جنوری ۲۰۲٥
تقابل اور موازنہ کی نفسیات
زمرہ : ادراك

انسان فطری طور پر موازنہ پسند واقع ہوا ہے۔ وہ اپنے ارتقائی عمل سے گزرتے ہوئے موازنے کے ساتھ نہ گزرتا تو کبھی انسان اور جانور میں تمیز نہ کرپاتا ۔ امتیاز کرنے کے لیےاسےایک عدد موازنے کی ضرورت پیش آتی ہے ۔حصولِ علم سے ادراک تک کا سفر بغیر تجزیے اور بغیر موازنے کے ممکن نہیں ۔موازنہ مادی دوڑ میں بھی ہوتا ہے ، حصول علم میں بھی ، اورصلاحتوں میں بھی ۔ مادی موازنہ انسان میں بے چینی اور بے کلی پیدا کرتا ہے ،شکر گزاری اور قناعت سے دور کرتا ہے، وہیں صلاحتوں کا موازنہ یا تو احساسِ کم تری کا شکار بناتا ہے یا برتری کا۔ اس راستے ایک صورت تو یہ بنتی ہے کہ انسان جب علم اور عمل کرتا ہے تو یہی چیز مہیز کا سبب بنتی ہے ۔
موازنہ بلاشبہ انسانی فطرت ہے ،تاہم کبھی کبھی موزانہ کرتے ہوئے انسان اپنے ساتھیوں، رشتے داروں، دوست احبات یا کسی اجنبی سے اور کبھی کبھی کسی سلیبرٹی سے موازنہ شروع کرنے لگتا ہے ۔خصوصاً خواتین اکثر موازنہ کرنے کو حرض جان بنالیتی ہیں، یہ جانے بغیر کہ اس کے نتائج اپنی شخصیت پر کتنے خطرناک ہوسکتے ہیں ۔
یہاں ہم موازنہ کی نفسیات کے اثرات پر بات کرتے ہیں اس کو تفصیل سے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کس طرح سماجی موازنہ کا نظریہ 1954 میں ماہر نفسیات’ لیون فیسٹنگر‘ نے تیار کیا تھا، جس نے لکھا تھا کہ ہم خود کو جانچنے کے لیے موازنہ کرتے ہیں۔ فیسٹنگر کے مطابق، موازنے کی بنیادی وجہ وہ جذبہ ہے جس کی وجہ سے ہم فورا ججمنٹل ہوجاتے ہیں اور ان پر اندازوں کے مطابق گمان کرنے لگتے ہیں ۔ یہ ہمارے دماغ میں موجود ایک ادراکی نیٹ ورک کی طرح کام کرتا ہےجو خطرات کے خلاف تشخیص اور حفاظت کے لیے ارتقائی ضرورت کا سراغ لگاتا ہے۔
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ جو لوگ موازنہ میں مشغول ہوتے ہیں وہ پرجوش ہوتے ہیں اور انہیں تحریک بھی ملتی ہے – لیکن وہ اپنے آپ سے عدم اطمینان کا بھی شکار ہوسکتے ہیں۔ احساس جرم اور اضطراب کا شکار ہو سکتے ہیں۔
تاہم اس کے منفی اثرات شخصیت کو مجروح ، زندگی کو عذاب اور سعی وجہد کو مادی حصول پر صرف کردیتے ہیں ۔
اکثر خواتین بچے کے چہرے بشرے کے نقوش کو بغور دیکھتی ہیں اور کہتی ہیں یہ امی پر نہیں ہے۔ جھٹ سے جواب ملے گا پھوپی پر گئی ہے۔ بچی کامعصوم ذہن پھوپی کے شکل کو پردہ تخیل پر ابھارتا ہے ،پھر اپنی امی کا۔ امی چونکہ رنگ گورا اور خوبصورت چہرہ اور پھوپی کا قدرے کم رنگ اور کم شکل سا چہرہ،اس طرح وہ جان لیتی ہے کہ میں زیادہ قبول صورت نہیں ہوں۔ یہ جملے اس بچی نے بیسوں مرتبہ سن رکھے ہیں اور تقابل کرتے ہوئے وہ اب احساس کم تری کا شکار رہتی ہے۔ اس میں ناشکری در آتی ہے۔ وہ خالقِ کائنات سے شکوہ کناں ہوتی ہے کہ مجھے کم شکل اللہ نے بنایا ہے۔ پھر وہ اسی نظریہ کے ساتھ والدین کے سلوک کا موزانہ اپنے بھائی سے کرتی ہے اور اس کی شخصیت بہت سی منفی باتوں کے ساتھ پروان چڑھتی ہے ۔
جھنجلاہٹ، چہرے کے ساتھ زیادہ متوجہ مادی سوچ اسے ایک مکمل ٹازک شخصیت بنادیتی ہے۔جو خواتین اس طرح موازنے کے بیج بو رہی ہیں دراصل وہ ایک مکمل وجود کے ساتھ نادانستگی میں ظلم کررہی ہیں، انہیں خبر تک نہیں ۔
اسی طرح موازنے کی دوسری مثال ہوگی کسی کے گھر جاکر ڈرائنگ روم کی سجاوٹ دیکھ کر کم مائیگی کا احساس ہوگا کہ اللہ نے یہ نعمتیں ہمیں نہیں دی ہیں۔ ان محترمہ کے شوہر کا ذریعۂ معاش کا خیال اور ان کی قسمت پر رشک کے ساتھ گھر لوٹ کر وہ اپنے شوہر نامدار سے الجھے گی کہ گھر میں تبدیلی چاہیے ،یہ جانے بغیر کہ یہ تبدیلی اس کے شوہر کومقروص بناسکتی ہے ،گھر کی خوشیاں اچانک ختم ہوسکتی ہیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے کئی گھرانے پرتعیش زندگی کے چکر میں سودی قرض کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں اور حقیقی خوشیوں سے محروم ہوجاتے ہیں ۔
اس کی تیسری مثال سوشل میڈیاہے
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز موازنہ کو اور زیادہ مقبول بنا سکتے ہیں، کیونکہ لوگوں کو دوسروں کی زندگیوں، کامیابیوں اور کامیابیوں سے مسلسل آگاہ کیا جاتا ہے۔ 
اسی موازنے کی نفسیات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ’کارپوریٹ کلچر‘ میں سوشل میڈیا کے ساتھ اسٹیٹس کو ظاہر کرنے کے لیے نہ صرف سہولت دی گئی بلکہ ایک کلچر بنادیا گیا ہے کہ فلاں فیملی فلاں ہوٹل میں کھانا کھارہی ، اور ایک ہم ہیں جن کی قسمت میں یہ سب نہیں ۔یہ دیکھنے والی خواتین کشاں کشاں اپنی فیملی کے ساتھ باہر جانے کا پلان بنالیتی ہیں۔ اس طرح خریدی کرنے اور ہوٹلنگ کا مزاج پروان چڑھتا ہےجو ایک وائرس کی طرح پھیل جاتا ہے۔ بات یہیں تک نہیں ہوتی بل کہ آج کل اسی موازنے میں میک اپ ، آن لائن شاپنگ ،بلا توازن تفریح ، شاپنگ ، ڈیکوریشن ، مہنگی کاریں، موبائیل سے لے کر بچوں کے مہنگے اسکول اور ان کے لباس بھی اسٹیٹس سمبال کے طور پرپھیلائےجارہےہیں،تاکہ کمپنیاں خوب پروڈکٹ بنائیں اور خوب پیسہ خرچ کریں ۔ پس اندازی کرنا ، کفایت شعاری ، بساط بھر خرچ ، قناعت پسندی، شکر گزاری ختم ہوگئی اور مینٹل ہیلتھ کی خرابی ہر گھر کا قصہ بن کر رہ گئی ۔
جہاں موازنے کی نفسیات کے اثرات زندگی اور خاندان تباہ کرتے ہیں وہیںفرد سے موازنہ ہو تو شخصیت پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔
ہر فرد اپنی صلاحتوں کے اعتبار سے بالکل منفرد ہوتا ہے ۔کوئی ایک دوسرے کے جیسا نہ ظاہر ی شکل و صورت میں ہوتا ہے اور نہ صلاحتوں اور رویوں کے اعتبار سے ہوسکتا ہے ۔جب دوسرے کی صلاحیت کو اس کی اپنی حیثیت میں عظیم سمجھ کر نہیں دیکھا جاتا ہے تو حسد جگہ لے لیتی ہے اورایک دوسرے کی شخصیت کی بیخ کنی زندگی کا مقصد بن جاتا ہے۔ اور سارا وقت دوسرے کو مجروح کرنے میں گزرتا ہے ۔اس کے صلے میں پیدا ہوتی ہے ۔

خود اعتمادی میں کمی

دوسروں سے خود کا موازنہ کرنا اضطراب اور افسردگی کے جذبات کا باعث بن سکتا ہے۔ یا حسد کی آگ میں جھلساتا ہے ۔ آپسی تعلقات میں کشیدگی ہوتی ہے۔ موازنہ دوسروں کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ذہنی وسعت کم ہوجاتی ہے ۔انسان اپنی شناخت کھودیتا ہے۔ رات دن اسی شخص کے متعلق سوچتا ہے ۔
تساہل پسندی : دوسروں کے ساتھ مسلسل خود کا موازنہ کرنا انسان کو غیر ضروری سوچوں کا شکار بناتا ہے۔ انسان تساہل پسند ہوجاتا ہے۔ قوت کار کردگی ختم ہوجاتی ہے اور بے عملی اسے بہت پیچھے کردیتی ہے ۔اپنی آگ میں انسان آپ جلتا رہتا ہے ۔

جنونی موازنہ :

جنونی موازنہ کی خرابی، جسے مستقل موازنہ کی خرابی بھی کہا جاتا ہے، ایک طرز عمل کی لت ہے جس کی خصوصیت دوسروں سے اپنا موازنہ کرنے کی مجبوری ہے۔ انسان ذہنی طور مجبور ہوتا ہے کہ اسے بچپن سے موازنہ کرنے اور دوسروں کو دیکھ کر آگے بڑھنے کی عادت بچپن سے والدین ڈالتے ہیں ۔ہر معاملے میں تقابل کرکے کبھی بہن بھائیوں سے، کبھی اسکول کے بچوں کے مارکس دیکھ کر ۔اور وہ دوسروں کے تقابل کی تحریک سے آگے بڑھتا ہے اور یہ عمر کے ساتھ بڑھتے ہوئے مرض کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔ اس لیے تقابل کو علم نفسیات میں’ جرم‘ تسلیم کیا جاتا ہے ۔
موازنہ کے چکر سے آزاد ہونے کے کچھ طریقے شامل ہیں: 

1) ذہن سازی کی مشق کرنا:

جب بھی کسی کو دیکھ کر رشک ہو ،حسد ہویا موزانہ کرکے دل میں احساس پیدا ہونے لگے تو فورا سے پیشتر اپنے ذہن کو مشق کروائیں کہ ہمیں جو کچھ حاصل ہے وہی ہمارے لیے بہتر ہے ۔

2)ذاتی اہداف کا تعین کرنا:

اپنے ذاتی ہدف کو ترتیب دینا اور اسی کے حصول میں مگن ہونا چاہیے۔ اس بات کا خیال ہم اتنا غالب رکھیں کہ ہمیں دوسروں کودیکھنے اور حرص کرنے کی فرصت ہی نہ ملے ۔جو لوگ اپنی ذاتی منصوبہ بندی کرکے اس کی تکمیل میں خود کو مگن نہیں رکھتے وہ دوسروں کے ساتھ موازنے میں خود کو ضائع کردیتے ہیں ۔

3)سوشل میڈیا کی نمائش کو محدود کرنا:

سوشل میڈیا کا استعمال نیک اور کار ٓامد چیزوں کو پھیلانے کے لیے کریں۔ حرکت عمل کی وجہ بھلائی کے کاموں میں سبقت ، یا اپنے بچوں کی تربیت ہو یا جس سےکسی اچھی بات کی لوگوں تک رسائی مقصود ہو۔ اس بات سے حتی المقدور خود کو دور رکھا جائے کہ نجی زندگی میں جاری گفتگو کا طنز کرنے کے اسٹیٹس لگایا جائے یا نمائش کے لیے لگایا جائے۔ اپنی ذاتی زندگی کے کچھ اصول ہونے چاہیے۔ ایک اصول یہ بھی ہو کہ ہماری ذات سے کسی کو کم مائیگی کا احساس نہ ہو، کیونکہ یہ احساس اس سے ناشکری کرواتا ہے ۔

4)شکرگزاری کا جذبہ پیدا کرنا کرنا:

اپنے آپ کو حاصل چیزوں پر شکر گزاری انسان اس وقت کرتا ہے جب وہ یہ جانتا ہے میں ایک پانی کے بلبلے کی مانند زندگی رکھتا ہوں، میری بساط سے زیادہ اللہ نے مجھے نوازہ ہے۔ یہ احساس شکر گزاری کے جذبے کو بڑھادیتا ہے ۔

5)قناعت پسندی:

 قناعت پسندی یہ ہے کہ انسان دنیا کے مکمل سرمائے کو اللہ کا اثاثہ سمجھے اور جو حاصل ہے وہ سب اللہ کسی وقت لے سکتا ہے۔ یہی سوچ قناعت پسند بناتی ۔

6) اپنے حال میں مست رہنے کی عادت ڈالنا

اپنے آپ سے موازنہ کرنا اضطراب اور اندرونی دباؤ کا باعث نہیں بنے گا۔ ایک بار جب آپ کو اپنی پیش رفت اور پیش رفت کا احساس ہوتا ہے تو یہ حقیقت میں زیادہ حوصلہ افزا ہوتا ہے ۔
آپ آج اپنے آپ کو ایک ماہ پہلے کے وقت سے، چھ ماہ پہلے کے اپنے وقت سے یا یہاں تک کہ اپنے آپ کو پچھلے سال کے وقت سے موازنہ کر سکتے ہیں۔ اس پر توجہ مرکوز کریں کہ آپ کیسے بڑھ رہے ہیں، چیزیں کیسے بہتر ہوئی ہیں، آپ نے کیا سیکھا ہے اور آپ نے حال ہی میں کن مواقع کو حاصل کیا ہے۔

7) دل کو بڑا کریں

اپنا علاج کرنے کے لیے جس سے موازنے کی صورت بنے اس کی کھلے دل سے تعریف کرنا اور بڑے دل کے ساتھ اسے دل میں جگہ دینا ۔

8) جذبۂ شکر

اپنی کم تر ی کو قریب رکھنا اور ناشکری ہوتو فورا یاد کرنا اور شکر بھیجنا ۔

مثبت موازنہ :

موازنہ اکثر ہمیں یہ محسوس کرواتا ہے کہ دوسرا بہت خوش ہے اور دوسری طرف سبز ہے یا دوسروں کے پاس یہ ہم سے بہتر یا زندگی آسان ہے۔ سچ یہ ہے کہ موازنہ ہمیں اس بات کی قدر کرنے کی طرف لے جائے کہ ہمارے پاس کیا ہے اور ہم اپنے آپ کو کس طرح دیکھتے ہیں۔ اور شکر بھیجنا چاہیے ۔اس لیے مثبت موازنہ ہی زندگی کا اصول بنالیں ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جنوری ۲۰۲٥