جنوری ۲۰۲٥
نفس کی خود غرضی اور اس کا نفسیاتی پس منظر

 36صفحات پر مشتمل یہ چھوٹی سی کتاب بلکہ کتابچہ ایک نشست میں مکمل مطالعہ کی جا سکتی ہے۔ تاہم میرایہ احساس ہے کہ اسے ایک ہی مرتبہ پڑھ کر نہیں چھوڑدینا چاہیے ، بلکہ اپنی ذاتی ملکیت میں رکھ کر وقتا فوقتا پڑھتے رہنا چاہیے۔
کتاب کا عنوان ’’ نفس کی خود غرضی ‘‘ پڑھ کرذہن میں’ تزکیہ نفس‘کا خیال آتا ہے۔ تزکیہ سے پھر خانقاہ اور مراقبہ کا تصور پیداہوتا ہے۔جو دنیا اور رشتے ناطے سے دامن بچا کر گوشہ نشینی کی طرف لے جاتا ہے۔یہ خیال انسان کو معاشی فکر سے بھی آزاد کراتا ہے ۔ یہ باور کراتا ہے کہ اللہ کو راضی کرنا ہے تو ان سب کو قربان کرنا ہوگا۔لیکن یقین جانیے اس کتابچے کو پڑھ کر یہ حقیقت روشن ہوئی کہ گفاؤں والے تزکیہ سے زیادہ سخت یہ دنیاوی تعلقات اور معاملات ہیں۔ان کو اللہ رب العالمین کے بتائے ہوئے احکامات کے مطابق چلانا ہی جہاد اکبر ہے۔
متذکرہ کتاب کو پڑھ کر میرا دوسرااور فوری احساس یہ ہے کہ اسے ہر باشعور مرد و خواتین کو پڑھنا چاہیے خواہ وہ عمر کے کسی بھی مرحلے میں ہویا رشتے ناطے کی کوئی بھی نوعیت ہو۔
اب آپ سوال کرینگے ایسا کیوں ۔۔؟
اس کا جواب مصنف محترم ’ایس امین الحسن‘ کتاب کے پیش لفظ میں تحریر فرماتے ہیں:
’’ نفسانی خواہشات کس طرح سے ابتدائی عمرسے ہی انسانوں کے ساتھ پروان چڑھتی ہیں۔گھروں میں اکثر دیکھا جاتا ہے کہ بچے اپنے حصے کی مٹھائی یا پھل یاگوشت وغیرہ لینے کے لیے جھگڑا کرتے ہیں ۔کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں سب سے زیادہ اور سب سے بڑا حصہ ملے۔ جب گھر کے کام کاج کی بات جاتی ہے، جیسے کہ بستر لگانا یا ماںکے کاموںمیںہاتھ بٹانا تو بچے حساب کتاب لگاتے ہیں اور ایک دوسرے سے موازنہ کرتے ہیں کہ کون زیادہ کام کر رہا ہے اور کون نہیں ۔اس طرح پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران کھڑکی والی سیٹ پر بیٹھنے کی خاطر جو دھکا مکی ہوتی ہے وہ ظاہر کرتی ہے کہ لوگ اپنے نفس کی تنگی میں مبتلا ہیں اور ان کی زندگی اپنی ذات کے گرد گھومتی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہر اچھی چیز ان کے حصے میں آئے اور جو بچ جائے وہ دوسروں کو ملے ۔‘‘
مصنف آگے تحریر فرماتے ہیں :
’’یہ رویہ صرف بچوں تک محدود نہیں رہتابلکہ بڑے ہو کر بھی انسان انہی عادات کا شکار رہتا ہے ۔وہ دوسروں سے خدمت لینے کو پسند کرتا ہے لیکن خود دوسروں کی مدد کرنے سے حتی الامکان گریز کرتا ہے۔ یہی کم ظرفی ہمیں زندگی کے ہر موڑ پر نظر آتی ہے اور یہ رویہ معاشرتی رشتوں میں تلخیوں کا باعث بنتا ہے ‘‘۔
قرآنی آیات و احادیث کی روشنی میں مصنف نے ’سخی و بخیل ‘کے رویوں کو واضح کیا ہے۔ مصنف چونکہ ایک ’ماہر نفسیات‘ ہیں۔ ’فیملی کونسلنگ‘ کا بھی کامیاب تجربہ رکھتے ہیں ، کئ کیسیز اور ان میں نفس کی خود غرضی کا انھوں نے تجزیہ پیش کیا ہے۔
قرآنی آیات و احادیث کی روشنی میں مصنف نے ’سخی و بخیل‘ دو کردار وں کی وضاحت کی ہے۔ مصنف محترم لکھتے ہیں:
’’ جو انسان تنگ دل نہیں ہوتا ہے وہ خود پسند نہیں ہوتا، بلکہ بے نفس ہوتا ہے۔‘‘
’شح نفس ‘یا ’نفس کی تنگی‘ سے بچنے کے لیے انھوں نے ایمان کی پختگی کو ترجیح دی ہے۔دوسرا مال کے صحیح اسلامی تصور کو سمجھنے کی تعلیم دی۔
تیسری اور اہم بات ’زندگی کے اعلی مقصدیت‘ کی جانب توجہ دلائی ہے کہ اعلی مقصد زندگی رکھنے والا شخص کبھی بخیل نہیں ہوسکتا۔
’ دل کی تنگی‘ سے بچنے کے لیے چوتھی تدبیر مصنف نے انسانوں سے محبت کو قرار دیا ہے۔لکھتے ہیں:
’’انسانوں سے محبت فطری جذبہ ہے، اسے اجاگر کرنا تنگ دلی سے بچنے کے لیے بہت مفید ہوتا ہے‘‘۔
’ایثار‘ کے متعلق وضاحت کرتے ہیں کہ ’فیاضی اور معاشی خوشحالی‘ کے درمیان کوئی رشتہ نہیں ہوتا۔ فیاض بندے جو بھی حقیر رقم ان کی مٹھی میں ہوتی ہے اسے خرچ کرکے اس سے وہ محبت ،دعاؤں اور برکتوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔
یہ بھی ’شح نفس ‘ہے
کے تحت’ ایس امین الحسن‘ صاحب نے اخلاقیات کے ان پہلوئوں کو پیش کیا ہے، جنھیں عام طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
’’ویل للمطففین ‘‘کی بہت خوب تعریف کی ہے۔ لکھتے ہیں کہ ڈنڈی مارنا صرف خرید و فروخت ہی میں نہیں ہوتا بلکہ کسی بھی معاملے یا امور کو اس کے حقیقی مقام سے گرادینا بھی ڈنڈی مارنے کے ہی ضمن میں آتا ہے۔
فیاض انسان مال کا سخی ہوتا ہے ۔ لیکن فیاضی کی وسعت محض مالیات تک محدود نہیں ہوتی،بلکہ اس کی سخاوت کا دائرہ زندگی کے ہر پہلو پر محیط ہے۔ مثلا: سفر میں اپنی نشست دوسروں کو پیش کرنا، جاہل افراد سے کنارہ کشی اختیار کرنا، جہاں کہیں بھی خیر یا خوبی دکھے بلا جھجک اس کی تعریف کرنا ( چاہے وہ اپنے سے چھوٹے لوگوں میں ہی کیوں نہ ہو۔)جیسےکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی تھی۔ آپ چھوٹوں کی ہمت افزائی فرماتے تھے، دل کھول کر تعریف کرتے تھے۔آپ نے انسانیت کو محبت، اخلاص اور تعلقات کی مضبوطی کا درس دیا۔آپ کے اخلاقی رویوں نے لوگوں کو خیر اور بھلائی کی طرف مائل کیا۔
اس کتاب کے مطالعے کے بعد میرا یہ احساس ہے کہ اس پر عمل کرکے بندہ نہ صرف مال کا سخی ہوسکتا ہے بلکہ تعلقات کا بھی دھنی ہو سکتا ہے !
یقیناانسانی رشتے خوش گوار ہوسکتے ہیں۔ چاہے وہ افسران و ماتحتوں کے درمیان ہوں یا میاں بیوی کے درمیان ہوں، یا نازک سے نازک رشتے جیسےخسر اور داماد یا ساس اور بہو کے ہی درمیان کیوں نہ ہوں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥