کتاب:میں انمول

روز کتنے لوگوں سے ملتے ہیں ہم۔۔۔؟
کیا ہم خود سے بھی ملتے ہیں کبھی۔۔۔؟
جواب نفی میں ہے نا؟
زندگی کیا ہے؟ یہ جاننے کے لیے خود سے ملنا ضروری ہے۔
ایک قیمتی اور انمول اثاثہ ہے کتاب ’’میں انمول‘‘، جسے میں پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے پڑھ رہی ہوں۔ ہاں، صحیح پڑھا آپ نے!
اس قدر سست روی کی وجہ بس اس کتاب کی گہرائی ہے۔ اور اچھی کتابوں کو تو سینت سینت کر ہی پڑھا جاتا ہے نا!
یہ کتاب صرف تینتیس ابواب پر مشتمل ہے۔ اگر ہر دن ایک باب پڑھا جائے تو بس مہینہ بھر لگنا ہے۔ مصنفہ نمرہ احمد کی شرط بھی یہی ہے کہ اسے کم از کم تینتیس دنوں میں پڑھا جائے۔
اس کتاب کا عنوان ہی چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے: ’’میں انمول ہوں۔‘‘
ہاں! ہماری ذات انمول ہے اور خدا کی ذات تو سب سے بڑھ کر انمول ہے۔ اس کتاب کی سیاہی ہمیں خود سے بھی ملاتی ہے اور ہماری اصل یعنی اللہ کی ذات سے بھی۔
اس میں ویلیوز اور اقدار ہیں۔
ہماری ویلیوز۔۔۔ذاتی، پیشہ ورانہ، مالی اور سماجی سبھی۔
قرآن کے عقائد ہیں۔
اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ ضرور کوئی مذہبی سی کتاب ہوگی۔۔۔!
نہیں، نہیں، ایسا نہیں ہے۔
مگر یہ غیر مذہبی بھی تو نہیں ہے!
انھیں چھوڑیں۔ ان بحثوں میں کیا الجھنا۔
یہ بالکل ایک ناول ہی ہے، مگر نان فکشن۔
اس میں زندگی کی سوغاتیں ہیں، قرآنی تدبر ہے، کہانیاں بھی ہیں، صوفیانہ اقوال بھی ہیں، صفائی ستھرائی، نفاست اور سلیقہ سب کچھ ہے۔
موجودہ زمانے کے تقریباً سارے پہلو اس میں سمٹے ہوئے ہیں۔ آخر اسے لکھنے اور اتنی خوب صورتی سے ایک پیرہن میں سجانے والی خود حافظۂ قرآن ہیں، رائٹر ہیں، اینٹرپرینیور ہیں اور نہ جانے کیا کیا!
اس ایک شخص میں ہیں دل ربائیاں کیا کیا
ان کی زندگی کے سارے تجربات اور باریک بینیاں ان کی کہانیوں میں عیاں ہوتی ہیں۔ چاہے وہ خوب صورت سا ناول ’’جنت کے پتے‘‘ ہو، ’’مصحف‘‘ ہو یا ’’میرے خواب، میرے جگنو‘‘۔
وہ ہر خاتون کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔
ویسے مرد حضرات بھی انھیں فالو کریں تو کوئی مضائقہ نہیں۔
ان کی کہانیوں میں آج کے زمانے کا رنگ بھی ہے، ڈھنگ بھی ہے اور سب سے بڑھ کر ایک کنٹرولڈ ایموشن ہے، جو دل کو بہت بھاتا ہے۔
ان کی کہانیوں کی مرکزی کردار عموماً ایک مضبوط اور بہادر عورت ہوتی ہے۔ ایسی عورت جس کے پاس بصیرت اور فہم ہو اور جو اپنے حالات کے سامنے محض بے بس تماشائی بن کر نہ کھڑی رہے۔
شاید یہی وجہ ہے کہ نمرہ احمد کی تحریریں صرف کہانیاں نہیں سناتیں، بلکہ قاری کو کہیں نہ کہیں خود اس سے ملواتی ہیں۔
نمرہ احمد کہتی ہیں: ’’اگر آپ اس کتاب کو پڑھ رہے ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں، تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ خود کو بدلنا چاہتے ہیں۔‘‘
وہ یہ بھی کہتی ہیں: ’’سب سے زیادہ خوب صورت وہ لوگ ہوتے ہیں، جو سب سے زیادہ مسکرانے والے ہوتے ہیں۔‘‘

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Sajjad Ali

    Assalamu alaikum
    Mashallah

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر ٢٠٢٦