہی جنس مخالف میں دل چسپی لینےجیسے واقعات کا تناسب زیادہ ہے۔100 میں سے21 فی صدطلبہ نے منشیات کی راہ اور 73 فی صدنے جنسی بے راہ روی اختیار کی ہے۔5فی صدطلبہ کو بے رمق زندگی گزارتے پایا گیا جو بالکل بے نیاز ہوکر تنہائی پسندی کا شکار ہوچکے تھے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق0.5 فی صدکوسماج سے اگرکوئی رہ نما مل جائےتو ایسے حالات انھیںایک اوسط زندگی کے قابل بناتے ہیں۔
ڈاکٹر ہیم جے گنوٹ نےاپنی کتاب
‘‘Between parents and Child’’میں لکھا ہے :
’’بہت سے والدین نہیں جانتے کہ ان کے الفاظ اتنا پاور رکھتے ہیں کہ بچے ان ہی الفاظ کی قوت کے زیر اثر زندگیاں گزار دیتے ہیں، لیکن جب یہی والدین اپنے آپسی معاملات سے یا مصروفیات کے زیر اثر اپنےبچوں سے رسمی یا غائب دماغی سے گفتگو کرتے ہیں، تو بچے وہیں سے ان دیکھے خلا ءکا شکار ہوجاتے ہیں اور ان کی شخصیت میں اس خلا ءکے دیر پا اثرات ہوتے ہیں، چاہ کر بھی وقت گزرنے کے بعد اس خلاء کو پر نہیں کیا جاسکتا ۔میں والدین کو مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ جب ان کے پاس بچے ہوں تو وہ بچوں کے مفاد میں اپنی ہرضرورت کو تج دیں اور بچوں کو اپنی آپسی ناچاقی اور تعلقات کی خرابی کی خبر نہ ہونے دیں ۔‘‘
طلاق اگر ناگزیر صورت میں لازم ہو تو زیرک والدین تہذیب کے ساتھ علیٰحدگی اختیار کریں، والدین سے بچوں کا تعلق استوار رکھنے کے لیےہر دوفریق شعوری کوشش کریں،بچوں کے سامنے ایک دوسرے کی برائی نہ کریں ۔یاد رہے! تعلقات میں اختلاف کے باوجود حسن کو برقرار رکھنا جذباتی ذہانت ہے۔ زیرک افراد ہر مرحلے میں اعلیٰ ظرفی کے ساتھ معاملات روا رکھتے ہیں۔
شوہر اور بیوی کو بگڑے ہوئے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے شعوری کوشش کرنی چاہیے، اس سلسلے میں سب سے پہلےیہ اقدامات کیے جائیں:
(1)تعلقات کی خرابی پر زاویہ بدل کر معاملے کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ یہ سب سے پہلا قدم ہے۔ جب بھی کوئی چپقلش ہوتو ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔ پہلے زاویہ اپنی ذات کی طرف کریں کہ مجھ سے کیا غلطی ہورہی ہے ؟یہ کوشش ہر دو کو کرنی چاہیے۔ ہمیشہ خود کو مظلوم سمجھنا بھی نفسیاتی مرض ہے، جس میں انسان خودترسی کا شکار ہوتا ہے ۔
(2)جب بھی کوئی تنازعہ ہو ،دونوں میں سے کوئی ایک خاموش ہوجائے۔ اس حالت پر بہت پہلے گفتگو کرلی جائے کہ جب ہم دونوں کو غصہ آئے تو کوئی ایک خاموش ہوجائے اور پانی پلادے ۔ جب سب نارمل ہو، تب اس بات پر غور کرکے مختلف جہت سے اس مسئلے پر سوچیں، بعد ازاں گفتگو کریں ۔خارجی عوامل دونوں میں سے کسی ایک پر تنازعے کا سبب بن رہے ہوں تو پہلے ان اثر انداز ہونے والے خارجی عوامل سے تعلق منقطع کردیں۔
(3)معاملات اتنے بگڑ گئے ہوں کہ ایک دوسرے سے علیٰحدگی ناگزیر ہورہی ہوتو بہت تہذیب کے ساتھ رشتہ منقطع کریں، بچوں کو محسوس بھی نہ ہو، وہ اپنے والد یا والدہ سے ملتے رہیں، سمجھ داری کے ساتھ بچوں کی پرورش میں معقول تعاون باہم رہے ۔
(4)ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہوئے تعلق توڑنا اس بات کا غماز ہے کہ تعلق ناجائز بنیادو ںپر ٹوٹاہے، باہم افہام و تفہیم سے تعلق جاری رکھا جاسکتا تھا۔
شوہر بیوی کے تعلقات اچھے ہوں یا علیٰحدگی ناگزیر ہو،بہرصورت سنجیدہ اور ذمہ دارانہ رویہ روا رکھنا چاہیے اور اپنے بچوں کا خیال رکھنا چاہیے ۔ ہماری گود میں موجود نسل، انسانیت کی امانت ہے اور امانت کی حفاظت ہر حال میں کرنا دیانت داری کا پتہ دیتاہے ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے