سب سے پہلے ہم تہذیب وتمدن اور ثقافت کو اچھی طرح سمجھ لیں۔ تہذیب و تمدن اور ثقافت ،یہ تینوں عربی زبان کے الفاظ ہیں،ان میں معمولی فرق کے باوجود باہمی ربط موجود ہے، اس لیے تہذیب کو تمدن اور ثقافت کے لیے اکثر و بیش تر استعمال کیا جاتا ہے، کبھی کبھی یہ الفاظ ایک ساتھ بھی آتے ہیں، مثلاً: تہذیب و تمدن، ثقافت و کلچر وغیرہ۔ عربی میں شہر کو مدینہ کہتے ہیں اور اسی سے تمدن بنا ہے، انگریزی میں تہذیب و تمدن یا ثقافت کے لیے civilization کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔ اردو لغت میں ثقافت کے ضمن میں :’’کسی قوم یا گروہ کے انسانی تہذیب کے اعلیٰ مظاہر جو اس کے مذہب، نظام اخلاق ،علم و ادب اور فنون میں نظر آتے ہیں۔‘‘ یعنی تہذیب و کلچر انسانوں کی ایک سوسائٹی کے آپس میں تعلقات، انفرادی و مجموعی تعلقات دونوں جس طرح سے بنتے ہیں، اس کی بنیاد پر جو معاشرہ وجود میں آتا ہے۔ اس میں افراد کی نجی زندگی (personal life)،اجتماعی زندگی یعنی (collective life) کیسی ہو ؟یہ تہذیب و تمدن کی، culture کی بنیاد ہوتی ہے ۔
اس کلچر یا تہذیب کے مظاہر میں جو چیزیں سب سے ٹاپ پر ہیں، ان میں اس تہذیب کی اخلاقی قدر یں اول نمبر پر آتی ہیں۔ ان ہی کی بنیاد پر اس سماج کو چلانے اور آگے بڑھانے کے قواعد و ضوابط طے ہوتے ہیں۔ پھر ان ہی اخلاقی اقدارکی بنیاد پر سماج میں انصاف کو کیسے قائم کیا جائے؟ لوگوں کے حقوق کی ادائیگی کیسے ہوگی؟ شہریوں کے کیا حق ہوں گے؟ یہ بھی طے ہوتا ہے۔ اس سوسائٹی کے تہذیب و تمدن میں سب سے اہم چیز اس کا کھانا پینا،رہن سہن، لباس، طور طریقے، وہاں کے رسم رواج، تیوہار؛ یہ تمام چیزیں طے ہوتی ہیں اور اسی کی بنیاد پر تہذیب و تمدن قائم ہوتا ہے۔ اب ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ اس کلچر کی بنیاد کیا ہوگی؟ ہم دیکھتے ہیں کہ تہذیب و تمدن یکایک اچانک نہیں بن جاتا، بلکہ ایک لمبے عرصے تک چلنے کے بعد تمام چیزیں مل کر تہذیب و کلچر کی بنیاد بنتی ہیں یا اسے بناتی ہیں۔ کلچر بدلتا بھی ہے ،اس میں تبدیلی بھی آتی ہے، مثال کے طور پر انسان پرانے وقتوں میں جنگل میں رہا کرتا تھا، پیڑوں کے پتوں سے اپنے جسم کو ڈھکتا تھا، پھر اس میں بدلاؤ آیا، ترقی آئی،انھوں نے آگ ایجاد کی، کھانا پکا کر کھایا ،لباس ایجاد کیا اور کھیتی کی فصل اگائی، اناج پیدا کیا تو دھیرے دھیرے تہذیب و کلچر آگے بڑھا،اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس تہذیب کی بنیادوں کو قائم کرنے اور اسے آگے بڑھانے میں خواتین کا کیا رول ہے؟
تہذیب و تمدن کی بنیاد کو قائم رکھنے میں خواتین کا کردار
عورت تہذیب و تمدن کو بچانے والی، تہذیب و ثقافت کی محافظ اور نگراں ہوتی ہے۔ اس موضوع پر اگر بات کی جائے تو موجودہ دور میں سماج کی ترقی میں عورت کے رول کو نظر انداز کر کےکوئی بات مکمل ہی نہیں ہو سکے گی ،اس کے بغیر ہم کسی مضبوط و صحت مند سماج کا تصور نہیں کر سکتے۔ ایک عورت کا رول سماج کو جو وقار و عزت اور مقام دیتا ہے، اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، لیکن جب تہذیب اور سویلائزیشن کا مطالعہ کیا جاتا ہے تو پرانی تمام تہذیبوں میں خواہ وہ مصر کی ہو، یونان و روم کی تہذیب و تمدن ہو ،خواہ عرب کا کلچر ہو؛ ہر جگہ ہر مقام پر خواتین کے ایک اہم رول کے باوجود اسے کوئی اہم مقام نہیں دیا گیا، اس کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔
تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو اسے نہ جانے کیا کیا سمجھا گیا، حتیٰ کہ اس میں روح بھی ہے یا نہیں ؟بات یہاں تک آگئی ،اس کے ساتھ انصاف تو وہاں بھی نہیں ہوا جہاں مساوات مرد و زن کا نعرہ لگایا گیا ، عورتوں کو آزادی کے نام پر گھروں سے باہر نکال کر مشینی دنیا میں لا کر کھڑا کر دیا گیا، بازار کی نمائش بنایا گیا، اسے سیلز گرل اور کال گرل بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا گیا ،اس کی عزت اور ناموس کی دھجیاں بکھیری گئیں۔آج وہ عورت جو آزادی کے نام پر گھروں کو خیرباد کہہ کر باہر نکالی گئی، لیکن در در کی ٹھوکریں کھاتی نظر آتی ہے، ایک لڑائی اپنے لیے لڑتی نظر آتی ہے ،گھرا ور خاندان کا وجود بکھرا تو سب کچھ تہس نہس ہو گیا۔
تہذیب و کلچر کو آگے بڑھانے میں خواتین کا رول
اس سے انکار ممکن ہی نہیں لیکن اس سے پہلے اس کا مقام طے کرنا ضروری ہے۔ اس کی صنف کے ساتھ انصاف ضروری ہے، گھر میں اس کا رول یہ ہے کہ وہ نئی نسل کی معمار، اسے آگے بڑھانے والی اور سماج و خاندان کے محافظ ہوتی ہے ،وہ گھر کی مالکہ ہونے کے ساتھ ساتھ سماج کی ترقی میں بہت بڑا رول ادا کرتی ہے۔وہ گھرکو بنانے والی ہوتی ہے اور پھر اسی قلعے میں رہ کر اپنے گھر کی حفاظت کے ساتھ جب وہ دوسرے کاموں میں بھی حصہ لیتی ہے، تو بزنس میں ،تعلیم میں ،تدریس کے میدان میں،درس و تقاریر میں،لکھنے پڑھنے میں،پڑھانے میں بھی مہارت حاصل کر کے دنیا میں ایک شان دار مثال قائم کرتی ہے، بشرطےکہ اس کا مقام و منصب اس کے حقوق کو صحیح طرز پر متعین کیا جائے ،اور جب اسے یہ مقام اور منصب دیا تو گیا تودنیا نے دیکھا کہ پھر حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا جیسی بزنس وومن، حضرت اسماء رضی اللہ عنہا جیسی ایکٹیو خاتون، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا جیسی معلمہ اور پھر ایک لمبی فہرست ہے خواتین کے کارناموں سے بھری ہوئی، جنھوں نے دنیا میں بہترین تاریخ رقم کی۔
بس ایک مشہور واقعہ حضرت عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی والدہ کا ہمارے لیے مثال کے طور پر کافی ہے کہ جب وہ چھوٹے بچے تھے ،تعلیم حاصل کرنے کے لیے بغداد جا رہے تھے، راستے میں ڈاکوؤں نے اس قافلے کو لوٹ لیا اور جب ان کے پاس ائے اور پوچھا کہ بچے! تمھارے پاس کیا ہے؟ تو بچے نے جھٹ سے کہہ دیا کہ میرے پاس اشرفیاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کہاں ہیں؟ تو بچے نے بتایا کہ میری صدری میں سلی ہوئی ہیں ۔ڈاکوؤں نےصدری کو کھولا تو واقعی وہاں اشرفیاں نکلیں ۔ڈاکو حیران رہ گئے اور کہنے لگے کہ اگر تم نے نہ بتایا ہوتا تو ہماری تو نگاہ بھی وہاں نہ جاتی، تم نے ہمیں کیوں بتایا ؟ اس وقت بچے نے جو جواب دیا وہ بہت معنی رکھتا ہے، ایک عورت کا کیا کردار ہے؟ تہذیب کو بنانے میں اس پر بھرپور روشنی ڈالتا ہے، اخلاقی قدروں کی محافظت اور اس کی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں خواتین کے رول کو اجاگر کرتا ہے۔ بچے نے جواب دیا کہ میری ماں نے کہا تھا ،بیٹا جھوٹ نہ بولنا۔ ڈاکو حیران تھے کہ اس چھوٹے بچے نے ماں کی بات کا اتنا خیال رکھا اور ہم اپنے پیدا کرنے والے سے بھی نہیں ڈرتے ،اسی وقت لوٹا ہوا سامان واپس کیا اور قافلہ صحیح و سالم اپنے مقام پر پہنچا ۔تو یہ ہے خواتین کا رول۔
آج بچوں کی پرورش ایک کم ترکام سمجھا جاتا ہے ، گھر سے باہر نکل کر اپنا کیریئر بنانا ضروری ہو گیا ہے لیکن خواتین کے سپرد یہ کام اتنا ضروری ہے کہ اگر صحیح طرز نہ ہو تو انسانیت خود بخود دم توڑ دے گی۔ کوئی مرد یہ کام اتنی اچھی طرح نہیں کر سکتا ،کسی تہذیب و تمدن کی بنیاد اسی وقت رکھی جا سکتی ہے جب کہ خواتین اس میں اپنا کردار صحیح طرز پر نبھائیں گی ،پھر وہ حضرت فاطمہ، حضرت خنساء، حضرت سمیہ ،حضرت صفیہ(رضی اللہ عنہن) کے کردار کو نمایاں کریں گی۔ 13ویں صدی میں ایک خاتون رضیہ سلطانہ نے دلی کی حکومت کی باگ ڈور سنبھالی اور چار سال راج کیا، ہندوستان میں خواتین کے لیے مثال بن گئیں ۔خواتین کے ان تمام کرداروں کی سماج کی ترقی میں بہت اہمیت ہے، ان کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔
آج کے دور کے تناظر میں
آج کے دور میں ماحول کو بنانے میں، بہترین فضا قائم کرنے میں بھی خواتین کا اہم رول ہے ۔وہ ایک narrative بنانے کا کام بآسانی مردوں سے زیادہ کر سکتی ہیں، رائے عامہ کو صحیح طرز پر ہموار کر سکتی ہیں۔
ابھی پچھلے ماہ 2 اکتوبر کو برہما کماری کے ایک پروگرام میں اسی عنوان پر کچھ باتیں رکھنے کا موقع ملا ۔ ’’ خواتین تہذیب کی محافظ ‘‘(women seviour of culture) کے عنوان پر ایک سیمینار میں بہت سی باتیں سامنے آئیں ،لیکن اسلام کے تناظر میں اپنی بات رکھ کر یہ بتانا ضروری تھا کہ جب خواتین کو ان کا صحیح مقام ملا تو اس محفوظ فضا میں انھوں نے کتنے اہم کارہائے نمایاں انجام دیے۔ ہر جگہ بر صغیر میں بھی خواتین کے کردار سے انکار ممکن نہیں، اور قرون اولیٰ کی خواتین اس مقام پر اول صف میں نظر آئیں گی ۔علامہ اقبال نے صحیح کہا:
شرف میں بڑھ کے ثریا سے مشت خاک اس کی
کہ ہر شرف ہے اسی درج کا در مکنوں
مکالمات فلاطوں نہ لکھ سکی لیکن
اسی کے زور سے ٹوٹا شرار افلا طوں
٭ ٭ ٭


0 Comments