فروری ۲۰۲٥
درس حدیث رزق کے حلال طریقے اور اسلامی تعلیمات
زمرہ : النور

 اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے ،جو انسان کو زندگی کے ہر شعبےمیں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ رزق کی طلب انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، لیکن اسلام نے اس حوالے سے کچھ اصول و ضوابط مقرر فرمائے ہیں تاکہ انسان اپنی ضرورتیں پوری کرتے ہوئے اللہ تعالی کی رضا اور آخرت کی کامیابی حاصل کر سکے۔
عن جابر بن عبداللہ ان النبی صلی اللہ علیہ وسلم

 قال لا تستبطئو ا الرزق فانہ لم یکن عبد لیموت حتی یبلغ آ خر رزق ھو لہ ۔ فاتقواللہ واجملوا فی الطلب اخذ الحلال وترک الحرام (مستدرک حاکم)

حضرت جابر بن عبداللہ (رضی اللہ عنہ) کی روایت کردہ حدیث کے مطابق، رسول اللہ (صلى الله عليه وسلم) نے فرمایا:

’’رزق کی تلاش میں عاجز نہ بنو، کیونکہ جب تک بندہ اپنی روزی کو مکمل نہ کر لے، اسے موت نہیں آے گی۔ اس لیے حلال طریقے سے رزق طلب کرو اور حرام سے بچو۔‘‘
اس حدیث سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ رزق کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، اور ہر انسان کو اپنی مقرر کردہ روزی ضرور ملے گی۔ اس لیے ہمیں اپنی کوششوں میں اعتدال اور بھروسہ پیدا کرنا چاہیے، اور حلال ذرائع سے رزق کمانے کی فکر کرنی چاہیے۔
دینِ اسلام میں حلال رزق کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:’’اور کھاؤ ان چیزوں میں سے جو زمین میں حلال اور پاکیزہ ہیں اور شیطان کے راستوں پر نہ چلو۔‘‘ (البقرہ: 168)
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ صرف حلال اور پاکیزہ رزق ہی انسان کی جسمانی، ذہنی اور روحانی صحت کے لیے مفید ہے۔ حرام رزق نہ صرف گناہ کا باعث بنتا ہے بل کہ اس کا اثر انسان کی عبادات، دعا اور اخلاق پر بھی پڑتا ہے۔
اس حدیث کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ جو روزی ہمارے مقدر میں لکھ دی گئی ہے وہ ہمیں ہرحال میں مل کر ہی رہے گی ،چاہے ہم اس کے لیے وسائل و ذرایع اختیار کریں یا نہ کریں ۔بل کہ یہ حدیث ہمیں تلاش معاش کے جائز اسباب تلاش کرنے کے ساتھ توکل اور قناعت پسندی کا درس دیتی ہے ۔جو رزق ہمارے مقدر میں لکھ دیا گیا ہے وہ ہمیں مل کر رہے گا خواہ پوری دنیا کی طاقت اس کوروکنے کی کوشش کر لے ،اور جو رزق ہمارے مقدر میں نہیں ہے وہ ہمیں نہیں مل سکتا ،چاہے دنیا کی پوری طاقت مل کر اس کو دینے کی کوشش کر لے ۔
عبداللہ ابن مسعود سے مروی ہے کہ اللہ تعالی نے مخلوقات کی تقدیر لکھ دی ہے، اس میں رزق ،موت اور زندگی بھی شامل ہیں ۔انسان کی عمر اور رزق کی مقدار اللہ کے علم میں پہلے سے طے ہو چکی ہے، لہذا کوئی بھی انسان اس سے بڑھ کر یا کم نہیں پا سکتا (صحیح مسلم ،کتاب القدر ،2644)
اکثر لوگ یہ سمجھ لیتے ہیں کہ روزی روٹی کے لیے دوڑ دھوپ اسلام سے متعلق نہیں ۔یہ تو دنیاوی امور ہیں ۔جب کہ کسبِ معاش اسلام کا حصہ ہے ۔سورہ جمعہ کی آیت ۱۰ میں اللہ کا حکم ہےکہ جب جمعہ کی نماز پوری ہو جاے تو زمین میں پھیل جائو اور اللہ کا رزق تلاش کرو اور اللہ کو کثرت سے یا د کرتے رہو، توقع ہے کہ تم فلاح پا جائو ۔جو شخص حلال رزق سے اپنے افراد خانہ کی ضروریات پوری کرتا ہے وہ اجر وثواب کا مستحق ہے ۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ،
تمہیں اس خرچ پر ضرور اجر دیا جاےگا جس کامقصد اللّه کی رضا کا حصول ہو، حتیٰ کہ وہ لقمہ بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو ۔(صحیح بخاری ،56)
اسلام محنت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور سستی کو ناپسند کرتا ہے۔ حدیث میں ہے:
’’تم میں سے کسی کے لیے بھی یہ بہتر ہے کہ وہ اپنی رسی لے اور لکڑیاں جمع کرکے بیچے، بجائے اس کے کہ وہ لوگوں سے مانگے۔‘‘
یہ حدیث ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ خود کفالت اور حلال روزی کے لیے جدوجہد کرنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلمان کو اللہ پر مکمل بھروسہ رکھنا چاہیے، کیونکہ رزق کی تقسیم کا اصل مالک وہی ہے۔
اسلام نے حرام رزق کو سختی سے منع کیا ہے، چاہے وہ دھوکہ دہی، سود، رشوت یا کسی بھی غیر اخلاقی ذریعے سے حاصل ہو۔ حرام رزق کا استعمال انسان کی روحانی ترقی میں رکاوٹ بنتا ہے اور اللہ کی ناراضگی کا سبب بنتا ہے۔
رزق اللہ تعالیٰ کی عطا ہے، ذلک فضل اللہ یوتیہ من یشاء ۔ اس کے لیے حلال طریقہ اختیار کرنا نہ صرف دنیاوی کامیابی کا ذریعہ ہے بل کہ آخرت میں بھی کامیابی کا سبب ہے۔ موجودہ دور میں مسلم معاشرے میں تعلیم کو لیکر کافی بیداری آئی ہے ۔یہ ایک انقلابی سوچ ہے لیکن یہ سوچ لینا کہ اگر ہماری اولاد ڈاکٹر ،انجینیر،آ فیسر بن جاے اور اعلی عہدوں پر فائز ہو جاے تو زیادہ پیسہ حاصل کر سکتی ہے ۔یہ بالکل غلط سوچ ہے ۔روزی روٹی کی تقسیم اللہ نے ڈگری یا عہدے کے لحاظ سے بالکل نہیں رکھی ہے ۔بل کہ یہ رب کی عطا ہے ۔ہر انسان کو اس کے مقدر کی روزی مل کر رہے گی،چاہے وہ ان پڑھ ہو یا ڈگری ہولڈر ۔ اسلام دنیاوی علوم حاصل کرنے سے منع نہیں کرتا بل کہ نفع بخش علم کی تلقین کرتا ہے ۔ضرورت اس بات کی ہیکہ ہم اپنی اولادکو دنیاوی علوم کے ساتھ دین کی بنیادی تعلیمات سے بھی آگاہ کریں ۔’’اللہ تعالیٰ ہمیں حلال رزق کمانے کی توفیق عطا فرمائے،اور حرام سے بچنے کی طاقت بھی دے۔ آمین۔‘‘

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے