جھینگر کا جنازہ
میری سب کتابوں کو چاٹ گیا۔بڑا موذی تھا۔خدا نے پردہ ڈھک لیا۔ افوہ! جب اس کی لمبی لمبی مونچھوں کا خیال کرتا ہوں ،جو وہ مجھ کو دکھا کر ہلایا کرتا تھا، تو آج اس کی لاش دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔بھلا دیکھو تو قیصر ولیم کی برابری کرتا تھا۔
اس جھینگر کی داستان ہر گز نہ کہتا، اگر دل سے عہد نہ کیا ہوتا کہ دنیا میں جتنے حقیر و ذلیل مشہور ہیں ، میں ان کو چاند لگا کر چمکائوں گا۔
ایک دن اس مرحوم کو میں نے دیکھا کہ حضرت ابن عربی کی فتوحات مکیہ کی ایک جلد میں چھپا ہوا بیٹھا ہے۔ میں نے کہا، کیوں رے شریر! تو یہاں کیوں آیا؟ اچھل کر بولا، ذرا اس کا مطالعہ کرتا تھا۔ سبحان اللہ! بھائی کیا خاک مطالعہ کرتے تھے۔ بھائی یہ تو ہم انسانوں کا حصہ ہے۔بولا، وہ قرآن نے گدھے کی مثال دی ہے کہ لوگ کتابیں پڑھ لیتے ہیں مگر نہ ان کو سمجھتے ہیں نہ اس پر عمل کرتے ہیں ، لہذا و ہ بوجھ اٹھانے والے گدھے ہیں جن پر علم و فضل کی کتابوں کا بوجھ لدا ہوا ہے۔مگر میں نے اس مثال کی تقلید نہیں کی۔خدا مثال دینی جانتا ہے تو بندہ بھی اس کی دی ہوئی بلاغت سے ایک نئی مثال پیدا کر سکتا ہےاور وہ یہ ہے کہ انسان مثل ایک جھینگر کے ہے جو کتابیں چاٹ لیتے ہیں ، سمجھتے بوجھتے خاک نہیں ۔
یہ جتنی یونیورسٹیاں ہیں سب میں یہی ہوتا ہے۔ ایک شخص بھی ایسا نہیں ملتا جس نے علم کوعلم سمجھ کر پڑھا ہو۔
جھینگر کی یہ بات سن کر مجھے غصہ آیا اور میں نے زور سے کتاب پر ہاتھ مارا۔ جھینگر پھدک کر دوسری کتاب پر جا بیٹھا اور قہقہ مار کر کہنے لگا۔واہ خفا ہو گئے، بگڑ گئے۔ لا جواب ہو کر لوگ ایسا ہی کرتے ہیں ۔لیاقت تو یہ تھی کہ کچھ جواب دیتے ، لگے ناراض ہونے اور دھتکارنے۔
ہائے کل تو یہ تماشہ دیکھا تھا۔ آج غسل خانہ میں وضو کرنے گیا تو دیکھا بیچارے جھینگر کی لاش کالی چیونٹیوں کے ہاتھوں پر رکھی ہے اور وہ اس کو دیوار پر کھینچے لیے جاتی تھیں۔
جمعہ کا وقت قریب تھا۔خطبہ کی اذان پکاری جا رہی تھی۔دل نے کہا، جمعے تو ہزاروں آئیں گے، خدا سلامتی دے، نماز پڑھ لینا۔ اس جھینگر کے جنازے کو کندھا دینا ضروری ہے۔ یہ موقعے بار بار نہیں آتے۔
بیچارہ غریب تھا، خلوت نشین تھا، خلقت پر حقیر و ذلیل تھا، مکروہ تھا،غلیظ سمجھا جاتا تھا۔ اسی کا ساتھ نہ دیا تو امریکہ کے کروڑ پتی راک فیلرلے شریک ماتم ہوں گے۔
اگرچہ اس جھینگر نےستایا تھا، جی دکھایا تھا، لیکن حدیث میں آیا ہے کہ مرنے کے بعد لوگوں کا اچھے الفاظ میں ذکر کیا کرو۔ اس واسطے میں کہتا ہوں ، خدا بخشے بہت سی خوبیوں کا جانور تھا۔ ہمیشہ دنیا کے جھگڑوں سے الگ کونے میں ، کسی سوراخ میں ، بوریوں کے نیچے، آبخورے کے اندر چھپا بیٹھا رہتا تھا۔
نہ بچھو کا سا زہر یلا ڈنک تھا نہ سانپ کا ڈسنے والا پھن، نہ کوے کی سی شریر چونچ تھی نہ بلبل کی مانند پھولوں کی عشق بازی۔ شام کے وقت عبادتِ رب کے لیے ایک مسلسل بین بجاتا تھا اور کہتا تھا کہ غافلوں کے لیے صور ہے اور عاقلوں کے لیے جلوۂ طور۔
ہائے آج غریب مرگیا۔ جی سے گذر گیا۔اب کون جھینگر کہلائے گا۔ اب ایسا مونچھوں والا کہاں دیکھنے ،میں آئے گا۔ ولیم میدان جنگ میں ہے ورنہ اسی کو دو گھڑی پاس بٹھا کر جی بہلاتے کہ میری مٹی کی نشانی ایک یہی بیچارہ دنیا میں باقی رہ گیا ہے۔
ہاں تو ’’جھینگر کا جنازہ ہے ذا دھوم سے نکلے‘‘ چیونٹیاں تو اس کو اپنے پیٹ کی قبر میں دفن کردیں گی۔ میرا خیال تھا کہ شکم پرستوں سے اس توکل شعار فاقہ مست کو بچانا اور ویسٹ مسٹرایبے یا قادیان کے بہشتی مقبرہ میں دفن کراتا۔ مگر جناب یہ کالی چیونٹیاں ہیں، افریقہ کے مردم خور سیاہ وحشیوں سے کم نہیں ۔ کالی جو چیز بھی ہو ایک بلائے بے درماں ہے۔ اس سے چھٹکارا کہاں ۔
خیر تو مرثیے کے دو لفظ کہہ کر مرحوم سے رخصت ہونا چاہیےؔ
جھینگر کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے
قیصر کا پیارا ہے اسے توپ پہ کھینچو
اے پروفیسر، اے فلاسفر، اے متوکل درویش ، اے نغمۂ ربانی گانے والے قوال، ہم تیرے غم میں نڈھال ہیں اور توپ کی گاڑی پر تیری لاش اٹھانے اور اپنے بازو پر کالا نشان باندھنے کا ریزولیوشن پاس کرتے ہیں ۔ خیر اب تو تو شکم مور کی قبر میں دفن ہو جا مگر ہمیشہ ریزولیوشن میں تجھے یاد رکھیں گے۔
انشائیہ نگار: خواجہ حسن نظامی
ماخوذ از صنف انشائیہ اور چند انشائیے۔ از ڈاکٹر سید محمد حسنین
٭ ٭ ٭


0 Comments