فروری ۲۰۲٥
پہچان

اس نے آنکھوں سے گرتے ہوئے آنسوؤں کو بے بسی سے دیکھا ، بہت تکلیف ہو رہی ہے، دل غم سے پھٹا جا رہا ہے۔ خود کو مخاطب کرتے ہوئے بے دردی سے آنکھوں کو رگڑا، نہیں صفیہ بالکل نہیں! تمہیں جانے والے معصوم وجود کے لیے رونے کا کوئی حق نہیں ہے۔
اس نے غم و غصہ سے خود کو بے قابو ہوتے ہوئےمحسوس کیا، تبھی تکلیف کی ایک شدید لہر پورے وجود میں اترتی چلی گئی۔ اس نے سر کو دونوں ہاتھوں سے تھام کر خود کو گرنے سے بچانے کی ناکام کوشش کی، مگر وہ ہوش و حواس سے بیگانہ ہوچکی تھی۔
امی پلیز آنکھیں کھول دیں، امی آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔۔ یہ اس کی سب سے بڑی بیٹی’ نائلہ‘ کی آواز تھی، جو مستقل روتے ہوئے اس کے ہاتھ کو اپنے دونوں ہاتھوں میں کس کر پکڑے ہوئےتھی۔میں ٹھیک ہوں بیٹا، تم رو مت، اس نے کمزور سی آواز میں بدقت یہ الفاظ ادا کیے تھے۔ امی میں نے ماموں جان کو فون کر دیا ہے۔ وہ شام تک یہاں آجائیں گے۔ اس کی دوسری بیٹی’ رابعہ‘ اس کے قریب بیٹھتے ہوئےکہہ رہی تھی۔ اسی وقت دروازے پر زور سے دستک ہوئی۔ لگتا ہے ابو آگئے ۔۔ نائلہ تیزی سے دروازے کی جانب بڑھی۔
کیا ہو گیا ہے تمہیں،دنیا میں ہزاروں عورتوں کا مس کیرج ہو جاتا ہے۔ تمہاری طرح سے اگر ہر عورت اوور ریکٹ( غیر ضروری ردعمل ) کرنا شروع کر دے تو عورتیںدن بھر بستر پر ہی گزار دیں۔ اس نے بچیوں کے سامنے بطور ردعمل کچھ جواب دینے سے بمشکل تمام خود کوروکا اور کروٹ بدل لیا۔ نائلہ تمہاری ماں سے تو کچھ کہنا ہی بیکار ہے ۔خیریہ بتائو آج تم نے کیا پکایا ہے؟ ابو میں آپ کا کھانا لاتی ہوں۔ نائلہ تیزی سے کچن میں جا گھسی تھی۔
چودہ سالہ نائلہ اور گیارہ سال کی رابعہ اپنے والدین کے درمیان کشیدگی اور دن بدن بڑھتے ہوئےتناؤ کو محسوس کرسکتی تھیں ،مگر اس کو ختم کرنا ان کے بس میں نہیں تھا۔
صفیہ نے ہر ممکن کی کوشش کی تھی کہ بچیوں کے سامنے ان کے والد کی امیج اچھی رہے اور وہ اس تعلق سے کسی احساس کمتری کا شکار نہ ہوں، مگر نائلہ بہت چھوٹی عمرسے ہی خاصی سمجھدارواقع ہوئی تھی ۔ وہ ماں باپ کے درمیان تناؤ کو محسوس کر چکی تھی۔ صفیہ دن کے پانچ سے چھ گھنٹے ایک گارمنٹ فیکٹری میں سپر وائزر کے طور پر نوکری کرتی تھی ،جب کہ اس کا شوہر اسلم کسی کالج میں کلرک تھا۔دونوں کی کمائیوں سےاس قدر آمدنی ہو جاتی تھی، جس سے بہت خوشحال نہ سہی، لیکن گزر بسر توہو ہی جاتی ، اور اس میں بھی صفیہ کی سلیقہ مندی کا خاصہ دخل تھا۔ اصل پریشانی یہ تھی کہ اسلم کو اولاد نرینہ کی شدید خواہش تھی، جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزیدبڑھتی چلی جا رہی تھی۔اسی شدیدخواہش کے چلتے وہ دو بار صفیہ کا مس کیرج بھی کراچکا تھا ۔ دونوں دفعہ بیٹی تھی،اب مزید کوئی بچی اس کو کسی طور پر قبول نہیں تھی۔
صفیہ شوہرکے ہاتھوں میں خود کو کسی کٹھ پتلی کی طرح محسوس کرنے لگی تھی۔ زندگی اس کو اس طرح اپنے شکنجے میں جکڑ لے گی، یہ کبھی اس نے سوچا نہیں تھا۔ والدین کا انتقال ہوچکا تھا۔ میکےکے نام پرایک بھائی تھا، جس کے معاشی حالات کچھ اچھے نہیں تھے ۔ وہ کسی طور پر بھی صفیہ اور اس کی بچیوں کی ذمہ داری لینے کے قابل نہیں تھا ۔بہن بھانجیوں کو ایک ذراتسلی دینے تو آسکتاتھا، مگر اس سے زیادہ وہ کچھ کہنے یا کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔ اس بات نے اسلم کو مزید شیر بنا دیا تھا۔،نیز وہ خود کو پوری طرح مختار کل سمجھنے لگا تھا۔
صفیہ! بات سنو، تم اتنی خاموش کیوں ہو۔۔؟ طبیعت ٹھیک نہیں تھی تو دو چار دن کی چھٹی اور لے لیتی۔ اس کی کو لیگ نے اس کی مستقل خاموشی اور اداسی کو دیکھتے ہوئے مشورہ دیا۔ ہوں کیا کہہ رہی ہو ناز، سوری میرا دھیان کہیں اور تھا۔ میں تم سے کہہ رہی ہوں کہ جب طبیعت مکمل طور پر ٹھیک ہو جائےتو فیکڑی جوائن کرنا، اتنا کھوئی کھوئی رہوگی تو کام کیسے کر پاؤگی۔۔!
تم شاید ٹھیک کہہ رہی ہو،۔صفیہ نے اداسی اور مایوسی سے اس کی طرف دیکھا تھا۔
اب یہ نیا ڈراما کیوں شروع کر رہی ہو۔۔ فیکٹری میرے باپ کی نہیں ہے جو تمہیں بنا کوئی کام کرے دس ہزار روپے مہینہ تنخواہ دیتے رہیں گے۔ اسلم کی آواز میں تلخی ہی تلخی تھی۔ صفیہ کی طرف سے کوئی جواب نہ ملنے پر بھی اس کی تلخ کلامی جاری تھی۔ اب وہ حسب دستور اس کو اس کے میکے کی غریبی اور بیٹا نہ ہونے کے طعنے بھی دینا شروع کر چکا تھا۔ صفیہ اپنا ضبط آزما کر تھک چکی تھی۔ادھر اسلم کی بدسلوکی ہنوزبڑھتی چلی جارہی تھی۔ صفیہ جو اپنی بچیوں کے بہتر مستقبل کی خاطر اس رشتہ کو ہر طرح سے نبھانا چاہتی تھی، اب تھکنا شروع ہوگئی تھی۔ کبھی کبھی اس کو اپنا وجود ہی غیر ضروری سالگنے لگتا۔
ناز ہم یہاں کیوں آئے ہیں؟ یہ تو کسی ڈاکٹر کا کلینک ہے ۔۔صفیہ تم میری دوست ہو اور میں تم کو اس طرح گھٹ گھٹ کر مرتے نہیں دیکھ سکتی! یہ سائکیٹرسٹ ’ڈاکٹر بلقیس بانو ‘کا کلینک ہے ۔ تمہیں اس وقت ان کی مدد کی ضرورت ہے ۔تم ان سے کھل کر اپنی کیفیت اور حالت بیان کرو ۔یہ کوئی عام ڈاکٹر نہیں ہیں، بل کہ ان کا دل واقعتاً خلق خدا کی محبت سے دھڑکتا ہے ۔میں دو گھنٹے بعد تمہیں یہاں سے آ کر لے جاؤں گی۔
رابعہ بیوقوفی مت کرو، دروازہ کھولو، دوا کی شیشی مجھے واپس کردو، تم ایسا سوچ بھی کیسے سکتی ہو، امی کو کتنی تکلیف ہوگی۔۔ پلیز میری بہن! دروازہ کھول دو۔۔ نائلہ کی درد بھری آوازیں گھر میں داخل ہوتی صفیہ کے پورے وجود کو ہلا دیتی ہیں۔ وہ تیزی سے آگے بڑھ کر دروازہ بجانے لگتی ہے، بیٹی رابعہ دروازہ کھولو، یا اللہ، میں بہت خطا کار ہوں، مجھے معاف کر دے۔۔ میری بچی کی حفاظت فرما، تبھی نائلہ اس کے پرس سے ڈپلیکیٹ چابی نکال کر دروازہ کھول دیتی ہے۔ رابعہ میری بچی، صفیہ اس کو برق رفتاری سے گلے لگا لیتی ہے۔ یہ تم کیا کرنے جارہی تھی! امی مجھے معاف کر دیں ، میری وجہ سے آپ سے ابو لڑتے رہتے ہیں۔۔ میرا وجود آپ کے لیے ایک مصیبت بن کر اس دنیا میں آیا ہے، مجھے جینے کا کوئی حق نہیں ہے۔ رابعہ سسکیاں بھرتے ہوئے اس سے لپٹ گئی تھی۔
بیٹی مجھے معاف کر دو، میں تمہاری ماں ہو کر تمہاری بگڑتی ذہنی کیفیت سے غافل رہی، اور خود زندگی کوبوجھ سمجھ کر گزارنے لگی تھی۔
آج ڈاکٹر بلقیس صاحبہ کی صورت میں اللہ نے مجھے پھر سیدھی راہ دکھائی ہے۔ یہ زندگی تو ہمارے پاس رب کی بیش قیمت امانت ہے۔ ہم اس کو کسی طور پرضائع نہیں کر سکتے۔ اچھے برے حالات ہماری آزمائش کے لیے آئیں گے ،مگر ہم کسی صورت میں اپنے رب کی امانت میں خیانت نہیں کریں گے۔ ان شاءاللہ۔
امیدوں کے نئے چراغ روشن ہو چکے تھے ۔ صفیہ اپنے آپ کو حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار کر چکی تھی ۔ڈاکٹر بلقیس کے الفاظ ابھی بھی اس کے کانوں میں گونج رہے تھے،’’ہمارا مقصد زندگی صرف ایک ہی ہے کہ ہم سے ہمارا رب راضى رہے ،اور اس کی محبت کا رنگ ہماری زندگی کے ہر گوشہ سے جھلکے۔ اگر ہم مضبوطی سے اپنے حق کے لیےکھڑے ہوںگے تو کوئی بھی ہمیں ہمارے حق سے محروم نہیں کرسکتا۔ نہ ظلم کریں نہ خود پر ہونے دیں، اور یہی ایک مومن کی پہچان ہے‘‘۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے