فروری ۲۰۲٥
درسِ قرآن
زمرہ : النور

أَعُوذُ بِاللٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
مَا عِنۡدَكُمۡ يَنۡفَدُ‌ وَمَا عِنۡدَ اللٰهِ بَاقٍؕ وَلَـنَجۡزِيَنَّ الَّذِيۡنَ صَبَرُوۡۤا اَجۡرَهُمۡ بِاَحۡسَنِ مَا كَانُوۡا يَعۡمَلُوۡنَ۞مَنۡ عَمِلَ صَالِحًـا مِّنۡ ذَكَرٍ اَوۡ اُنۡثٰى وَهُوَ مُؤۡمِنٌ فَلَـنُحۡيِيَنَّهٗ حَيٰوةً طَيِّبَةً‌ ۚ وَلَـنَجۡزِيَـنَّهُمۡ اَجۡرَهُمۡ بِاَحۡسَنِ مَا كَانُوۡا يَعۡمَلُوۡنَ‏ ۞فَاِذَا قَرَاۡتَ الۡقُرۡاٰنَ فَاسۡتَعِذۡ بِاللٰهِ مِنَ الشَّيۡطٰنِ الرَّجِيۡمِ ۞اِنَّهٗ لَـيۡسَ لَهٗ سُلۡطٰنٌ عَلَى الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا وَعَلٰى رَبِّهِمۡ يَتَوَكَّلُوۡنَ ۞

ترجمہ

جو کچھ تمہارے پاس ہے وہ خرچ ہو جانے والا ہے اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہی باقی رہنے والا ہے، اور ہم ضرور صبر سے کام لینے والوں کو اُن کے اجر اُن کے بہترین اعمال کے مطابق دیں گےجو شخص بھی نیک عمل کرے گا خواہ وہ مرد ہو یا عورت، بشرطیکہ ہو وہ مومن، اُسے ہم دُنیا میں پاکیزہ زندگی بسر کرائیں گے اور (آخرت میں )ایسے لوگوں کو ان کے اجر اُن کے بہترین اعمال کے مطابق بخشیں گے۔پھر جب تم قرآن پڑھنے لگو تو شیطان رجیم سے خدا کی پناہ مانگ لیا کرو۔اُسے اُن لوگوں پر تسلط حاصل نہیں ہوتا جو ایمان لاتے اور اپنے رب پر بھروسا کرتے ہیں۔

تفسیر

یہ سورہ نحل کی آیات ہیں۔

مَا عِنۡدَكُمۡ يَنۡفَدُ‌ وَمَا عِنۡدَ اللٰهِ بَاقٍؕ وَلَـنَجۡزِيَنَّ الَّذِيۡنَ صَبَرُوۡۤا اَجۡرَهُمۡ بِاَحۡسَنِ مَا كَانُوۡا يَعۡمَلُوۡنَ۞

آیت نمبر ۹۶ مخالفین کے لئے تنبیہ ہے اور اہل ایمان کے بشارت ہے۔ مخالفین اور معاندین حق کو خطاب کرکے فرمایا جا رہا ہے کہ جس دنیاوی مال و متاع اور جاہ و جلال کی محبت میں تم حق کی مخالفت کررہے ہو اور اہل ایمان کی راہ میں مصائب و مشکلات پیدا کررہے ہو تو جان لو کہ جو کچھ اس دنیا میں ہے اور تمہارے پاس ہے سب فانی ہے اور ختم ہونے والا ہے۔یہی بات دوسرے انداز میں اس سے پہلی والی آیت میں بھی کہی گئی ہے کہ ولا تشتروا بآیات اللہ ثمنا قلیلا انما عند اللہ ھو خیر لکم ان کنتم تعلمون اللہ کے عہد کو معمولی قیمت کے عوض مت بیچو، جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ تمہارے لئے بہتر ہے اگر تم جانتے۔
ہم اگر غور کریں تو اکثر ایسا ہوتا ہے کہ دنیاوی چمک دمک، مال و متاع اور عزت و شہرت انسان کے حق کی راہ میں حائل ہوجاتی ہیں اور ان کو قربان کر کے حق کو تھامے رکھنا انسان کے نفس کے لئے بار عظیم ہوتا ہے۔ اس آیت میں دنیا کے معمولی، حقیر اور فانی ہونے کی حقیقت کی طرف توجہ دلاکر انسان کو ہمیشگی کی زندگی کو ترجیح دینے پر آمادہ کیا جارہے ہے۔ اگر اس حقیقت کو انسان اپنے سامنے رکھے تو کبھی بھی دنیا کو آخرت پر ترجیح نہ دے لیکن انسان کی فطرت ہے کہ وہ قریبی مفاد کو سامنے رکھتا ہے اور دنیا کے لئے آخرت کو بیچ دیتا ہے جو یقینا کتنا بڑا خسارہ ہے اس کا احساس انسان کو تب ہوگا جب پچھتانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
جس وقت نبی اکرمﷺ کے ذریعے قرآن یہود تک پہنچا تو انہوں نے حق کو حق جانتے ہوئے اسے اپنانے سے انکار کردیا ،جب کہ خود تورات اور یہودی علماء کو ذرہ برابر بھی آپﷺ کے نبی ہونے پر شک نہیں تھا لیکن انہوں نے دنیاوی عزت، مرتبہ ، ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے حق کو قبول کرنے سے انکار کردیا، چنانچہ سورہ بقرہ میں بنی اسرائیل کو بھی اللہ تعالیٰ تنبیہ کرتا ہے کہ دنیا کے لئے آخرت کو نہ بیچو، یہ زبردست نقصان کاسودا ہے، جس کو اس چھوٹی سی مثال سے سمجھا جا سکتا ہے کہ جیسے کوئی شخص ہیرا بیچ کر مٹی خرید لے۔
اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ اس پرور ڈال رہا ہے کہ انسان کے پاس جتنا بھی ہو یا جو کچھ بھی اس پر مطمئن نہیں ہے۔انسان مال کا حریص ہے ، مال و دولت اکھٹا کرنے میں حرام حلال بھول جاتا ہے ، حق تلفی کرتا ہے، رشوت لیتا ہے، سود میں مبتلا ہو جاتا ہے ، مرتبہ ، مقام اور اسٹیٹس کی چاہ میں نہ جانے کتنوں کا حق مارتا ہے، اس کی دنیا کے آڑے جو بھی آتا ہے اسے راستے سے ہٹانے میں اور برا در برا کرنے سے بھی باز نہیں آتا ۔لیکن انسان چاہے جتنا کچھ کیوں نہ حاصل کرلے سب کچھ اس سے چھن ہی جانا ہے ، انسان تو خود ہی فانی ہے۔ اس کے مال و دولت کا مالک کوئی اور بن جائے گا وہ تو تنہا ہی سب کچھ چھوڑ کر قبر میں صرف اپنے اعمال کے ساتھ جائے گا۔ جو کچھ اللہ کے پاس ہے اور جو کچھ انسان نے اللہ کے پاس بھیج دیا اچھے اعمال کی شکل میںوہی باقی رہنے والا ہے وہ فنا اور تلف نہیں ہوگا ۔
و لنجزین الذین صبروا ۔ صبر کا مطلب ہوتا ے کہ اپنے آپ کو کسی چیز پر باندھنا اور روک کر رکھنا۔ یعنی جنہوں نے دنیوی طمع کے مقابلے میں اپنے آپ کو حق پر قائم رکھا اور راہ حق پر تما م ترمشکلات کے باوجود استقامت دکھائی انہیں اللہ کی طرف سے بشارت دی جا رہی ہے کہ ہم انہیں ان کے بہترین اعمال کے مطابق بدلہ دیں گے۔ صابروں کے لئے اتنا بڑا اجر اس لئے ہے کہ صبر کرنا آسان نہیں ہوتا۔ یہ تبھی ممکن ہے جب انسان کو ایمان کامل حاصل ہو جاتا ہے۔ صبر کی بھی تین قسمیں ہیں۔ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے احکام پر قائم رہنا اور طبیعت کو ان کا پابند رکھنا صبر ہے۔ اسی طرح اللہ کی منع کردہ چیزوں سے خود کو روکے رکھنا بھی صبر ہے۔ تیسری قسم یہ ہے کہ مصیبت، پریشانی اور تکلیف کے وقت جزع و فزع اور شکوہ شکایت سے خود کو روکے رکھنا بھی صبر ہے۔ و لنجزین میں لام تاکید کا ہے ۔ اللہ کا وعدہ ہے کہ ضرور بالضرور وہ اپنا اجر پا کر رہیں گے۔
باحسن ما کانوا یعملون کی تفسیر میں ڈاکٹر اسرار احمد کہتے ہیں کہ ہر نیکو کار شخص کے تما م اعمال ایک درجے کے نہیں ہوتے ، کوئی نیکی اعلیٰ درجے کی ہوتی ہے اور کوئی نسبتا چھوٹے درجے کی ۔ مگر جن لوگوں سے اللہ خوش ہو جائیں گے یعنی صابرین سے تو انہیں ان کی اعلیٰ درجے کی نیکیوں کو سامنے رکھ کر ان کے اجر و ثواب کا تعیین کیا جائے گا۔

مَن عَمِلَ صَالِحًـا مِّنۡ ذَكَرٍ اَوۡ اُنۡثٰى وَهُوَ مُؤۡمِنٌ فَلَـنُحۡيِيَنَّهٗ حَيٰوةً طَيِّبَةً‌ ۚ وَلَـنَجۡزِيَـنَّهُمۡ اَجۡرَهُمۡ بِاَحۡسَنِ مَا كَانُوۡا يَعۡمَلُوۡنَ‏ ۞

آیت نمبر ۹۷ میں اللہ تعالی وعدہ فرما رہا ہے کہ تمام مومن مردوں اور عورتوں سے جن کے پاس ایمان کے ساتھ ساتھ عمل صالح کی سوغات بھی ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں نہایت ہی بہترین زندگی عطا فرمائیں گے اور ان کے نیک اعمال کا بہترین بدلہ ضرور بالضرور انہیں دیں گے۔اس آیت میں دو شرط پائی جاتی ہے، ایک ایمان دوسری عمل صالح کی۔ تو آخرت کی کامیابی کے لئے دونوںشرائط کا مکمل طور پر پایا جانا ضروری ہے۔ نہ صرف ایمان سے بات بن پائے گی نہ بنا ایمان کے عمل صالح کچھ کام آئے گا۔ ایمان کا مطلب یہ ہے کہ اللہ کی ذات، صفات اور احکامات کو بنا کسی شک و شبہ کے مان لینا اور پھرپورے اخلاص کے ساتھ اس کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق زندگی گزارنا عمل صالح ہے۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے مرد و عورت دونوں کا ذکر کیا ہے ۔ جو کوئی بھی نیک عمل خالص ایمان کے ساتھ لے کر حاضر ہوگا اس کا اجر پائے گا بہترین اجر خواہ مرد ہو یا عورت۔ اللہ کے دربار میں سب برابر ہوں گے ۔ مرد کو قوام یا ایک درجہ زیادہ دنیا کے معاملات میں توازن پیدا کرنے اور اسے بگاڑ سے بچانے کے لئے ہے لیکن اللہ کے یہاں مرد کا مرد ہونا اسے اللہ کے عذاب سے نہیں بچا سکے گا اور نہ عورت کا عورت ہونا اس کے ا جرمیں کچھ کمی کا باعث ہو گا ۔ بلکہ ہر کسی کو ان کی نیت، اخلاص اورایمان و عمل کی بنیاد پر پورا پورا بدلہ دیا جائے گا۔
مرد و عورت کے درمیان یہ وہ کامل مساوات ہے جس کی تعلیم اللہ نے انسان کو دی ہے۔ اس آیت کے ذریعے عورت کے مرتبہ و مقام کو بتایا گیا ہے۔ عورت کو مرد کی تکمیل کے لئے نہیں پیدا کیا گیا ہے اور نہ وہ مردوں کی محتاج ہے بلکہ اپنے اعمال کو درست کرنے کی ذمہ داری خود اس کی ذات پر ہے۔ اور وہ جو کچھ بھی اپنے لئے کرے گی اس پر اللہ تعالی ضرور پورا پورا بدلہ عطا فرمائے گا۔
فلنحیینہ حیوۃ طیبۃ اس آیت مبارکہ سے معلوم پڑتا ہے کہ ایمان اور عمل صالح والے انسان سے صرف آخرت کی کامیابی کا وعدہ نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ انہیں دنیا میں بھی پاکیزہ زندگی عطا فرمائے گا ۔ یعنی ایمان و عمل صالح سے آخرت کے ساتھ ساتھ انسان کی دنیا بھی سنور جاتی ہے۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ایک ایماندار، امانت دار اور راستباز انسان کو آخرت میں تو ضرور اجرملے گا لیکن دنیا میں ایسا انسان نقصان میں رہتا ہے۔یہ خیال صحیح نہیں ہے۔بلکہ نیک لوگوں کو سچی عزت اور قلبی سکون حاصل ہوتا ہے ۔ اپنے نیک کاموں کی وجہ سے اس کا نام عزت سے لیا جاتا ہے اور لوگ ان پر بھروسہ بھی کرتے ہیں۔ یہ عزت اور اطمینان قلب ان لوگوں کو کبھی نصیب نہیں ہو سکتا ہے جو نیت کے اور اعمال کے خراب ہوں، بد عہدی اور دھوکہ دھڑی میں ملوث ہوں۔ ایسے ایمان والے مرد و عورت کو جو آخرت میں مرتبہ ملے گا وہ ان کے بہتر اعمال کے لحاظ سے مقرر ہوگا جیسا کہ پچھلی آیت میں صابرین کے بارے میں کہا گیا ہے۔ مثلا ایک شخص نے اپنی زندگی میں چھوٹی چھوٹی اور بڑی بڑی نیکیاں کی ہو ںگی لیکن اسے وہ اونچا مقام عطا کیا جائے گا جس کا وہ اپنی بڑی سے بڑی نیکی کے کے لحاظ سے مستحق ہو گا۔ حیوۃ طیبۃ سے مراد جمہور علماء کے نزدیک دنیا کی پاکیزہ اور با لطف زندگی ہے جو مومن قناعت اور اللہ پر ایمان کے ساتھ بسر کرتا ہے۔اللہ تعالی سورہ رعد میں فرماتا ہے الاء بذکر اللہ تطمئن القلوب ایک دنیا دار انسان دنیا کو حاصل کرنے اور مال و دولت کو بڑھانے میں لگا رہتا ہے اور اس میں حریص ہو جاتا ہے کہ آخرت کو بھول جاتا ہے۔ یہ حرص اسے ہمیشہ بے چین اور پریشان رکھتی ہے جب کہ مومن دل کے اطمینان کے ساتھ اللہ کے فضل کو تلاش کرتا ہے اور جو کچھ ملتا ہے اس پر شکر ادا کرکے حق داروں کا حق ادا کرتا ہے جس سے دل کا ایسا اطمینان نصیب ہوتا ہے جو دولت مند کتنی بھی دولت دے کر خرید نہیں سکتا ہے۔مومن تکالیف اور پریشانیوں میں بھی راحت محسوس کرتا ہے کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا بدلہ عظیم الشان اور دائمی نعمتوں کی صورت میں ملے گا۔ پھر آخرت کا بدلہ تو خوب تر ہے۔
اس آیت سے چار باتیں معلوم ہوئی ہیں۔ ایک تو یہ کہ دنیا اور اخرت کی زندگی کی خوشی اور اطمینان ایمان اور عمل صالح سے حاصل ہو گا۔دوسری بات یہ کہ اللہ کے نزدیک مرد و عورت دونوں برابر ہیں۔ تیسری بات یہ کہ مومن انسان کو دنیا میں بھی پاکیزہ زندگی عطا کی جاتی ہے۔ چوتھی بات یہ کہ آخرت میں ایمان والوں کو بہترین اعمال کے لحاظ سے اجر ملے گا۔

 َفَاِذَا قَرَاۡتَ الۡقُرۡاٰنَ فَاسۡتَعِذۡ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيۡطٰنِ الرَّجِيۡمِ ۞

 اس آیت میں شیطان کے ہتھکنڈوں سے بچنے کی تعلیم دی جا رہی ہے کہ جب تم قرآن پڑھو تو شیطان جو کہ مردود ہے اس کے مقابلے میں اللہ سے مدد مانگ لیا کرو۔قرآن اللہ تبارک وتعالیٰ کی کتاب ہے جسے پڑھنے، سمجھنے اور عمل کرنے کے لئے دیا گیا ہے ۔ شیطان جو کہ انسانوں کا دشمن ہے وہ انسان کو قرآن میں تفکر و تدبر کرنے سےروکنےکے لئے دل و دماغ پر غلط وسوسے کو حاوی کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ کہیں انسان اس راہ ہدایت کو سمجھ نہ لے جو کتاب الہی میں موجود ہے۔ چنانچہ کتاب الہی کو پڑھنے سے پہلے انسان پورے شعور کے ساتھ’ اعوذ باللہ من الشیطان الرجیم‘ پڑھ لیاکرے۔ تاکہ شیطان اس کے غور وفکر اور انہماک میں وسوسہ اندازی نہ کر سکے۔عموما پناہ کسی نقصان پہنچانے والی چیز یا دشمن سے درکار ہوتی ہے اور پناہ ایسی ہستی سے مانگی جاتی ہے جو اس دشمن کے مقابلے میں زیادہ طاقت ور ہو اور پناہ دینے اور محفوظ رکھنے پر پوری طرح قادر ہو۔ لہذا مردود شیطان کی وسوسہ اندازی سے بچنے کے لئے اللہ کی پناہ طلب کرنے کا حکم دیا گیا ہے جس کے آگے شیطان بالکل بے بس ہے۔ گویا یہ کہا جا سکتا ہے کہ قرآن سے صحیح رہنمائی حاصل کرنے کے لئے یہ دعا سکھائی گئی ہے۔صحیح رہنمائی کی دلی خواہش اور عملا کوشش کے ساتھ یہ دعا بھی پڑھنی چاہیے ۔ شکوک و شبہات یا قرآن کے معروف معانی کے خلاف کوئی اور مطلب مراد لینا یا خود ساختہ نظریات بنا کر قرآن کے الفاظ سے دلیل لینا وغیرہ تمام چیزوں سے پرہیزلازم ہے ورنہ پھر انسان قرآن سے ہدایت حاصل ہی نہیں کر سکتا، چاہے کتنا بھی اعوذ باللہ پڑھ لے۔
انّہ لیس لہ سلطان علی الذین آمنوا و علی ربھم یتوکلون اس آیت میں یہ حقیقت بتائی جا رہی ہے کہ شیطان کا زور اور غلبہ صحیح ایمان والوں اور توکل والوں پر نہیں چلتا ہے۔یہ بات تو اللہ تعالیٰ نے شیطان کو بتا ہی دیا تھا ان عبادی لیس لک علیھم سلطان الا من اتبعک من الغاوین بے شک میرے بندے ان پر تیرا کوئی زور نہیں مگر جو گمراہوں میں سے تیرے پیچھے چلے۔
شیطان ان نیک بندوں کو گمراہ کرنے میں لگا رہتا ہے اور بعض اوقات ان پر کچھ اثر بھی ہو جاتا ہے لیکن وہ نیکو کار لوگ اللہ کی مہربانی اور راہ راست پر ہونے کی برکت سے فورا ہی اس کے چنگل سے نکل کر اللہ سے توبہ و استغفار کر لیتے ہیں۔ اس آیت سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ایمان اور توکل علی اللہ سے ہی شیطان کے چنگل اور حربوں سے بچا جا سکتا ہے ساتھ ہی یہ بھی معلوم ہو رہا ہے کہ شیطان کو یہ مہلت تو ضرور ملی ہے کہ وہ لوگوں کو بہکائے اور ورغلائے،لیکن شیطان کو اتنی قدرت حاصل نہیں ہے کہ وہ انسان کو برائی پر مجبور و بے اختیار کر دے یا لازما انہیں گمراہ ہی کر دے بلکہ جب انسان غفلت کا شکار ہوتا ہے تو شیطان کے وسوسوں سے نکل نہیں پاتا۔ اس آیت سے گویا یہ اطمینان دلایا جا رہا ہے کہ شیطان کے فتنے بہت ہی خطرناک ضرور ہیں، لیکن ان سے بچنے کے لئے تدابیر بھی بتادی گئی ہے۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook

2 Comments

  1. Malik TASAWAR HUSSAIN

    Kurane pak ke mutaliq mukammal tase laat jaane ke liye mere channel ko subscribe Karen BEL icon ko jarur dabaen

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے