انسانی معاشرے کو بغور دیکھا جائے توبچوں، نوجوانوں اور بزرگوں میں سب سے زیادہ محروم و مظلوم طبقہ بچوں کا ہی نظر آتاہے۔ والدہ کی توجہ کا منتظر بچہ , والد کی توجہ کا منتظر بچہ،ڑے بھائی بہنوں کی توجہ کا منتظر بچہ ، رشتے داروں اور پڑوسیوں کی توجہ کا منتظر بچہ۔۔ حد تو یہ ہے کہ اپنے ہم عمروں کے ساتھ کھیلنے کودنے اور وقت گزارنے کا منتظر و خواہش مند بچہ !!!
قارئین کے لئے درج بالا سطریں کسی وضاحت کی محتاج نہیں ہیں ۔ خود بچوں کی شب و روز کی مصروفیات اور ان سے وابستہ رشتوں کی اپنی مصروفیات ، ذمہ داریوں اور دلچسپیوںسے ہم واقف ہی ہیں ۔ غور کیجیے کیا ایسے حالات میں والدین اپنے بچوں کی دینی و اخلاقی بنیادوں پر تربیت کرسکتے ہیں، جب کہ وہ اپنے وقت کا بہت کم حصہ اپنی اولاد کے لئے دیتے ہوں، حالانکہ نیک و صالح اولاد ہر ایمان والے والدین کی آرزو ہوتی ہے۔ انبیاء کرام کی تعلیمات کی روشنی میں پتہ چلتا ہے کہ نیک و صالح اولاد کے لئے وہ دعائیں مانگا کرتے تھے۔ حضرت ’زکریا‘ علیہ السلام نے اپنے رب سے بڑی خوبصورت دعاء مانگی تھی۔۔ جس کا ذکر قرآن مجیدکرتا ہے ۔یقیناََ وہ دعاء ہر اس بندہ مومن کے دل کی آرزو ہوتی ہے جو اللہ اور اس کے رسول کی محبت اپنے دل میں رکھتا ہے ۔ قرآنی دعا دیکھئے،
فَهَب لِي مِن لَّدُنكَ وَلِيّا 5
يَرِثُنِي وَيَرِثُ مِن ءَالِ يَعقُوبَ وَجعَلهُ رَبِّ رَضِيّا 6(سورہ مریم)
پس تو مجھے اپنے پاس سے وارث عطا فرما ۔جو میرا بھی وارث ہو اور یعقوب علیہ السلام کے خاندان کا بھی جانشین ہو،اور میرے رب! تو اسے اپنا پسندیدہ بندہ بنالے ۔
اگر ہم بھی اپنے بچوں کو اپنے رب کا پسندیدہ بندہ بنانے کی خواہش رکھتے ہیں تو ہمیں بچپن سے ہی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ان کی تربیت کرنی ہوگی ۔ بچوں کو اسلامی تعلیمات و اقدار صرف اسکول و مکتب تک کے حوالے کرکے یا انہیں تک محدود کرکے نہیں دی جا سکتی ۔۔بل کہ ہر پہلو سے ان کی تربیت کے لئے ضروری اور جائزاقدمات کرنے ہوں گے۔انہیں اسکول و مکتب کے علاوہ دیگرسرگرمیوں سے بھی وابستہ کرانا ہوگا۔کھیل کود، جسمانی سرگرمیوں اور ذہنی سرگرمیوں سے بھی وابستہ کرناہوگا۔اس ضمن میں ہمیں سب سے پہلے بچوں کو ان کےاپنے ہم عمروں کے ساتھ وقت گزارنے کے مواقع ملنے چاہئیں ۔بچوں کو بچوں سے متعلق تنظیموں سے وابستہ کرایا جائے۔قارئین اس سلسلے میں بچوں کی تنظیم’ چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن‘ (سی آئی او)بچوں کی عمدہ تعلیم و تربیت اور ان کے سنہری مستقبل کے سلسلے میں ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کراتی ہے۔ بچوں کا یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جہاں بچوں کو ہر پہلو سےتعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے۔تنظیم اس بات خصوصی طور پراہتمام کرتی ہے کہ بچے ہر ہفتہ گھنٹہ دو گھنٹے اپنے دوستوں و سہیلیوں کے ساتھ خوشگوار ماحول میںوقت گزار سکیں ۔تنظیم اول روز سے بچوں کو نوعِ انسانی کا بہترین نمونہ بنانے کی کوشش کرتی ہے۔
واضح رہے تعلیم کو تنظیم نقصان نہیں پہنچاتی ،بل کہ مدد فراہم ہوتی ہے۔اپنے بچوں کو اس سے پہلے کہ وہ اپنے وقت کا غلط استعمال کرنے لگیں،یا غلط عادات و اطوار کو اپنالیں یا برے دوستوں کی صحبت اختیار کرلیں یاپھر آن لائن خرافات میں مبتلا ہو جائیں یا پھر موبائل گیم کی لت میں پڑ کر کسی طرح کا نقصان اٹھاجائیں، تمام والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے جگر گوشوں کو ’چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن‘ سے جوڑیں ، انہیں ان کے ہمجولیوں کے ساتھ بااخلاق، مہربان و مخلص مینٹورز (مربی)کی تربیت و رہنمائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کریں ۔
الحمدللہ ریاست مہاراشٹر میں ’چلڈرن سرکل‘ کے نام سے گزشتہ کئی عرصہ سے بچوں میں کام جاری ہے ۔ اور اب بچوں میں کام کی ضرورت واہمیت کے پیش نظر اسے باقاعد ہ تنظیم کی شکل دی گئی ہے، جو پورے ملک میں ’چلڈرن اسلامک آرگنائزشن‘ (سی آئی او)کے نام سے کام کر رہی ہے۔دیگر ریاستوں کی طرح مہاراشٹر میں بھی 400سے زائد سرکلز جاری ہیں اور ان سرکلز کو تقریباً 600سے زائد قابل و محنتی مینٹورز (مرد و خواتین) چلاتے ہیں۔ نیزاس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بچوں سے خصوصی لگاؤ رکھنے والے اور بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی ضرورت و اہمیت کو محسوس کرنے والے افراد رضا کارانہ طور پر آگے بڑھ کر اس کا حصہ بن کر اپنے گھروں ، اسکولوں ، مساجد و مکاتب میں اس کی شاخیں قائم کر رہے ہیں ۔ ہم جانتے ہیں کہ اسکول کے محدود احاطے اور بچوں کی کثیر تعداد میں سے مخصوص بچوں کو ہی آگے بڑھنے کے مواقع میسر آتے ہیں، لیکن ’سی آئی او‘ اپنے سرکل پر آنے والے ہربچے کو اس کی صلاحیت کے مطابق مواقع فراہم کرتی ہے ۔ تعلیمی اداروں و مکاتب میں بچے تعلیم تو حاصل کر لیتے ہیں، لیکن تربیت میں جو کمی رہ جاتی ہے اس کمی کو’ سی آئی او‘ پورا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
’چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن ‘یا’ سی آئی او‘ نام کی تنظیم کا مقصد بچوںمیںاسلامی عقائد کو پروان چڑھانا،ان کے دلوں میں اللّٰہ تعالیٰ اور اس کے رسول حضرت محمد ﷺ کے لیے گہری محبت اور تعظیم پیداکر نا ،ان میں اسلامی اخلاق و اقدار کو فروغ دینا اور اجتماعیت کا شعور بیدار کرنا، تاکہ انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں دین قائم ہو ۔ اس کے علاوہ بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کی شناخت کر کے انہیں نشو و نما دينا اور ان کی رہنمائی کرنا ہے، تاکہ وہ نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بناسکیں بل کہ ملک کا ایک اچھا شہری بننے کے ساتھ اپنے رب کا پسندیدہ بندہ بھی بن سکیں۔
ان مقاصد کے حصول کے لیے مقامات کی سطح پر بچوں کے مستقل ہفتہ واری پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں ۔یہ پروگرام چار اجزاء پر مشتمل ہوتے ہیں ۔
Information پہلا معلومات
Actions دوسرا عملی کام
تیسرا مہارتوں کی نشوونما
Skill Development
Entertainment چوتھا تفریح
بچوں کو عملاً دینی و فلاحی سرگرمیوں کو انجام دینے کے مواقع فراہم کرکے مختلف اختراعی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ خصوصی تعطیلاتی کورسوں اور تعطیلات میں دیگر مفید سرگرمیوں کے ذریعے اسلام سے انسیت پیدا کر کے اسلامی تعلیمات پر عمل کے لئے ابھارا جاتا ہے، تاکہ ان کے اندر اجتماعیت کا شعور بیدار ہو ۔
کھیل کود اور مختلف تعلیمی مقابلوں کی وجہ سے بچوں میں مسابقتی زندگی میں نیکی کے کاموں میں سبقت و مسابقت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے ۔ ہر سال پانچویں کلاس کے اسکالر شپ امتحان میں شریک ہونے والے بچوں کے لئے آن لائن کو چنگ کلاس کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔
۔ I need U Parents (والدین کا بچوں کو وقت نہ دے پانے کے رجحان کے خلاف ) کے عنوان سے مختلف سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں ۔
Nomophobia (موبائل نہ مل پانے پر اضطرابی کیفیت ) کی متبادل سرگرمیاں انجام دینے کی کوشش کی جاتی ہیں۔
ڈبہ پارٹی ،عید پارٹی ، صفائی مہم، کلچرل سرگرمیاں، پکنک، بچوں کا مشاعرہ، صدقہ ، کوئز ،ڈرائینگ ،قراءت، تحریری و تقریری اور کھیلوں کے مقابلے وغیرہ منعقد کیے جاتے ہیں۔
مشاہداتی مقصد سے سرکلز بچوں کی اجتماعی فیلڈ وزٹ کراتے ہیں مثلاً MIDC ہاسپیٹل ، اخبار کے دفتر کی وزٹ ، اولڈ ایج ہوم کی وزٹ وغیرہ۔
ہر وہ لڑکا اور لڑکی جس کی عمر 5 تا 14 سال کے درمیان ہے بچوں کی اس تنظیم سے جو بچوں کے ذریعے چلائی جاتی ہے جڑ سکتے ہیں ، ممبر بن سکتے ہیں ۔
10 سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے سرگرمیاں مشترک ہوسکتی ہیں۔ اس عمر کی حد تک مربی کسی بھی صنف سے متعلق ہو سکتا ہے لیکن اس کے بعد لڑکیوں اور لڑکوں کو علیٰحدہ کیا جاتا ہے ۔ تقسیم کے بعد بچوں کے لیے مرد مربی اور بچیوں کے لیے خواتین مربی ہوتی ہیں ۔
مربی اتالیق (مینٹورز) کی نگرانی اور سرپرستی میں تنظیم ہوتی ہے۔ اور شہر کا امیر مقامی اسکا نگراں ہوتا ہے ۔ اس کا تنظیمی ڈھانچہ لچک دار ہو تا ہے ۔ سرکل کی سطح پر مربی کے ذریعے نامزد شده یا خود بچوں سے منتخب شده بچہ اس تنظیم کا لیڈر یعنی صدر ،کپتان، مانیٹر یا CIOآرگنائزر) اور اس کا ایک سکریٹری ہوتا ہے ۔ ان عہدوں کی میقات چھ ماہ یا اس سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے ۔ دیگر کاموں کے لئے بھی بچوں کو ذمہ داریاں دی جاتی ہیں، جس سے ان میں لیڈرشپ کے ساتھ ساتھ اجتماعی زندگی بہتر طریقےسے گزارنے کے لئے درکار خوبیاں پیدا ہوتی ہے ۔
تنظیم کے ذمہ داروں کی کوشش جاری ہے کہ پرائمری اسکولوں ، مکاتب اور مساجد میں لازماً چلڈرن سرکل کے ہفتہ واری اجتماع منعقد کیے جائیں ۔ اس کے لئے تمام مقامی جماعتوں پر یہ تنظیمی ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ’ سی آئی او‘ کے زیادہ سے زیادہ حلقے اپنے شہر کے مکاتب ، مدارس ، مساجد پرائمری اسکولوں اور محلوں میں قائم کرنے کی کوشش کی جائے ۔ان کی توسیع و استحکام پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ ملت کے بچوں کو’ سی آئی او‘ سے جوڑنے کے لئے اپنے اوقات کا کچھ حصہ ضرور مخصوص فرما ئیں ۔ سی آئی او کے ممبران میں اضافے کے لئے تنظیم اپنے منصوبوں کے طئے شدہ پروگرام لیتی رہتی ہے ان ہی میں سہ روزہ ممبر سازی مہم بھی شامل ہے جس کے پیشِ نظر مہاراشٹر میں ’سہ روزہ ممبر سازی مہم‘ ،’’ ہم ایک بنیں گے نیک بنیں گے ‘‘
کے عنوان سے بڑے زور و شور سے 5,4,3 جنوری 2025 کے درمیان منائی جارہی ہے۔ اس مہم میں پوری ریاست سے تقریباً ہر ضلع میں موجود سرکلز اس موقع پر مختلف سرگرمیاں انجام دینے والے ہیں۔جیسے فیملی میٹ، ملاقاتیں ، پیرنٹگ ورکشاپ ، ایکسپو ، مختلف مقابلے ، سی آئی او ممبران کے لئے اجتماعی و انفرادی ملاقاتیں ، چلڈرن کانفرنس کنوینشن وغیرہ اس دوران سوشل میڈیا کا بھی بھر پور استعمال کیا جائے گا ۔ شعبہ کی جانب سے بچوں کے لئے آن لائن کوئز کامپیٹشن بھی لیا جائے گا ۔ اس سہ روزہ مہم کے کنوینر ’مرزا نوید بیگ‘ صاحب پوسد اور معاون کنوینر ’مریم جمیلہ‘ صاحبہ اورنگ آباد ہیں۔ سرپرستوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ ہفتہ میں ایک بار اپنے شہر میں جاری سی ائی او کے سرکلز میں سے قریبی سرکل سے اپنے بچوں کو ضرور جوڑیںْ انہیں لانے لے جانے کا نظم کریں ۔ آپ کی مخلصانہ و بے لوث کوششیں بچوں کے لئے دونوں جہاں کی کامیابی کی راہیں ہموار کریں گی، ان شاءاللہ
یہی طفلانِ مکتب جن سے وابستہ ہے مستقبل
انہیں ذروں کو چمکا کر ہمیں خورشید کرنا ہے
٭ ٭ ٭


0 Comments