یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ دنیا ہمیشہ نسل در نسل آگے بڑھتی رہی ہے۔ ہر دور کی اپنی ایک منفرد پہچان، اپنے تقاضے اور اپنے بدلتے ہوئے حالات ہوتے ہیں۔ موجودہ دور کی نسل ایک خاص اور منفرد حیثیت رکھتی ہے، کیوں کہ یہ سائنسی پیش رفت، جدید ٹیکنالوجی اور معلومات کے تیز ترین بہاؤ کے ماحول میں پروان چڑھ رہی ہے۔
انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) اور ڈیجیٹل ذرائع نے تعلیم، تحقیق، کاروبار اور مواصلات کے نئے افق کھول دیے ہیں۔ آج کا نوجوان پل بھر میں دنیا کے کسی بھی گوشے سے معلومات حاصل کر سکتا ہے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا عالمی سطح پر منوا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس نسل سے وابستہ توقعات اور امیدیں بھی ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ چکی ہیں۔جیسا کہ نیلسن منڈیلا (Nelson Mandela) نے کہا تھا:
’’آج کے نوجوان کل کے رہنما ہیں۔‘‘
(.Today’s youth are tomorrow’s leaders)
یہ قول اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ مستقبل کی قیادت، پائیدار ترقی اور مثبت معاشرتی تبدیلی کا تمام تر دارومدار آج کے نوجوانوں پر ہے۔
طلبہ کی تحریکیں اور بیداری:
حالیہ دنوں میں پیش آمدہ اسٹوڈنٹ پروٹسٹ (طلبہ کے احتجاجات اور تحریکیں) ایک انقلاب بن کر ابھرے ہیں۔ انھوں نے دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ نوجوان نہ صرف اپنے حقوق بلکہ آنے والے کل کی بہتری کے لیے بھی سوچنے، سمجھنے اور فیصلہ کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔
تاریخ کے اوراق شاہد ہیں سول رائٹس موومنٹ (Civil Right Movement)سے لے کر آج تک یہ بات بالکل واضح ہے کہ بچوں اور نوجوانوں نے ہمیشہ ناانصافی کے خلاف اور اپنے حقوق کی خاطر آواز بلند کی ہے۔ نوجوانوں کے اس شان دار اور پرجوش کردار نے یہ ثابت کیا ہے کہ جب بھی نازک وقت آتا ہے، نوجوان نسل پیش رفت اور مثبت تبدیلی کی راہ پر اس طرح گامزن ہوتی ہے کہ کوئی بھی رکاوٹ ان کا راستہ نہیں روک سکتی۔
نوجوانوں کے یہ احتجاجات اس بات کی بھی علامت ہیں کہ آج کی نسل سیاسی، آئینی اور سماجی شعور سے لیس ہے۔ وہ اپنے حق کے لیے آواز اٹھانا بھی جانتی ہے اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا بھی۔ تاہم، اس توانائی کو درست سمت دینا نہایت ضروری ہے۔ اگر اس جذبے کو بہترین حکمتِ عملی، علم اور تعمیری سوچ کے ساتھ جوڑا جائے تو یہ احتجاجات صرف وقتی مطالبات تک محدود نہیں رہتے، بلکہ پالیسی کی سطح پر پائیدار اصلاحات کا ذریعہ بنتے ہیں۔ نوجوانوں کا یہ تدبر اور بیداری اس بات کی ضمانت ہے کہ ان شاء اللہ آنے والا دور زیادہ شفاف، مساوی اور جمہوری ہوگا۔
نئی نسل کے مثبت پہلو
موجودہ نسل کی سب سے بڑی خوبی اس کی تیز رفتار سیکھنے کی صلاحیت اور تبدیلی کو کھلے دل سے قبول کرنے کا جذبہ ہے۔ یہ نسل جدید ترین ٹیکنالوجی کو نہ صرف جلد سمجھتی ہے، بلکہ نئے خیالات کو اپنا کر پیچیدہ مسائل کے حل تلاش کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
آج کے نوجوان درج ذیل میدانوں میں نمایاں اور مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں:
(1) تعلیم و تحقیق: سائنس، طب، انجینئرنگ اور مصنوعی ذہانت میں اختراعی اقدامات
(2) کاروبار اور روزگار: نئے اور جدت پسند اسٹارٹ اپس (Startups) کا قیام
(3) سماجی خدمات: ماحولیات کے تحفظ (Climate Action)، رضاکارانہ خدمات اور یکساں تعلیم کے فروغ میں پرجوش حصے داری
اس نسل میں زبردست خود اعتمادی، تخلیقی سوچ اور عالمی سطح پر باہمی تعاون کی صلاحیت موجود ہے۔ اسی وجہ سے دنیا تنگ نظری اور محدود سوچ کے خول سے نکل کر عالمگیر رابطوں کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ نے نوجوانوں کی اس اہمیت اور قوم کی تقدیر میں ان کے بنیادی کردار کو ان خوب صورت الفاظ میں بیان کیا ہے:
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
یہ شعر اس حقیقت کو بلاشبہ اجاگر کرتا ہے کہ کسی بھی قوم کا عروج و زوال اور اس کی ترقی اور خوش حالی کا مکمل انحصار اس کے افراد بالخصوص نوجوان نسل کی جدوجہد اور مثبت عمل پر ہوتا ہے۔
چیلنجز اور مستقبل کا سفر
ان تمام مثبت پہلؤوں کے باوجود نئی نسل کو چند سنگین چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ ڈیجیٹل دور کے منفی اثرات جیسے سوشل میڈیا پر وقت کا ضیاع، ذہنی تناؤ اور سچی و جھوٹی معلومات میں فرق کرنے کی جدوجہد ان کے لیے بڑے امتحان ہیں۔ اس کے علاوہ تیز رفتار دنیا میں اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنا اور روزگار کے سخت میدان میں خود کو ثابت کرنا بھی ایک مستقل ذمے داری ہے۔
ہمارے نوجوانوں کو کام یابی کی جانب گامزن ہونے کے لیے خلوصِ دل، محبت اور انتھک مشقت کو اپنا شعار بنانا ہو گا۔ انھیں اپنے وقت کی قدر اور ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو سنوارنا ہوگا، تاکہ نہ صرف ان کی اپنی زندگی بہترین اور کام یاب بن سکے، بلکہ وہ پورے معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments