فروری ۲۰۲٥
میرا دوست میرا ہادی

محمد: السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ، کیسے ہو علی ؟
علی: وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ، الحمد اچھا ہوں، تم بتاؤ کیسے ہو اور کہاں سے تشریف لا رہے ہو۔۔۔؟
محمد: الحمد للہ اچھا ہوں، مسجد سے آ رہا ہوں (محمد نے مصافحہ کے لیے ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا)
علی: کیا ظہر کی جماعت ہوگئ؟
محمد: جی ہاں!
علی: افففف خدایا! بڑے افسوس کی بات ہے، آج تو فجر کے ساتھ ہی ظہر بھی چھوٹ گئی۔
محمد : لیکن علی، تمہیں دیر کیوں ہوئی اور فجر کے وقت بھی تم‌نظر نہیں آئے؟ طبیعت ٹھیک ہے نا، گھر پر کیسے ہیں سب؟
علی: ہاں یار محمد، اللہ کا شکر ہے، گھر پر سب خیریت سے ہیں ۔دراصل اسکول کے امتحانات شروع ہو گئے ہیں۔ آج سائنس کا پرچہ تھا۔ رات دیر گئے پڑھائی کرتا رہا، جس کی وجہ سےفجر چھوٹ گئی۔ اور دوپہر میں جب پیپر لکھ کر آیا تو آتےہی ا یسا سو گیا کہ ہوش ہی نہ رہا۔ یہ وجہ ٹھہر ی کہ وقت کا علم ہی نہیں ہوسکا۔
محمد : علی، نماز ہماری زندگی کا جز و لا ینفک ہے۔ کیا تم اپنے مشفق استاد کی نصیحت آموز باتیں بھول گئے۔۔ انھوں نے نماز کے تعلق سے مدرسے میں ہمیں تلقین کی تھی کہ ہمیں اپنے رب کو یاد کرنا چاہیے۔ نماز دین کا ستون ہے۔ اسلام اور کفر کے درمیان ایک عددفرق کرنے والی چیز ’نماز ‘ہی ہے۔ ہم کسی بھی ضروری کام میں کتنے ہی مصروف کیوں نا ہوں ،ہماری اولین ترجیح نماز ہونی چاہیے۔ ہمیں سب کچھ چھوڑ کر، سب کچھ ترک کرکے نماز کے لیے تیار ہونا ہے۔
علی: تم صحیح کہہ رہے ہو محمد۔۔ لیکن مجھ سے کبھی کبھی سستی ہوجاتی ہے۔دیر رات تک جگنے کی وجہ سے علی الصبح آنکھ نہیں کھلتی ، نتیجتاً نماز فجرسے محرومی ہاتھ لگتی ہے۔ ( علی بڑے افسوس کے ساتھ سر جھکائے ہوئے محمد سے کہتا ہے)
محمد: اچھا علی یہ بتاؤ، تم نماز کس لیے پڑھتے ہو؟
علی: تاکہ میں روز قیامت سزا سے بچ سکوں۔
محمد: بالکل نہیں ،ہمیں نماز اس لیے نہیں پڑھنی کہ ہم سزا سے بچ جائیں۔ ہمیں صرف حاضری نہیں دینا ہے، بلکہ ہمیں نماز اپنی حفاظت کے لیے پڑھنا ہے۔
علی: حفاظت کے لیے!!!؟؟؟ کس طر ح کی حفاظت ۔۔۔؟؟؟ (پر تجسس لہجے میں محمد سے سوال کرتا ہے۔)
محمد: علی، نماز ہمیں تمام غلط کاموں اورتمام طرح کی بے حیائیوں اور گناہوں سے روکتی ہے۔ نماز ہمیں اپنی بہتری اور دل کی مضبوطی کے لیے پڑھنا ہے۔ جس طرح ہم کھانا صرف مزے کے لیے نہیں کھاتے ،بلکہ صحت و طاقت کے حصول لیے کھاتے ہیں، عین اسی طرح نماز کا بھی معاملہ ہے۔چوں کہ نماز ہماری روح کی غذا ہے، لہذا ہمیں اپنی روح کی غذا کے واسطے نمازپڑھتے رہنا چاہئے ۔ ہمیںنماز روح کی کی صحت اور بہتری کے لیے پڑھنا چاہیے۔جب ہماری روح پاک و صاف ہوگی تو اللہ تعالی کے یہاں ہماری پکڑ بھی نہیں ہوگی۔روح ہماری اصل ہے، جس کی صحت و بہتری کے واسطے ہمیں خشوع و خضوع کے ساتھ نماز ادا کرنی چاہیے۔
علی: جزاک اللہ خیر ،محمد تم نے مجھے نماز کے بارے میں بہت اچھی طرح سے سمجھایاہے۔ ان شاء اللہ آئندہ میں کوشش کروں کا کہ میری نماز کبھی نہ چھوٹے، نیز نماز کو اس کے تمام اوصاف کے ساتھ پڑھوں ۔ تم مجھے نماز کے لیے جاتے ہوئے اپنے ساتھ لے جایا کرو۔ چلو محمد، مغرب کی نماز کا وقت ہوچلا ہے۔ چلو ساتھ ساتھ مسجد چلیں۔
محمد : ہاں بالکل ! اللہ ہم تمام کو نماز کو چھوڑنے سے بچائے اور وقت پر نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
محمد اور علی ساتھ میں آمین یارب العالمین کہتے ہوئے نماز مغرب کے لیے مسجد کی طرف روانہ ہوتے ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے