’حسد‘اک روحانی بیماری ہے، جو تمام نیک اعمال کو تلف کردیتی ہے، نیز بندے سے وجہ ’عملوالصلحت‘ کی توفیق بھی چھین لینے کا موجب بنتی ہے !
حسد کا تعلق قلب سے ہے۔حسد ایک ایسے عجیب غریب جذبے کا نام ہے جو کسی کے پاس کوئی نعمت، کوئی لیاقت یا کوئی صلاحیت دیکھ کر قلب کو منفی جذبات کے تحت بھڑکا دیتا ہے۔ یعنی حاسد کے قلب کو منفی جذبات کے تحت بے چین وبے قرارکردیتاہے۔حاسد اس کیفیت کے زیرِ اثرچیخ چیخ کرکہہ اٹھتا ہے، خدایا۔۔! صاحب استطاعت سے موجودہ نعمتیں چھن جائیں، بھلے ہی یہ نعمتیں مجھےملیں نہ ملیں۔ یہ منفی جذبہ درحقیقت ایک باطنی بیماری ہےجو روح کو فاسد کر دیتی ہے۔ عموماًیہ بیماری ایسے افراد میں پنپتی ہے جو نفسیاتی طور پر کہیں نہ کہیں محروم ہوتے ہیں۔محرومی نفسیاتی بیماریوں کے ساتھ ہی روحانی بیماریوں کی بھی وجہ بنتی ہے۔
معاشرے میں تیزی سے پھیلنے والی روحانی بیماریوں میں حسد ایک عام بیماری ہے، جس میں لوگوں کی اک بڑی تعداد دانستہ و نادانستہ مبتلا ہوچکی ہے۔۔۔!
ہر آدمی دوسرے کی جڑ کاٹنے میں مصروفِ ہے۔۔۔باوجود اس امر کو جاننے کے کہ حسد ایک مکروہ فعل ہے۔۔۔آسمان و ازمین پر سرزد ہونے والا پہلا گناہ حسد ہے۔۔!
حسد ہی کی وجہ سے کئی ظاہری اور باطنی بیماریاں وجود میں آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حسد کو’ ام الامراض‘ کہا جاتا ہے۔ایک مقام پر رسوم اللہ ﷺ نے فرمایا تھا:
’’حسد ایمان کو اس طرح بگاڑ دیتا ہے جیسے ایلوا شہد کو بگاڑ دیتا ہے‘‘۔ نیز یہ کہ حسد نیکیوں کو بجھادینے کا موجب ہے۔
ابوہریرہؓسے روایت ہےکہ حسد سے بچو، کیونکہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھاجاتا ہے جس طرح آگ لکڑیوں کو کھاجاتی ہے۔!
کہا جاتا ہے کہ حسد بیماریوں کی ماں ہے۔
یقیناً ایسا ہی ہے۔کیونکہ جب حسد آدمی کے قلب میں پیدا ہوتا ہے تو آدمی کے ایمان کو فاسد کردیتا ہے۔حسد اللہ و رسول کی ناراضگی کا موجب ہے۔ حسد کی وجہ سے ایمان کی دولت چھن جانے کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے۔نیکیاں ضائع ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔حاسد اگرچہ نیکیاں کرتا ہے لیکن نیکیوںکے ثواب سے محروم ہوتا ہے۔حاسد کی دعا قبول نہیںہوتی،اور حاسد کا ایک نقصان یہ ہوتا ہے کہ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بھی مفقود ہوجاتی ہے۔۔!
اگر کوئی اپنے قلب کو اس بیماری سے پاک کرنا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ حسد سے بچنے کے جوچند اصول ہیں، اُنھیں اپنائے۔
رب کی تقسیم پر راضی رہے۔اپنی نعمتوں پر نظر رکھے، دوسروں کی نہیں۔
حاسد نظروں کو پُررشک نظریں بنانے کی کوشش کریں۔
دوسروں کی خوشی میں خوش رہے۔
ایک آخری اور اہم بات ذہن میں رکھیےکہ وہ شخص کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتا جو دوسرے کی جڑیں کاٹنے میں مصروف ہوتا ہے، بلکہ حسد کی آگ میں جلنا اس کامقدر ہوجاتا ہے
لہذا حسد جیسی مہلک بیماری کی گرفت سے بچیں ،جس قدر بھی بچ سکیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments