عَنْ سَلْمَانَ الْفَارِسِيُّ ، قَالَ :
خَطَبَنَا رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي آخِرِ يَوْمٍ مِنْ شَعْبَانَ فَقَالَ :
’’يَا أَيُّهَا النَّاسُ قَدْ أَظَلَكُمْ شَهْرٌ عَظِيمٌ ، شَهْرٌ مُبَارَكٌ ، شَهْرٌ فِيهِ لَيْلَةٌ خَيْرٌ مِنْ أَلْفِ شَهْرٍ ، جَعَلَ اللَهُ صِيَامَهُ فَرِيضَةً ، وَقِيَامَ لَيْلِهِ تَطَوُّعًا ، مَنْ تَقَرَّبَ فِيهِ بِخَصْلَةٍ مِنَ الْخَيْرِ كَانَ كَمَنْ أَذَى فَرِيضَةً فِيمَا سِوَاهُ ، وَمَنْ أَذَى فَرِيضَةً فِيهِ كَانَ كَمَنْ أَذَى سَبْعِينَ فَرِيضَةً فِيمَا سِوَاهُ . وَهُوَ شَهْرُ الصَّبْرِ ، وَالصَّبْرُ ثَوَابُهُ الْجَنَّةُ وَشَهْرُ الْمُوَاسَاةِ ، وَشَهْرُ يُزَادُ فِي رِزْقِ الْمُؤْمِنِ ، مَنْ فَطَرَ فِيهِ صَائِمًا كَانَ لَهُ مَغْفِرَةً لِذُنُوبِهِ ، وَعِتْقَ رَقَبَتِهِ مِنَ النَّارِ ،. وَكَانَ لَهُ مِثْلُ أَجْرِهِ مِنْ غَيْرِ أَنْ يُنْقَصَ مِنْ أَجْرِهِ شَيْءٌ’’ قُلْنَا : يَا رَسُولَ اللَهِ ، لَيْسَ كُلُنَا يَجِدُ مَا يُفْطِرُ الصَّائِمَ ، فَقَالَ رَسُولُ اللَهِ صَلَّى اللَهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : ’’ يُعْطِي اللَهُ هَذَا الثَّوَابَ مَنْ فَطَرَ صَائِمًا عَلَى مَذْقَةٍ لَبَنٍ أَوْ تَمْرَةٍ أَوْ شَرْبَةٍ مِنْ مَاءٍ ، وَمَنْ أَشْبَعَ صَائِمًا سَقَاهُ اللَهُ مِنْ حَوْضِي شَرْبَةً لَا يَظْمَأُ حَتَّى يَدْخُلَ الْجَنَّةَ ، وَهُوَ شَهْرٌ أَوَّلُهُ رَحْمَةً وَأَوْسَطُهُ مَغْفِرَةٌ ، وَآخِرُهُ عِشْقٌ مِنَ النَّارِ مَنْ خَفَّفَ عَنْ مَمْلُوكِهِ فِيهِ غَفَرَ اللَهُ لَهُ وَأَعْتَقَهُ مِنَ النَّارِ‘‘
(رواه البيهقي في شعب الايمان)
حضرت سلمان فارسی سے روایت ہے کہ ماہ شعبان کی آخری تاریخ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم کو ایک خطبہ دیا، اس میں آپ ﷺ نے فرمایا :
اے لوگو! تم پر ایک عظمت اور برکت والا مہینہ سایہ فگن ہو رہا ہے ۔ اس مبارک مہینہ کی ایک رات (شب قدر) ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس مہینے کے روزے اللہ تعالیٰ نے فرض کیے ہیں اور اس کی راتوں میں بارگاہ خداوندی میں کھڑا ہونے (یعنی نماز تراویح پڑھنے) کو نفل عبادت قرار دیا ہے۔ جو شخص اس مہینے میں اللہ تعالی کی رضا اور اس کا قرب حاصل کرنے کے لیے کوئی غیر فرض عبادت (یعنی سنت یا نفل) ادا کرے گا تو اس کو دوسرے زمانہ کے فرضوں کے برابر اس کا ثواب ملے گا، اور اس مہینے میں فرض ادا کرنے کا ثواب دوسرے زمانے کے ستر فرضوں کے برابر ہے۔
یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے۔یہ ہمدر دی اور غمخو اری کا مہینہ ہے، اور یہی وہ مہینہ ہے جس میں مومن بندوں کے رزق میں اضافہ بھی کیا جاتا ہے ۔ جس نے اس مہینے میں کسی روزہ دار کو اللہ کی رضا اور ثواب حاصل کرنے کی نیت سے افطار کرایا تو اس کے لیے گناہوں کی مغفرت اور آتش دوزخ سے آزادی کا ذریعہ ہو گا اور اس کو روزہ دار کے برابر ثواب دیا جائے گا، بغیر اس کے کہ روزہ دار کے ثواب میں کوئی کمی کی جائے …. آپ ﷺ سے عرض کیا گیا کہ : یا رسول اللہ! ہم میں سے ہر ایک کو تو افطار کرانے کا سامان میسر نہیں ہوتا تو کیا غرباء اس عظیم ثواب سے محروم رہیں گے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ : اللہ تعالیٰ یہ ثواب اس شخص کو بھی دے گا جو دودھ کی تھوڑی لسی سی پر یا صرف پانی ہی کے ایک گھونٹ پر کسی روزہ دار کا روزہ افطار کرا دے ۔رسول اللہ ﷺ نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے آگے ارشاد فرمایا کہ اور جو کوئی کسی روزہ دار کو پورا کھانا کھلا دے اس کو اللہ تعالیٰ میرے حوض (یعنی کوثر) سے ایسا سیراب کرے گا جس کے بعد اس کو کبھی پیاس ہی نہیں لگے گی تا آنکہ وہ جنت میں پہنچ جائے …. اس کے بعد آپ صلعم نے فرمایا: اس ماہ مبارک کا ابتدائی حصہ رحمت ہے اور درمیانی حصہ مغفرت ہے اور آخری حصہ آتش دوزخ سے آزادی ہے ۔اس کے بعد آپ ﷺ نے فرمایا اور جو آدمی اس مہینے میں اپنے غلام و خادم کے کام میں تخفیف اور کمی کر دے گا اللہ تعالیٰ اس کی مغفرت فرما دے گا اور اس کو دوزخ سے رہائی اور آزادی دے دے گا۔ (شعب الایمان للبیہقی)
الحَمْدُ ِلله، ہم جلد ہی رمضان کریم کی با برکت ساعتوں سے مستفیض ہوں گے۔ تو کیوں نہ اس عظیم اور محترم ماہ کے اسقبال کی تیاریاں بھی کرلیں، جس طرح درج بالا حدیث میں اس کی وضاحت کی گئی ہے۔ دراصل رمضان المبارک کے آتے ہی فضاء میں چہار سو خوشیوں کی لہریں دوڑ جاتی ہیں۔ حقیقت میں یہ مہینہ نیکیوں کا موسم بہار ہے۔ یہ ہماری تربیت کا مہینہ ہے۔ امت مسلمہ کی ٹریننگ کا مہینہ ہے۔اللہ سبحانہ وتعالیٰ ہر سال اس ماہ مقدس کے ذریعے انسان کی فطرت کے مطابق تربیت و تزکیہ کا اعادہ کرواتے ہیں، تاکہ اس کے اثرات ہماری زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں طور پر نظر آئیں۔
صیام رمضان
اس ماہ میں روزے فرض کیے گئے ہیں ،جن کا مقصد تقویٰ کی افزائش ہے۔
یا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَى الَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ
ترجمہ: اے لوگو ،جو ایمان لائے ہو، تم پر روزے فرض کر دیے گئے، جس طرح تم سے پہلے انبیا کے پیروں پر فرض کیے گئے تھے۔ اس سے توقع ہے کہ تم میں تقویٰ کی صفت پیدا ہو گی۔
(سورہ بقرہ، آیت ۱۸۳)
روزہ ایک مقدس عبادت اور ہماری روحانی اور اخلاقی تربیت کا بہترین ذریعہ ہے۔ روزے کا اصل مقصد طہارت روح اور تقویٰ ہے۔ آدمی میں ضبط نفس کے ذریعے تقویٰ پیدا ہوتا ہے۔ روزہ انسان میں ضبط نفس پیدا کرتا ہے۔ روزہ انسان کی بنیادی ضروریات اور خواہشات کو لگام دیتا ہے اور اسے اپنے رب اور زندگی کی اعلیٰ حقیقتوں کی جانب متوجہ کرتا ہے۔یہی حیاتِ انسانی کا اصل سرمایہ ہے۔ روزے کے لیے قرآن مجید نے ’صوم‘ لفظ کا استعمال کیا ہے، جس کے لغوی معنیٰ ’احتراز‘، ’اجتناب‘، اور’ خاموشی‘، کے ہیں۔
امام راغب فرماتے ہیں:
صوم کے اصل معنی ’کسی کام سے رک جانے کے ہیں‘، خواہ اس کا تعلق کھانے پینے سے ہو یا بات چیت کرنے اور چلنے پھرنے سے ہو۔ اسی وجہ سے گھوڑا چلنے پھرنے یاچارہ کھانے سے رک جائے تو اسے صائم کہتے ہیں ۔ شاعر کہتا ہے:
خَيْلٌ صِيَامٌ وَ أُخْرَى غَيْرُ صَائِمَةٍ
بعض گھوڑے نہیں کھارہے تھے اور بعض چارہ کھارہے تھے۔
تھمی ہوئی ہوا اور دو پہر کے وقت کو بھی صوم کہتے ہیں، اس تصور کے ساتھ کہ اس وقت سورج وسط آسمان میں رک جاتا ہے۔
اس تشریح سے معلوم ہوا کہ در حقیقت کسی چیز سے رک جانے کی کیفیت کا نام صوم ہے۔ روزہ حقیقت میں اس شخص کا ہے، جو روزے کی حالت میں کھانے پینے اور جنسی خواہش پوری کرنے سے باز رہے، گناہوں کے ارتکاب اور نا پسندیدہ طرز عمل کو ہمیشہ کے لیے ترک کردے۔
روزہ اپنے آپ کو اللہ کے لیے ہر چیز سے فارغ کر لینے اور کامل طور پر اللہ کی طرف متوجہ ہونے کا نام ہے۔ ضبط نفس کے بغیر انسان میں تقویٰ کی کیفیت پیدا نہیں ہو سکتی۔ روزہ ضبط نفس کا ایک موثر اور فطری جذبہ ہے۔ اس کے ذریعے انسان کو اپنی نفسانی خواہشات پر قابو حاصل ہوتا ہے۔
اسلامی عبادات فطری ہونے کے سبب حد درجہ معتدل ہیں۔ اسلام میں روزہ سے مقصود تکلیف و تعذیب جسمانی نہیں، بلکہ اس سے صرف تزکیہ وتربیت اور تقرب الہی مطلوب ہے۔ قرآن پاک میں ارشاد ہوا ہے :
يُرِيدُ اللهُ بِكُمُ الْيُسْرَ وَلَا يُرِيدُ بِكُمُ الْعُسْرَ
’’ اللہ تمہارے ساتھ آسانی چاہتا ہے، وہ تمہارے ساتھ سختی نہیں چاہتا ۔‘‘
(البقرة۱۸:٥)
یہی وجہ ہے کہ اسلام میں ان سخت ترین ریاضتوں کو ممنوع قرار دیا گیا ہے جو مختلف قوموں نے تقرب الہی کے لیے اختیار کی تھیں۔ پہلے روزہ رات دن کا ہوتا تھا۔ روزے کا وقت صبح سے شام تک ٹھہرادیا گیا:
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں:
لا صَامَ مَن صَامَ الأيد. (بخاري ومسلم)
جس نے برابر روزہ رکھا، اس نے روزہ نہیں رکھا ۔
اسلام نے اس سے روک دیا اور ہدایت کی گئی کہ آدمی پر اس کے نفس کا بھی حق ہے اور اس پر اس کے ملنے جلنے والوں کا بھی حق ہے۔ اس لیے وہ روزہ بھی رکھے اور کھائے پیے بھی۔ راتوں کو آرام بھی کرے اور اللہ کے حضور عبادت میں کھڑا بھی ہو۔ مسلسل روزے رکھنا یا اپنے جسم کو بالکل آرام نہ پہنچنےدینا اسلامی تعلیم کے منافی ہے۔
ایک سفر میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دیکھا کہ روزے سے اس کا حال برا ہے۔ لوگوں نے اس پر سایہ کر رکھا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا:
ليس من البر الصوم في السفر ( بخاري ومسلم)
یہ کوئی نیکی نہیں ہے کہ سفر میں ایسا روزہ رکھا جائے جسے عام قوت برداشت نہ کر سکے۔ مسافروں کو اس بات کی رخصت حاصل ہے کہ وہ روزے کو قضا کر دیں اور سفر سے واپسی کے بعد اسے پورا کریں۔ اسی طرح ضعیفوں اور بیماروں، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو بھی شریعت نے رعایت بخشی ہے۔
جس طرح روزے کے زمانے میں دن میں کھانے پینے سے روکا گیا ہے، اسی طرح اللہ کے رسول ﷺ نے یہ بھی فرمایا ہے:
تَسَحَرُوا فَإِنَّ فِي الشَّحُورِ بَرَكَةً (بخاری ومسلم)
’’سحری کھا لیا کرو، کیوں کہ سحری کھانے میں برکت ہے۔‘‘
اسی طرح نبیﷺنے فرمایا
’’لا يَزَالُ النَّاسُ بِخَيْرٍ مَا تَجَلُوا الْفِطْرَ .
(بخاری ومسلم)
’’جب تک لوگ افطار کرنے میں جلد کریں گے ، حالت خیر میں رہیں گے۔‘‘
او پر کی تفصیل سے بہ خوبی اندازہ ہوتا ہے کہ روزہ انسان کے تزکیہ وتربیت کے لیے ہے، اس سے مقصود تعذیب و تکلیف ہرگز نہیں ہے۔ تزکیۂ نفس کے لیے ضبط نفس اور مجاہدہ کی ضرورت پیش آتی ہے۔ روزہ ایک معتدل اور فطری مجاہدہ و ریاضت ہے۔
قیام رمضان
رمضان المبارک کی راتوں میں نماز تراویح تسبیح وتہلیل اور کثرت سے ذکر و فکر میں مشغول رہنا قیام لیل کا تقاضہ ہےکہ
َمن قَامَ رَمَضَاَنَ إِيمَاناً وَاحْتِسَابًا غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ
( جس نے ایمان و احتساب کے ساتھ رمضان میں قیام اللیل کیا، اس کے پچھلے گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔ )
تراویح فرد کی قیام لیل کی تربیت ہے۔ اس میں ایک بندےکو اپنے رب سے تعلق بنانے کا ہہترین موقع مل جاتا ہے۔ اس ماہ مبارک میں فرض کا ثواب ستر گنا اور سنت اور نوافل کا ثواب فرض کے برابر کر دیاجاتا ہے ۔
تراویح کے ساتھ تہجد کا موقع بھی اس ماہ میں بارگاہ ایزدی میں اپنی فریاد رکھنے اور اپنے رب کو راضی کرنے کا بہترین موقع ہےاور پھر یہ تصور کہ فرض کا ثواب سترگنا اور سنت اور نوافل فرض کے برابر فرد میں قیام لیل کے جذبہ کو مزیدبڑھا دیتا ہے۔ ذکر و فکر اور اذکار سے اس قیام لیل کو منور کرنے کا بھی موقع ہمیں مل جاتا ہے۔ اس رمضان تر اویح کو زیادہ سے زیادہ خشوع و خضوع اور زیادہ حضوری اور توجہ و ارتکاز کے ساتھ ادا کرنے کی مشق کر سکتے ہیں۔ ہمارا مقصد ہو کہ اس دفعہ شب بیداری اور راتوں کے قیام کی روحانی کیفیت حاصل ہو۔ رمضان میں ہم قیام لیل کے اس جذبہ کو اللہ کے کلام پر غور و فکر اور اس سے راست تعلق اور بات چیت کی کیفیت ہم رمضان میں زیادہ یکسوئی کے ساتھ پیدا کر سکتے ہیں۔ ہماری یہ کوشش ہو کہ ہم قیام لیل اور تلاوت قرآن کے ذریعہ اللہ سے سرگوشی کرنے کا لطف وسرور حاصل کریں۔آپ ﷺ
کے قیام لیل کی منظر کشی ایک صحابی نے اس طرح کی ہے کہ نبی ﷺ تہجد کی نماز میں کھڑے ہوئے۔ اور ایک آیت کو صبح تک دہراتے رہے۔ وہ آیت یہ تھی
ترجمہ: ’’ اگر تو ان کو عذاب دے تو وہ تیرے بندے ہیں اور اگر تو اُن کو بخش دے تو عزیزو حکیم ہے ‘‘ سورة المائدہ آیت 118
قرآن
رمضان المبارک ’ماہ قران‘ ہے کیونکہ اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے:
شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِي أُنزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ هُدًى لِلنَّاسِ وَبَيِّنَاتٍ مِنَ الْهُدَى وَالْفُرْقَانِ
ترجمہ: رمضان وہ مہینہ ہے، جس میں قرآن نازل کیا گیا ،جو انسانوں کے لیے سراسر ہدایت ہے اور اپنی واضح تعلیمات پر مشتمل ہے، جو راہ راست دکھانے والی اور حق و باطل کا فرق کھول کر رکھ دینے والی ہیں۔
(سورہ بقرہ، آیت ۱۸۵ )
اللہ تعالیٰ کا مقصود ہے کہ جب ماہ قرآن آئے تو ہر مسلمان ہر طرف سے یکسو ہو جائے۔ قرآن پڑھے ۔ اُس پر خوب غور کرے ۔ اپنے گھروں میں بھی پڑھے اور رات کی تنہائیوں میں بھی خدا کے دربار میں یکسو ہو کر کھڑا ہو جائے اور اس قیام میں بھی قرآن پڑھے اور سنے اور اس طرح اس پورے ماہ قرآن کے ساتھ گزارے ۔ سماعت قرآن کے حلقوں کا اہتمام بھی کریں ۔ تاکہ عوام الناس تک اللہ کا پیغام واضح طور پرپہنچائیں ، لیکن ان سرگرمیوں سے ہمارا مقصود یہ ہے کہ ہمیں پتہ چلے کہ
قرآن کا فلسفہ حیات کیا ہے۔۔۔؟
قرآن میں اللہ تعالٰی ہم سے کیا چاہتے ہیں۔؟
ہماری زندگی قرآن کیسی چاہتا ہے ۔۔؟
اس کی ہمیں یاد دہانی ہو جائے۔ معاشرے کے عام طرز پر ختم قرآن سے کیا ہمارے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہوگی، جب تک کہ قران کا صحیح فہم ہم کو نہ ہو ،یہ ہمارے لیے ہدایت کیسے بنے گا اس پر غور کریں۔۔
اعتکاف رمضان
اس ماہ خاصہ میں اعتکاف بھی ہے اس ماہ میںرسول اللہ ﷺ نے پورے تیس دن کا بھی اعتکاف فرمایا ہے اور آخری عشرہ کا بھی اور بیس دن کا بھی۔
روزہ دار ایک طرح سے اپنے آپ کو اللہ کے لیے زیادہ سے زیادہ فارغ کرتا ہے۔ وہ کامل طور پر اللہ کی طرف متوجہ ہونے کی کوشش کرتا ہے۔ اس لحاظ سے اعتکاف اور روزے کے درمیان بڑی مناسبت اور مشابہت پائی جاتی ہے۔ اس لیے رمضان کے آخری دنوں میں اعتکاف کو پسند فرمایا گیا ہے۔ خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری دس روز اعتکاف میں گزارتے تھے۔سیدہ عائشہ صدیقہ ؓنے بیان کیا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کیا کرتے تھے، یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وصال ہو گیا۔ پھر آپ کے بعد آپ کی ازواج مطہرات (بیویاں) بھی اعتکاف کرتی رہیں۔
مرد حضرات کا اعتکاف مسجد میں ہوتا ہے اور وہی ان سےمطلوب بھی ہے۔ خواتین اپنے گھروں میں معتکف ہو سکتی ہیں۔یہ وہ طرز عبادت ہے ،جس میں تمام دنیاوی معاملات سے قطع تعلق کرکے یکسوئی کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرکے اسے راضی کرنے کا موقع مل جاتا ہے ساتھ ہی طاق راتوں میں شب قدر کی تلاش پیش نظر آخری عشرے کی طاق راتوں کا اہتمام بھی کرنا چاہیے نہ جانے کونسی رات شب قدر ہو ۔۔!
القدر
إِنَّا أَنزَلْتُهُ فِي لَيْلَةِ الْقَدْرِ. وَمَا أَدْرَنَكَ مَا لَيْلَةُ الْقَدْرِ. لَيْلَةُ الْقَدْرِ لَيْلَةُ الْقَدْرِ خَيْرٌ مِّنْ أَلْفِ شَهْرٍ. تَنَزَّلُ الْمَلَئِكَةُ بِإِذْنِ رَبِّهِم مِّن كُلِّ أَمْرٍ. سَلَّمْ هِيَ حَتَّى مَطْلَعِ الْفَجر.
(سورہ القدر جز عم)
بے شک ہم نے اس (قرآن) کو شب قدر میں اتارا ہے۔ اور آپ کیا سمجھے ہیں (کہ) شب قدر کیا ہے؟ شب قدر فضیلت و برکت اور اجر و ثواب میں ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس (رات) میں فرشتے اور روح الامین (جبرائیل) اپنے رب کے حکم سے خیر و برکت کے ہر امر کے ساتھ اترتے ہیں۔ یہ (رات) طلوع فجر تک (سراسر) سلامتی ہے۔
حضرت عائشہ صدیقیہ رضی الله عنها سے روایت ہے کہ رسول الله ﷺ نے فرمایا: شب قدر کو رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں، ایک روایت میں ہے: رمضان کی آخری سات طاق راتوں میں تلاش کیا کرو۔
رمضان اس تربیت سےہم میں جہاد کی روح ،ہمدردی ،مواسات، اللہ کی عظمت کا اظہار ،سخاوت، شکرگزاری،عاجزی و خاکساری جیسی صفات پیدا کرتا ہے۔ رمضان المبارک کا ایک پہلو اجتماعی اور سماجی ہے اور ایک پہلو انفرادی ہے۔ ایک پہلو مراسم کا ہے، ایک پہلو اس کی روح ، اسپرٹ اور مقاصد کا ہے۔ دونوں پہلوؤں کی اہمیت ہے۔ دونوں ایک دوسرے کی تقویت کا سامان کرتے ہیں۔ دونوں مل کر ہی مکمل عبادت بنتے ہیں۔ لیکن شاید عملا ہماری زندگیوں میں اجتماعی پہلو غالب ہوگیا اور انفرادی پہلو کم زور ہوتا جارہا ہے ۔ مراسم کا پہلو غالب ہو گیا اور مقاصد اور اسپرٹ کا پہلو دب گیا۔
اللہ تعالی نے اس دفعہ موقع فراہم کیا ہے کہ ہم اس میں توازن قائم کریں اور اس ماہ مبارک کے ذریعے اس کے تمام پہلوئوں کو ہماری زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ بنائیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments