صبر کا اسلام میں نہایت اعلیٰ مقام ہے۔قرآن نے اس کی بہت ذیادہ تلقین فرمائی ہے۔ صبر اللہ کی راہ میں تمام مصیبتیں جھیلتے ہوئے محض اسی کی رضا کی خاطر اسلام پر قائم رہنے کا نام ہے۔ دراصل یہ دنیا اور آخرت دونوں میں فلاح کی کنجی ہے۔اللہ تعالیٰ سورہ زمرآیت 10میں فرماتے ہیں:
اِ نَّمَا یُوَ فیَّ الصّٰبِرونَ اَ جرَ ھُم بِغَیرِ حِسابٍ
ترجمہ:صبر کرنے والوں کو تو ان کا اجر بے حساب دیا جائے گا۔
وہ صحابہ کرام جو سابقون الاولون میں ہیں، ان کو اسلام لانے کے بعد طرح طرح کے مظالم کا نشانہ بنایا گیا۔ لیکن ان کے پائے ثبات میں ذرا بھی لرزش نہ ہوئی۔انھیں مظلوموں میں ایک بڑا نام خباب بن ارت کا ہے۔
حضرت خباب بن ارت غلام کی حيثيت سے بکتے بکاتے مکہ کے بازار میں پہنچ گئے۔ وہاں سے مکہ کی ایک متموّ ل عورت ام انمار جس کاتعلق قبیلہ خزاعہ سے تھا، ان کو خرید کر اپنے گھر لے آئیں۔ ام انمار نے انھیں ایک لوہار کی شاگردی میں دے دیا تا کہ وہ تلوار سازی کا فن سیکھ لیں۔ کچھ ہی دن گزرے ہوں گے کہ وہ اس فن میں ماہر ہوگئے اور تلوار سازی میں شہرت پالی۔ لوگ ان کی بنائی ہوئی تلواریں خریدنے لگے۔
جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کےذریعے دین کی شعائیں پھیلنا شروع ہوئیں تو خباب بن ارتؓ کا دل بھی اسی روشنی سے منو ر ہوا۔ خباب بن ارتؓ جس زمانے میں مشرف بہ اسلام ہوئے، وہ اسلام کا ابتدائی دور تھا۔ اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت ارقمؓ کے گھر میں پناہ گزیں تھے اور اسلام کے سائے میں صرف چھ سات ہی اشخاص آئے تھے۔
جس زمانے میں حضرت خبابؓ اسلام میں داخل ہوئے، اس زمانے میں قبول اسلام کا اظہار ایسا شدید جرم تھا کہ اس کی سزا مال و دولت، گھر باراور عزت وناموس سے ہاتھ دھو لینا تھا۔ چنانچہ حق کی پاداش میں انھیں بھی طرح طرح کے عذابوں میں مبتلا کیا جاتا۔ خباب بن ارتؓ ان تعذیب و تشدد کو بڑے صبر و شکیب سے جھیل رہے تھے۔ مشرکین مکہ تو ستم ڈھا ہی رہے تھے، اب آپ کی مالکہ ام انمار بھی ستم ڈھانے والوں میں شامل ہو گئی۔ جب دھوپ شدت اختیار کر لیتی تو یہ خباب بن ارتؓ کو ننگا کر کے لوہے کی زرہیں پہنادیتی۔ جس لوہے سے آپ تلواریں بناتے تھے، اس لوہے کو لے جا کر آگ میں تپا کر سرخ کر دیتی اور اس سے ان کو داغتی۔ تپتے پتھر اٹھاتے اورآپ کی پشت پر ڈال دیتے۔ یہاں تک کہ تپش سے آپ کے جسم کی چربی پگھلنے لگ جاتی۔ ان سب تکلیفوں کے باوجود وہ ثابت قدم رہے۔ دور جاہلیت میں لوہاری کے کام کرتے تھے۔ کچھ لوگوں کے یہاں جو ادھار لے جاتے آپ کے پیسے باقی تھے۔اسلام لانے کے بعد جب وہ اپنے بقایہ کا تقاضہ کرتے تو جواب ملتا کہ جب تک محمدصلی اللہ علیہ وسلم کا انکار نہیں کروگے، ایک کوڑی بھی نہیں ملے گی۔(صحیح بخاری)
جب تکلیف ناقابل برداشت ہو گئی تو ایک دن وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کعبے کے سائے میں اپنی چادر سے ٹیک لگائے بیٹھے تھےکہ خبابؓ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مخاطب ہو کر فرمایا:’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !کیا آپ ہمارے لیے اللہ سے مدد کی درخواست نہیں کرتے؟‘‘ ان کی اس بات پر رسول اللہصلی اللہ علیہ وسلم اٹھ کر بیٹھ گئے۔ آپصلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ سرخ ہوگیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم سے پہلے لوگوں کا یہ حال تھا کہ کہ ایک آدمی کو پکڑا جاتا، زمین میں گاڑا جاتا،آرا لایا جاتا اور اس کے سر پر رکھ کر چیر دیا جاتا۔ لوہے کی کنگھیوں سے ان کے گوشت اور ہڈّ یوں کو نوچا جاتا۔ لیکن یہ چیزیں بھی ان کو دین سے دور نہیں کرسکیں۔ اللہ تعالیٰ ضرور اس سلسلے کو مکمل کر کے رہے گا لیکن تم بہت جلدی کر رہے ہو۔‘‘حضرت خباب ؓ اور ان کے ساتھیوں نے یہ الفاظ سنے توان کا ایمان واستقامت اور بڑھ گیا اور ہر کسی نے یہ طے کر لیا کہ وہ اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو صبر و قربانی کے وہ جوہر دکھائیں گے، جو اللہ اوراس کے رسول کو پسند ہیں۔
حضرت خبابؓ بن ارت مدینہ آنے کے بعد تمام غزوات میں شریک رہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد مدینہ میں ان کا دل نہ لگا تو وہ کوفہ منتقل ہو گئے اور وہیں بستر علالت پر انتقال کر گئے۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ۔
صبر کا انھیں صلہ یہ ملا کہ وہ ان ’’السابقون الاولون‘‘ میں شامل ہوئے، جنہیں سورہ واقعہ میں
أُولَٰئِكَ الْمُقَرَّبُونَ
کے اعلیٰ ترین مقام کی خوش خبری دی گئی۔
٭ ٭ ٭


Masha’Allah