ہم سایوں کے درمیان بڑھتے فاصلے اور اسلامی تعلیمات

انسانی آبادی کی دیہاتوں سے شہروں اور شہروں سے میٹرو شہروں کی جانب منتقلی نے شہروں کی ہیئت تبدیل کردی ہے۔ کل تک جو شہر تھے آج بڑے شہر اور جو بڑے شہر تھے وہ میٹرو سٹیز کے زمرہ میں شمار ہونے لگے۔ میٹرو شہرصنعتی وتجارتی ترقی کے وسائل اور لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع ہونے کی وجہ کشش بنے ہوئے ہیں، نیز ٹکنالوجی، معاشی سرگرمیاں اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی فراوانی، تعلیمی مواقع جیسے اسباب سے دیہی وشہری آبادیوں کی میٹرو سٹیز میں منتقلی کے رجحان میں روز افزوں اضافہ ہوا ہے۔ گھنی آبادی، رہائشی مکانات میں جگہ کی تنگی، تیز تر زندگی کی مصروفیات، ملازمت کی جگہ پہنچنے کے لیے کئی کئی گھنٹے کا روزآنہ سفر، مختلف علاقوں سے نقل مکانی کرکے شہروں کی جانب منتقلی اور ایک دوسرے سے اجنبیت کی وجہ سے لاتعلقی کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں۔ میٹرو شہروں میں پڑوسیوں میں جہاں مکانی قربت بڑھی ہے، دروازوں اور گھروں کے فاصلے گھٹ گئے ہیں، وہیں یہ قربت تعلقات میں کم ہوتی جارہی ہے۔ ایک ایک اپارٹمنٹ میں ایک ایک محلہ سموتا جارہا ہے، لیکن دلوں کی دوریاں بڑھتی جارہی ہیں۔

خوش حالی کے خواب کی تعبیر

میٹرو شہری زندگی کے اپنے مسائل ہیں۔ ایک بہتر زندگی کا خواب آنکھوں میں سجا کر شہر کا رخ کرنے والے جہاں اپنوں سے دور ہوتے ہیں، وہیں نیا شہر اور اجنبیت کا احساس اور مصروف زندگی کے گھن چکر میں الجھ کر رہ جاتے ہیں۔ یہ صورت حال اس وقت اور زیادہ بھیانک محسوس ہوتی ہے جب کوئی ناگہانی حالات کا شکار ہوتا ہے، کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ یہ آنکھوں دیکھی حقیقت ہے کہ بسا اوقات پڑوسی کے دروازہ پر جنازہ دیکھ کر لوگوں کو پڑوس میں انتقال کا علم ہوتا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہی وہ زندگی ہے جس کا خواب سجائے لوگ شہر اور شہر سے میٹرو شہر کی منتقلی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کا جواب یقیناً نہیں میں ہی ہوگا، کیوں کہ لوگ معاشی ترقی کا خواب دیکھتے ضرور ہیں، لیکن اس کی تعبیر میں انسانی تعلقات سے تہی دست ہوکر تنہائی اور اکیلے پن کا شکار ہونے کا تصور نہیں تھا۔ شہری زندگی میں ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ مسائل اور مصروفیات کی بہتات انسانی تعلقات کو متاثر کرنے لگ جاتے ہیں اور اگر مادیت کا غلبہ ہو تو یہ تعلقات ثانوی درجہ اختیار کرلیتے ہیں۔ میٹرو شہروں کے رہنے والوں کے لیے رشتہ داروں سے دوری کے نتیجہ میں پڑوسیوں سے قربت بڑھ سکتی تھی، لیکن ایسا عموماً بہت کم ہوتا ہے۔ اس کا تعلق انسان کے طرز فکر سے بہت گہرا ہوتا ہے۔ یقیناً وہ لوگ جو انسانی روابط کی قدر کرتے ہیں، ان کے یہاں انسانی قدروں کا احترام پایا جاتاہے۔ لیکن جو لوگ میٹرو شہروں میں منتقلی کو اپنی ایسی کامیابی کا زینہ سمجھتے ہیں، جو ان کی زندگی کو سابقہ زندگی سے یکسر بدل دے، بالفاظ دیگر اپنی سابقہ روایات سے خود ہی شرمندہ ہیں۔
انابیہ جب اپنے شوہر کے ہم راہ ممبئی منتقل ہوئیں تو اپنی ساس کو بھی ساتھ لے آئیں۔ رات دن پڑوسیوں سے خوشی وغم بانٹنے والی خاتون اپنے بیٹے وبہو کے ساتھ شہر میں آکر رہنے لگیں، تو ان کو یہ گھر قید خانہ لگنے لگا۔ وہ اپنی ملنسار طبیعت کے ہاتھوں مجبور ہوکر پڑوسی کی تلاش میں بازو کے فلیٹ کے دروازہ کو حسرت سے دیکھا کرتیں اور ایک دو مرتبہ بہو سے پڑوسیوں سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تو انابیہ نے ان کو صاف صاف کہہ دیا کہ شہر میں ایسے ہی رہنا ہوتا ہے۔ یہاں گاؤں کی طرح ایک دوسرے سے ملنے ملانے کا رواج نہیں رہتا۔ ماں نے بیٹے سے ایک دوبار دبی زبان میں اس خواہش کا اظہار کیا تو بیٹے نے بھی شہر کے طور طریق پر ایک لمبا لکچر دے کر خاموش کردیا۔ اب اس خاتون کا دل شہر میں رہنے کو تیار نہیں۔ وہ واپس اپنے گھر جانا چاہتی ہے۔ بیٹے کو ان کا واپس جاکر گاؤں میں رہنا پسند نہیں کہ لوگ ماں کو اکیلی گاؤں میں رکھنے پر کیا کہیں گے۔ اس صورت حال نے اس خاتون کو مختلف امراض کا شکار بنادیا اور دھیرے دھیرے ذہنی صحت بھی متاثر ہوتی گئی۔ان کی بگڑتی صحت کو لے کر بیٹا بہو بھی پریشان ہیں۔ یہ صورت حال ہم کو عموماً ان خاندانوں میں نظر آتی ہے جن کے یہاں نظریاتی بحران پایا جاتاہے، جو میٹرو شہروں کی منتقلی کو اپنی زندگی کی مکمل تبدیلی سمجھتے ہیں اور اپنی جڑوں اور روایتوں سے خود کو کاٹ لینا ترقی سمجھتے ہیں۔ یہ رجحان نئی جنریشن میں اور زیادہ شدت سے منتقل ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ بے بس کی وجہ سے خود بھی متاثر ہوتے ہیں، مشکلات اٹھاتے ہیں۔ سماجی طور پر تنہائی کا شکار ہوکر خود پر ایک ایسا بوجھ لاد لیتے ہیں جو ان کی زندگیوں کو مشکل بنا دیتا ہے۔ عابدہ بانو کی طبیعت مستقل خراب رہتی ہے۔ مالی حالت غیر مستحکم ہے۔ شہر میں ایک ایسے اپارٹمنٹ میں رہتی ہیں، جہاں لفٹ آئے دن خراب ہوتی رہتی ہے۔ ان کی روز روز کی پریشانی دیکھ کر ایک خیر خواہ نے مشورہ دیا کہ آپ اس فلیٹ کی پہلی منزل پر منتقل ہوجائیں۔ یہ سن کر انھوں نے کہا میں بھی یہی چاہتی تھی، لیکن میرے بچوں کا کہنا کہ اس طرح تو پاس پڑوس کے لوگ روزآنہ کسی نہ کسی بہانے چلے آئیں گے۔ بچوں کو کسی کا آنا جانا ملنا ملانا پسند نہیں۔ کہیں بچوں، کہیں باپ اور کہیں خود خاتون خانہ کو اپنی نام نہاد پرائیویسی اتنی عزیز ہے کہ پڑوسیوں کا ملنا ملانا ہی پسند نہیں۔ یہ خود پسندی، تنہائی اور اکیلا پن نہ صرف انسانوں کو سماج سے لاتعلق بنا رہا ہے، بلکہ دھیرے دھیرے وہ ذہنی تناؤ اور ڈپریشن اور اینزائٹی کا شکار ہوکر جسمانی صحت سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ تعلقات کے تانے بانے کا بکھرنا انسانی سماج کے لیے پہنچنے والا ایسا نقصان ہے جو کئی سطحوں پر انسانی سماج کو نقصان پہنچا رہا ہے، جس کی تلافی کا واحد راستہ ان روابط کو درست کرنے کے علاوہ کوئی اور نہیں ہے۔

انسانی تعلقات ایک بڑا انعام

انسانوں کے تعلقات کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہے۔ اسلام انسانی تعلقات کے ان دائروں میں بہتری اور ان کو انسانی زندگی کے لیے مفید تر بنانے کی ہدایات دیتا ہے۔ رسول اللہ کا ارشاد ہے:

’’أحسن جوار من جاورك، تکن مسلماً۔‘‘

(سنن ابن أبی ماجہ)
اپنے پڑوسی کے ساتھ اچھے پڑوسی بنو اس طرح تم اسلام کا تقاضہ پوارا کروگے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول ﷺنے فرمایا: ’’جبریل مجھے پڑوسی کے بارے میں نصیحت کرتے رہے، یہاں تک کہ مجھے لگا کہ وہ اسے وارثوں میں شامل کردیں گے۔‘‘
یہ حدیث بتاتی ہے کہ اسلام کی نظر میں پڑوسی کی اہمیت کیا ہے۔ اس سے یہ حقیقت بھی واضح ہوتی ہے کہ انسانی سماج میں خاندانی زندگی کے بعد دوسرا دائرہ جہاں انسان اقدار کو برتنا سیکھتا ہے، وہ پڑوس کا دائرہ ہے۔ یہ وہ عملی میدان ہے جہاں گھر کے بعد ان لوگوں سے روابط قائم کرنا، جن سے کوئی خونی یا خاندانی رشتہ نہیں، ان کو قائم رکھنے اور ان کے حقوق کی ادائیگی کو ایمان کا تقاضہ قرار دیا جارہا ہے اور اس کی تاکید مستقل کی جارہی ہے۔ یہ وقتی کام نہیں ہے، نہ جذباتی۔ پڑوس بدلتا بھی رہتا ہے۔سماجی سطح پر لوگوں سے تعلقات کی پہلی اینٹ پڑوسی سے تعلق کی ہے پڑوسی سے بہتر روابط وتعلقات زندگی کو آسان بناتے ہیں ۔اس میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ ضرورت پڑنے پر انسان کی مدد کے لیے جو سب سے پہلے مدد کے لیے پہنچتے ہیں وہ پڑوسی ہی ہوتے ہیں۔ ہماری جذباتی ذہنی اور جسمانی صحت کی بہتری یا خرابی میں ہمارے پڑوسیوں کے اثرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ روزمرہ کی زندگی میں پڑوسی ہی ہوتے ہیں جو اپنے پڑوسی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوتے ہیں، بلکہ عملی تعاون کے ساتھ ساتھ نفسیاتی محافظ کا روپ دھارلیتے ہیں۔ وہ ہماری عملی مدد اور جذباتی مدد کا اہم ذریعہ ہیں، جو صحت اور خوش حالی کے بنیادی عناصر ہیں اور ساتھ ہی سماج سے وابستہ رہنے کا ایک مضبوط ذریعہ بھی ہے۔

اصل مسئلہ کیا ہے ؟

میری زندگی میری مرضی اور پرائیویسی کا ضرورت سے زیادہ احساس نے پڑوسیوں سے تعلقات کو متاثر کیا ہے۔ میٹرو شہروں میں منتقل ہونے والے افراد کے درمیان مشترک امور کم ہوتے ہیں۔ نہ وہ ایک علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں، نہ ان کا کلچر اور رہن سہن ایک جیسا ہوتا ہے۔ اس پر کاروباری زندگی کی بھاگ دوڑ، شہری زندگی کے مسائل۔ کل تک جن کو پانی کی نکاسی کا مسئلہ تھا، نہ رہائشی جگہ کی تنگی، آفس سے گھر اور گھر سے آفس کا راستہ، شہروں کی بے ہنگم ٹریفک میں طے کرتے ہوئے جیسے بدن کی ساری توانائی نچوڑ جاتی ہو۔ گھر پہنچنے پر گھر کے مسائل منہ پھاڑے کھڑے ہوتے ہیں۔ ان سب کے ساتھ گاڑی کی پارکنگ کا مسئلہ، پڑوس سے آنے والی تیز میوزک اور گانوں کا شور۔ شومئی قسمت اگر پڑوس میں pet culture کا رواج ہو تو پھر اس پر مستزاد۔ پڑوسیوں کے بارے میں اسلامی تعلیمات پر عمل ان مسائل کو حکیمانہ طریقہ پر نہ صرف حل کرتا ہے، بلکہ جن وجوہات سے زندگیاں آج اجیرن بن گئی ہیں، ان کو خوش۔گوار بنادیتا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول نے فرمایا: ’’وہ شخص جنت میں نہیں جائے گا، جس کا پڑوسی اس کی شرارتوں سے محفوظ نہ رہے۔‘‘ (مسلم)
ایک اور موقع پر آپ نے فرمایا: ’’جو شخص اللہ اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے پڑوسی پر مہربان ہوجائے۔‘‘
ان تعلیمات کی روشنی میں پڑوسی کے مسائل سے لاتعلقی یا اس کے مسائل کو بنیاد بناکر لڑائی جھگڑے کا ماحول بنانے کی کوئی گنجائش ہی باقی نہیں رہتی۔ قرآن وحدیث کی رہنمائی سے غفلت نے شہری زندگیوں میں ایک جانب دلوں کی تنگی اور دوسری جانب بڑھتا ہوا مادہ پرستی کا رجحان نے لاتعداد مسائل کو جنم دیا۔ رہائشی جگہ کی تنگی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے لوگوں کو پارکنگ کی سہولت والے فلیٹس کرایہ پر لینے لائق ہی نہیں چھوڑا۔ لوگ سڑکوں پر راتوں کو اپنی گاڑیاں پارک کرتے ہیں۔ اگر کوئی کسی دن آفس سے جلد واپس آئے اور خالی جگہ میں اپنی گاڑی پارک کرلے تو دوسرے دن وہ اپنی گاڑی کو سلامت نہ پاے گا۔ یا تو گاڑی کا ٹائر کا نقصان ہوگا یا پھر اس کا شیشہ ٹوٹا پائے گا۔ معلوم ہوا کہ پڑوسیوں نے اس جگہ پر گاڑی پارک کرنے کی سزا دی ہے۔ اس صورت حال کو اس حدیث کی روشنی میں دیکھیے اور جائزہ لیجیے کہ ہمارا ایمان کس درجہ میں ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ خداکی قسم وہ شخص ایمان والا نہیں۔ خدا کی قسم وہ ایمان والا نہیں۔ خداکی قسم وہ ایمان والانہیں۔ پوچھا گیا کون اللہ کے رسول؟ آپ نے فرمایا: ’’وہ شخص جس کی شرارتوں سے اس کے پڑوسی محفوظ نہیں۔‘‘ (بخاری)
میٹرو شہروں میں رہنے والوں کی زندگی میں پڑوسیوں کا متنوع صورتوں میں واسطہ رہتا ہے۔ گاؤں، دیہات اور شہر میں اس بات کے امکانات رہتے ہیں کہ پڑوسی جلد جلد تبدیل نہیں ہوتے۔طویل عرصہ ایک دوسرے کے ساتھ رہتے رہتے پڑوسیوں میں تعلقات مستحکم ہوتے ہیں۔ پڑوسی اگر ایک دوسرے سے بہتر سلوک کرتے ہیں تو ایک صحت مند رشتہ بن جاتا ہے۔ اگر ایک دوسرے کے حقوق سے نابلد ہو تو مستقل کشمکش رہتی ہے۔ لیکن میٹرو شہروں کی دوڑتی بھاگتی زندگی میں یہ رشتہ ہی بہت کم قائم ہوپاتا ہے۔ میٹرو شہر کی رہنے والی رافعہ بتاتی ہیں کہ ہمارے اپارٹمنٹ میں ۳۲ ؍ فیملیز رہتی ہیں۔ میں چوں کہ سماجی میل جول پسند کرتی ہوں، شروع سے ہی میں نے سب سے ملنے ملانے کی کوشش کی اور آج بھی کرتی ہوں، لیکن میرا تجربہ بتاتا ہے کہ سب لوگ ایک جیسے نہیں ہیں۔ پہل ہمیں کرنی ہے۔ آپ دوسروں کی پہل کا انتظار نہ کریں۔ کچھ کے ساتھ ہمارے بہت اچھے روابط ہیں۔ کچھ تو ایسے ہیں جن سے سامنا ہوجائے تو علیک سلیک ہوتی ہے ورنہ وہ بھی نہیں، کیوں کہ وہ کسی اجنبی سے میل جول پسند نہیں کرتے۔ میٹرو شہروں میں سیکیوریٹی کے مسائل ہیں، لیکن میڈیا کے ذریعہ جرائم پیشہ لوگوں کے افسانوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے عمل نے لوگوں کو کچھ زیادہ ہی شکوک وشبہات میں مبتلا کردیا ہے۔ اس لیے کچھ لوگ دوسروں سے دوری بنائے رکھنا پسند کرتے ہیں۔ میٹرو شہر کی مکین ناز بتاتی ہیں کہ الگ الگ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بلا کسی وجہ کے دوری اختیار کیے رہتے ہیں۔ جب ان کو جوڑنے کی کوشش کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ ایک دوسرے سے خائف تھے۔ علاقہ کے اختلاف کی وجہ سے ملنے ملانے میں جھجک تھی۔ جب یہ دور ہوئی تو ان پڑوسیوں کے تعلقات خوشگوار حد تک درست ہوگئے۔موجودہ دور میں لائف اسٹائل کے منفرد ہونے کا ایک شوق بھی ہے جس کو لوگوں نے اپنی عزت کا مسئلہ بنالیا ہے۔ لوگوں سے بلا تکلف ملنے ملانے میں یہ ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ کسی کو احساس کمتری ہے تو کوئی احساس برتری کا شکار ہے۔

مسائل کا حل کیا ہے؟

اسلام نے پڑوسیوں کے حقوق کے سلسلہ میں بڑی تاکید فرمائی ہے۔ اسلام ایک ایسا مثالی معاشرہ قائم کرنا چاہتا ہے جس میں لوگ ایک دوسرے کے ساتھ پیار ومحبت کی زندگی گزاریں۔ سورہ نساء آیت ۳۶ میں ارشاد ہے: ’پڑوسی رشتہ دار، اجنبی ہمسایہ اور پہلو کے ساتھ بھلا برتاو کرو‘۔ یہ آیت ہمیں پڑوسیوں کی تین مختلف صورتین بتاتی ہے اور ان میں سے ہر ایک کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کرتی ہے۔ انسان کو عام طور پر ان تین طرح کے پڑوسیوں سے واسطہ رہتا ہے۔ میٹرو شہروں میں تو اس کے امکانات اور بھی زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ پڑوسی، اجنبی پڑوسی اور پہلو کے ساتھی سب ہی میسر آتے ہیں۔ اجنبی پڑوسی کے ساتھ علیک سلیک، بڑھ کر ہاتھ ملانا۔ پہلو کے ساتھی میٹرو کے سفر میں، راستہ چلتے ہوئے، پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہوئے ان کے حقوق کی ادائیگی، کسی کو بیٹھنے کی جگہ کا آفر کرنا، یا کسی خاتون یا کسی کمزور یا بوڑھے کو اپنی جگہ پر بٹھادینا، یا کم ازکم مسکراہٹوں کا آپس میں تبادلہ ہمارے اطراف واکناف کو ایک صحت مند ماحول میں تبدیل کردیتا ہے۔ نبیﷺ کا ارشاد ہے: ’’أحسن لجارك تکن مومناّ.‘‘ (ترمذی) اپنے پڑوسی کے ساتھ اچھا سلوک کرو تمھیں ایمان کا درجہ حاصل ہوجائے گا۔
ایک اور موقع پر آپ نے فرمایا: ’’خیر الجیران عنداللہ خیرکم لجارہ.‘‘ (ترمذی)

اللہ کے نزدیک اچھا پڑوسی وہ ہے جو اپنے پڑوسی کے لیے اچھا ہو۔
ہم ذرا اپنے تصور کی آنکھوں سے اس منظر کو دیکھیں کہ ایک ایک گھنٹہ سے زیادہ کے آفس جانے اور لوٹنے میں ٹریفک میں پھنسے لوگ اگر ایک دوسرے کے لیے مسکراہٹیں بکھیرنے اور رحمت وشفقت والے بن جائیں تو اس تکلیف میں کتنی کمی لائی جاسکتی ہے۔ ایک دوسرے پر غصہ گالی گلوج، آفس کی تکان، فرسٹریشن کو مزید بڑھادیتی ہے۔ بد سلوکی کا یہ گراف اس وقت اور بڑھ جاتا ہے جب واسطہ کسی کمزور سے پڑھتا ہے۔ پڑوس کے شرماجی نے کافی دنوں سے اپنی گاڑی چلانی چھوڑدی۔ پوچھنے پر بتایا کہ نوجوانوں اور پیسہ کی طاقت رکھنے والوں کا دبدبہ آج کل اس قدر بڑھ گیا ہے کہ ان کی بد تمیزیوں کو برداشت کی طاقت نہیں رہی۔
اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ پڑوسی کسی مذہب کا ماننے والا ہو وہ پڑوسی ہے اس کے حقوق ایک مسلمان پر واجب ہیں۔ ایک بار صحابی رسول عبداللہ بن عمروؓ کے گھر بکری ذبح ہوئی۔ انھوں نے دوبار اپنے گھر والوں سے پوچھا کیا تم نے ہمارے یہودی پڑوسی کو ہدیہ بھیجا؟ پڑوسی کے رشتہ میں مذہب کا اختلاف رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جو شخص اللہ وآخرت پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے پڑوسی پر مہربان ہوجائے۔ (بخاری)
اللہ کے نبی نے خواتین کو بھی ان رشتوں کے سلسلہ میں خصوصی توجہ دلائی۔ آپ کا فرمان ہے: ’’اے مسلمان عورتو! کوئی پڑوسن اپنی پڑوسن کے ساتھ کسی بھی نیکی کو معمولی نہ سمجھے۔ چاہے اس کے پاس اسے تحفہ دینے کے لیے کوئی بکری کا کھر ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ پڑوسی کی خبر گیری کرنا، اس کے ساتھ مہربانی کا رویہ رکھنا، اس کی خوشی وغم میں شرکت، تحفہ بھیجنا، تعلقات کو خوشگوار بنانے کی حکیمانہ تدبیریں ہیں۔ سورۃ الماعون کی آخری آیت میں ضرورت کی معمولی چیزوں کو روک رکھنے کو بدترین اخلاقی صفت کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اس کے سلسلہ میں مفسرین کا خیال ہے کہ ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کا ذکر کیا ہے جو ہم سایہ ایک دوسرے سے مانگ کر کام چلاتے ہیں۔ ایسی چیزو کو دینے میں بخل کرنا دراصل تنگ دلی ہے۔ہم سایوں میں آپسی لین دین ضرورت پر ایک دوسرے کے کام آنا ہی عملی طور پر تعلقات کو خوشگوار بنانے کی کوشش ہے۔ ایمان انسان کو فراخ دل بناتا ہے اور یہ فراخ دلی دلوں سے تنگی دور کرتی ہے۔ ایمانی تناظر کی درستگی، طرز فکر کو درست کرتی ہے اور یہ صحیح اور درست ہوجائے تو علاقائی تنوع، کلچر کا تنوع اور رہن سہن کے طریقوں کا اختلاف ان کے لیے باعث تقویت بن جاتا ہے۔ ایک دوسرے کے تجربات اور مشاہدات، طور طریقے زندگی میں خوبصورت رنگ بکھیر دیتے ہیں۔ انسانی زندگی حقیقی مسرتوں سے ہم کنار ہوتی ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ۲۰۲٥