فروری ۲۰۲٥
اپنے بچوں کو اردو سکھائیے!!

کیا آپ کے بچے اردو میں لکھنا پڑھنا جانتے ہیں؟ یاد کیجیے کب آپ نے بیت بازی کے مقابلے میں حصہ لیاتھا؟
اردو، جو کبھی ہندوستان کی عدالتوں، ادب اور ثقافت کی زبان ہوا کرتی تھی ، شومی قسمت آج انگریزی کے بڑھتے ہوئے اثرات کی وجہ سے بتدریج اپنی اہمیت کھوتی جا رہی ہے۔ جیسے جیسے دنیا عالمی سطح پر جڑتی جا رہی ہے، انگریزی میڈیم اسکولوں کا رجحان تیز ترہو تا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں اردو کی تعلیم اور استعمال میں کمی آ تی جارہی ہے۔ یہ تبدیلی نہ صرف اردو زبان کے زوال کا سبب بن رہی ہے، بل کہ ہندوستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔

اردو کی ثقافتی اہمیت:

اردو صرف ایک ذریعۂ ارتباط ہی نہیں ہے، بل کہ یہ ہندوستان کی تاریخ، خاص طور پر مغلیہ دور، برطانوی حکمرانی اور آزادی کی تحریک سے جڑی ہوئی ہے۔یعنی یہ زبان ہندوستان کی تاریخ ،تہذیب و ثقافت اور تحریک آزادی ٔ ہند کا حصہ ہے۔
یہ زبان ہمارے عظیم شعراء اور ادیبوں جیسےمیر تقی میر، مرزا غالب،عبد الحلیم شرر،ڈپٹی نذیر احمد،رشید النسا، علامہ اقبال، فیض احمد فیض اور سعادت حسن منٹو کی تخلیقات کی زبان ہے، جو ہندوستان کی پیچیدہ تاریخ اور متنوع ثقافت کی گواہ ہے۔

اردو نہ جاننے کے منفی اثرات:

ہم آج بھی اپنے گھروں میں اردو بولتے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمارے گھروں کا ماحول اردو دوست ہے، نیز ہمارے والدین اردو زبان سے بخوبی واقف ہیں۔مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ آج انگریزی زبان کے اثرات کی وجہ سے ہمارے گھروں کا اردو دوست ماحول دھیرے دھیرے متاثر ہو رہا ہے۔واضح رہے نئی زبان کا سیکھنا قطعی برا نہیں ہے لیکن اپنی کو چھوڑ دینا، یا بولتے ہوئے کمتری محسوس کرنایہ ہمارا منفی رویہ ہے، نیز ہماری اپنی زبان کے تئیںنقصان دہ ہے۔افسوس کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہے کہ آج ہماری زبان کےیہی ہو رہا ہے۔ اگر یہ سلسلہ یونہی جاری رہا اور ہماری آئندہ نسلوں نے اردو سیکھنا چھوڑ دیا، تو وہ دن دور نہیں جب ہماری نئی نسل اردو کو بالکل بھول جائے گی۔

وہ عطر دان سا لہجہ مرے بزرگوں کا
رچی بسی ہوئی اردو زبان کی خوشبو-

بشیر بدر

اردو نہ جاننے کے چند منفی اثرات:

1. ثقافتی ورثے سے بے خبری:

اردو ہمارے ادب، شاعری اور ثقافت کا ایک اہم حصہ ہے۔ اگر بچے اردو نہ سیکھیں گے، تو وہ اس زبان میں موجود عظیم شاعری اور ادبی خزانے سے محروم رہ جائیں گے۔ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، 1981 میں ہندوستان میں اردو پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت رکھنے والے افراد کی تعداد تقریباً 44 فیصد تھی، جو 2011 میں کم ہو کر 18 فیصد رہ گئی ہے۔ اگر یہ رجحان یوں ہی جاری رہا تو مستقبل میں اردو کا وسیع ذخیرہ اور اس کی ثقافتی اہمیت مکمل طور پر معدوم ہو سکتی ہے۔

2. خاندانی روابط میں کمی:

اردو نہ سیکھنے سے بچے اپنے بزرگوں اور رشتہ داروں سے صحیح طور پر بات نہیں کر پائیں گے۔ اس سے خاندانوں کے درمیان فاصلے بڑھ سکتے ہیں اور رشتہ کمزور ہو سکتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق،ہندوستان میں اردو بولنے والے خاندانوں میں تقریباً 60 فیصد بچے اردو پڑھنے اور لکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے، جس کے باعث زبان کے فروغ میں مزید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

3. اسلامی تعلیمات کا فقدان:

 اسلامی کتابوں کا سب سے بڑا ذخیرہ اردو زبان میںموجود ہے۔ قرآن کی تفسیریں، حدیث کی کتابیں اور اسلامی تصنیفات اردو زبان میں دستیاب ہیں۔ تقریبا 70فیصد اسلامی کتب اردو زبان میں ہی موجود ہیں، جب کہ انگریزی میں اس کا تناسب بہت کم ہے۔ اردو نہ سیکھنے سے بچے اس قیمتی ذخیرے سے محروم رہیں گے، نیز نہ جانے کتنی عظیم معلومات سے محروم رہ جائیں گے، جونو جو انوں کی روحانیت اور مذہبی اعتبار سے تعلیم و تربیت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔

4. زبان کی شناخت کا فقدان:

اردو صرف زبان ہی نہیں، بل کہ ایک شناخت ہے۔ اردو سیکھنے سے نہ صرف اپنی زبان کا احترام بڑھتا ہے بلکہ اپنی تہذیب، تاریخ اور معاشرتی اقدار کے بارے میں بھی آگاہی ملتی ہے۔ اگر نسلیں اردو سے دور ہو جائیں گی، تو یہ شناخت کا فقدان پیدا کر سکتا ہے۔

بات کرنے کا حسیں طور طریقہ سیکھا
ہم نے اردو کے بہانے سے سلیقہ سیکھا

منیش شکلا

اردو سکھانے کے چند طریقے:

1. آسان اور دلچسپی سے مواد کا انتخاب:

اردو سکھانے کی غرض سے بچوں کی ابتداآساناور عام فہم الفاظ اور جملوں سے کیجیے۔ جیسے رنگ، اعداد اور جانوروں کے نام۔ اس کے بعد بچوں کی عمر اور دلچسپی کے مطابق مواد کا انتخاب کیجیے۔

2. اردو اخبارات کا مطالعہ:

بچوں کو روزانہ اردو اخبارات پڑھنے کی عادت ڈالیے۔ آپ خود بھی اخبار پڑھیے تاکہ بچے آپ کو اردو پڑھتے ہوئےدیکھ کر اس عمل سے عملی طور پرجڑ سکیں۔ اس کے علاوہ، بچوں کے لیے اردو کے رسائل یا کتابیں بھی خریدیے تاکہ ان کا رابطہ اردو کی تحریروں سے بھی قائم ہو جائے۔

3. اردو کی تحریر سکھائیے:

بچوں کو اردو کے حروف اور رسم الخط سے آشنا کرائیے۔ ابتدا میں حروف کی شناخت اور پھر لکھنے کی مشق کروائیے تاکہ ان کی تحریر میں بہتری آئے۔

4. ٹیکنالوجی کا استعمال:

مختلف موبائل ایپس اور ویب سائٹس کا استعمال کیجے، جو بچوں کو اردو سیکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ بچوں کے لیے مخصوص ویڈیوز اور گیمز بھی زبان سیکھنے کا اچھا ذریعہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

5. اردو میڈیا کا استعمال:

بچوں کو اردو کے کارٹون اور پروگرامز دکھائیے تاکہ وہ زبان سے واقف ہو سکیں۔ اردو ٹی وی چینلز اور ویڈیوز بچوں کے لیے نہایت مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

6. صبر اور حوصلہ افزائی:

اردو سیکھنے میں وقت لگ سکتا ہے، اس لیے بچوں کی محنت کو سراہیے اور ان کی حوصلہ افزائی کیجیے۔ جب بھی وہ کوئی نیا لفظ سیکھیں یا لکھنے میں کامیاب ہوں، ان کی تعریف کیجیے تاکہ وہ مزید محنت کریں۔

حکومت کا کردار:

اردو زبان کو فروغ دینے اور اسے محفوظ رکھنے میں حکومت کا کردار نہایت اہم ہے۔ حکومت نہ صرف تعلیمی اداروں میں اردو کی تدریس کے لیے مناسب اقدامات کر سکتی ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی اس زبان کی اہمیت کو اجاگر کر سکتی ہے۔ حکومت کے چند اہم اقدامات یہ ہو سکتے ہیں:

1. اردو کی تدریس کے لیے پالیسیاں بنانا:

حکومت کو اردو کی تدریس کے لیے تعلیمی پالیسیاں وضع کرنی چاہئیں، جس میں اسکولوں اور کالجوں میں اردو کی لازمی تدریس شامل ہو۔ خاص طور پر انگریزی میڈیم اسکولوں میں اردو کو ایک اہم مضمون کے طور پر پڑھایا جائے۔

2. اردو کے مواد کا فروغ:

حکومت کو اردو زبان کی کتابوں، جرائد، اور تعلیمی مواد کی تیاری اور تقسیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ اس کے ذریعے نہ صرف بچوں کو اردو کی تعلیم دی جا سکتی ہے بل کہ پورے معاشرے میں اردو کے فروغ کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

3. ثقافتی پروگرامز اور ایوارڈز:

حکومت کو اردو کے حوالے سے ثقافتی پروگرامز، تقریبات اور ایوارڈز کا انعقاد کرنا چاہیے تاکہ لوگوں کے اندر اردو زبان کی اہمیت اور اس کی ثقافتی وراثت کے بارے میں آگاہی پیدا ہو سکے۔

4. اردو میڈیا کی حمایت:

اردو کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو حکومت کی جانب سے مالی اور اخلاقی حمایت ملنی چاہیے تاکہ اردو میں معیاری مواد کی تیاری اور فراہمی ہو سکے۔ اردو چینلوں، اخبارات اور ویب سائٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

5. اردو زبان کی ترقی کے لیے تحقیقی اداروں کا قیام:

حکومت اردو زبان کی تحقیق اور ترقی کے لیے مخصوص ادارے قائم کرے جہاں زبان کے لغوی، نحوی، اور ثقافتی پہلوؤں پر تحقیق کی جائے اور نئے تعلیمی مواد تیار کیے جائیں۔

6. اردو کی عالمی سطح پر تشہیر:

اردو کی عالمی سطح پر تشہیر کے لیے حکومت کو بین الاقوامی فورموں پر اردو کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ اردو کو دوسری زبانوں کے ساتھ ایک عالمی زبان کے طور پر متعارف کرانے کے لیے عالمی اداروں اور سیمینارز میں اس کی تشہرکی جا سکتی ہے۔

نتیجہ:

سیکڑوں اور بھی دنیا میں زبانیں ہیں مگر
جس پہ مرتی ہے فصاحت وہ زباں ہے اردو

اردو ہماری ثقافت، تاریخ، اور شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس زبان کو زندہ رکھنے اور اگلی نسل تک منتقل کرنے کے لیے ہمیں اسے اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، اور روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ حکومت، والدین، اور معاشرہ مل کر اردو کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں تو یہ زبان ہمیشہ کے لیے محفوظ رہ سکتی ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے