فروری ۲۰۲٥
تبلیغِ اسلام مشن ہے میرا!

یہی عزم لئے نکل پڑےا!
شام کے ساڑھے سات بجے سے تفسیر کی کلاس شروع ہونی تھی۔ کلاس تو ایک گھنٹے کی ہوتی ہے لیکن اس کے بعد بہنوں کے سوالات اور پھر ان کے طمینان بخش جوابات،یہ تمام عمل مزید پون گھنٹہ لے لیتے ہیں۔
سات بج کر 20منٹ ہو گئے ہیں۔ کم و بیش سارے کام ہو چکے ہیں ۔ ہاں بس سبزی بنانا رہ گیا ہے ۔گوسبزی کاٹ چکی ہوں، لیکن اب کلاس کا وقت ہو چلا ہے۔ آٹھ بجے گھر والوں کے کھانے کا وقت ہو جائے گا۔۔۔۔ کیا کیا جائے؟
بچی کو آواز دی اس امید پر کہ اگر اس نے سبزی بنا لی تو بروقت کلاس شروع کر لیں گے، ’’بیٹی ادھر آؤ، یہ دیکھو سب کچھ تیار ہے۔ روٹی، چاول، دال، سلاد وغیرہ۔سبزیاں کٹی ہوئی ہیں تم بس اس کو بھگار لو۔ میری کلاس کا وقت ہو رہا ہے،بچیاںانتظار کر رہی ہوں گی‘‘۔
جتنی آس کے ساتھ آواز دی تھی، اتنی ہی بےزاری سے بیٹی نے جواب دیا: ’’مما کیا ہے۔۔؟ ہر روز کلاس کلاس کیا پڑھاتی ہیں۔۔۔ کتنا سکھائیں گی؟۔۔۔‘‘
مطلب یہ تھا کہ میں سبزی بنانے کے موڈ میں نہیں ہوں۔ یہ جواب غیر متوقع نہیں تھا۔ مسکرا کر بیٹی کی طرف دیکھا اور کہا،’’ بات تو صحیح ہے۔۔ چلو جانے دو، اور پھر اسی مسکراہٹ کے ساتھ آڈیو روم کھول دیا اور کلاس شروع کرتے کرتے سبزی بھی بنا لی۔۔ اور پھر ہاتھ دھو کر پوچھتے ہوئے موبائل اور کتاب لیے کچن سے باہر آگئی ۔
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں تھا۔۔ ایسا تو اکثر ہوتا ہے۔ وہ کلاس کے دوران بہت دور نکل گئی تھی۔ راہیں خاردار ہیں ، مخالفت نے گھیرا ہواہے، لیکن اس ہستی پر توکل۔۔ جس نے اس کام کا مکلف بنایا ہے۔
جب میکے میں تھی اور آزادی کی فضا میں سانس لے رہی تھی، ذمہ داریوں سے کوئی تعلق نہ تھا، تو اس وقت دعوت دین کی ذمہ داری کا بھی احساس کم ہی تھا ،پڑھنا لکھنابھی اتنی سنجیدگی سے نہیں ہوا تھا اور حاصل کیے ہوئے علم کی تبلیغ کی تو جیسےکوئی فکر ہی نہیں تھی۔
اب جب ذمہ داریوں بھرے سفر کا آغاز ہوا تو اس ذمہ داری کا بھی احساس بڑھ گیا، لیکن اس وقت ذمہ داریاں بہت بڑھ چکی تھیں۔ان ذمہ داریوں میں سر فہرست کام یہ تھا کہ وہ رشتے، جو حقیقی نہیں تھے، ان کو حقیقی بنانا تھا۔ امور خانہ داری کو بحسن خوبی انجام دینا ،اس میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔
یہ سب توٹھیک ہے، لیکن ایک الگ فکر گھیرے ہوئے ہے کہ کیا اپنا مقصد پورا کر سکوں گی؟ اپنے مشن میں کامیاب ہو پاوئں گی ۔۔؟پھر بلند حوصله کے ساتھ اس نئے سفر کے لئے زادِ راہ تیار کیا اور نہایت اطمینان سے آگے بڑھ گئی ۔
بلا شبہ مشکلات ہیں، پریشانیاں ہیں، مخالفتیںبھی ہیں، لیکن دعوت و تبلیغ کی فکر سب پرغالب ہے ۔
رکاوٹوں اور مجبوریوں سے مسلسل جنگ ۔۔۔کس طرح کام کو سمیٹ لیا جائے اور کس طرح مطالعے اور اجتماع کے لیے وقت نکال لیا جائے۔۔ کبھی ٹائم ٹیبل بنائے جاتے ہیں، کبھی چٹوں پر لکھ لکھ کر چپکایا جاتا ہے، کبھی وقت کی ترتیب اور ٹائم مینجمنٹ کے لیے یوٹیوب پر سرچ کیا جاتا ہے اور توکبھی کبھی دوسروں سے مشورے بھی کیے جاتے ہیں۔

گھر کے کاموں سے فارغ ہوکر کچھ وقت اپنے آپ کو دیناہے ۔اپنی شخصیت پر بھی توجہ دینا ہے اورشوہر کی خوشیوں کا بھی خیال رکھنا ہے۔ ساس اور سسر کے اپنے حقوق ہیں۔ چھوٹے چھوٹے بچوں کی اپنی ضروریات ہیں نیز گھر کے اپنے تقاضے اورکچن کے اپنے مطالبے ۔۔ ۔۔۔
کبھی یاد دہانی کے لیے چٹ لکھنا اور کبھی چارٹ بنا کر چپکانا تاکہ تعلیم اور تبلیغ کے لیے کچھ وقت نکل جائے ۔رات میں بچے جگاتے تو اس وقت بھی قران لے کر سبق یاد کرنے لگتی۔ دیکھنے والے سمجھتے بچے کو دم کیا جا رہا ہے اور یہاں اپنا سبق یاد ہو جاتا ۔۔۔
کوششوں کے ساتھ تائید الہی شامل تھی
انتظار تھا اگلے مرحلے کا کہ یہ بچے جلدی سے بڑے ہو جائیں اور کام آسان ہو جائے،مگر ایسا نہیں ہوا۔۔۔ اگلا مرحلہ اور مشکل۔۔۔بچوں کی نیپی بدلنا، شیشی بنا کر دینا، گود میں لے کر چلنا،اور راتوں کو جگنا جتنا مشکل تھا اس سے کہیں زیادہ مشکل ان بچوں کی خواہشات كو پورا کرنا اور ان کے اعتراضات کا جواب دینا تھا !
وہ ایک لمبا سفر طے کر چکی تھی۔ ساس سسر کے اعتراضات اور مسکرا کر ان کا مقابلہ، شوہر کی فرمائشیں جنہیں نہایت خوش دلی سے پورا کرنا اور اب بچوں کے ارمان تھے ، ہر لمحہ یہ امید که آنے والا دور اور آسان ہوگا، لیکن ہر دور پہلے سے زیادہ مشکل ہوتا۔ ہر دور کی اپنی مشکلات تھیں ،لیکن اس کو جذبۂ دعوت و تبلیغ سے کوئی روک نہیں سکا تھا۔
اس کی کلاس کا وقت پورا ہو رہا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کی زندگی کی فلم بھی پوری ہو چکی تھی۔ اس نے ایک سرد آه بھری۔۔ مسکرا کر بچیوں کو اللہ حافظ کہا، اگلے کلاس کے لیے وقت متعین کیا اور آڈیو روم بند کر دیا ۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے