درس حدیث
زمرہ : النور

حضرت ابو بریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

کَفَى بِالْمَرْءِ كَذِبًا أَنْ يُحَدِّثَ بِكُلِّ مَا سَمِعَ

ترجمہ: آدمی کے جھوٹے ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ ہر سنی ہوئی بات کو بیان کرتا پھرے۔
حوالہ: صحیح مسلم، مقدمہ
یہ حدیث مبارک ہمیں زبان کی حفاظت اور سنی سنائی بات کو آگے پہنچانے سے بچنے کا بہت بڑا سبق دیتی ہے۔
انسان کسی سے ایک بات سنتا ہے پھر بغیر تحقیق کے دوسرے کو بتا دیتا ہے۔ وہ دوسرا شخص اسے آگے پہنچاتا ہے اور دیکھتے دیکھتے ایک معمولی سی بات افواہ بن جاتی ہے۔ کبھی اس افواہ سے کسی کی عزت، کسی کا رشتہ اور کبھی پورے معاشرے کا سکون متاثر ہو جاتا ہے۔
اسی لیے اسلام ہمیں یہ نہیں سکھاتا کہ جو بات سنو، اسے آگے بیان کر دو؛ بلکہ یہ سکھاتا ہے کہ جو بات سنو، پہلے اس کی تحقیق کرو۔
اللہ تعالی سورۃ الحجرات میں فرماتے ہیں:

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن جَاءَكُمْ فَاسِقٌ بِنَبَإٍ فَتَبَيَّنُوا أَن تُصِيبُوا قَوْمًا بِجَهَالَةٍ فَتُصْبِحُوا عَلَىٰ مَا فَعَلْتُمْ نَادِمِينَ

ترجمہ: ’’اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لائے تو اچھی طرح تحقیق کر لیا کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم نادانی سے کسی قوم کو نقصان پہنچا بیٹھو، پھر اپنے کیے پر پشیمان ہو جاؤ۔‘‘
حوالہ: سورۃ الحجرات، آیت :6
اس آیت کے نزول کے سلسلے میں حضرت ولید بن عقبہؓ اور بنو مصطلق کا واقعہ بیان کیا جاتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ولید کو بنو مصطلق سے زکوٰۃ وصول کرنے کے لیے بھیجا۔ جب وہ ان کے قریب پہنچے تو انھیں کسی وجہ سے خوف محسوس ہوا اور وہ واپس مدینہ منورہ آگئے۔
انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے ایسی خبر پیش کی جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ بنو مصطلق نے زکوٰۃ دینے سے انکار کر دیا ہے اور مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
یہ ایک افواہ اور غلط فہمی تھی، لیکن اس خبر کی وجہ سے معاملہ بہت سنگین ہو سکتا تھا۔ پھر بنو مصطلق کے لوگ خود حاضر ہوئے اور حقیقت واضح کی کہ انھوں نے زکوٰۃ سے انکار نہیں کیا تھا۔
یہاں ہمیں ایک بہت بڑا سبق ملتا ہے کہ اگر ایک عظیم صحابی بھی کسی غلط خبر یا غلط فہمی سے متاثر ہو سکتے ہیں، تو ہم عام انسانوں کو اپنی سنی سنائی باتوں پر کتنا محتاط رہنا چاہیے!
یہاں کسی صحابی کی تنقیص مقصود نہیں، بلکہ قرآن ہمیں یہ سکھا رہا ہے کہ انسان کتنا ہی نیک اور معزز کیوں نہ ہو لیکن اگر خبر غلط پہنچے تو غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس لیے شریعت نے تحقیق کا اصول دیا۔ پھر قرآن کریم ہمیں سورۃ النور میں ایک اور نہایت سبق آموز واقعے کے ذریعے سمجھاتا ہے۔ اللہ تعالی فرماتے ہیں:

إِذْ تَلَقَّوْنَهُ بِأَلْسِنَتِكُمْ وَتَقُولُونَ بِأَفْوَاهِكُم مَّا لَيْسَ لَكُم بِهِ عِلْمٌ وَتَحْسَبُونَهُ هَيِّنًا وَهُوَ عِندَ اللَّهِ عَظِيمٌ

ترجمہ: ’’جب تم اسے اپنی زبانوں سے نقل کر رہے تھے اور اپنے منہ سے وہ بات کہہ رہے تھے جس کا تمھیں علم نہ تھا اور تم اسے معمولی سمجھ رہے تھے، حالاں کہ اللہ کے نزدیک وہ بہت بڑی بات تھی۔‘‘
حوالہ: سورۃ النور، 24:15
اس آیت کی تفسیر:
یہ آیت واقعہ افک کے موقع پر نازل ہونے والی آیات میں سے ہے۔ منافقین نے حضرت عائشہ کے بارے میں ایک نہایت سنگین تہمت پھیلائی۔ افسوس کی بات یہ ہوئی کہ کچھ مسلمان بھی تحقیق کیے بغیر اس بات کو زبان سے بیان کرنے لگے۔ ایک شخص نے دوسرے سے سنا اور آگے بیان کر دیا۔ یوں ایک جھوٹی بات پھیلتی چلی گئی۔
اللہ تعالی نے مسلمانوں کو متنبہ فرمایا کہ تم اس بات کو معمولی سمجھ کر اپنی زبانوں سے بیان کر رہے تھے، حالاں کہ اللہ کے نزدیک یہ بہت بڑی بات تھی۔
اس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ کبھی انسان یہ سوچ کر بات آگے بڑھا دیتا ہے کہ ’’میں نے تو صرف سنی ہے، میں نے تھوڑی بنائی ہے‘‘۔ لیکن اگر وہ جانتے ہوئے بغیر تحقیق کے اسے آگے پہنچا رہا ہے تو وہ بھی اس کے پھیلنے میں حصے دار بن سکتا ہے۔
آج بھی یہی ہوتا ہے۔ کوئی کہتا ہے: ’’مجھے نہیں معلوم یہ سچ ہے یا نہیں، لیکن مجھے کسی نے بتایا ہے۔‘‘ پھر دوسرا کہتا ہے: ’’میں نے بھی یہی سنا ہے۔‘‘ اور کچھ ہی دیر میں ایک افواہ حقیقت کا روپ اختیار کر لیتی ہے۔
اللہ تعالی سورۃ الاسراء میں فرماتے ہیں:

وَلَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ

ترجمہ: ’’اور جس چیز کا تمھیں علم نہیں، اس کے پیچھے نہ پڑو۔‘‘
حوالہ: سورۃ الإسراء، آیت :36
اسی طرح اللہ تعالی فرماتے ہیں:

وَاجْتَنِبُوا كَثِيرًا مِّنَ الظَّنِّ إِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ إِثْمٌ

ترجمہ: ’’بہت سے گمانوں سے بچو۔ بے شک بعض گمان گناہ ہوتے ہیں۔‘‘
حوالہ: سورۃ الحجرات، آیت 12
لہذا ہمیں اپنے لیے ایک اصول بنا لینا چاہیے:
’’ہر سنی ہوئی بات سچ نہیں ہوتی۔ ہر سچ معلوم ہونے والی بات آگے بیان کرنا ضروری نہیں اور جس بات کا علم نہ ہو اسے بیان کرنا خطرناک ہے۔‘‘
خاص طور پر آج کے دور میں جب واٹس ایپ، فیس بک اور سوشل میڈیا کے ذریعے ایک خبر چند لمحوں میں ہزاروں لوگوں تک پہنچ جاتی ہے، ہمیں اس حدیث کو اپنی زندگی کا اصول بنانا چاہیے۔ کسی کی عزت کے بارے میں ہو، کسی خان دان کے بارے میں ہو، کسی دینی مسئلے کے بارے میں ہو یا کسی شخص کے کردار کے بارے میں ہو، ہم تحقیق کے بغیر کوئی بات آگے نہ بڑھائیں۔ کیوں کہ کبھی ایک جھوٹی افواہ کسی کے لیے زندگی بھر کا دکھ بن جاتی ہے اور کبھی ایک چھوٹی سی غلط خبر بڑے فتنے کا سبب بن جاتی ہے۔
ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ قیامت کے دن اگر ہم سے پوچھ لیا گیا کہ تم نے یہ بات کس بنیاد پر پھیلائی تھی، تو ہمارے پاس کیا جواب ہوگا؟

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

2 Comments

  1. گل رخ رضوانہ

    بہت اچھی تحریر

    Reply
  2. Humera Ruhi

    بہت ا اچھی طرح سے سمجھا یا گیا ہے ۔

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦