مایۂ ناز خواتین

ہر عہد کی فکری اور تہذیبی تعمیر میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لیے اسلام نے عورت کی تعلیم و تربیت، کردار سازی اور اخلاقی نشوونما پر خصوصی توجہ دی ہے۔ آج جب مسلم معاشرہ فکری انتشار، اخلاقی زوال اور دینی بے راہ روی جیسے مسائل سے دوچار ہے – خصوصاً نئی نسل کی بچیاں مغربی تہذیب اور سوشل میڈیا کے اثرات سے اپنی دینی شناخت کھوتی جا رہی ہیں- ایسے حالات میں ایسی کتابوں کی ضرورت شدت سے محسوس ہوتی ہے، جو محض معلومات فراہم نہ کریں بلکہ کردار سازی اور دینی شعور بھی پیدا کریں۔ محمد عرفات اعجاز اعظمی کی تصنیف ’’مایۂ ناز خواتین‘‘ اسی احساسِ ذمے داری کا مظہر ہے۔ اس کتاب کا بنیادی مقصد طالبات کی دینی، اخلاقی اور عملی تربیت کرنا اور انھیں ان عظیم خواتین کی زندگیوں سے روشناس کرانا ہے، جن کی پاکیزہ سیرت ہر دور کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ اور نمونۂ عمل ہے۔
یہ کتاب بالخصوص جامعہ ابوبکر للبنات، ترکولوا، مہراج گنج کی طالبات کے لیے مرتب کی گئی ہے۔ تاہم اس کا دائرہ افادیت صرف ایک ادارے تک محدود نہیں بلکہ ہر اس طالبہ اور خاتون تک پھیلتا ہے، جو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنی شخصیت کی تعمیر کی خواہاں ہو۔کتاب دس ابواب پر مشتمل ہے۔ آغاز رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک حیات سے کیا گیا ہے تاکہ طالبات کے سامنے سب سے پہلے اسوۂ حسنہ کا جامع تصور آجائے۔ دوسرے باب میں قرآنِ مجید میں مذکور صالحات جیسے حضرت حواؑ ، حضرت سارہؑ ، حضرت ہاجرہؑ ، حضرت آسیہؑ اور حضرت مریمؑ وغیرہ کے ایمان افروز واقعات کو سادہ اور مؤثر انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ تیسرا باب ازواجِ مطہراتؓ کے تذکرے پر مشتمل ہے، جس میں گیارہ امہات المؤمنین کی حیاتِ مبارکہ، ان کے فضائل، خدمات اور اخلاقی اوصاف کو نہایت اختصار مگر جامعیت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔کتاب کا ایک اہم امتیاز یہ ہے کہ مصنف نے ہر مضمون کے اختتام پر مشقی سوالات شامل کیے ہیں،جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مصنف نے صرف مطالعے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ طالبات کے فہم، یادداشت اور تدریسی ضرورت کو بھی پیشِ نظر رکھا ہے۔ یہی خصوصیت اس کتاب کو عام سوانحی مجموعوں سے ممتاز کرتی ہے۔چوتھا باب بناتِ طاہراتؓ سے متعلق ہے، جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی چاروں صاحب زادیوں کے حالاتِ زندگی بیان کیے گئے ہیں۔ بالخصوص حضرت زینبؓ کے صبر، استقامت اور دین پر ثابت قدمی سے بھرپور زندگی کو اس انداز سے پیش کیا گیا ہے کہ قاری کے دل میں دین کی محبت اور مشکلات میں ثابت قدم رہنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ پانچویں باب میں صحابیاتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ایمان افروز واقعات درج ہیں۔ خصوصاً حضرت سمیہؓ کی لازوال قربانی، صبر و استقامت اور توحید پر ثابت قدمی کا بیان ایمان کو تازگی بخشتا ہے۔ قریش کے شدید مظالم سہنے کے باوجود ان کا دین پر ڈٹے رہنا اور اسلام کی پہلی شہیدہ ہونے کا اعزاز حاصل کرنا ہر مسلمان خاتون کے لیے عظیم سبق ہے۔چھٹے باب میں ان عابدات، زاہدات اور تابعیات کا ذکر کیا گیا ہے، جنھوں نے قرآن، حدیث اور فقہ میں نمایاں مقام حاصل کیا اور روایتِ حدیث کی سعادت سے بھی بہرہ ور ہوئیں۔ اس باب سے اسلامی علمی روایت میں خواتین کے عظیم کردار کا بہ خوبی اندازہ ہوتا ہے۔ ساتواں باب ان صابرات و صالحات کے تذکروں پر مشتمل ہے، جنھوں نے اپنی عملی زندگی سے تاریخ میں روشن نقوش چھوڑے۔ ان میں علامہ اقبالؒ کی والدہ امام بی بی اور مدر صاحبہ جیسے باکمال کردار شامل ہیں۔ مدر صاحبہ کا ایک عیسائی خان دان سے تعلق رکھنے کے باوجود ایمان کی دولت سے سرفراز ہونا اور قرآنِ کریم کا انگریزی ترجمہ کرنے کی سعادت حاصل کرنا اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ

﴿َمَن يَهْدِ اللَّهُ فَلَا مُضِلَّ لَهُ وَمَنْ يُضْلِلْ فَلَا هَادِيَ لَهُ﴾

یعنی جسے اللہ ہدایت دے، اسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا اور جسے وہ گمراہ کر دے، اسے کوئی ہدایت دینے والا نہیں۔
آٹھویں باب میں خواتین سے متعلق ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو جمع کیا گیا ہے، جبکہ نویں باب میں چالیس منتخب مختصر احادیث درج کی گئی ہیں۔ دسواں باب ضمیمے کے طور پر شامل ہے، جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت، بچپن کے اہم واقعات، قرآنِ کریم کا مختصر تعارف، اس کے حقوق اور ان پچیس انبیائے کرام علیہم السلام کا تعارف پیش کیا گیا ہے، جن کا ذکر قرآنِ مجید میں آیا ہے۔
کتاب کے آخر میں معروضی اور مشقی سوالات شامل کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے طالبات اپنے مطالعے کا جائزہ لے سکتی ہیں۔ اس سے کتاب محض مطالعے تک محدود نہیں رہتی بلکہ تدریسی اور تربیتی نصاب کا ایک مؤثر حصہ بن جاتی ہے۔
مصنف کا اسلوب نہایت سادہ، رواں اور عام فہم ہے۔انھوں نے مشکل علمی اصطلاحات سے گریز کرتے ہوئے ایسے اندازِ بیان کو اختیار کیا ہے، جو طالبات کے ذوق، عمر اور فہم کے مطابق ہے۔ عبارت میں غیر ضروری تکلف، ثقیل الفاظ یا خطیبانہ مبالغہ نہیں ہے، بلکہ سادگی اور خلوص نمایاں ہے۔ تنقیدی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو کتاب اپنے مقصد میں بڑی حد تک کام یاب ہے۔ البتہ اگر آئندہ اشاعت میں ہر شخصیت کے حالات کے ساتھ مستند مراجع و مصادر کے حوالے بھی شامل کر دیے جائیں اور چند مقامات پر موجود معمولی طباعتی اغلاط کی اصلاح کر دی جائے تو اس کی علمی قدر و قیمت مزید بڑھ جائے گی۔
مجموعی طور پر ’’مایۂ ناز خواتین‘‘ ایک مفید، اصلاحی، تربیتی اور معلوماتی تصنیف ہے۔یہ صرف طالبات ہی نہیں بلکہ ہر اس خاتون کے لیے قابلِ مطالعہ کتاب ہے، جو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنی شخصیت کو سنوارنا اور صالحاتِ امت کی پاکیزہ زندگیوں سے رہنمائی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ موجودہ دور میں جب مسلم بچیوں کو مضبوط دینی و اخلاقی بنیادوں کی شدید ضرورت ہے، ایسی کتابیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔امید ہے کہ یہ کتاب طالبات میں دینی شعور، اخلاقی اقدار اور اسلافِ امت سے وابستگی پیدا کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گی اور اہلِ علم میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھی جائے گی۔ یہ کتاب اس لائق ہے کہ اس کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦