ضرورت سے زیادہ گفتگو(Over-Talking): جب بولنا ایک نفسیاتی ضرورت بن جائے

انسان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ ان میں زبان اور قوتِ گویائی ایک عظیم نعمت ہے۔ یہی زبان خیالات کا اظہار کرتی ہے، دلوں کو جوڑتی ہے، علم منتقل کرتی ہے، رشتوں کو مضبوط بناتی ہے اور انسان کو دیگر مخلوقات سے ممتاز کرتی ہے۔ گفتگو انسانی معاشرت کا بنیادی ستون ہے۔ مگر ہر نعمت کی طرح زبان بھی اعتدال کی طالب ہے۔ جس طرح خاموشی کی زیادتی بعض اوقات انسان کو معاشرتی تنہائی، احساسِ کمتری یا نفسیاتی دباؤ کی طرف لے جا سکتی ہے، اسی طرح ضرورت سے زیادہ گفتگو بھی شخصیت اور تعلقات کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔
ہمارے معاشرے میں عام طور پر زیادہ بولنے والے افراد کو خوش مزاج، ملنسار یا حاضر جواب سمجھا جاتا ہے، لیکن علمِ نفسیات کا مطالعہ بتاتا ہے کہ ہر زیادہ بولنے والا شخص صرف خوش گفتار نہیں ہوتا۔ بعض اوقات مسلسل بولتے رہنا، دوسروں کو گفتگو کا موقع نہ دینا، ہر موضوع کو اپنی ذات کی طرف موڑ لینا، بار بار اپنی کام یابیوں، تجربات یا مسائل کا ذکر کرنا اور خاموشی برداشت نہ کر پانا ایک گہری نفسیاتی کیفیت کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بات ابتدا ہی میں سمجھ لینا ضروری ہے کہ ضرورت سے زیادہ گفتگو اور نفسیاتی مرض لوگوریا (Logorrhea) ایک ہی چیز نہیں ہیں۔ Logorrhea ایک مخصوص طبی و نفسیاتی کیفیت ہے، جس میں گفتگو غیر معمولی حد تک بڑھ جاتی ہے اور انسان اپنی گفتگو پر مناسب کنٹرول کھو دیتا ہے۔ لیکن ہر زیادہ بولنے والا شخص Logorrhea کا مریض نہیں ہوتا۔ حقیقت یہ ہے کہ ضرورت سے زیادہ گفتگو کی متعدد نفسیاتی وجوہات اور مختلف صورتیں ہیں، جنھیں الگ الگ سمجھنے کی ضرورت ہے۔
نفسیات کے مطابق گفتگو صرف معلومات منتقل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ انسان کی داخلی دنیا کا آئینہ بھی ہوتی ہے۔ انسان جس انداز سے بولتا ہے، جتنا بولتا ہے اور جن موضوعات پر بولتا ہے، ان سب سے اس کی شخصیت، جذباتی کیفیت اور ذہنی ساخت کے متعلق بہت کچھ معلوم کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین نفسیات مریض کی گفتگو کو تشخیص کا ایک اہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔
ضرورت سے زیادہ گفتگو کی ایک عام وجہ شخصیت کا اپنی ذات کے گرد گھومنے لگنا ہے۔ بعض افراد شعوری یا لاشعوری طور پر اپنی ذات کو ہر معاملے کا مرکز سمجھنے لگتے ہیں۔ وہ ہر موضوع کو اپنی طرف موڑ لیتے ہیں۔ اگر گفتگو سفر پر ہو تو ان کا سفر سب سے دلچسپ ہوتا ہے، اگر بیماری پر ہو تو ان کی بیماری سب سے زیادہ تکلیف دہ ہوتی ہے اور اگر کام یابی کا ذکر ہو تو ان کی کام یابیاں سب سے نمایاں ہوتی ہیں۔ آہستہ آہستہ گفتگو علم و تجربے کے تبادلے کے بجائے اپنی ذات کی نمائش کا ذریعہ بن جاتی ہے۔
نفسیات میں اس رجحان کو ’انا پرست گفتگو‘ (Egocentric Communication) کہا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر ایسا شخص باقاعدہ نفسیاتی مریض ہوتا ہے، لیکن یہ ضرور ہے کہ اس کی شخصیت میں خود مرکزیت (Self-Centeredness) کا عنصر نمایاں ہوتا ہے۔ ایسے افراد سننے سے زیادہ بولنے میں دلچسپی رکھتے ہیں کیوں کہ ان کے نزدیک ان کی بات دوسروں کی بات سے زیادہ اہم ہوتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض اوقات زیادہ بولنے کے پیچھے خود پسندی نہیں بلکہ احساسِ کمتری چھپا ہوتا ہے۔ ماہرین نفسیات نے مشاہدہ کیا ہے کہ کچھ لوگ اپنے اندر موجود عدم تحفظ، احساسِ محرومی یا کمتر ہونے کے احساس کو چھپانے کے لیے مسلسل بولتے رہتے ہیں۔ وہ لاشعوری طور پر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ باعلم، ذہین یا اہم ہیں۔ ان کی گفتگو دراصل ایک نفسیاتی دفاع (Psychological Defense) بن جاتی ہے۔
اسی طرح توجہ طلبی (Attention Seeking) بھی ضرورت سے زیادہ گفتگو کا ایک اہم سبب ہے۔ بعض افراد کے لیے گفتگو کا اصل مقصد خیالات کا تبادلہ نہیں بلکہ دوسروں کی توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ وہ مجلس میں خاموش رہنے کو اپنی غیر موجودگی کے مترادف سمجھتے ہیں۔ اگر چند منٹ تک ان کا ذکر نہ ہو تو انھیں بے چینی محسوس ہونے لگتی ہے۔ چنانچہ وہ کوئی نہ کوئی بات، واقعہ، لطیفہ یا تبصرہ چھیڑ دیتے ہیں تاکہ گفتگو کا مرکز دوبارہ ان کی ذات بن جائے۔
بعض اوقات یہ رویہ بچپن کے تجربات سے جڑا ہوتا ہے۔ جن بچوں کو مناسب توجہ، محبت یا جذباتی قبولیت نہیں ملتی، وہ بڑے ہو کر دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کے مختلف طریقے اختیار کرتے ہیں۔ کچھ لوگ کام یابی کے ذریعے توجہ حاصل کرتے ہیں، کچھ خدمت کے ذریعے اور کچھ مسلسل گفتگو کے ذریعے۔
جدید نفسیات میں ’توجہ کی کمی اور حد سے زیادہ سرگرمی کا عارضہ‘ یعنی ADHD (Attention Deficit Hyperactivity Disorder) کو بھی ضرورت سے زیادہ گفتگو کی ایک اہم وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ ADHD کے شکار افراد کے ذہن میں خیالات بہت تیزی سے آتے ہیں۔ انھیں اپنی باری کا انتظار کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔ وہ اکثر دوسروں کی بات کاٹ دیتے ہیں، فوراً جواب دیتے ہیں اور گفتگو میں غیر معمولی طور پر سرگرم نظر آتے ہیں۔ یہاں زیادہ بولنے کا مقصد خود نمائی نہیں بلکہ اعصابی نظام کی ایک مخصوص کیفیت ہوتی ہے۔
اسی طرح Bipolar Disorder کی Mania اور Hypomania کی حالتوں میں بھی گفتگو کی رفتار اور مقدار غیر معمولی طور پر بڑھ جاتی ہے۔ مریض کو محسوس ہوتا ہے کہ اس کے ذہن میں خیالات کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ وہ تیزی سے بولتا ہے، موضوعات بدلتا رہتا ہے اور بعض اوقات اس کی گفتگو کو روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔ طبی اصطلاح میں اسے Pressured Speech کہا جاتا ہے۔ یہ محض عادت نہیں بلکہ ایک نفسیاتی علامت ہوتی ہے۔
وسواسی رجحانات (Obsessive Traits) بھی بعض افراد کو زیادہ گفتگو کی طرف لے جاتے ہیں۔ ایسے لوگ ایک ہی بات کو بار بار دہراتے ہیں، تفصیلات میں غیر ضروری طور پر داخل ہو جاتے ہیں اور بارہا وضاحت کرتے ہیں۔ انھیں محسوس ہوتا ہے کہ شاید سامنے والا ابھی پوری طرح نہیں سمجھا۔ اس کیفیت میں گفتگو کا حجم بڑھ جاتا ہے اور سامع تھکن محسوس کرنے لگتا ہے۔
اضطراب (Anxiety) بھی زیادہ بولنے کی ایک اہم وجہ ہے۔ کچھ لوگ جب گھبراہٹ یا سماجی بے چینی کا شکار ہوتے ہیں تو خاموشی کو خطرہ سمجھتے ہیں۔ وہ خاموشی کو توڑنے کے لیے مسلسل بولتے رہتے ہیں۔ ان کی گفتگو کا مقصد دوسروں کو متاثر کرنا نہیں بلکہ اپنی اندرونی بے چینی کو کم کرنا ہوتا ہے۔
بعض افراد خاموشی سے خوفزدہ ہوتے ہیں۔ خاموشی انسان کو اپنے اندر جھانکنے پر مجبور کرتی ہے۔ جو لوگ اپنی تنہائی، اداسی، پچھتاووں یا داخلی مسائل کا سامنا نہیں کرنا چاہتے، وہ اکثر گفتگو میں پناہ ڈھونڈتے ہیں۔ ان کے لیے بولنا ایک نفسیاتی فرار (Escape Mechanism) بن جاتا ہے۔
سوشل میڈیا کے دور نے اس مسئلے کو نئی جہت عطا کی ہے۔ اب Over-Talking صرف زبانی گفتگو تک محدود نہیں رہا۔ مسلسل پوسٹس، اسٹیٹس، ویڈیوز، تبصرے اور اپنی زندگی کی ہر چھوٹی بڑی تفصیل دوسروں کے سامنے رکھنا بھی اسی رجحان کی ایک جدید شکل ہو سکتی ہے۔ انسان اب صرف بولتا نہیں بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی مسلسل خود اظہار کرتا رہتا ہے۔
ضرورت سے زیادہ گفتگو کے نقصانات بھی کم نہیں ہیں۔ سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ انسان سننے کی صلاحیت کھو دیتا ہے جب کہ مؤثر ابلاغ کا نصف حصہ سننے پر مشتمل ہے۔ جو شخص صرف بولتا ہے اور سنتا نہیں، وہ دوسروں کے خیالات، جذبات اور تجربات سے محروم رہ جاتا ہے۔ نتیجتاً اس کے تعلقات سطحی ہونے لگتے ہیں۔
دوسرا نقصان یہ ہے کہ لوگ آہستہ آہستہ ایسے شخص سے گریز کرنے لگتے ہیں۔ ابتدا میں اس کی گفتگو دلچسپ محسوس ہوتی ہے، مگر وقت کے ساتھ مسلسل یک طرفہ گفتگو دوسروں کو تھکا دیتی ہے۔ یوں وہ شخص غیر شعوری طور پر سماجی تنہائی کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔
تیسرا نقصان شخصیت کی نشوونما سے متعلق ہے۔ جو شخص ہمیشہ بولتا رہتا ہے وہ سیکھنے کے مواقع کھو دیتا ہے۔ مشہور قول ہے کہ انسان جب بولتا ہے تو وہ وہی کچھ دہراتا ہے جو پہلے سے جانتا ہے، لیکن جب سنتا ہے تو کچھ نیا سیکھتا ہے۔
اسلامی تعلیمات بھی گفتگو میں اعتدال کی تعلیم دیتی ہیں۔ رسول اکرم ﷺ کی گفتگو مختصر، جامع اور بامقصد ہوتی تھی۔ آپ ﷺ بلا ضرورت طویل گفتگو نہیں فرماتے تھے۔ اسلامی مزاج میں خاموشی، غور و فکر اور دوسرے لوگوں کو توجہ سے سننے کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔
ضرورت سے زیادہ گفتگو کا علاج اور تدارک ممکن ہے، بہ شرطے کہ انسان اپنی کیفیت کو پہچان لے۔ پہلا قدم خود آگاہی (Self-Awareness) ہے۔ انسان کو یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ زیادہ کیوں بولتا ہے؟ کیا وہ توجہ چاہتا ہے؟ کیا وہ اضطراب کا شکار ہے؟ کیا وہ خاموشی سے گھبراتا ہے؟ یا اسے واقعی ADHD یا کسی دوسری نفسیاتی کیفیت کا سامنا ہے؟
دوسرا قدم Active Listening کی مشق ہے۔ انسان شعوری طور پر یہ عادت ڈالے کہ وہ دوسروں کی بات مکمل ہونے دے، ان کی بات کا خلاصہ اپنے ذہن میں دہرائے اور جواب دینے سے پہلے چند لمحے توقف کرے۔
تیسرا قدم گفتگو کے دوران اپنی ذات کے ذکر کو محدود کرنا ہے۔ ہر موضوع کو اپنی مثالوں کی طرف موڑنے کے بجائے دوسروں کے تجربات میں دلچسپی لینا ضروری ہے۔
چوتھا قدم خاموشی کو قبول کرنا ہے۔ ہر خاموش لمحہ گفتگو سے بھرنا ضروری نہیں ہوتا۔ بعض اوقات خاموشی بھی ایک بامعنی مکالمہ ہوتی ہے۔
اگر زیادہ گفتگو کے پیچھے ADHD، Bipolar Disorder، شدید اضطراب یا کوئی دوسری نفسیاتی کیفیت موجود ہو تو پیشہ ورانہ نفسیاتی مدد (Professional Psychological Treatment) حاصل کرنا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ مسئلہ زیادہ بولنے کا نہیں بلکہ غیر متوازن بولنے کا ہے۔ ایک صحت مند شخصیت وہ ہے جو جانتی ہو کہ کب بولنا ہے، کتنا بولنا ہے اور کب خاموش رہنا ہے۔ دانائی صرف عمدہ گفتگو میں نہیں بلکہ عمدہ سماعت میں بھی پوشیدہ ہے۔ بعض اوقات انسان اپنی زبان سے کم اور اپنے کانوں سے زیادہ لوگوں کے دل جیتتا ہے۔ گفتگو ایک فن ہے، مگر سننا ایک اعلیٰ تر فن ہے اور جو شخص سننے کا ہنر سیکھ لیتا ہے، وہ نہ صرف بہتر تعلقات قائم کرتا ہے بلکہ اپنی شخصیت کو بھی ایک نئی گہرائی عطا کرتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦