ملک کے بڑے شہروں سے چھوٹے شہروں تک آمد و رفت کوقدرے آسان بنانے اور ٹریفک جام سے نجات دلانے کے لیے ملک میں نئے نئے فلائی اوور ،ہائی وے اور ایکسپریس وےبنائے جا رہے ہیں ۔متعلقہ محکمہ کی جانب سے ملک کی مختلف ریاستوں میں یہ کام نہایت تیزی سے ہورہا ہے۔ظاہر ہے کہ آمد و رفت کا نظام جب بہتر ہوگا تو شہر سے سے لے کر دیہی علاقوں تک ترقی اور خوش حالی بھی ہوگی۔ملک کے ہر تک یہ ترقی اور خوش حالی پہنچے گی۔
اس سلسلے میں ایک فلائی اوورملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے اترپردیش کی راجدھانی لکھنو کے پرانے علاقے ’نخاس‘ میںبھی تعمیرہو رہا ہے۔اس طرح کی تعمیرات جہاںآج لکھنؤ جیسے شہروں کی بڑی ضرورت ہیں تو وہیںدوسری طرف کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کے لیے یہ تعمیرات فی الحال پریشانی کا سبب بھی بن رہی ہیں۔
اس تعمیراتی کام سے پریشان ہونے والوں میں 65 سال کی’ نجمہ خاتون‘ بھی ہیں۔نجمہ اپنے شوہر’ لال محمد‘ کے ساتھ نخاس علاقے میں سڑک کے کنارے سبزی کا ٹھیلہ لگاتی ہیں۔ نجمہ خود سبزی فروخت کرتی ہیں اور ان کے شوہر اس کام میں ان کی مدد کرتے ہیں۔نجمہ اپنے پیچھےبیٹے ،بہو اور تین پوتے پوتیوں کے ساتھ ایک بھرا پرا خاندان رکھتی ہیں۔
فلائی اوور کی تعمیر کے چلتے انکروچمنٹ ہٹانے کے نام پر’ میونسپل کارپوریشن‘ نجمہ جیسے کاروباریوں کو سڑک کے کنارے دکان لگانے سے یا تو روکتی ہے یا پھر دوسری جگہ دکان لگانے کو کہتی ہے۔ ایسے میں نجمہ کو اپنا ٹھیلا برسوں سے طے شدہ جگہ کے بجائے دوسری جگہوں پر لگانا پڑرہاہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ مہینوں میں ان کا کاروبار کافی متأثر ہوا ہے۔ نجمہ بتاتی ہیں، ’’بہت فرق پڑگیا ہے، خریدار کم آتے ہیں، نئی جگہ پر دکان لگانے سے بس جان پہچان والے ہی خریدار ی کرنے آتے ہیں۔ دوسرے لوگ یا نئے خریدار ہمارے یہاں کم ہی آتے ہیں ۔‘‘
جنوری 2019 میں جب میں نجمہ سے ملا تھا تو تقریبا تین ہفتوں سے وہ اس پریشانی میں مبتلا تھیں۔ حالاں کہ ایسا ان کے ساتھ پہلے بھی کئی بار ہوچکا ہے۔
نجمہ’ الخیر‘ کی ممبر ہیں۔ الخیر کی نخاس برانچ میں ان کا ایک عددکھاتہ ہے۔ الخیر کی ڈیلی کلکٹر’ قریشہ‘ کے سمجھانے پر نجمہ الخیر کی ممبر بنیں۔ الخیر میں ان کا ایک بچت کھاتہ ہے اور وہ وقتاً فوقتاً قرض بھی لیتی رہتی ہیں۔
کوششیں رنگ نہیں لائیں !
نجمہ نے سبزی کاروبار کے لیے بیس ہزار روپے کا پہلا قرض لیا تھا۔ اس قرض سے وہ سبزی تھوک میں خرید کر لائیں، پہلے کے مقابلے میں اس طریقے سے سستا مال ملنے لگا۔ اور ان کی آمدنی اور بچت دونوں بڑھ گئیں۔ اس بیچ انہوں نے تیس تیس ہزار کا دو باری قرض لیا اور وقت پر چکا بھی دیا۔
اس طرح الخیر کے چھوٹے چھوٹے قرضوں سے نجمہ کا کاروبار بڑھنے لگا اور اس طرح ان کا ذہن بڑے قرض کے بارے میں سوچنے لگا۔ الخیر نے بھی نجمہ کے قرض واپسی کے بہتر ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے جنوری 2017 میں ایک لاکھ کے قرض کو منظوری دے دی۔ نجمہ نے قرض کے پیسے سے ٹھیلے کی جگہ سبزی کی دکان خرید لی۔ دکان میں پچاس ہزار روپے انویسٹ کیے۔ مگر افسوس دکان چل نہیں پائی۔ نجمہ بتاتی ہیں، ’’وہیں پر بغل میں مرغ کے گوشت کی دکان تھی، جس سے بدبو بہت آتی تھی اور کوئی خریدار سبزی کی دکان پر زیادہ دیر رک نہیں پاتا تھا، نتیجتاً سبزیاں فروخت ہوئے بغیر ہی خراب ہونے لگیں، دکان نہیں چلی اور سارا کاروبار چوپٹ ہوگیا۔ پچا س ہزار روپے پانی میں چلے گئے۔ ‘‘
بعد میں انہوں نے بغل کے کیمپل روڈ پر’ پرچون‘ اور’ مصالحہ ‘کی دکان کھولی۔ اس دکان کا کرایہ دو ہزار روپے تھا۔ شومئی قسمت یہ دکان بھی نہیں چل پائی۔ نجمہ کی سوچ یہ تھی کہ وہ پرانی جگہ پر اپنا ٹھیلہ لگاتی رہیں گی اور اپنے بیٹے کو روزگار کے لیے دکان دے دیں گی۔ مگر ان کی یہ کوشش بھی کامیابی سے ہم کنار نہیں ہوپائی۔ وہ بجھی ہوئی آواز میں کہتی ہیں، ’’بیٹا دکان نہیں چلا پایا،، ہم بیٹھتے تو شاید چل جاتی۔۔۔ ہماری دو ہی ٹانگیں ہیں، کہاں کہاں پساریں! یہاں ٹھیلہ دیکھیں یا وہاں دکان۔ ابھی ہم ٹھیلہ ہی دیکھتے ہیں، اسی سے گھر کا خرچ چلتا ہے اور قرض کی ادائیگی ہو رہی ہے۔‘‘
نقصان سے ابھرنے کے لیے نہیں ملی کوئی مدد
ایک لاکھ کے قرض کے آدھے پیسے ڈوب جانے پر نجمہ نے الخیرسے دوبارہ قرض مانگا تا کہ کاروبار کو پٹری پر لایا جائے۔ مگر انہیں قرض نہیں ملا۔ وہ کہتی ہیں، ’’ڈیلی کلکٹر قریشہ سے کئی بار پانچ سے دس ہزار روپے قرض کی درخواست کی مگر انہوں نے انکار کردیا اور کہا کہ آپ قرض ادا کرنے میں دیر کرتی ہیں۔ بار بار کی گزارش کے بعد بھی جب انہوں نے انکار کیا تو میں نے قرض مانگنا ہی چھوڑدیا۔‘‘
اس کے باوجود نجمہ قریشہ کے کام کرنے کے طریقے سے بہت خوش ہیں۔ وہ قریشہ کو ایک ایمان دار خاتون بتاتے ہوئے کہتی ہیں، ’’ہماری کوئی بیٹی نہیں ہے، قریشہ کو ہم بیٹی کی طرح مانتے ہیں۔‘‘
نجمہ اچھی طرح سمجھتی ہیں کہ اگر قرض چکانے میں دیر ہو تو الخیر کو پریشانی ہوتی ہے مگر وہ اپنی پونجی ڈوبنے اور الخیر سے کوئی نیا قرض نہ مل پانے کے درد کو چھپا نہیں پاتیں، کہتی ہیں، ’’کیا کروںمجبور عورت ہوں، مردوں کی طرح ٹھیلہ لے کر محلہ محلہ گھوم نہیں سکتی۔اگر ہاتھ میں پیسہ ہو تو کاروبارکچھ آگے بڑھے اور بچت بھی ہوسکے۔‘‘
نجمہ کا سرکاری بینک میں بھی ایک کھاتہ ہے۔ یہ کھاتہ الخیر کے ممبر بننے سے دو سال پہلے کھلوایا گیا تھا۔ مگر انہوں نے کبھی اس بینک سے قرض لینے کی کوشش نہیں کی۔ اس کی وجہ کے بارے میں جب سوال کیا گیا تو نجمہ نے کہا’’ایک قرض ابھی ادا نہیں کر پائے ہیں تو دوسرا کیسے لے لیں۔ جب تک الخیر کی ایک ایک پائی ادا نہیں کردیں گے، تب تک بینک کیا کسی سے بھی قرض نہیں لیں گے۔‘‘ آگے وہ فلسفیانہ انداز میں کہتی ہیں، ’’ہمارا دل بھی گواہی نہیں دیتا۔ جہاں دل لگا ہوتا ہے انسان وہیں جاتا ہے۔ ہم بینک میں پیسے تو جمع کراتے ہیں مگر قرض کے بارے میں کبھی سوچا ہی نہیں۔ الخیر سے ہی ضرورتیں پوری ہونے لگی تھیں، اس لیے بینک کی طرف کبھی دھیان نہیں دیا۔‘‘
نجمہ کے مطابق انہیں قرض لینے کے لیے الخیر کے دفتر کے چکر کاٹنے پڑے ہیں، جس سے کاروبار کے لیے وقت نہیں مل پاتا ہے۔ آگے یہ چکر نہ لگانے پڑیں تو اچھا ہوگا۔
نجمہ نے اپنی پوتی کا بھی بچت کھاتہ الخیر میں کھلوادیا ہے۔ ابھی نجمہ کچھ معاشی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ اس لیے اپنے اور پوتی کے کھاتے میں روزانہ دس دس روپے ہی جمع کرپاتی ہیں۔ پہلے وہ موقع بہ موقع زیادہ رقم جمع کر دیتی تھیں۔ نجمہ سوچتی ہیں کہ یہ رقم ان کی پوتی کے بڑے ہونے پر اس کے مستقبل میں کام آئے گی۔
پرانے اچھے دن لوٹنے کا انتظار
ان پریشانیوں کے بیچ راحت بھری ایک بات یہ دکھائی دی کہ الخیر کا قرض چکانے یا پیسوں کا انتظام کرنے کے لیے وہ اب تک سود خور مہاجنوں کی گرفت میں نہیں آئی ہیں۔ وہ دہراتی ہیں، ’’ہر ایک سے کہنے کی ہمت نہیں پڑتی۔ ایک قرض ادا کرلیں گے تبھی دوسرے کے بارے میں سوچیں گے۔‘‘
ابھی نجمہ کے علاقہ میں تعمیراتی کام چل رہا ہے اور ابھی کچھ اور مہینوں تک چلتا رہے گا۔ انہیں لگتا ہے کہ یہ کام پورا ہونے تک وہ پہلے کی طرح اپنے ٹھیلے کو کسی ایک جگہ جما نہیں پائیں گی۔ ان مشکل حالات کی وجہ سے وہ اپنے کاروبار کے لیے قرض لینے اور جوکھم اٹھانے سے بچ رہی ہیں۔ اور ان کی آمدنی بھی پہلے کی طرح بڑھ نہیں پارہی ہے۔
حالانکہ نجمہ کو بھروسہ ہے کہ کچھ مہینوں بعد ان کے ٹھیلے کے لیے پہلے کی طرح کوئی جگہ طے ہو جائے گی اور پھر وہ اپنا پرانا قرض بھی چکا دیں گی اور ایک بار پھر نیا قرض لے کر اپنے کاروبار کو بڑھائیں گی۔
٭ ٭ ٭


0 Comments