وَمَا لَكُمْ لَا تُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَالْمُسْتَضْعَفِينَ مِنَ الرِّجَالِ وَالنِّسَاءِ وَالْوِلْدَانِ الَّذِينَ يَقُولُونَ رَبَّنَا أَخْرِجْنَا مِنْ ھذِہِ الْقَرْيَةِ الظَّالِمِ أَهْلُهَا وَاجْعَلْ لَنَا مِنْ لَدُنْكَ وَلِيًّا وَاجْعَلْ لَنَا مِنْ لَدُنْكَ نَصِيرًا. النِّسَآء(۷۵)
ترجمہ : اور آخر تمھیں کیا ہوگیا ہے کہ تم اللہ کی راہ میں اور ان کمزور مردوں، عورتوں اور بچوں کے لیے جہاد نہیں کرتے ہو، جنھیں کمزور بناکر رکھا گیا ہے اور جو برابر دعا کرتے ہیں کہ خدایا ہمیں اس قریہ سے نجات دے دے، جس کے باشندے ظالم ہیں اور ہمارے لیے کوئی سرپرست اور اپنی طرف سے مددگار قرار دے دے۔
پس منظر :
یہ آیت سورہ نساء کی آیت نمبر75ہے، جو اُس وقت کے حالات کو بیان کرتی ہے جب مکہ کے مظلوم مسلمان کفار کے ظلم و ستم کا شکار تھے۔ وہ اللہ سے دعا کرتے تھے کہ انھیں اس ظلم و جبر سے نجات دے اور ان کے لیے ایک مددگار اور سرپرست بھیجے۔ آیت میں ان مسلمانوں کو جھنجھوڑا جا رہا ہے، جو مظلوموں کی حمایت اور ان کی آزادی کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہے تھے۔
تفسیر :
اس آیت میں اللہ کی راہ میں جہاد کی ترغیب دلائی جا رہی ہے اور مومنوں سے سوال کیا جا رہا ہے کہ وہ مظلوموں کی حمایت اور اللہ کی راہ میں جہاد کیوں نہیں کرتے؟ جب کہ یہ ان کی ذمے داری ہے۔ آیت میں کمزور مردوں، عورتوں اور بچوں کا ذکر ہے، جو ظالموں کے ہاتھوں ظلم سہہ رہے تھے اور اللہ سے نجات کی دعا کر رہےتھے۔ مسلمانوں کو جہاد کی ترغیب دینے کے لیے مستضعفین کی مَظلومِیت کو بہت درد مندی کے ساتھ بیان کیا گیا تاکہ وہ ان کمزور مسلمانوں کو کفار کے پنجۂ ظلم سے چھڑائیں، جنھیں مشرکین نے قید کرلیا تھا۔ وہ ان مسلمانوں کو طرح طرح کی ایذائیں دے رہے تھے اور اُن کی عورتوں اور بچوں تک پربے رحمانہ مظالم کرتے تھے۔ وہ لوگ اُن کے ہاتھوں میں مجبور تھے۔ اس حالت میں وہ اللہ تعالیٰ سے اپنی خلاصی اور مدد کی دعا ئیں کرتے تھے ۔ یہ دعا قبول ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی حضرت محمدصلی اللہ تعالی علیہ وسلم کو اُن کا ولی و ناصر کیا اور انھیں مشرکین کے ہاتھوں سے چھڑایا اور مکہ مکرمہ فتح کرکے اُن کی زبردست مدد فرمائی۔
اس آیت سے استدلال کرتے ہوئے علما نے کہا کہ جس علاقے میں مسلمان اس طرح ظلم وستم کا شکار اورنرغۂ کفار میں گھرے ہوئے ہوں-خاص طور سے اپنے مذہب کی وجہ سے ظلم سہہ رہے ہوں-کہ دینی تعلیمات پر عمل کرنا باعث اذیت ہو اور وہ اس حالت میں بھی نہ ہوں کہ خود اپنا دفاع کر سکیں اور نہ ہی وہ ہجرت کر کے کسی اور ملک جا کر مقیم ہو سکتے ہوں تو دوسرے مسلمانوں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ان کو کافروں کے ظلم وستم سے بچانے کے لیے جہاد کریں۔ لیکن جہاد کرنے کی بنیادی شرائط ہیں کہ اسلامی حکومت ہو اور مسلمان جنگ کرنے کی استطاعت رکھتے ہوں۔
جہاد کی اجازت مسلمانوں کو اس وقت دی گئی جب مسلمان مدینہ میں ایک محفوظ جگہ پہ پہنچ گئے اور وہاں انھوں نے چھوٹی ہی سہی لیکن اپنی ایک آزاد حکومت قائم کر لی۔ چاہے وہ دفاعی جہاد ہو یا مظلوموں کی مدد کرنے کے لیے یا پھر سرکشوں اور باغیوں کو سرنگوں کرنے کے لیے ہو۔
مظلوموں کی مدد کرنا جہاد کی دوسری قسم ہے۔ پہلی قسم ہےاعلائے کلمۃ الله یعنی کلمۃ الله کے غلبے اور دین کی نشر واشاعت کے لیے لڑنا، جس کا ذکر اس سے پہلی اوربعد کی آیت میں ہے۔
آیت میں مظلومین کی دعا اس بات کا ثبوت ہے کہ اگرچہ حالات ان کی مخالف تھے اور مدد کی ظاہری اعتبار سے انھیں کوئی امید نہیں تھی لیکن ایک خدا پر وہ ایمان رکھتے تھے اور اس ایمان کی وجہ سے ایک نجات دہندے کی امید رکھتے تھے، جو ان کے لیے سرپرست اور مددگار بنے۔
اہم نکات :
(1)اللہ کی راہ میں جہاد صرف اپنے لیے نہیں بلکہ دنیا کے مظلومین کے لیے بھی ضروری ہے۔ جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہو، ان کے لیے عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہو، اپنے مذہب پر عمل کرنا ان کے لیے مشکل ترین اور دشوار ہو رہا ہو تو ایسی صورت میں ہر وہ اسلامی حکومت جو طاقت اور استطاعت رکھتی ہو، اس پر جہاد کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔
(2)مظلومین کی دعا اور ان کی پکار اللہ کی طرف سے ایک نشانی ہے، جو مومنین کو حرکت میں آنے کی دعوت دیتی ہے۔ قرآن مجید میں مظلوم کی مدد کرنے، ظالم کا ہاتھ پکڑنے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کو ایمانی فریضہ قرار دیا گیا ہے۔ اللہ تعالی نے مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے خلاف نصرت کا حکم دیا ہے تاکہ معاشرے میں عدل قائم رہے۔
(3) مسلمانوں کی اجتماعی ذمے داری یہ ہے کہ ظالم کے خلاف کھڑے ہوں اور مظلوموں کی حمایت کریں۔
(4) ظالموں کے خلاف جہاد کرنا اللہ کی بندگی اور انصاف کے قیام کا ایک ذریعہ ہے۔
یہ آیت مومنین کو ان کے فرائض کی یاد دہانی کراتی ہے کہ وہ ظلم کے خلاف خاموش نہ رہیں بلکہ اللہ کی راہ میں جہاد کرکے مظلوموں کی آزادی اور ان کے حقوق کے لیے عملی اقدامات کریں۔
اسلام دینِ رحمت اور مذہب ِامن ومحبت ہے۔ جب اس روئے زمین پر ہرطرف ظلم وستم کا دور دورہ تھا، انسانیت ناانصافی اور حقوق سے محرومی کی زندگی گزار رہی تھی، زبردست قسم کے لوگ زیر دستوں پر ،کمزوروں اور مجبوروں پر عرصۂ حیات تنگ کر رہے تھے، قتل وخوں ریزی، فتنہ وفساد ،
تشدد و بدامنی اور انتقام و جنگ وجدال کا خوف ناک ماحول دنیا میں چھایا ہوا تھا، ایسے پرخطر حالات میں اسلام انسانیت کے لیے امن ومحبت کی پیاری تعلیمات لے کر آیا اور پیغمبر اسلام سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے امن ومحبت کے سائبان تلے انسانیت کو سکون وراحت کی بیش بہا دولت عطاکی اور نفرتوں کے ماحول کو ختم کیا۔ عداوتوں سے سینوں کوپاک کیا، ظلم وستم سے انسانوں کو باز رکھا، ناانصافی اور زیادتی سے منع کیا، محروموں کو حقوق دلائے، ڈرے سہمے ہوؤ ں کو امن واطمینان عطا کیا، کمزوروں اور ستم رسیدوں کی مدد کی، مجبوروں اور بے کسوں کی دست گیری کی اور قیامت تک آنے والی انسانیت کو امن ومحبت اور ظالموں سے دنیا کو پاک کرنے کی تعلیمات سے سرفراز کیا۔
مسلمانوں کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ انھوں نے ہمیشہ مظلوموں کی داد رسی کو اپنی ذمے داری سمجھا۔ جب بھی کسی مظلوم نے انھیں مدد کے لیے پکارا تو انھوں نے ان کی مدد کرنے میں کوئی بھی کسر نہیں چھوڑی۔ چاہے پھر اسپین کی فتح کی تاریخ ہو یا پھر برصغیر ہندو پاک میں محمد بن قاسم کا داخلہ ہو، مقصد صرف انسانیت کو ظالموں سے چھٹکارا دلانا تھا۔ مسلمانوں کی تاریخ مظلوموں کی مدد اور داد رسی سے بھری پڑی ہے۔
اسلام نے اس کائنات کو امن ومحبت کا گہوارہ بنایا اور انسانوں کے دلوں میں محبت، پیار اور امن وآشتی کے جذبات کو پروان چڑھایا اور ایک دوسرے کو امن وآشتی کے ساتھ رہنے کی تلقین فرمائی۔ امن کی فضا کو سازگار رکھنے کی تعلیم اور بدامنی کے خاتمے کے لیے تمام تر تدبیریں اور طریقۂ کار بتلائے اور ماحول و معاشرے کو پرسکون بنائے رکھنے، انسانوں کو راحت واطمینان پہنچانے اور امن وسلامتی کو پھیلانے کی ہدایات سے نوازا۔
آج پوری دنیا بدامنی اور خوف وہراس کے تاریک ماحول سے لرزرہی ہے اور ہرطرف ظلم وستم کا الم ناک دور چل رہا ہے۔ انسان دامنِ امن کی تلاش میں پریشان ہے۔ مسلمان خود اپنے ملکوں میں ظلم و زیادتی کا شکار ہیں۔ انھیں ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ طاقتور کمزوروں کو دبا رہے ہیں۔ جہاں پر مسلمان طاقتور ہیں اور ان کی حکومت ہے، وہاں پر بھی وہ بزدلی، کاہلی، دین سے دوری اور اپنوں سے زیادہ غیر وں سے ہمدردی کر رہے ہیں۔ اپنی قوم سے محبت، امت واحدہ ہونے کا تصور، ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا جذبہ اور دینی غیرت و حمیت جیسے جذبات کا فقدان نظر آتا ہے۔ دنیا کی محبت، اپنی سرحدوں کا تحفظ اور اپنے ملک کی حفاظت کی ذمے داری جیسے نظریات و خیالات نے انھیں دوسرے مسلمانوں کی تکالیف سے بیگانہ اور بے پرواہ بنا دیا ہے۔ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ ایسے بدامنی، خون ریزی، قتل وغارت گری، لوٹ کھسوٹ، دھوکہ دہی کے ماحول میں حقوق سے محروم اور ظلم وتشدد سے بدحال انسانیت کو سایۂ امن عطا کرنے اور عدل وانصاف کو پھیلانے کے لیے مسلمان کمربستہ ہوجائیں۔ ہر ظلم کے خلاف متحدہ آواز بلند کی جائے، ناانصافی کے خاتمے اور مظلوموں کی حمایت کے لیے تفریقِ مذہب وملت کو مٹاکر صدائے انقلاب بلند کی جائے۔
اسلامی تعلیمات تو اس موقع پر اس قدر سخت ہیں کہ مظلوموں کی مدد کرنے کے لیے جہاد کو بھی فرض عین قرار دیا گیا ہے۔ ظالم کا ساتھ دینے کو ظلم میں شریک کرنے کے برابر ٹھہرایا گیا ہے اور مظلوم کی مدد کرنے والے کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ مظلوم کی مدد کرنے والا میرے ساتھ جنت میں ہوگا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایمان کا جو کمزور ترین درجہ بتایا وہ یہ کہ کسی کے ساتھ برا ہو رہا ہے تو اس کو کم سے کم دل میں برا سمجھا جائے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایمان کے تین درجات بتائے ہیں۔ پہلا درجہ یہ ہے کہ اگر کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی ہو رہی ہو اور استطاعت ہو تو اسے ہاتھ سے روکا جائے۔ ورنہ پھر زبان کے ذریعے سے روکا جائے۔ اگر اس کی بھی استطاعت نہ ہو تو کم سے کم دل میں اسے برا محسوس کیا جائے۔ یہ ایمان کا کمزور ترین درجہ ہے۔ اگر دل میں بھی برا محسوس نہیں کیا تو پھر اس کا مطلب ہے کہ ایمان ہی نہیں ہے۔
یہ آیت ہمیں واضح طور پر یہ پیغام دیتی ہے کہ اگر ہم مظلوموں کی مدد کے لیے کھڑے نہیں ہوئے اور ہم نے اپنی استطاعت کے مطابق مظلوموں کے لیے آواز کو بلند نہیں کیا تو ہم اللہ تعالی کی ہاں سخت گنہگار اور اس کے لیے جواب دہ ہوں گے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments