دسویں اور بارہویں کے امتحانات کی تاریخیں قریب آرہی ہیں۔ یہ تاریخیں (جن میں آپ کے امتحانات منعقد ہوں گے)آپ کی زندگی کا ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہیں۔دسویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات آپ کے تعلیمی سفر کا سنگ میل ہیں۔یہ صرف امتحانات یا صرف نمبروں کا کھیل نہیں ہیں،بل کہ آپ کے کامیاب مستقبل کی ضمانت ہیں۔یہ امتحانات آپ کی محنت، عزم اور ثابت قدمی کا امتحان ہیں، لیکن ایک ذرا ٹھہریے،یہاں ایک راز چھپا ہوا ہے جو آپ کی حقیقی کامیابی کے دروازے کھولنے کی کنجی بن سکتا ہے۔وہ راز کیا ہے۔۔ آپ کی’ سوچ اور تیاری کا طریقہ‘ ۔ امتحان کے اس موسم میں طلبہ اور طالبات کوبے جا دباؤ اور الجھن کے بجائے اپنی تمام تر توانائیوں اور مہارتوں کا استعمال کرنا ہوگا۔ یاد رکھیے یہ امتحانات آپ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ ہیں۔تو آئیے ہم آپ کے اس امتحانی سفر کو مزید دلچسپ اور مزید کامیاب بنانے کے لئے کچھ مفید باتوںاور دلچسپ نکات پر بات کرلیتے ہیں۔
1 )اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیے:
آپ کی کامیابی کا پہلا قدم یہ ہے کہ قبل اسکے کہ آپ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے بارے میں سوچیں ، آپ اپنے خوابوں کو واضح طور پر دیکھنے کی کوشش کیجیے۔یعنی کامیاب مستقبل کے تئیں آپ کا نظریہ یا آپ کا ایجنڈہ بالکل واضح ہونا چاہیے۔مستقبل کو لے کرآپ کے ذہن میں کسی طرح کی کشمکش نہیں ہونی چاہیے۔ آپ دسویں اور بارہویں امتحانات کے بعدکیا بننا چاہتے ہیں؟کیا آپ ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں؟۔۔ یا انجینئر ؟۔۔ایک ماہرِ نفسیات؟۔۔یا پھرکچھ اور۔۔موجودہ زمانہ جدید ترین علوم و فنون اور ٹینکالوجی کا ہے،ایسے میں آپ کے خواب علوم و فنون اور ٹیکنالوجی کے مختلف میدانوں میں نئی بلندیوں کو چھونا ہے۔۔ بہرحال ایسے تمام خوابوں کا آغاز انہی امتحانات کے پلوں سے گزر کر ہوتا ہے۔
یاد رکھیے آپ جو کچھ بھی بننا چاہتے ہیں، اس کے لئے سب سے پہلے آپ کو خود پر یقین کرنا ہوگا۔اپنے مقصد کو ایک واضح اور حوصلہ افزا تصویرکی شکل میں اپنے ذہین میں تشکیل دینا ہوگا۔ آپ کے لئے ضروری ہوگا کہ ہمہ وقت یہ تصویر آپ اپنی نظروں کے سامنے رکھیں۔ایسا کرنے سے آپ کوآپ کے چنے ہوئے میدان میں محنت کرنے کے لئے حوصلہ ملے گا۔آپ خود کو مہمیز کر سکتے ہیں۔
بچوںیہ امتحانات آپ کو،آپ کی کامیابی کے دروازے کھولنے کےمواقع فراہم کرتےہیں۔ان امتحانات کو اپنے خوابوںکو شرمندۂ تعمیر کرنے کے لئے ایک سنہری موقع سمجھیں ۔ اس موقع کو ہرگزضائع نہ ہونے دیں۔
2)بہترین حکمت عملی کے ساتھ تیاری کریں:
اب جب آپ نے اپنے خوابوں کا بلیو پرنٹ نکال لیا ہے تو اس کا اگلا قدم یہ ہے کہ آپ ان خطوط پر اسمارٹ طریقے سےمحنت کریں،نیزاپنے وقت کا صحیح استعمال کریں۔محنت اور حکمت عملی کا امتزاج ان شا اللہ آپ کو کامیابی کے راستے پر یقیناًلے جائے گا۔
٭اپنے مطلب کی حکمت عملی درج ذیل کے مطابق تیار کرنا:
i)دن کا آغاز بہتر طریقہ سے کیجئے:
صبح کا وقت ذہن کو تروتازہ رکھنے کا ہوتا ہے۔ اس وقت آپ کا دماغ تازہ دم ہوتا ہے اور وجود توانائیوں سے بھرا ہوتا ہے ۔تو اس وقت مشکل یا اہم مضامین پر توجہ مبذول کی جاسکتی ہے۔
ii)مطالعہ کے وقت کو بلاک کریں:
ہر مضمون کے لئے وقت مقرر کریے۔یعنی دن بھر میں مختلف حصوں میں مختلف مضامین کی پڑھائی کیجیے،تا کہ آپ کے دماغ کو بوریت محسوس نہ ہو۔
iii)سکون دہ ماحول:
پڑھنے کے لئے ایک ایسی آرام دہ اور قدرے پرسکون جگہ کا انتخاب کیجیے، جہاں آپ کو کسی قسم کی مداخلت نہ ہو۔اپنی پوری توجہ پڑھائی پر مبذول کر سکیں۔
iv)ریکارڈ رکھیے:
آپ جو کچھ بھی سکھیں، اسے لکھیے یا پھرنوٹ کرلیجیے۔اور اپنے ذہن میں ان چیزوں کو محفوظ کر لیجیے، جنہیں آپ نے سیکھا ہے۔یہ حکمتِ عملی آپ کو’ ٹائم مینجمینٹ‘ میں مدد کرے گی ۔اور آپ کو دباؤ کا سامنا کرنے کے بجائے سکون سے امتحانات کی تیاری کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔
3) سیکھنے کو مزید دلچسپ اور تخلیقی بنائیے:
مطالعہ صرف صفحات کو الٹنے پلٹنے کا نام نہیں ہے۔ یہ ایک تخلیقی عمل ہے، اور اگر آپ اسے مزے دار اور دلچسپ بنائیں گے تو یہ آپ کے لئے زیادہ موثر اور زیادہ مفید ہوگا۔اپنے مطالعے کو بوریت سے بچانے کے لئے آپ درج ذیل طریقوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔
i) ویژولائزیشن کی طاقت:
جب آپ کسی پیچیدہ مضمون کو پڑھیں تو اسے بصری شکل میں تبدیل کرنے کی کوشش کریں۔ذہنی نقشے (Mind Maps) ،چارٹس یا گراف کی مدد سے آپ معلومات کو بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں۔
ii)پریکٹس اور جائزہ:
پچھلے سالوں کے سوالات حل کریں اور مختلف نوعیتوں سے ٹیسٹ لیں۔تا کہ آپ کی تیاری میں اضافہ ہو اور آپ امتحانات کے لئے تیار ہو جائیں۔
iii)ٹیکنالوجی کا استعمال:
آن لائن ویڈیو، ایپس اور سائٹسٹ، Chatgpt آپ کے مطالعے کے تجربے کو مزید دلچسپ بناسکتے ہیں۔آپ یوٹیوب پر مختلف موضوعات پر ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں یا آن لائن کوئز میں حصہ لے سکتے ہیں۔یہ طریقے آپ کے سیکھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں گے اورآپ کوبوریت سے بھی بچائیں گے۔
4)ذہنی سکون اور مثبت سوچ:
امتحانات کے دوران ذہنی سکون اور خوشگوار مثبت سوچ انتہائی ضروری ہے، کیونکہ جب آپ ذہنی طور پرپُر سکون رہیں گے تب آپ کی کارکردگی بھی زیادہ بہتر ہوگی۔امتحانات کا دباؤ آپ کے دماغ کو مفلوج کر سکتا ہے،لیکن اس سے نمٹنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے آپ کو مثبت اور مطمئن رکھیں۔
٭ذہنی سکون کے کئے چند تجاویز:
i)مراقبہ اور سانس کی مشقیں:
بچوں کو چاہیے کہ روزآنہ دس منٹ کا وقت نکال کر مراقبہ کریں یا گہری سانسیں لیں۔یہ آپ کے دماغ کو پر سکون کرنے میں مدد دے گی۔
ii)خود کو انعام دیں:
ہر کامیاب مطالعہ سیشن کے بعد اپنے آپ کو انعام دیں۔یہ انعام چھوٹا سا ہو سکتا ہے، جیسے پسندیدہ کتاب پڑھنا، موسیقی سننا یا کسی دوست سے باتیں کرنا۔
iii)مثبت سوچ اپنائیے:
اگرآپ کا ذہن منفی سوچوں میں ڈوبا ہواہے تو یاد رکھیےآپ کواپنی منفی سوچ کو مثبت سوچ میں بدلنا ہوگا۔یعنی آپ کو مثبت خود کلامی جیسے کہ ’’میں یہ کر سکتی ہوں‘‘ ،’’میںاپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گی‘‘،’’میں یہ امتحان کامیابی کے ساتھ پاس کرسکتی ہوں‘‘۔مثبت فکر آپ کی کامیابی کی بنیاد ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ مثبت فکروں کو اپنائیں اوراپنے حق میں مثبت جملوں کو دہرائیں۔یہ طریقہ نہ صرف آپ کے ذہنی سکون کو بڑھائے گا ،بل کہ اس سے آپ اپنے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے مکمل تیار ہو جائیں گے۔
5)صحت کا خیال رکھیے:
امتحانات کی تیاری کے دوران اکثر طالب علم اپنی جسمانی صحت کو نظر انداز کر دیتے ہیں،جو یہ ایک سنگین غلطی ہے۔ایک اچھا دماغ ایک تندرست جسم میں ہی رہ سکتاہے۔اچھی صحت ہی وہ بنیاد ہے، جس پر آپ اپنے امتحانات میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔اسلئے ضروری ہے کہ
i )کم از کم7-8 گھنٹے کی نیند روزآنہ ضرور لیں۔
ii)غذائیت سے بھر پور کھانے جیسے سبزیاں، پھل اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
iii)روزآنہ تھوڑی دیر کے لئے واک یا کسی ہلکی پھلکی ورزش کو اپنی روٹین کا حصہ بنائیں۔یہ آپ کو توانائی فراہم کرے گی اوراس سے آپ کے ذہنی سکون میں اضافہ ہوگا۔
6)خود پر یقین رکھیں:
آپ کا سفر ابھی شروع ہوا ہے اور اس سفر کی ہر کامیابی آپ کے لئے ایک نیا دروازہ کھولے گی۔ امتحانات کی تیاری کا عمل صرف ایک لمحے کی بات نہیں بلکہ یہ آپ کی پوری زندگی کی کامیابی کے لئے ایک قدم ثابت ہوگا۔ آپ نے جو کچھ سیکھا ہے وہ آپ کو آپ کی زندگی کے مقصد کے قریب لے جائے گا۔
٭یاد رکھیں:
i)اپنے خوابوں پر یقین رکھیں:
یہ امتحانات آپ کی کامیابی کے راستے کی پہلی سیڑھی ہیں۔
ii)محنت اور لگن کا کوئی متبادل نہیں:آپ جتنا زیادہ محنت کریں گے اتنا ہی آپ کامیاب ہوں گے۔
iii)خود پر یقین رکھیں:
آپ کے اندر وہ تمام صلاحتیں ہیں جو آپ کو کامیاب بنانے کے لئے ضروری ہیں۔ یہ وقت ہے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا۔دسویں اور بارہویں کے امتحانات میں کامیابی آپ کے مستقبل کی ایک اہم بنیاد ہوگی ۔تو اس موقعے کو ضائع نہ ہونے دیں اور اس موقعے سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔
نامی کو ئی بغیر مشقت نہیں ہوا
سو بارجب عقیق کٹا تب نگیں ہوا
٭ ٭ ٭


0 Comments