عیب بھی کرنے کو ہنر چاہیے۔۔۔
عزیز قارئین! گزشتہ ماہ ہریانہ کے سونی پت میں واقع ’ اشوکا یونیورسٹی‘ میں نشہ آور اشیاء پر پابندی عائد دی گئی۔ انتظامیہ نے یونیورسٹی کیمپس میں شراب اور سگریٹ پر پابندی عائد کر دی ،نیز اس ضمن میںان کی جانب سےسخت قوانین بھی نافذ بھی کیے گئے ہیں۔
چونکہ سکےکے دو پہلو ہوتے ہیں، لہذا اس معاملے میں بھی ہمیں دونوں پہلوؤں سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ بظاہر دیکھا جائے تو انتظامیہ کی جانب سے یہ ایک عمدہ قدم ہے۔ظاہر سی بات ہے کہ نئی نسل کو نشہ آور اشیا اور ادویات کے استعمال سے روکنا ہے نیز ملک کے سنہری مستقبل کو تاریک ہونے سے بچانا بھی ہے۔۔۔مگر خدشہ یہ ہے کہ جہاں اصلاحی اقدامات میں شدت پسندی آجائے وہاں بغاوت سر اٹھالیتی ہے۔ایسے موقعوں پرانسان باز آجانے کے بجائے چور دروازے تلاشنے لگ جاتا ہے۔
پابندی عائد کرنا ایک اچھا قدم تھا، مگر اس قدر سخت اقدام،ایسی سخت چیکنگ کہ طلباء ایک مخصوص گیٹ سے باہر جائیں گے ،جبکہ جانے اور آنے سے پہلے وہ اپنا بیگ اسکین کروائیں گے اور جیبیں چیک کروائیں گے۔ قارئین کرام! اس قدر سختیاں طلباء کے بھروسے کو اور تعلیمی اداروں پر جو مان ہوتا ہے اسے مجروح کرنے کے لیے کافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ طلباء کے ایک گروہ نے اس چیکنگ کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے اور اسے غیر اخلاقی عمل گردانتے ہوئے اس کی مخالفت میں اترآیا ہے۔
ہوناتو یہ تھا کہ وارننگ دی جاتی، پھر اس کے بعد بھی اگر کوئی نشہ آور اشیاء کا استعمال کرتا ہوا پکڑا جاتا تو اس سے فائن لیا جاتا یا اس کے خلاف کوئی سخت ایکشن لیا جاتا ۔۔،مگر ہمارے ملک کا وہ طبقہ جو اپنی شدت پسندی میں اندھا ہوکر طلباء کو بھی چیک کرے اور ان کے اعتماد اور عزت نفس کو کچل کر نظم و ضبط کی مالا جپے تب ان کی ذہنیت پر سوائے افسوس کے کچھ نہیں ہوتا۔ایسے موقع پر لاشعور سے ایک مصرع گونجتا ہے ’’عیب بھی کرنے کو ہنر چاہیے‘‘
یہ کون سا انصاف ہے اے عرش نشینو۔۔!
قارئین کرام! وطنِ عزیز میں مساجد کو لے کر جس ماحول کو ہوا دی جارہی ہے وہ توجہ طلب ہے۔ بابری مسجد کی شہادت کا غم ملک کے ہر باضمیر مسلمان اور ہر انصاف پسند انسان کے دل میں ہمیشہ تازہ رہے گا۔ مگر ملک کا وہ شدت پسند طبقہ جو مذہب اور انصاف کے نام پر بلڈوزر چلاتا ہے، وہ ماحول بگاڑنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ گیان واپی مسجد کا معاملہ ہو، سنبھل کی جامع مسجد ہو یا متھرا کی شاہی عید گاہ کا معاملہ ان تمام معاملات میں مسلمانان ہند کے حقوق کو غصب کر کے ان پر غلبہ پانے کے ارادے واضح طور پرنظر آتے ہیں۔ ملک کے وہ شدت پسند حکمران جن کے لیے یہ انہدامی کاروائیاں قلبی سکون کا باعث ہیں ان کے ساتھ ان کی اندھی تقلید کرنے والوں کی طرف سے بھی مساجد کے سروے کی نئی نئی ڈیمانڈ زکی جارہی ہیں۔ ساتھ ہی وقف بلکا جو مسئلہ اٹھایا گیا ہے، وہ مسلمانوں کے حقوق غصب کرکے انہیں دوسرے تیسرے درجے کا شہری بنانے کی جانب واضح قدم ہے۔ یہاں تک کہ اب یہ بھی دعوی کیا جارہا ہے کہ اجمیر کی درگاہ کے نیچے بھی مندر ہے۔ دہلی میں دیکھا گیا کہ کورٹ آرڈر کے خلاف جاکر صدیوں پرانی مسجد کو توڑ دیاگیا۔ یہاں تک کہ اب اس ظالم طبقے نے تاج محل اور دہلی کی جامع مسجد پربھی اپنی غلیظ نگاہیں گاڑ دی ہیں۔ ملک میں مختلف جگہوں پر نئی نئی مساجد کے نیچے مندر ہونے کے دعوے پیش کیے جارہے ہیں۔ بلآخر سپریم کورٹ کی جانب سے Places of Worship Act کے تحت بیان جاری کیا گیا ،جس میں صاف طور پر کہا گیا ہےکہ کوئی نئے سروے نہیں ہونگے۔ مگر ان سب کے باوجود شدت پسند عناصر ان مسائل کو عوام کے درمیان ہنوز گرمائے رکھنا چاہتا ہے۔ اس نازک مرحلے میں جہاں کسی بھی وقت فساد کا شعلہ بھڑک سکتا ہے ،ہمیں ضرورت ہے کہ ہم ایک سنجیدہ بیانیے کو عوام کے سامنے رکھیں۔ نفرت کا جو طلسم طاری کیا گیا ہے اس کا فکری و تنقیدی جائزہ لے کر ایک مثبت لائحہ عمل سے اسے کاؤنٹر کیا جائے۔ اس پرآشوب ماحول میں مثبت اور بامعنی فکروں کے ساتھ ایک جامع بیانیہ ملکی عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ خواب غفلت سے دوسروں کو جگانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں اور معاملے کے تمام پہلووں کوپوری حکمت کے ساتھ سمجھنے کی کوشش کریں۔ موجودہ وقت میںہمارے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہم پر فرض ہے، کیونکہ ہمارے ملک میں انصاف کے پردے میں نا انصافی کا چلن ہے۔
یہ کون سا انصاف ہے اے عرش نشینو!
بجلی جو تمہاری ہے تو خرمن ہے ہمارا؟
عالمی منظرنامہ
ڈیپ سیک چائنہ – نہلے پہ دہلہ
عالمی خبروں پر نظر ڈالیں تو سال نو کی شروعات ہی میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بھونچال آیا ہے۔ چائنہ کے اسٹارٹ اپ ڈیپ سیک نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ یہاں تک کہ چیٹ جی پی ٹی کو بھی اس نے مات دے دی ہے۔ یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت ہماری زندگیوں کے ساتھ ساتھ ملازمتوں کو بھی کس تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے۔ یہ ٹکنالوجی کام کے انداز میں انقلاب برپا کررہی ہے۔ عالمی خبروں کے مطابق ڈیپ سیک کی وجہ سے کئی نامی گرامی کمپنیوں کے شئیرز گرے ہیں اور ایک ہی دن میں قریباً 600 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ٹکنالوجی کے میدان میں اب مقابلہ سپرپاور ملک بننے کا بھی ہے ۔ چائنہ کی جانب سے یہ ایک انقلابی قدم ہے۔
کہ خونِ صد ہزار انجم سے ہوتی ہے سحر پیدا
شہرِ عزیمت سے آئی خوشخبری سے دنیا بھر کے مسلمانوں اور خیر خواہوں کا دل جھوم اٹھا۔ بالآخر ایک سال سے زائد عرصے سے ہورہے مظالم کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا فیصلہ ہوگیا۔ اس خبر سے فلسطینیوں میں ایک جشن کا ماحول ہے۔ ان کے چمکتے ہوئےچہروں کو دیکھنا آنکھوں کو ٹھنڈک دے رہا ہے۔ ساتھ ہی قیدیوں کے تبادلے کے وقت جو مناظر کیمرے میں قید ہوئے ہیں وہ کپکپاہٹ طاری کردیتے ہیں۔ ظلم و جبر کے بھیانک دور کے باوجود مردان خدا نے قیدیوں کے ساتھ حسن سلوک کی ایسی زندہ مثال پیش کی ہے جس پر ہر کوئی داد دینے پر مجبور ہے۔ قیدیوں کے خوشی سے چمکتے چہروں نے اور ان کے بیان نے اس حسن سلوک کی تصدیق کردی ہے۔ جبکہ اس کے برعکس مظلوم مسلمان قیدیوں کے ساتھ ظالموں نے جو رویہ اختیار کیا اس پر انسانیت شرمندہ ہے۔ بالآخر اس قدر ظلم و جبر اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد اعلانِ امن تمام مسلمانوں کے لیے سکون قلب ہے۔
امریکہ میں لگی بھیانک آگ
امریکہ میں لگی بھیانک آگ بھی عالمی خبروں کی سرخیوں میں رہی۔ اس آگ میں امریکہ کے حکمرانوں اور بااثر طبقے کا بہت بھاری نقصان ہوا ہے۔ یہ سپرپاور ملک جو اپنے تمام وسائل اور ٹکنالوجی کو لے کر مغرور ہے، اس آگ پر قابو پانے میں ناکام رہا ہے۔ ایک پہلو سے یہ واقعہ اس طرح بھی ہے کہ دنیا کے مظلوم ترین انسانوں کا رنج و الم، ان کی چیخیں اور ان کا درد سمجھنے کے لیے دنیا کے اعلیٰ ترین انسانوں کو قدرت نے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
آجاؤ گے حالات کی زد میں جو کسی د ن
ہو جائے گا معلوم خدا ہے کہ نہیں ہے!
٭ ٭ ٭


0 Comments