7/اکتوبر 2023کو صبح ہوتے ہی فلسطین میں جنگ کا آغاز ہوتا ہے۔ پوری دنیا فلسطینی جیالوں کو پلٹتے جھپٹتے اور ظلم وبربریت کی دل خراش تصویریں برداشت کرتے دیکھتی ہے ۔
یہ جنگ کوئی آج کل کی نہیں ہے،بل کہ ستر برسوں سے جاری ظلم و بربریت کی ایک الم ناک داستان ہے ۔ آج پہلی مرتبہ دنیا کے سامنے آتی ہے اور دنیا ان جیالوں کے حوصلوں کو دیکھ کر انگشت بہ دنداں رہ جاتی ہے ۔بچہ بچہ اس آیت کا مصداق صبر و ضبط اور حوصلے کے ساتھ برداشت کررہا ہے ۔
قُلْنَا لَا تَخَفْ اِنَّكَ اَنْتَ الْاَعْلٰى
ترجمہ : ہم نے کہا ڈرو نہیں، تم ہی غالب رہو گے ۔
(سورہ طہ ۶۸)
ادھم شرقاوی ’رسائل من القرآن‘ میں اسی آیت کا بڑا خوبصورت نقشہ کھینچتے ہیں ۔
’’ باطل ایک معرکہ سر کرتا ہے اور حق پوری جنگ جیت جاتا ہے!‘‘
نمرود نے ایک عدد معرکہ سر کیا تھا، جب کہ حضرت ابراہیم ؑنے پوری جنگ جیت لی تھی !
فرعون نے ایک معرکہ سر کیا تھا، لیکن حضرت موسی ؑنے پوری جنگ جیت لی تھی!
حضرت محمد مصطفی ﷺ مکۃالمکرمہ سے رات کی تاریکیوں میں چپکے سے نکلے تھے، لیکن ایک عرصے کے بعد جب مکۃ المکرمہ میں داخل ہوئے تو اس حال میں کی دن کی روشنی تھی اور مکہ کے چاروں دروازے آپ ﷺ اور آپ کے جاں نثار اصحاب رضوان اللہ پر کھول دیے گئے تھے۔ !
باطل کوئی ایک معرکہ سر کر کے تمہیں آزمائش میں نہ ڈال دے کہ تم حق سے اپنا اعتماد کھو بیٹھو ، اور یہ سوچنے لگ جائو کہ تم نے ابھی تک جنگ نہیں جیتی !
اللہ سبحانہ وتعالی باطل کو مہلت دیتا ہے، کیونکہ وہ اسے بے نقاب کر دینا چاہتا ہےاور حق کی جیت کو مؤخر کرتا ہے، تا کہ اسے پختہ تر کر دے!جب باطل اپنی انتہا کو پہنچ جائے تو سمجھ لو کہ حق کی جیت کا وقت قریب آلگا ہے!کائنات میں اللہ تعالی کا نظام یہی ہے کہ جب کوئی چیز اپنی انتہا کو پہنچ جاتی ہے، تو وہیں سےاس کی واپسی کا سفر شروع ہو جاتا ہے!اور یہ بات یاد رکھو کہ رات کا سب سے زیادہ تاریک وقت فجر سے کچھ پہلے کا ہوتا ہے! یہ محض الفاظ نہیں ہیں ، بل کہ انتہائی تاریکی میں امید کی کرن ہیں ۔
فلسطین جنگ بندی کے اعلان نے غزہ میں نئی صبح کی نوید سنائی ہے۔ شہرِ عزیمت کے جیالوں نے ساری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے؛
ایمان بالیقین ہوتاہے۔
دنیا کی سب سے بڑی طاقت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالی جاسکتی ہیں۔
شہادت جیسے مشروب سے سیراب ہونے کی حقیقت سمجھ لی جائے تو نقصانات کو نفع کی صورت آنکھیں دیکھ سکتی ہیں۔
اصل کامیابی کا امرت چکھ لیا جائے تو ہائے واویلہ کے بجائے استقامت کی جیتی جاگتی تصویر بنا جاسکتا ہے ۔
صبر کا اصل مطلب دنیا کو عملا دکھایا جاسکتا ہے ۔
معصوم بچے بھی شہادت کے مطلب کو سمجھ کر اپنے دم توڑتے بھائی کو کلمہ شہادت پڑھنے کی تلقین کرسکتے ہیں ۔
ایک دوسرے کو تسلی دیتے ہوئے معصوم بچے بھی شہادت کی حلاوت کا مزا محسوس کرسکتے ہیں ۔
ہم ہندوستانیوں کے لیے یہ مثالیں عزیمت کی راہ پر مضبوطی کی لیے روشن سبق ہے ۔
عزیمت کی اس داستان ِ الم میں ہمارےلیےسیکھنے کا سنہری پہلویہ ہے انتہائی تنگ حالات سے ہم گزرے نہیں، بل کہ گزارے جائیں توبھی ایمان کی پختگی بہرصورت درکار ہے ۔ کہا جاتا تھا کہ’حالات کی سختی اور مفلسی اور افلاس تہذیب چھین لیتی ہے‘،لیکن ان فلسطینی جیالوں نے قیدیوں کی واپسی کی تہذیب سےبتلا دیاکہ اللہ تعالی پر یقین رکھنے والے کبھی بھی اسلامی تہذیب اور اقدار نہیں چھوڑتے ، شدید ترین مصائب جن کا اندازا لگانا بھی دشوار ہے، ایسے سخت ترین حالات کو برداشت کرنے کے بعد بھی فلسطینی محاذ کے قائدین نے نہ صرف یہ کہ قیدیوں کے تبادلے میں جنگی اخلاقیات کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے اپنے آپ کو’مہذب و معلم اخلاق قوم‘ ہونے کا ثبوت پیش کیا بل کہ ٹرمپ کی غزہ کو خالی کرکے تعمیر نو کی پیش کش پرحماس کے شعبہ خارجہ تعلقات کے سربراہ ’باسم نعیم‘ نے کہا :
’’ غزہ پٹی میں فلسطینی عوام نے صرف اپنی سرزمین کے لیے15ماہ تک موت اور تباہی برداشت کی ہے۔ انھوں نے ٹرمپ کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعمیر نو کی آڑ میں ایسی کسی تجویز کو منظور نہیں کریں گے۔‘‘
نعیم نے مزید کہا :
’’ ہمارے افراد غزہ کی پہلے سے بہتر تعمیر کرنے کی صلاحیت کماحقہ رکھتے ہیں، بشرط یہ کہ اس علاقے کا محاصرہ ختم کر دیا جائے۔‘‘
حماس اور فلسطینی اتھارٹی نے اس تجویز پر تنقید کی ہے، جب کہ اردن اور مصر کی جانب سے اسے رد کر دیاگیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک نے ٹرمپ کے حالیہ بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور ایک بیان میں مصر اور اردن سمیت تمام ملکوں سے ’ٹرمپ کے منصوبے‘ کو مسترد کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ ’ثابت قدمی اور مزاحمت کے ساتھ یہ منصوبہ ناکام ہو جائے گا، کیونکہ اس سے پہلے کے کئی منصوبے ناکام ہو چکے ہیں ۔
دراصل جس سفاکی اور بربریت کے ساتھ اسرائیل ظلم اور جبر روا رکھے ہوئے تھا، وقتی طور پر جنگ بندی کے نام پر یہ روک دیا گیاہے۔ تاہم فلسطینیوں کے اپنے ہی ملک سے بے دخل کرنے کے صہیونی منصوبے تاحال باقی ہیں۔ تنازعہ ٹلا ضرور ہے ،ختم نہیں ہواہے ۔
ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اسرائیل نے امریکہ سے جو ’بڑی تعداد میں اشیا کی درخواست کی تھی وہ فی الحال فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ آیا ان کی حکومت اسرائیل کے لیے 907 کلو گرام وزنی بموں کی کھیپ جاری کرے گی۔؟ جوابا ٹرمپ نے کہا کہ یہ اشیاء جوبیڈن سے طلب کی گئی تھیں اور جوبیڈن نے مانگ پوری نہیں کی لیکن ٹرمپ کرے گا ۔
اسرائیل کی امن پسندی کا جھوٹا چہرہ یہاں مکمل طور پر کھل کر سامنے آتا ہے۔ غزہ میں شہریوں پر ،اسکول اور ہاسپٹل پر بمباری اور ظلم و بربریت کے بعد یہ تیاری اس بات کا اعلان ہے کہ قابض اسرائیل سے فلسطینیوں کے ساتھ نرم گوشے کی توقع ہی عبث ہے ۔
جنوری 2025کو غزہ میں ہونے والی ظالمانہ کاروائیوں میں ہوئے زخمیوں، غائب ہونے والے افراد اور ہلاکتوں کے تازہ ترین اعداد و شمار یہ ہیں۔
غزہ ہلاکتیں :
کم از کم 47,354 ا فراد، بشمول 17,492 بچے
زخمی۔
111,563: سے زیادہ لوگ غائب۔
11,160 سے زیادہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار درج ذیل ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے ہلاکتیں:
کم از کم 883 افراد، بشمول کم از کم 180 بچے زخمی
6,700: سے زیادہ لوگ اسرائیل میں، حکام نے 7اکتوبر کو ہونے والے حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 1,405 سے کم کر کے 1,139 کر دی۔ جبکہ اس جنگ میں اسرائیل کی ہلاکتیں انتہائی کم ہیں جس کی بنیاد پر ہم اسے جنگ کم اور ظلم و بربریت زیادہ کہہ سکتے ہیں ۔
اسرائیل ہلاک: 1,139 افراد زخمی: کم از کم 8,730
غزہ پٹی کی آبادی تقریباً 2,3 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، جو دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد علاقوں میں سے ایک ہے۔یہ اسرائیل اور مصر کے درمیان بحیرہ روم کے ساحل پر واقع ہے۔
غزہ میں اسرائیل کی جانب سے تحدیدات کا عالم یہ ہے کہ غزہ کے نوجوان بے روزگاری اور اسرائیلی سیکورٹی فورسز کی جانب سے انتہائی شدید استحصال کا شکار رہے ہیں۔ اس جنگ میں مزید غزہ پٹی کی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کا اندازاہ ذیل میں پیش کیے گئے اعداد و شمار سے لگایا جاسکتا ہے ۔
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر، عالمی ادارہ صحت اور فلسطینی حکومت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 15جنوری تک اسرائیلی حملوں نے نقصان پہنچایا ہے:
غزہ کے تقریباً تمام گھروں کو (نقصان پہنچا یا گیا یا پھر تباہ کر دیا گیا)
80فیصد تجارتی سہولیات88 فیصد اسکولوں کی عمارتیں،صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات – 50 فیصد اسپتال جزوی طور پر فعال ہیں68 فیصد سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ68 فیصد زرعی زمین۔
جنگ بندی کے بعد عالمی دنیا کو غزہ کی بحالی اور بازآبادکاری پرخصوصی توجہ دینی چاہیے۔
غزہ کی بازآباد کاری کا عمل انتہائی دشوار گزار ہوگا، جس کے لیے انسانی، معاشی، سیاسی اور تکنیکی سطحوں پر بڑی پرحکمت کوششوں کی ضرورت ہوگی۔ عالمی سطح پر مسلم دنیا کو اس طرح کی کوششیں کرنی ہوں گی ۔
1)جنگ کے بعد بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد کو فوری پناہ دینا ہوگا۔ انہیںفوری طور پر خوراک، پانی اور طبی سہولیات فراہم کرنا ہوگا۔ بنیادی ڈھانچے جیسے کہ بجلی پانی کی سپلائی، اور سیوریج نظام کی بحالی پر توجہ دینی ہوگی۔ تباہ شدہ گھروں، ہسپتالوں، اسکولوں، اور سڑکوں کو ازسرِ نو تعمیر کرنا ہوگا۔ جدید طرز کے شہری منصوبے بنا کر پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہوگا۔
2) مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔
اسرائیلی بربریت نے ماہی گیری پر حد بندی کی ہوئی ہے، جسے عالمی دباؤ کے ذریعہ ہٹانے کی ضرورت ہے ۔ماہی گیری کے ساتھ ہی زراعت، چھوٹے کاروبار، اور صنعتی ترقی کو بھی فروغ دینا ہوگا۔
کسی دیرپا سیاسی حل کے بغیر بازآبا کاری مشکل ہوگی، اس لیے امن کے عمل کو فروغ دینا ہوگا۔ گومسلم دنیا نے جنگ کے درمیان تو خاموشی برقرار رکھی لیکن مسلم ممالک کو چاہیے کہ بازآباد کاری کے عمل میں بیداری کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔بحالی کے ایجنڈے پر مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہونا ہوگا۔
اقوام متحدہ، عرب ممالک، اور دیگر عالمی طاقتوں کی مدد اور مالی امداد ضروری ہوگی۔ اسرائیل اور مصر کی طرف سے عائد پابندیوں میں نرمی ہونی چاہیے تاکہ اشیاء اور لوگوں کی آزادانہ نقل و حرکت ممکن ہو سکے۔ سمندری اور زمینی تجارتی راستے کھولنا ہوں گے تاکہ معیشت بحال ہو سکے۔
3) جنگی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کا ازالہ کرنا ہوگا۔ 4)توانائی کے متبادل ذرائع جیسے کہ سولر پاور کا استعمال بڑھانا ہوگا۔
(5پوسٹ اسٹریس ٹرامک ڈس آرڈر (PTSD) کا شکار وہ بے شمار بچے جو اس حادثے سے بچ نکلے ہیں، شکار ہوسکتے ہیں۔ بچوں کی نفسیات پر کام کرنے والے مراکز کو تندہی سےان پر کام کرنا چاہیے، تاکہ وہ اس ٹراما سے نکل کر جلد نارمل زندگی کی طرف آجائیں ۔
غزہ کی بازآباد کاری ایک طویل المدتی اور دشوار گزار عمل ہے، جس میں مقامی، علاقائی، اور بین الاقوامی کوششوں کی اشد ضرورت ہوگی۔ امن اور سیاسی استحکام کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ہوگی، اس لیے سفارتی حل اور عالمی برادری کی مستقل حمایت انتہائی اہم ہوگی۔
فلسطین کے قضیہ میں امن پسند عالمی برادری کو انصاف اور انسانی بنیادوں پرکردار ادا کرنا چاہیے ۔
٭ ٭ ٭


0 Comments