جس دور میں آپ اور ہم رہ رہے ہیں، یہ تیز رفتار بھاگ دوڑ سے بھری زندگی کا دور ہے۔ ایسے میں لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ تیار شدہ کھانے یا کم وقت میں تیار ہو جانے والے کھانے کا انتظام کیا جائے، مثلاً: کھانا تیار کرنے کی تمام چیزیں پہلے سے گھر میں بنا کر رکھ لی جائیں، تاکہ بروقت کھانا پکانے میں کوئی دقت نہ ہو اور کام پر جانے سے پہلے کھانا آسانی سے تیار ہو جائے۔ لہذا اس کے لیے مصالحے اور کچھ بیسک تیاریاں پہلے سے کر لی جاتی ہیں۔ یہاں تک تو ٹھیک ہے، لیکن اس سے بھی آگے بڑھ کر یہ دیکھا گیا ہے کہ اب مارکیٹ میں تیار شدہ مصالحے دستیاب ہیں، ان مصالوں کو تیار کرنے کے لیے ان میں کچھ ایسی چیزیں ملائی جاتی ہیں جو انھیں بہت لمبے وقت تک برقرار رکھنے میں مدد کرتی ہیں۔ اسی کے ساتھ وہ ایسی اشتہا انگیز ہوتی ہیں کہ اس کا ٹیسٹ زبان کو گرویدہ کر لیتا ہے۔ مثلاً: میگی مصالحہ کافی شہرت حاصل کر چکا ہے، ہر کوئی اس کا دل دادہ ہے۔ اسی طرح لیز اور چپس، کرکرے کے اسپیشل مصالحے میں بچوں کی دلچسپی بہت زیادہ ہوتی ہے اور پھر گھر کی بنی چیزیں پسند نہیں آتی، زبان اس کی عادی ہو جاتی ہے۔
ہم نے پہلے کے دور میں دیکھا ہے کہ کھانے کے لیے مصالحے اسی وقت تیار کیے جاتے تھے، جب کھانا بنانے کا وقت آتا تھا اور اسے تازہ ہی پیسا جاتا تھا، اسے تیار کرنے کے لیے مکسر بھی نہیں تھا۔ پیاز اور لہسن ادرک چھیل کر فورا پیسا جاتا تھا، دیگر مصالحے، ہلدی، مرچ، دھنیا بھی سل بٹے پر پیس کر تیار کیے جاتے تھے یا سوکھا پیس کر رکھا جاتا تھا، تو اس میں کوئی پریزرویٹو نہیں ہوتا تھا۔ لیکن اب اس سپر فاسٹ زندگی میں جہاں مشینوں کے ذریعے آسانیاں فراہم کی جا رہی ہیں، وہیں تیار شدہ کھانے اور مصالحے بہت تیزی سے مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ آدھے تیار فریزکیے ہوئے کھانے بھی دستیاب ہیں، جسے فریز کر لیا جاتا ہے۔
فاسٹ فوڈ کی تاریخ
موجودہ دور کی تیز رفتار زندگی میں لوگوں کی بھاگ دوڑ اور اپنی صحت کے بارے میں سوچنے کا وقت نہ ہونے کی وجہ سے آج بیماریاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ اگر فاسٹ فوڈ کی تاریخ کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اس کا آغاز اٹھارویں صدی میں امریکہ سے ہوا۔ اس میں برگر اور اس کی مختلف اقسام نے آگے بڑھتے بڑھتے بہت سے ناموں سے کھانے تیار ہونے لگے۔ ان کھانوں میں کیلوریز بہت زیادہ ہوتی ہے، جو کہ خطرناک بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔ جس سے کولیسٹرول، ہائی بلڈ پریشر جیسی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ غذا کا انسانی جسم کی نشوونما اور صحت میں بہت اہم رول ہے۔ اس سلسلے میں بیداری بہت ضروری ہے۔ سارے دن کا مصروف تھکا ہارا انسان اپنی خوراک کا خیال نہیں رکھ پاتا۔ تازہ اور غذائیت سے بھر پور کھانا دستیاب نہیں اور نہ اس کے لیے انتظام ہے۔ لہٰذا جنک فوڈ کلچر تیزی سے پنپ رہا ہے۔ یہ باقاعدہ ایک انڈسٹری کی شکل میں کام کر رہا ہے۔ سویگی، زومیٹو، بلنکٹ کا نام کس نے نہیں سنا ہے۔ گھر کے کھانے کے عادی بھی ان کو پسند کرنے لگے ہیں۔
فاسٹ فوڈ کا بے تحاشہ استعمال بیماریوں کا سبب
فاسٹ فوڈ کے استعمال سے بہت سی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، جس میں موٹاپا، ذیابطیس ٹائپ 2، دل کے امراض، ہائی بلڈ پریشر اور کچھ اقسام کے کینسر بھی شامل ہیں، کیوں کہ اس میں شوگر، غیر ضروری فیٹ، سوڈیم اور کیمیکل زیادہ ہوتے ہیں اور غذائی اجزاء کے نیوٹریشنز کم ہوتے ہیں، جس سے جسم میں چکنائی بڑھتی ہے اور صحت کے مسائل جنم لیتے ہیں۔
فاسٹ فوڈ سے متعلق بیماریوں میں موٹاپا obesity بہت عام ہے، کیوں کہ فاسٹ فوڈ میں کیلوریز بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ وزن بڑھانے کا سب سے بڑا سبب بنتی ہیں، جس سے کئی اور بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ سانس لینے میں دقت محسوس ہوتی ہے، انسان کو چلنے میں تھکان محسوس ہوتی ہے، پیٹ کا حصہ بھاری ہو جاتا ہے، پیروں میں تکلیف شروع ہو جاتی ہے وغیرہ وغیرہ۔ اسی طرح ذیابیطیس ٹائپ 2 زیادہ چینی اور کاربوہائیڈریٹ سے ہوتی ہے۔ اس سے انسولین ریزسٹنس ہوتا ہے، جس میں شوگر کا لیول بڑھ جاتا ہے اور پھر سینکڑوں امراض جنم لیتے ہیں۔ مثلا: وزن کا بڑھ جانا، کمزوری محسوس ہونا، جسم کے نروس سسٹم کا کمزور ہونا، تھکان محسوس کرنا، پیاس لگنا، جلد کی بیماریاں خارش ہونا وغیرہ وغیرہ۔
اسی طرح ہائی بلڈ پریشر بھی ہے۔ زیادہ نمک یا سوڈیم کچھ غذاؤں میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر پیکٹ کے نمکین اور چپس وغیرہ جس میں سوڈیم زیادہ تعداد میں پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے خون کا دباؤ بڑھ جاتا ہے اور بلڈ پریشر ہائی رہتا ہے۔ اسی کے ساتھ جگر کی بیماریاں زیادہ چینی اور فیٹ سے پیدا ہوتی ہیں۔ جگر پر چربی جمع ہونے لگتی ہے، جو فیٹی لیور کا سبب بن جاتی ہیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ (کونسٹیپیشن) قبض کی بیماری کے بھی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح کچھ فاسٹ فوڈ میں موجود کیمیکلز کے پروسیسنگ کے طریقوں سے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور اس وقت دنیا میں بڑی تیزی سے کینسر کی بیماری عام ہوتی جا رہی ہے۔ اس سے کم عمر بچے، خواتین اور بوڑھے متاثر ہو رہے ہیں، لہذا پیک فوڈ یا فاسٹ فوڈ فوری، تیار شدہ کھانے، تیار شدہ مصالحے کیمیکلز کے استعمال سے بنی ہوئی چیزوں سے پرہیز کرنا اور اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے۔
ذہنی صحت کے مسائل
فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال انسان کے اندر ذہنی صحت کو متاثر کرنے کا ذریعہ بن رہا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ آج کل زیادہ تر افراد ڈپریشن اور ذہنی تناؤ کے شکار ہو رہے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے بچے اور کم عمر کے نوجوان بھی ڈپریشن کا شکار ہو رہے ہیں۔ پڑھائی کا بوجھ، کام کا بوجھ، صحت کا اچھا نہ ہونا ذہنی تناؤ کی وجہ بن رہا ہے۔ یہاں تک کہ یہ تناؤ انھیں خودکشی کے منہ میں بھی ڈھکیل دیتا ہے، لہذا اچھی صحت کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی صحت کا خیال رکھیں۔
ایک مثال
ہم گاڑی میں تو اچھا پیٹرول ڈلواتے ہیں، لیکن اپنے جسم میں خراب غذا ڈال رہے ہیں، جس سے ہماری جسم کی مشینری خرابی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے، لہذا سب سے پہلا کام یہ ہے کہ ہم دواؤں سے دور رہیں اور اس کے لیے گھریلو دوائیں خاص کر بچوں کے لیے ماں اور دادی کے نسخے ہی ایک اچھے ڈاکٹر کا کام انجام دے سکتے ہیں، اس طرف توجہ دیں۔ ہمارے یہاں خاندانی بیماریاں کیا ہیں؟ ان سے آنے والی نسلوں کو کیسے بچائیں؟ اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
آخری بات
ہم اپنے جسم کے خود ہی مالک ہیں۔ we are owner of our body۔ ہمیں کیا کھانا ہے؟ کتنا کھانا ہے؟ اور کب کھانا ہے؟ اس کا خیال خود رکھنا ہے، تبھی ہم فٹ رہ سکتے ہیں۔ سلم، ٹرم اور فٹ کے فارمولے پر عمل کر سکتے ہیں۔ اس لیے ہمیں تمام ڈبہ بند اور پیک غذاؤں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر وہ ہماری زندگی میں زیادہ استعمال میں ہیں، تو ہمیں اس پر غور کر کے اس کا کم سے کم استعمال یا نہ کے برابر استعمال کرنا چاہیے اور محنت کر کے تیار کیا ہوا گھر کا کھانا اور وہ مصالحے جو ہلکے پھلکے ہوں جو ہماری صحت اور معدے پر اثر نہ ڈالتے ہوں، اس کا استعمال کرنا چاہیے۔ تاکہ آج ہم اور کل ہماری آنے والی نسلیں اس نقصان سے بچ سکیں۔ آخر میں اس دل دہلانے والے واقعہ کا ذکر کرکے بات مکمل کروں گی۔
واقعہ یہ ہے کہ یوپی کے امروہہ ضلع کی ایک بچی جو گیارہویں کلاس کی طالبہ تھی، فاسٹ فوڈ کی شوقین اس بچی کی جان ہی چلی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ بچی کو گھر کا کھانا پسند نہیں تھا، وہ فاسٹ فوڈ چاؤ مین، پیزا برگر کا استعمال لگاتار کرتی تھی۔ اسے گھر کے بنے کھانے پسند نہیں آتے تھے اور نتیجتاً ہوا یہ کہ ایک روز اس بچی کے پیٹ میں درد اٹھا، والدین سے لے کر ہسپتال گئے، وہاں ڈاکٹروں نے جانچ کی اور پتہ چلا کہ اس بچی کی آنتوں میں سوراخ ہو گیا ہے اور آنتیں ایک دوسرے سے چپک گئی ہیں لہذا اس کا علاج کیا گیا، لیکن وہ جان بحق ہو گئی۔
تو اس طرح کے دل دہلانے والے واقعات بھی آئے دن رونما ہو رہے ہیں۔ اس سے ہمیں سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے، ساتھ ہی بچوں کو ان سے دور رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments