فروری ۲۰۲٥
نگاہیں مساجد پر تشخص نشانے پر

ہندوستان ایک تکثیری سماج والا ملک ہے۔ یہاں مختلف مذاہب کے لوگ صدیوں سے ایک ساتھ رہتے چلے آئے ہیں۔گو ان سبھی کے افکار و نظریات اور احساسات و خیالات ہمیشہ سے الگ الگ رہےہیں۔رنگ و نسل، ذات برادری، زبان ولسان مذہب و عقیدے سب مختلف ہیں تاہم ہندو، مسلم ،سکھ،عیسای، بودھ، جین سبھی مذاہب و تہذیبوں کے ماننے والے یہاں اس طرح رہتے ہیں گویاپھولوں کا ایک گلدستہ ہو۔ اس کی مثال ہمیشہ اسی طرح دی جاتی رہی ہے۔ تکثیری سماج کے تعلق سے جناب’ سعادت اللہ حسینی‘ رفیق منزل میں اپنے ایک شمارے میں تکثیری سماج کے تعلق سے دو طرح کے نظریات کو پیش کر تے ہوئے لکھتے ہیں:
’’ تکثیری سماجوں کے تعلق سے دو طرح کےنظریےجدید عمرانیات میں پائے جاتے ہیں۔ ایک خیال وہ ہے،جسے پگھلنے کے برتن (Melting pot)کا نظریہ کہا جاتا ہے۔ اس میں سماج کو شربت کے ایک جار سے تشبیہ دی جاتی ہے ۔ شربت کے جار میں مختلف اشیاء پگھل کر ایک بن جاتی ہیں۔ اس میں ہر شے کا جداگانہ رنگ و مزہ ختم ہو جاتا ہے اور ان سب کے امتزاج سے ایک نیا رنگ اور نیا مزہ پیدا ہوتا ہے۔جس چیز کی مقدار زیادہ ہوئی اس کی بو، مزہ اور رنگ غالب ہوجاتا ہے۔ کم مقدار کی اشیاء بھی شربت کے رنگ و بو اور مزہ پر اثر انداز ہوتی ہیں لیکن اس کی شناخت و انفرادیت ختم ہو جاتی ہے۔ ہندوستان میں ’احیاء پرست ہندو تحریک‘ اسی خیال کی حامی ہے۔ یورپ میں بھی روایتی طور پر یہی خیال پایا جاتا رہا ہے۔ اب اس میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔ امریکہ جیسے ملک میں بھی یہ رجحان بڑھ رہا ہے۔‘‘
دوسرا نظریہ وہ ہے ،جسے سلاد کے برتن (salad bowl) کا نظریہ کہا جاتا ہے۔اس میں سماج کو سلاد کی ایک ایسی پلیٹ سے تشبیہ دی جاتی ہے جس میں مختلف اشیاء شامل ہوں لیکن ہر ایک کا اپنا جداگانہ رنگ وہ مزہ برقرار رہے۔ اور سلاد کا حصہ بننے کے نتیجے میں کسی کی بھی شناخت اور اس کا منفرد رنگ و بو اور مزہ ختم نہ ہو۔۔۔۔
آگے وہ مزیدلکھتے ہیں :
جہاں تک دین اور بنیادی اصول و امور کا تعلق ہے اسلام میلٹنگ پاٹ (Melting pot)کے نظریے کو نہ اپنے لیے پسند کرتا ہے، نہ دوسروں کے لیے۔ ادیان اور مذاہب کے معاملے میں وہ ’سلاد باول‘ کا روادار ہے۔ یعنی اسلام ہر مذہب کو یہ آزادی دیتا ہے کہ وہ اپنی جداگانہ دینی شناخت کو باقی رکھ سکے۔ یہ آزادی اللہ کی مشیت کا حصہ ہے اور اسی آزادی سے وہ انسانوں کو آزماتا بھی ہے۔ دین کے معاملے میں جبر اسلام کو پسند نہیں ،البتہ دین کے معاملے میں رنگا رنگی کا اسلام روادار ہے‘‘۔
ہندوستان کی تاریخ میں ہم دیکھتے ہیں کہ یہاں کی مساجد ،گرجا گھر، گردوارہ ، جین مندر اور بودھ مندر ہر جگہ آبادی کے اندر دیکھنے کو ملیں گے۔ان کی عبادات کے طور طریقے اگرچہ مختلف ہیں، مخصوص لباس بھی ہیں ،کتابیں اور گرنتھ بھی الگ الگ ہیں ،لیکن صدیوں سے چلی ا ٓرہی اس ملک کی’ گنگا جمنی تہذیب‘ نے سب کو آپس میں سمیٹے رکھا ۔کسی کو کبھی کوئی پریشانی کسی مذہب یا عبادت گاہوں سے نہیں ہوئی ۔ہندو اپنا جلوس اور یاترا کرتے رہے۔ مساجد کا احترام کر کے اسکے سامنے پہنچ کر گھنٹی بجانے سے گریز بھی کرتے ۔ اذان کے وقت مائک بند کردیا جاتا تھا ۔غرض ہر ایک کے مذہب کا احترام ملحوظ رکھنے کی کوشش ہی اس ملک کے’ تکثیری سماج ‘کی بہترین مثال اور اس کی شان تھی ۔اسی لیے اس ملک کی آزادی میں ہندو مسلم سبھی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مذہب کی کو آڑے نہیں آنے دیا۔
آج جبکہ فاشسٹ طاقتیں وجود میں آ چکی ہیں تو حالات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ اب ایک خاص کمیونٹی ہی کے لوگوں کو نشانہ بنا کر ان کی شناخت مٹا دینے کے لیے پرجوش کوششیں جاری ہیں ۔ان کے لباس، کھانے اور ان کی خواتین کے پردے اور اسکارف کو بھی بلا وجہ مسئلہ بنا دیا گیا ہے۔ ایک دوسرے کے محلے میں آنے جانے پر بھی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں ۔عبادت گاہوں ،عید گاہوں اور مساجد پر مسلسل حملے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔عدلیہ کے ذریعے منظوری حاصل کر کے پرانی مساجد ، بند پڑی مساجد، اور آبادی سے دورچھوٹے چھوٹے مدارس پر اچانک کاروائی کر کے اسے مسمار کیا جا رہا ہے ۔
اس وقت تقریبا 40 لاکھ مساجد کو نشانے پر لے کر ان کی شناخت مٹانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ عدلیہ نےبابری مسجد کی جگہ دیکر اس کی جگہ مندر کی تعمیر نےحوصلے اور بلند کر دیے۔ اب ملک کی دیگر بڑی مساجد مثلاً بنارس کی گیان واپی مسجد، متھرا کی عید گاہ کو ٹارگٹ کر نے کے بعد معاملہ چھوٹی مساجد تک پہنچ گیا ہے۔ ان تمام حالات کو دیکھ کر ایک انصاف پسند شہری خواہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو، یہ بات خوب محسوس کر رہا ہے کہ مسلمانوں کے دین پر آزادانہ عمل کرنے ،حاصل شدہ شہری حقوق کے باوجود انہیں انکا جائز حق دینے میں قباحت محسوس کی جا رہی ہے…
وہ یہ چاہتے ہیں کہ ان کے رنگ میں رنگ کر یہ اپنی شناخت اور پہچان مٹا کر دوسرے درجے کے شہری بن جائیں۔ یہ تمام چیزیں مسلمانوں کی بقا پر ایک سوالیہ نشان کھڑا کرتی ہیں ۔اس کور اسٹوری میں آج ہم اسی بات پر گفتگو کریں گے۔ مذہبی سماجی اور تاریخی پس منظر میں اس پر نظر ڈالیں گے اور یہ جائزہ بھی لیں گے کہ آیا سماج کی تعمیر میں مساجد کا کیا رول رہا ہے؟ نیز اس سلسلے میں پیدا کی جانے والی غلط فہمیوں کا بھی باریکی سے جائزہ لیں گے۔

مساجد و مدارس کی اہمیت:

مساجد و مدارس اینٹ اور پتھر کی ایک عمارت اور چند رسوم عبادت ادا کرنے کی جگہ ہی نہیں، بلکہ انسانوں کے لیے روحانی غذا حاصل کرنے اور سکون مہیا کرنے کی بھی جگہیں ہیں۔ اسلامی تہذیب و ثقافت کے اظہار کا بھی ذریعہ ہیں اور ساتھ ہی تعلیم و تدریس اور عبادت کا کام بھی یہاں انجام پاتا ہے۔ دینی علوم سے آگاہی، اسلامی شریعت پر عمل درآمد، دین کے تمام پہلوؤں کو اچھی طرح سمجھنے نیز انسان کو ایک سچا اور بااخلاق و باکردار مسلمان بنانے کا کام بھی یہاں سے بخوبی ہوتا ہے۔
مساجد کے رول میں یہ بھی ایک اہم بات شامل رہی ہے کہ اسے رفاہی کاموں کے لیے بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ مظلوموں کی دادرسی، بیواؤں اور یتیموں کی امداد کا کام بھی یہاں سےہوتا رہا ہے۔ اجنبی اور مسافر کے دو گھڑی آرام کرنے اور کبھی قیام و طعام کا کام بھی مساجد سے ہوتا رہا ہے ۔ماہ رمضان میں مسافر روزہ داروں کے لیے افطار اور سحری کا انتظام بھی یہاں سے ہوتا ہے۔ اسلام کی پہلی مسجد، مسجد نبوی کی تعمیر بھی انہی مقاصد کے لیے کی گئی تھی، جہاں کوئی بھی اجنبی آ کر دین کی باتیں معلوم کر سکتا تھا ۔یہ روایت آج تک جاری ہے۔ اس طرح ہم دیکھتے ہیں کہ معاشرے کی اصلاح، تعمیر و ترقی، تعلیم و تدریس، علم و حکمت کے تمام امور یہاں بحسن و خوبی انجام پاتے ہیں۔ تقریبا 1445سو سال گزر جانے کے بعد بھی آج تک دنیا کی تمام مساجد بشمول ہندوستان سبھی جگہ ان روایات کو زندہ رکھا گیا ہے۔

ملت کی ترقی :

قوم وملت کی فلاح و بہبود کے نظریے سے ہم دیکھیں تو مساجد و مدارس عوام الناس کی روحانی تسکین کا ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ بنیادی مذہبی تعلیم سے لے کر پیشہ ورانہ صلاحیت کے فروغ اور سماج کو با اختیار بنانے میں ایک اہم رول ادا کرتے رہےہیں۔ خصوصا مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کا بھی باقاعدہ انتظام کیا جاتا رہاہے۔ مثلآ سائنس، ریاضی اور زبان و لسانیات پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے اکثر مسلم طلبہ کے ساتھ غیر مسلم طلبہ و طالبات بھی یہاں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں تعلیم مفت دی جاتی ہے یا پھر بہت معمولی اجرت لی جاتی ہے۔ اکثر غریب والدین اپنے بچوں کو یہاں بھیج کر مطمئن ہو جاتے ہیں کہ اب ان کا بچہ دینی و دنیاوی دونوں علوم سے بہرہ ور ہو کر نکلے گا۔ یہاں مذہب، مسلک اور عقائد کی بھی کوئی قید نہیں ہوتی ۔ہر کسی کے لیے یکساںراہیں کھلی ہوتی ہیں۔ کئی مقام پر ٹرسٹ کے ذریعے آئی ٹی آئی کی ٹریننگ، ہیلتھ کیئر سینٹر، کوچنگ سینٹر بھی قائم ہیں، جہاں سے ٹریننگ لے کر طلبہ کو کیریئر گائیڈنس ملتا ہے۔آج ملک کی بیشتر مساجد ایسی ہیں ،جہاں یہ عظیم کام سرانجام دیا جاتا ہے۔ حالانکہ موجودہ دور کا المیہ یہ ہے کہ ان مدارس و مساجد پر اور یہاں کے طلبہ پر بنیاد پرست ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے، اسے آتنکواد کا اڈہ یا آتنگواد کی فیکٹری کہا جاتا ہے۔

مساجد غذائی تحفظ کا ذریعہ:

فوڈ سکیورٹی، خوراک کا تحفظ ہمیشہ سماجی زندگی کا ایک اہم ذریعہ رہا ہے۔ اس کو مضبوط کرنے میں مساجد کا اہم رول رہا ہے۔ اسلام میں بھوکوں کو کھانا کھلانا ایک اہم اور ثواب کا کام بتایا گیا ہے۔ اسلام میں ہمیشہ سے اس کورواج دیا گیا ہے۔چنانچہ خانقاہوں اور ان سے منسلک مساجد میں کھانا کھلانے اور لنگر خانے کا رواج عام ہوا اور یہاں قائم لنگر خانے سے ترغیب پا کر سکھ لوگوں نے بھی گردواروں میں لنگر کا اہتمام کیا اور آج بھی وہ اس کام کو کر رہے ہیں۔قرآن کریم میں غریبوں اور بھوکوں کو کھانا کھلانے ،پانی پلانے اور کپڑا پہنانے نیزان کے دکھ سکھ کا خیال رکھنے اور ان کی امداد کرنے کی بہت تلقین کی گئی ہے ۔ مدارس و مساجد اس کا خاص مرکز رہے ہیں۔ یہاں سے اس کام کی ترغیب کی بہترین مثالیں قائم ہوئیں ہیں۔

مساجد ایک سائبان:

تقسیم ملک کے بعد سے فسادات کا اندوہ ناک سلسلہ شروع ہوا اور اس کا اثر پورے ملک پر پڑا ۔ دہلی او راس کے اطراف میں لوگ نقل مکانی کر کے ا ٓکر بسنے لگے۔اس میں مساجد و درگاہوں نے بہت اہم رول ادا کیا ۔گجرات کے فسادات کے وقت اور اسکے بعد بھی بہت سے لوگوں کو مساجد میں پناہ لینی پڑی ۔اس موقع پر بہت سے سرکاری اہلکاروںنے بھی مساجد کے روحانی مناظر کو قریب سے دیکھا۔ انہیں وہاں جو سکون و اطمینان ملا اسے انھوں نے بیان کیا ۔بہت سے ایسے واقعات ہوئے کہ باہر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے بھی نماز کی ادائیگی میں خود کو شامل کیا۔ مساجد کے ذمہ داران نے فرقہ وارانہ فسادات کے موقع پر لوگوں کی امداد کرنے میں، انہیں پناہ دینے میں کبھی ہندو مسلم کی تفریق نہیں کی۔
قدرتی افات میں مساجد کا رول:
کچھ واقعات اور حادثات ایسے ہوتے ہیں جو صدیوں کے لیے نقوش چھوڑ جاتے ہیں جنہیں انسان بھلا نہیں پاتا ۔قدرتی وبا اکثر و بیشتر ملک میں برپا ہوتی رہتی ہے۔ اس سے آنے والی تباہی و بربادی مذہب یاذات برادری نہیں دیکھتی ۔وہ یکساں طور پرسبھی کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے،خواہ سونامی ہو، زلزلے ہوں یا اور دوسری وبائیں ۔۔۔اس میں کرونا کی وبا 2020 مارچ سے شروع ہوئی تو ایک لمبا وقت اس میں گزرگیا۔ اس وبا نے اچھے اچھے لوگوں کو نہیں بخشتا۔ سگے سمبندھی، رشتہ ناطے، اپنے پرائے سب کو ایک دوسرے سےدور رہنے کی تلقین کی گئی ۔ ایسے وقت میں جب کوئی کسی کے کام نہ آیا تو ایسے نامساعد حالات میں مساجد کا کردار ابھر کر سامنے آتا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ ملک کے بہت سے مقامات پر مساجد کو کورینٹائن کے لیے (فاصلے کے ساتھ رکھنے کے لیے) ایک پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا گیا۔ مساجد کے مائیک کو اعلانات کے لیے، لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے، ماسک پہننے، سینیٹائز کرکے دوری بنائے رکھنے کی ہدایات دینے کے لیے استعمال کیا گیا۔اس وقت جب سیکڑوں فیکٹریاں بند کر دی گئیں، ہزاروں مزدوروں کو نقل مکانی کر کے پیدل گھروں کو جانا پڑا، ایسے میں مساجد کا اہم کردار سامنے آیا ۔ انہیں کھانا کھلانے میں، ان کے ٹھہرنے کے لیے ، رات کو سونے کے لیے، ایک مسجد میں 800تک لوگوں کو پناہ دی گئی۔اسی طرح زلزلہ ہو ،سیلاب ہو، قومی فسادات کے موقع پر بنا کسی تفریق نسل و رنگ، ملک وملت، دھرم اور ذات کے اللہ کے گھر میں سب کو جگہ ملی۔اس طرح مساجد و مدارس کا اہم کردار ابھر کر سامنے آیا۔ لوگوں نے محسوس کرلیا کہ مسجد صرف ایک مذہبی عمارت ہی نہیں بلکہ امن و سکون کا گہوارہ ہے، جہاں صرف روحانی سکون ہی نہیں بلکہ جسمانی و دماغی سکون اور تحفظ بھی ملتا ہے ۔ کھانے کی تقسیم میں، خون کے عطیات کے لیے ، ہیلتھ چیک اپ اور دیگر امور کی انجام دہی کے لیے مساجد کا بہترین استعمال ہوتا رہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق دسمبر 2023 میں تامل ناڈو میں سیدونگنا لور بیت المال جامع مسجد میں تباہ کن سیلاب کے دوران 30 ہندو خاندانوں کو ایک مسجد میں پناہ دی گئی۔یہ سب کے سب سیلاب کے دوران گھر سے بے گھر ہو گئے تھے۔ مساجد کا یہ کردار سماجی اتحاد اور بقا کے لیے ایک بہترین مثال ہے ۔اس طرح کی امداد صرف انسانی بنیادوں پر کی جاتی ہیں۔ اسمیں ذات برادری کی کوئی تفریق اور امتیاز روا نہیں رکھا جاتا۔ جہاں جب بھی انسانیت کو اس کی ضرورت پڑتی ہے، مساجد اپنی باہیں پھیلا دیتی ہیں۔ جاپان میں شدید زلزلے کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد افرا تفری کی شکار ہو گئی، جن کی مدد کے لیے بہت سے رضاکار سامنے آئے ۔ان رضاکاروں کے لیے مساجد کو عارضی آرام گاہ کے طور پر استعمال کیا گیا۔ حال ہی میں ایک رپورٹ کے مطابق مساجد کے کردار اور فلاحی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ مساجد کے ان کردار کو زبردست طریقے سے سراہا گیا ہے ۔مساجد کے کارناموں کو دیکھا جائے تو واضح طور پر پتہ چلتا ہے کہ مساجد کی عمارتیں صرف عبادت و ریاضت، درس و تلاوت کے لیے ہی مختص نہیں ہیں بلکہ یہ صحت کے بحرانوں کے وقت ایک کیئر سینٹر، مصائب کی گھڑی میں ایک مضبوط قلعہ ،قدرتی آفات کے دوران ایک بہترین پناہ گاہ بن جاتی ہیں۔ یہاں انسانی ضرورتوں کے مطابق معاشرے کو مضبوط بنانے، سماج میں اتحاد باہمی پیدا کرنے اور ملک و قوم کو ترقی کی مثبت سمت سمیٹنے کا کام انجام دیا جاتا ہے۔

عالمی سطح پر مساجد کا رول :

مذہبی ہم آہنگی کی یہ مثالیں بین الاقوامی سطح پر بھی دیکھنے کو ملتی ہیں۔ وہاں بھی بوقت ضرورت مساجد کو تمام انسانوں کی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے کی روایت رہی ہے ۔جاپان جو زلزلوں کے لیے جانا جاتا ہے، وہاں قدرتی افات کے وقت مساجد کو استعمال کیا جاتا ہے۔ وہاں سے کھانے پینے اور دوائیوں کے انتظام اور فوری طور پر انکی رسائی کی جاتی ہے

غیر مسلموں کا مساجد کی تعمیر میں کردار :

ان حالات میں جب کہ ملک فرقہ وارانہ منافرت کی زد میں ہے، ہر طرف سے مسلمانوں کے ملی تشخص کو مٹانے کے لیے فرقہ وارانہ طاقتیں کوششیں کر رہی ہیں ،مساجد کو جو کہ اللہ کا گھر امن و سکون کا گہوارہ ہے اسے سرے سے ختم کر کے کھنڈر میں تبدیل کر نے کے واقعات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔ آج کوئی نشانے پر کل کوئی اور۔۔ لیکن اس پرآشوب دور میں اور اس کشیدہ ماحول میں بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو ویران پڑی مساجد کو نئے سرے سے زندہ کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ پنجاب کے ضلع مکتسر کےایک گاؤں کا واقعہ دلوں کو گرما دینے کے لیے کافی ہے، جہاں مسلمانوں کے پانچ خاندان آباد تھے ۔مالی تنگدستی اور وسائل کی کمی کی وجہ سے مسجد کی تعمیر نہیں ہو پا رہی تھی۔ ان کی تڑپ اور دلی تمنا تھی کہ یہاں ایک مسجد ہو ۔اس گاؤں میں ہندو اور سکھ بھائیوں نے ان کی اس تڑپ کو محسوس کیا ۔گاؤں کے ہر ہر فرد نے مسجد کی تعمیر میں حصہ لیا۔ وقف بورڈ کی عطا کردہ زمین پر مسجد کی تعمیر کے لیے انہوں نے بہت محنت کی اور مسجد تعمیر کی گئی۔ . جب اس میں مسلم بھائیوں نےنماز ادا کی تو اس کی افتتاحی تقریب میں گاؤں کا ہر فرد شامل تھا ۔
یہ ایک زندہ مثال ہے ۔اسی طرح کی مثالیں پنجاب کے دوسرے مقامات سے بھی موصول ہوئیں ہیں، جہاں ہندوؤں اور سکھوں نے مل کر مسجد کے لیے رقم اکٹھا کر کے مسجد تعمیر کی ہے۔اختلافات کے اس ماحول میں ایسے لوگ موجود ہیں جو اپنے دوسرے بھائیوں کے جذبات کا احترام بھی کرتے ہیں، ان کے مذہب کی قدر کرتے ہیں اور اتحاد باہمی کی مثال قائم کرتے ہیں۔
کرونا کی وبا جب پہلی بار آئی تو اس وقت کئی مقامات پر لاشوں کو آخری رسومات کے لیے لے جانے کو کوئی تیار نہ تھا۔ ایسے میں بہت سے مسلم بھائیوں نے یہ کام انجام دیا۔ محلے کے لوگوں نے ان کا بندوبست کر کے بہترین بھائی چارے کی مثال قائم کی ۔یہ تمام چیزیں اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ یہ ملک مختلف مذاہب کا ایک سنگم صدیوں سے رہا ہے اور انشاءاللہ اسی اتحاد باہمی کے ساتھ یہ سلسلہ آگے بھی قائم رہے گا۔ اس میں مساجد و مدارس کا اہم رول ہے اور رہے گا۔ مسجد اللہ کا گھراور اسلامی تشخص کی پہچان ہے۔ اسی سے اسلام اور مسلمان زندہ ہیں۔ ان کی پہچان یہاں سے جڑی ہے۔ بغیر اسکے دونوں ادھورے بلکہ خالی ہیں ۔بچوں کی دینی تعلیم وہ تربیت، اسلامی کلچر و تہذیب کو زندہ کرنے کے لیے مساجد سے جڑنا اور اس سے ر شتہ مضبوط کرنا ہر مسلمان کے دین و ایمان کا حصہ بھی ہےاور فرض منصبی بھی ہے۔
لیکن اس وقت ملک کے حالات بڑی تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اور مساجد کو نشانہ بنانے، انہیں منہدم کرنے اور بڑی بڑی ٹارگٹڈ مساجد کو نشانے پر لے کر کورٹ سے آرڈر حاصل کر کے اس کے اندر تحقیق کے نام پر کھدائی کا کام جاری کیا جا رہا ہے ۔خوف وہراس کا ماحول بنا کر ملک میں مساجد کی شبیہ کو بگاڑ کر دنیا کی نظروں میں مسلمانوں کی تصویر کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ مسلمان اس ملک میں دوسرے درجے کا شہری ہے۔ اس کی آڑ میں مسلم شناخت اور پہچان مٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کبھی تین طلاق ،کبھی حجاب، کبھی ٹوپی داڑھی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں ہم کو اپنا دینی و ملی تشخص برقرار رکھنے کے لیے مساجد کے کردار کو اجاگر کرنے اور اس طرح کاnarrative بنانے کی کوشش کرنی ضروری ہے، جس سے ہمارا تشخص برقرار رہے اور اسلامی تہذیب و کلچر زندہ رہے۔ اس کے لیے ہمیں مساجد سے اپنی کارکردگی کو بڑھانے اور اسے عام کرنے کی ضرورت ہے۔ غیر مسلم اہل وطن تمام بھائیوں اور بہنوں کو مساجد سے جوڑنے اور وہاں کچھ ایسے انتظامات اور پروگرام کرنے کی اشدضرور ہے، جہاں کم از کم ماہ میں ایک بار لوگ آ کر مل بیٹھیں۔ اس طرح مسجد کمیٹی اور انتظامیہ کو محلہ میں کچھ ایسی کمیٹیاں قائم کرنے کی ضرورت ہے، جہاں سے لوگوں کے لیے فلاحی کام جاری رکھے جائیں ۔مسجد کے مائک، صحن اور کھلی جگہ کو لوگوں کے سماجی کاموں کے لیے استعمال کیا جائے۔ مثلا مردوں کو نہلانے کا انتظام، نکاح کے لیے انتظامات وغیرہ۔ اسی جیسے کچھ اور کام کیے جائیں تاکہ عوام کی توجہ اس منفی پہلو سے تبدیل ہو کر تعمیری پہلو کی طرف آئے ۔ اس پر تیزی سے کام نہیں ہوا تو وہ دن دور نہیں جب ہم اپنی بقا کے لیے، اپنی شناخت کو بچانے کے لیے سرگرداں ہوں گے۔ ہماری آنے والی نسلوں کا تشخص بھی نشانے پر ہوگا۔

خدا تجھے کسی طوفاں سے آشنا کردے
کہ تیرے بحر کی موجوں میں اضطراب نہیں

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے