ہندستان کے موجودہ حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ باطل اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ مسلمانوں کی دشمنی میں کھل کر سامنے آچکا ہے۔ اس کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ کبھی ووٹ کو بے اثر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، کبھی نوجوان نسل کی تعلیم پر شب خون مارنے کی کوشش ہوتی ہے، تو کبھی تعلیمی نظام کو اس طرح مفلوج کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ موجودہ طاقتوں کی بالادستی قائم رہے۔ مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی، مذہبی شناخت کو ختم کرنے کی مسلسل کوشش، مساجد کا انہدام، اوقاف کے استحقاق کا خاتمہ اور پرسنل لا پر منڈلاتے خطرات اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ اب ایس آئی آر (SIR) کے ذریعے مکمل صفائے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ناانصافی، بربریت اور لاقانونیت جیسے ہندستان کی پہچان بنتی جا رہی ہیں۔ صورتِ حال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ ہم اپنے بچوں کے عقائد تک کو بھی محفوظ نہیں سمجھ پا رہے، کیوں کہ اسکول کی دہلیز پر ’وندے ماترم‘ لازم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان حالات کو دیکھیں تو کبھی کبھی ذہنی خلجان کی سی کیفیت ہونے لگتی ہے کہ ایک طرف مغربی کلچر نے معصوم ذہنوں کو الجھا دیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے سیلاب میں نسلیں بہہ رہی ہیں تو دوسری طرف باطل کی کوشش ہے کہ آپ کا وجود تو رہے گا، لیکن اپنی شناخت آپ نہیں پہچان پائیں گے۔
ان سب حالات کو دیکھتے ہوئے یہ خیال بھی گزرتا ہے کہ سازشیں ہر دور میں رہی ہیں۔ ان حالات میں خاموش منصوبے کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ خاموش منصوبے طویل ہوتے ہیں، لیکن باطل کے خلافخاموشی سے بنے گئے تانے بانے ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ کرارا جواب بنتے ہیں۔
آئیے! سیرتِ نبوی ﷺ سے اس خاموشی کی حکمت کو سمجھتے ہیں۔
موسیٰ اشعری کہتے ہیں کہ ایک بار ہم لوگ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک مہم پر جا رہے تھے۔ راستے میں کچھ لوگ بلند آواز سے اللہ اکبر پکارنے لگے۔ رسول اللہ ﷺ نے سنا تو فرمایا: ’’اے لوگو! خاموشی کا طریقہ اختیار کرو۔ تم جس خدا کو پکار رہے ہو، وہ بہرا یا غائب نہیں ہے۔ وہ تمھارے قریب ہے اور سب کچھ سنتا اور جانتا ہے۔‘‘ (بخاری و مسلم)
اسی طرح جب آپ ﷺ اپنے دس ہزار ساتھیوں کے ہم راہ مدینہ سے مکہ کے لیے روانہ ہوئے تو آپ ﷺ نے مکمل خاموشی اور رازداری کا طریقہ اختیار فرمایا، جس کی تفصیلات سیرت کی کتابوں میں واضح طور پر موجود ہیں۔ آپ ﷺ نے دعا کرتے ہوئے کہا: ’’اے اللہ! میری کوئی خبر قریش کو اس وقت تک پہنچنے نہ دے، جب تک میں ان کی بستیوں میں داخل نہ ہو جاؤں۔‘‘
ان حالات میں خاموش منصوبہ یہی ہے کہ نسلوں کے عقائد پر گھروں کے محفوظ ماحول میں خوب توجہ دی جائے، نسلوں کے ساتھ محبت کی زبان کو اپنایا جائے، خان دانی استحکام کے لیے منظم کوششیں کی جائیں اور زوجین کے درمیان باہمی رفاقت پیدا کی جائے تاکہ آپ اپنی نسلوں کو بہترین اسلامی ماحول دے سکیں۔
مساجد کا انہدام آپ سے کہتا ہے کہ ایک طرف احتجاج کریں، تو وہیں دوسری طرف قانونی طریقے سے منظم انداز میں نہ صرف مساجد بنائیں بلکہ نسلوں میں جوق در جوق مسجد کی طرف دوڑنے کا مزاج بنانے کے لیے خاموش منصوبہ ترتیب دیں۔
نوجوان لڑکیوں کے ارتداد کو ایک منظم سازش کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ہماری منظم اور خاموش کوشش یہ ہو کہ نوجوان نسل کی شادی میں تاخیر نہ کریں اور نوجوان نسل کو جذباتی طور پر مضبوط بنانے پر توجہ دیں۔ اپنی بچیوں کے ساتھ نرمی اور محبت کے تعلقات رکھیں تاکہ وہ کسی بھی مسلم یا غیر مسلم نامحرم پر اندھا اعتبار نہ کریں۔
جہاں مسلم نوجوانوں کو قرض اور ڈیبٹ کارڈ کا عادی بنایا جا رہا ہے، وہاں ہم بچوں میں بلاسودی مالی نظام کو استعمال کرنے کی عادت ڈالیں۔ تعلیمی اداروں میں تعلیمی نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کریں۔
یہ خاموش کوششیں ہیں۔ خاموش منصوبے زیرک اور زندہ قومیں بناتی ہیں۔ خاموش تماشائی بننے یا صرف افسوس جتانے کے بجائے ہر ایمان والے شخص کو، چاہے وہ مرد ہو یا عورت، اپنا حصہ ڈالتے ہوئے خاموش منصوبے بنانے پڑیں گے۔
سیرت کے واقعات بتاتے ہیں کہ پیغمبر ﷺ کا طریقہ یہ ہے کہ جب کسی مقصد کو حاصل کرنا ہو تو اس کی ساری منصوبہ بندی رازداری کے ساتھ ہونی چاہیے۔ فریقِ ثانی کے خلاف اقدام اس طرح کیا جانا چاہیے کہ اسے صرف اس وقت خبر ہو، جب واقعہ عملاً ہو چکا ہو۔
ہم یہ بات جانتے ہیں کہ اسلام فطرت ہے اور ہر انسان کے دل کی آواز ہے۔ ہماری کوشش یہ بھی ہو کہ ہم اپنے عمل، اپنے کردار اور اپنے اطوار سے عام ہندستانی عوام کے دل پر نقش چھوڑیں۔ دوستی کے ذریعے یا ’اپنے گھروں کے دروازے کھولو‘ نامی ایک مہم تھی، جس کا مقصد یہ تھا کہ مسلمان برادرانِ وطن کے لیے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیں تاکہ ہندستانی عوام مسلمانوں کے بارے میں ذہن نشیں کرائی گئی غلط باتوں کو قریب سے دیکھیں اور ہمارے عمل اور رویے سے اسلام کو سمجھیں۔
یہ خاموش منصوبے حکمت کے ساتھ انجام دینے چاہییں۔ جہاں باطل قوتیں مسلمانوں کو دیش مخالف سمجھتی ہیں، وہاں انھیں اپنے عمل سے سمجھانا چاہیے کہ ہندستان میں مسلمان ایک ہزار سال سے آباد ہیں اور اس ملک کی بہتری کے لیے اپنی نسلوں کو علم سے مزین کرکے اسی زمین پر خدمت انجام دے رہے ہیں۔
مشکل ترین حالات میں مسائل کے حل کی تدبیر کرنا دراصل حکمت ہے۔
ایک روایت کے مطابق آپ ﷺ نے فرمایا کہ رازداری سے مدد لو۔ یہ بے حد اہم ہدایت ہے۔ رازداری ایک مدد گار ہتھیار ہے۔ جو لوگ اس پُرامن ہتھیار کو استعمال کریں، وہ ہمیشہ اپنے منصوبے کی تکمیل میں کام یاب رہیں گے۔
یہ رسول اللہ ﷺ کی سنت ہے۔ ایک لفظ میں اس کو خاموش منصوبہ کہا جا سکتا ہے۔ یعنی شور و غل کے طریقے سے مکمل پرہیز کرتے ہوئے فریقِ ثانی تک اس طرح پہنچنا کہ پیشگی طور پر اسے اس کی اطلاع نہ مل سکے اور اس کے لیے جوابی تیاری کرنا ممکن نہ رہے۔ یہی اس دنیا میں کام یابی کا واحد راز ہے۔
اسی طرح ہمیں جنگِ خندق سے بھی خاموش منصوبے کے ساتھ پیش قدمی اور نئی تدابیر پر عمل کرنے کا سبق مل سکتا ہے۔ غزوۂ خندق میں حضرت سلمان فارسیؓ کی تجویز کے مطابق مدینہ کے ایک حساس حصے میں خندق کھودی گئی۔ یہ عربوں کے لیے جنگ کی ایک غیر معمولی حکمتِ عملی تھی۔ یعنی رسول اللہ ﷺ نے صرف روایتی طریقۂ جنگ پر انحصار نہیں کیا بلکہ نئی صورتِ حال کے مطابق نئی حکمتِ عملی (Strategy) قبول کی۔
یہ ہمیں بتاتا ہے کہ خاموش منصوبہ بندی کا مطلب صرف راز رکھنا نہیں بلکہ صورتِ حال کا تجزیہ (Situation Analysis)، حکمتِ عملی (Strategy) اور عملی نفاذ (Execution) ہے۔
موجودہ ہندستان کے بگڑتے حالات ہم سے یہی تقاضا کرتے ہیں کہ ہم گھروں کے محاذ پر تربیت کو یقینی بنائیں، اپنی شخصیت کو سنوارنے کے لیے خوب علم حاصل کریں، خان دانی استحکام پر توجہ دیں، فضول خرچی کے بجائے مالی استحکام کی کوشش کریں، عقائد کو پختہ کریں اور اپنے دین کی حفاظت کے لیے اپنی نسلوں کی تربیت کریں تاکہ ہمارے یہ بچے آنے والے خطرات کا مقابلہ خاموش منصوبہ بندی کے ذریعے کر سکیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments