تمہید کلام کے طور پر یہ سمجھنا ضروری ہے کہ بارگاہِ الٰہی سے شیطان (ابلیس) کی راندگی، طوقِ لعنت اور ابدی محرومی کا سبب کوئی ایسی خطا نہیں تھی، جو نادانی یا لاشعوری پر مبنی ہو۔ اس کا گناہ سراسر عمدی، فکری اور شعوری تھا اور اس گناہ کا نام ’کبر‘ (تکبر و گھمنڈ) ہے۔ اس نے مصلحتِ خداوندی پر اپنی عقلِ نارسا کو فوقیت دی۔ خود کو افضل و اشرف گردانا اور کائنات کی نوخیز مخلوقات میں خود کو سب سے مقدم و معتبر تصور کیا۔
جب اسے خلیفۂ ارضی حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے کا حکمِ الٰہی صادر ہوا تو اس کے باطن میں چھپا ہوا ازلی خناس بلبلا اٹھا۔ اس نے فہم و بصیرت کو بالائے طاق رکھ کر منطق اور دلیل کا ایک ایسا لایعنی اور احمقانہ تانا بانا بن کر اپنی برتری کا دعویٰ کیا، جس کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہ تھا۔
قَالَ أَنَا خَيْرٌ مِّنْهُ خَلَقْتَنِي مِن نَّارٍ وَخَلَقْتَهُ مِن طِينٍ
اس نے (ابلیس نے) کہا: میں اس سے بہتر ہوں۔ تو نے مجھے آگ سے پیدا کیا اور اسے مٹی سے پیدا کیا۔
(سورہ الاعراف:12)
اس ایک مختصر قرآنی فقرے میں ابلیسیت کا پورا فلسفہ قید ہے۔ اپنی ذات کو دوسروں سے برتر، منفرد اور ارفع سمجھنا اور اس باطل برتری کی بنیاد کسی ایسی شے پر رکھنا، جس کی تخلیق یا اصول میں انسان کی اپنی کوئی محنت، صلاحیت یا کردار شامل نہ ہو۔
اس سرکشی کا فوری اور ابدی نتیجہ یہ نکلا کہ وہ ہمیشہ کے لیے طردِ بارگاہ اور ‘ملعون ’ٹھہرا دیا گیا، جیسا کہ سورہ البقرہ سے واضح ہوتا ہے:
وَإِذْ قُلْنَا لِلْمَلَائِكَةِ اسْجُدُوا لِآدَمَ فَسَجَدُوا إِلَّا إِبْلِيسَ أَبَىٰ وَاسْتَکْبَرَ وَکَانَ مِنَ الْکَافِرِینَ
اور جب ہم نے فرشتوں سے کہا کہ آدم کو سجدہ کرو، تو سب نے سجدہ کیا سوائے ابلیس کے؛ اس نے انکار کیا اور تکبر کیا اور وہ کافروں میں سے ہو گیا۔
(سورہ البقرہ :34)
اس قرآنی واقعے اور ابلیس کے انجام کو راقم الحروف نے شعر کے قالب میں یوں ڈھالا ہے:
معلمِ ملکوت ہوا کرتے تھے جناب
لغزشِ کبریائی سے ملعون بن بیٹھے
دورِ جدید میں ابلیسیت کا معاشرتی روپ اور ذہنی دیوالیہ پن
بڑے دکھ اور تاسف کا مقام یہ ہے کہ جو ابلیسیت کبھی صرف ایک ’عزازیل‘ کا خاصہ اور اس کا عیبِ تنہا تھی، آج وہ ہمارے مہذب معاشرے کا سب سے پسندیدہ اور مروج چلن بن چکی ہے۔ ابلیس کے پاس تو کم از کم’عنصرِ نار‘ (آگ کی کیمسٹری) کا ایک فضول ہی سہی مگر مادی عذر موجود تھا، لیکن آج کے نادان اور تہی مایہ انسانوں نے بغیر کسی ٹھوس جوہر کے بھی برتری کے ایسے انوکھے، مضحکہ خیز اور بودے پیمانے تراش لیے ہیں کہ خود ابلیس بھی ان کی شاگردی اختیار کرنے پر مجبور ہو جائے۔
یقیناً دولت، منصب یا نسب بہ ذاتِ خود کوئی برائی نہیں، بلکہ یہ قدرت کی عطا کردہ نعمتیں ہیں؛ مگر جب کم عقلی و کم ظرفی کی وجہ سے انسان ان نعمتوں کا بار نہیں اٹھا پاتا تو وہ انوکھے نفسیاتی خلجان کا شکار ہو جاتا ہے۔
آج کے دور میں ایسے سطحی اذہان پائے جاتے ہیں جن کی پوری انسانیت، عزت اور فخر ان کے بٹوے کے سائز اور بینک اکاؤنٹ کے ہندسوں پر ٹکا ہواہے۔ اگر اکاؤنٹ میں چند صفر بڑھ جائیں، تو وہ زمین پر پاؤں رکھنے کو اپنی توہین اور کسرِ شان سمجھتے ہیں۔ یہ فریب خوردہ مٹی کے پتلے بھول جاتے ہیں کہ اگر ایک رات کے لیے یہ نظام معطل ہو جائے یا ان کے مالیاتی کارڈز بلاک ہو جائیں، تو ان کی آدھی خدائی اور سارا رعب و داب اسی وقت سڑک پر ایڑھیاں رگڑتا نظر آئے۔ مادی بیساکھیوں پر اکڑنے والے یہ بیمار ذہن اس عالم گیر حقیقت سے بے خبر ہیں کہ کفن کی کوئی جیب نہیں ہوتی۔
حسب، نسب اور ’بوسیدہ خان دانی ‘ طرہ
ذات پات، نسبی تفاخر اور شجرہ خوانی کا زعم آج بھی دلوں میں فرعونی انداز میں انگڑائیاں لے رہا ہے۔ بندہ خود چاہے زندگی میں ایک پودا لگانے یا کوئی تعمیری کام کرنے کے لائق نہ ہو، اپنی عملی نااہلی اور جہالت کو چھپانے کے لیے اسلاف کی ہڈیوں کی تجارت کرتا ہے اور خود کو دنیا کا پیدائشی جاگیردار اور دوسروں کو رعایا سمجھتا ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کوئی مخلوق کسی سواری کے پیچھے چلتے ہوئے خود کو میرِ کارواں تصور کرنے لگے۔ نسب پر غرور کرنے والے یہ احمق نہیں جانتے کہ اصطبل میں پیدا ہونے سے کوئی گدھا، گھوڑا نہیں بن جاتا۔
عہدے اور منصب کا خللِ دماغ
ملازمت کا ایک ادنیٰ سا درجہ یا اقتدار کی مسند کا کوئی عارضی ٹکڑا کیا ہاتھ لگ جائے، انسان کے لہجے میں ایسی حاکمانہ کرختگی اور فرعونی رعونت آ جاتی ہے جیسے کائنات کی تقدیر کا قلم اب اسی کی انگلیوں کے اشارے کا محتاج ہو۔ ماتحتوں کی تذلیل اور سائلین کی بے بسی سے محظوظ ہونا گویا ان کے دفتری معمولات کا اخلاقی فریضہ بن جاتا ہے۔
یہ منصب پرست، شیشے کے گھروندوں میں رہنے والے مسافر یہ بھول جاتے ہیں کہ مستعار مانگی ہوئی یہ کرسی کسی بونے کو قد آور نہیں بنا سکتی اور جیسے ہی وقت کی موج انھیں سبکدوشی کے ساحل پر پٹختی ہے، تو ان کا سارا جاہ و جلال اسی مٹی میں رل جاتا ہے، جسے وہ زندگی بھر اپنے جوتے کی نوک سے چھونا بھی کسرِ شان سمجھتے تھے۔ یہ تمام جدید نشے دراصل ابلیس کے اسی ازلی، جاہلانہ اور احمقانہ جملے ’’میں اس سے بہتر ہوں‘‘ کا جدید معاشرتی اور اپگریڈڈ ورژن ہیں۔
بونوں کی بادشاہت
نفسیاتی نقطۂ نظر سے اس تکبر کا سب سے بھیانک، لایعنی اور مضحکہ خیز پہلو یہ ہے کہ کبر میں مبتلا شخص دراصل اندرونی طور پر شدید احساسِ کمتری کا شکار ہوتا ہے۔ وہ اپنی اس اندرونی تنہائی اور احساسِ کمتری کو چھپانے کے لیے باقی تمام انسانوں کو محتاج اور حقیر سمجھنے لگتا ہے۔ ایسے بیمار ذہنوں کی شدید خواہش ہوتی ہے کہ لوگ ان کے گرد طواف کریں، ان کی سرداری کو تسلیم کریں، درباری بن کر ان کی ہر لغو اور غلط بات پر بھی ’’کیا کہنے جناب!‘‘ کے نعرے لگائیں اور ان کے سامنے دست بستہ کھڑے رہیں۔ یہ ذہنیت دراصل ایک ایسے مسخرے کی ہے، جو بند کمرے میں شیشے کے سامنے کھڑے ہو کر خود کو شہنشاہِ معظم کہتا ہے۔
جب انسان کی مت ماری جائے، تو وہ بھول جاتا ہے کہ کبر اور بڑائی صرف اور صرف اللہ رب العزت کی ردا (چادر) ہے اور جب کوئی عاجز مٹی کا پتلا اس چادر کو کھینچنے کی جرأت اور گستاخی کرتا ہے، تو وہ قدرت کے ہاتھوں ذلت کے ایسے گہرے گڑھے میں پھینک دیا جاتا ہے، جہاں سے کوئی کرسی، عہدہ یا بینک بیلنس اسے نکال نہیں سکتا۔ قرآنِ کریم نے اس مضحکہ خیز اور جاہلانہ اکڑ کا پردہ چاک کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
وَلَا تُصَعِّرْ خَدَّکَ لِلنَّاسِ وَلَا تَمْشِ فِي الْأَرْضِ مَرَحًا ۖ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ کُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍ
اور لوگوں کے سامنے اپنے گال نہ پھلا (غرور نہ کر) اور زمین میں اترا کر نہ چل، بے شک اللہ کسی اترانے والے اور تکبر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔
(سورہ لقمان:18)
فریبِ ہستی اور حقیقتِ خاک
انسان کو کبھی کبھی تنہائی میں اپنی اصل حقیقت پر بھی غور کرنا چاہیے کہ جس مٹی پر وہ آج چند فٹ کا قد نکالے سینہ تان کر اترا رہا ہے، وہ کل اسی مٹی کی تہوں کے نیچے انتہائی بے بسی کی حالت میں خاموش پڑا ہوگا۔ وہاں نہ تو اس کا کوئی قیمتی لباس کام آئے گا، نہ دنیاوی عہدہ، نہ بناوٹی لہجہ اور نہ ہی خان دانی شجرے کا کوئی خستہ ورق کفن کے اندر کوئی تحفظ فراہم کر سکے گا۔
قبر کے کیڑے مکوڑے اور مٹی یہ نہیں دیکھتے کہ آیا یہ گوشت کسی چوہدری کا ہے، کسی صاحبِ منصب کا ہے یا کسی عام انسان کا۔ خالقِ کائنات نے عزت اور برتری کا واحد معیار صرف اور صرف تقویٰ اور حسنِ اخلاق کو قرار دیا ہے:
إِنَّ أَکْرَمَکُمْ عِندَ اللَّهِ أَتقَاکُمْ
بے شک اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔
(سورہ الحجرات: 13)
ابلیس کا قصہ صرف کوئی قدیم تاریخی داستان یا محض پڑھنے کا قصہ نہیں ہے، بلکہ یہ ہر اس شخص کے لیے ایک تازیانہ اور عبرت کا آئینہ ہے، جو کسی عارضی اور مستعار نعمت کی بہ دولت خود کو آسمان پر محسوس کرنے لگتا ہے۔ جب بھی انسانی ذہن میں یہ خناس پیدا ہو کہ ’’میں تو کوئی خاص چیز ہوں اور باقی سب ہیچ ہیں‘‘، تو سمجھ لینا چاہیے کہ ابلیسی وائرس نے روح اور عقل کے پورے سسٹم کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے۔
حقیقی اعلی ظرفی، شرافت اور انسانیت یہ ہے کہ بندہ کام یابی اور کام رانی کے اعلیٰ ترین مقام پر پہنچ کر بھی اپنے پیر زمین پر رکھے۔ دوسروں کی تذلیل کرنے کے بجائے ان کے لیے شفیق، مہربان اور خاک سار بنے۔ کیوں کہ یاد رکھیے! اکڑ کر چلنے والے تو ذرا سے طوفان میں جڑ سے اکھڑ جاتے ہیں، جب کہ جھکنے والی شاخیں ہمیشہ ہری بھری اور پھل دار رہتی ہیں۔ آخر کار، مٹی سے بنے اس انسان کی آخری منزل بھی یہی دو گز مٹی ہی ہے، جہاں اکڑنے والے بھی اُسی خاک کا حصہ بن جاتے ہیں، جسے وہ زندگی میں کبھی اپنے جوتے پر لگنا بھی گوارا نہیں کرتے تھے۔
آئیے! اس سے پہلے کہ مٹی ہمیں اپنی آغوش میں لے لے، ہم اپنے اندر کے ’ابلیس‘ کو مار کر عاجزی، تقویٰ اور انسانیت کا راستہ اختیار کریں۔ یہی ہماری نجات کا واحد ذریعہ ہے۔
٭ ٭ ٭


بہترین طریقے سے انسان کی احساس برتری میں مبتلا ہونا ا ور ابلیس کی خالق جن و انس سے نافرمانی اور ذلالت کےگڑھے میں گرنے کو عام فہم اور علمی جواہر سے قارئن کو مضمون کے آخر تک جڑےرہنے بہت ہی ممد و معاون ثابت ہوا
جزاك الله خيرا