فروری ۲۰۲٥
تم بن ہے ویرانہ چمن!

 والدین اللہ سبحانہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں میں ایسی عظیم الشان،ایسی انمول نعمت ہوتےہیں، جن کی عظمت کو باوجود ہزار جتن کے قلم سپردِ قرطاس کرنے سے یکسرقاصر ہے۔ذہن اور قلم دونوں ان کی عظمت و رفعت کو سمیٹ پانے سے محروم رہے ہیں۔
والدین کی موجودگی اور قربت کا ناقابلِ بیان احساس ہمیشہ دل میں طمانیت پیدا کرتا ہے۔طبیعت کو فرحت بخشتا ہے۔ جن کے دم سے ہماری حیات میں قوس و قزح کے رنگ بکھر جاتے ہیں۔یہی نہیں بل کہ ان کی آنکھوں میں اولاد کے سنہری مستقبل سے وابستہ چمکتے دمکتے خواب خاموشیوں کے ساتھ تیرتے رہتے ہیں اور آنکھوں آنکھوں سنہری مستقبل کے خواب اپنی اولاد میں منتقل کرتے رہتے ہیں ۔ یہ وہ آنکھیں اور دل ہیں، جنہوں نے کئی سپنے سجائے ہوئےتھے ، کئی خواب بن رکھے تھے، مگر ان کے نونہال ان کے ادھورے چشم و قلوب کا محور بن جاتے ہیں۔ اولاد کی پرورش کو وہ اپنا اولین ہدف مان لیتے ہیں۔
والدین کے بغیر یہ زندگی ایسی ہے گویا خوشبو کے بنا پھول۔ والدین وہ روشن چراغ ہیں جو اپنی بے پناہ روشنی سے اولاد کی زندگی کے اندھیرے دور کر دیتے ہیں۔ اولاد کا وجود سنوارنے کی تگ و دو میں اپنا آپ گھلا دیتے ہیں۔جہاں ماں کی دعا کا لمس ہر موجِ حوادث کو ٹال دیتا ہے ، وہیں باپ کا عزم و ثبات فولاد سے بھی ٹکرا جانے کا ہنر بخشتا ہے۔ یہ رشتہ سراپا الفت و محبت ہے۔ والدین کی مسکراہٹ میں دنیا کی ساری خوشیاں سموئی ہوتی ہیں ۔ ان میں سے ایک دھوپ ہے تو دوسرا چھاؤں۔ ان کی ہر حرکت و عمل دلوں میں موجود انس و چاہت کے لامتناہی جذبے کا اعلان کر رہا ہوتا ہے۔ جہاں اپنے بچوں کی رفاقت کی خاطر ماں باپ کا دل ہمکتا ہے وہیں ان کی پل بھر کی جدائی اولاد کے دل کو بھی بوجھل کر دیتی ہے۔
بقولِ شاعرؔ

ماں باپ اس جہاں میں سب سے بڑی ہیں دولت
سچ پوچھئے تو دونوں اللہ کی ہیں رحمت

یہ دونوں ہستیاں اولاد کے چہرے پر ایک عدد مسکان بکھیرنے کو ہر شئے سے بالاتر اور عزیز از جان سمجھتے ہیں۔ گھر کو جنت کدہ بنانے میں جہاں ماں تعلیم و تربیت کی روح پھونکتی ہے وہیں دوسری جانب اس جنت کدے کو تقویت بخشنے اور دنیا کی آسائشات سے پُر کر دینے والے شخص کا کردار تنہا باپ نبھاتا ہے۔ ماں کے وجود سے ممتا، بے لوث محبت ، صبر و تحمل ، ایثار و قربانی ، رحم دلی اور نرم مزاجی تو مترشح ہے ہی اسی کے ساتھ ہی اپنی اولاد کی تربیت و اصلاح سے متعلق فکرمندی اس رشتے میں حسین امتزاج پیدا کرتی ہے۔ والد کے اندر پنہاں محبت جس پر ہمیشہ سے ایک احساس ذمہ داری، محافظ ، رہنما و مشیر ، نظم و ضبط کے حامی ، محنت و مشقت اور ہمت و حوصلے کا خول چڑھا ہوتا ہے۔ ان دونوں میں سے کسی ایک کی کمی بھی جہاں کو سونا سونا کر دیتی ہے۔ اولاد تو ان سے اپنا دکھ درد بانٹ کر دل خالی کرلیتی ہے ، سکون و اطمینان کا سانس بھرلیتی ہے مگر ان دونوں ہستیوں کا من جو بظاہر اپنے آپ کو بڑا مضبوط و مستحکم دکھانے کی ہر ممکن سعی کرتا ہے ، گوناگوں خدشات سے گھِر جاتا ہے۔
ہر فرد اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھے کہ کہیں وہ ان عظیم ہستیوں کے ادائیگیِ حقوق میں کسی طرح کی کوتاہی یا پس و پیش سے کام تو نہیں لے رہا ہے۔ ہر باپ کے جھکے کندھے اور ماں کے بالوں میں چمکتے سفید تار کے پیچھے ایک لمبی داستان پوشیدہ ہوتی ہے۔ لمحہِ فکریہ ہے کہ اپنی سانسوں کی ڈور ٹوٹنے سے قبل ہی والدین کے تئیں حسن سلوک کو اپنائیے۔ ان حقوق میں ذرا سی بھی تغافل و تساہل کو موجب ہلاکت بنتے دیر نہیں لگتی۔ اپنا محاسبہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

آفرین ہے والدین کی عظمت پر

رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے