نئی ماؤں کو درپیش دشواریاں

ماں کے اندر تین ایسی صفات ہیں، جن سے دنیا میں ابھی تک انسانی وجود قائم ہے۔ ایک ماں پیدا کر سکتی ہے، پرورش کر سکتی ہے اور تبدیل کر سکتی ہے۔
دنیا کی ہر صحت مند عورت پیدا کر سکتی ہے، پرورش کر سکتی ہے، لیکن تبدیلی کا کام صرف ایسی عورت ہی کر سکتی ہے جس کے اندر اپنی حیثیت کا احساس ہو۔ ایسی عورتیں نہ صرف اپنے وجود کو قائم رکھتی ہیں بلکہ دنیا کی ترقی میں اہم رول (کردار) ادا کرتی ہیں۔
ماں بننا عورت کی زندگی کا ایک خوب صورت اور یادگار مرحلہ ہوتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ بہت سی نئی ذمے داریاں اور مشکلات بھی وابستہ ہوتی ہیں۔ ماں کو بچے کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ اپنی صحت اور جذبات کا بھی خیال رکھنا پڑتا ہے۔ بچے کے رونے کی وجہ سمجھنے کی کوشش ماں کے لیے تھکا دینے والی ہوتی ہے اور بعض اوقات نیند کی کمی اور جسمانی کمزوری کی وجہ سے وہ پریشانی اور بے چینی محسوس کرتی ہے۔ بچے کی ذمے داری، گھر کے کام اور اپنی صحت کے درمیان توازن قائم کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسے وقت میں شوہر، والدین اور خان دان کے دوسرے افراد کی محبت، تعاون اور حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔
اگر نئی ماں ملازمت پیشہ بھی ہو تو اس کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔ بچوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ اپنی ملازمت کی ذمے داریاں بھی پوری کرنی پڑتی ہیں۔ زچگی کی چھٹی کے بعد دوبارہ کام پر آنا، بچے کو گھر یا ڈے کیئر (Day Care)میں چھوڑنا، دودھ پلانے کا انتظام کرنا اور دفتر کے اوقات کے ساتھ ساتھ بچوں کی ضروریات کا خیال رکھنا اس کے لیے مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ بعض اوقات کام کی جگہ پر تعاون نہ ملنے پر وہ احساسِ جرم کا شکار ہوتی ہے۔ معاشرے اور اداروں کو چاہیے کہ وہ ان ماؤں کی مشکلات کو سمجھیں اور ایسا ماحول فراہم کریں، جس میں وہ اپنی پیشہ ورانہ اور گھریلو ذمے داریاں بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔
عزیز قارئین! آج کے اس پرفتن دور میں نئی نسل کی تربیت ایک بہت بڑا چیلنج (مسئلہ) بنا ہوا ہے۔ عہد حاضر کو اپنے ایجادات کی وجہ سے تاریخ انسانی کا سب سے غیر معمولی دور کہا جاتا ہے۔ انسانی عقل ایک طرف بلوغت کے مراحل طے کرتے ہوئے عروج کی طرف جا رہی ہے تو دوسری طرف اخلاق و اقدار زوال پذیر ہو رہے ہیں۔ آج نئی نسلوں کو تعلیم دلانے اور تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے باوجود والدین کی اکثریت ان کے اٹھان سے ناخوش ہیں۔ انھیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ان کے بچوں کی پرورش میں ان سے کہاں غلطی ہوئی ہے۔ بچوں کی پرورش و تربیت کسی دور میں بھی آسان نہیں رہی۔ اس دور میں صورتِ حال مزید پیچیدہ اس لیے ہو گئی ہے کہ تربیت کے بنیادی اصول فراموش کر دیے گئے ہیں۔ زندگی میں ٹیکنالوجی کی غیر معمولی مداخلت اور شخصی آزادی ’میں اور میری پسند‘ اور’میری زندگی میری مرضی‘ جیسے نعروں نے والدین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ غیر اسلامی تصورات کی بھرمار میں جوان ہونے والی نسل سے ہم کیا توقع رکھ سکتے ہیں؟ اور یقیناً وہ ان سے متاثر ہوں گی۔
آج ہماری نسل جن کے پاس عقل بہت ہے مگر خدا کا شعور نہیں، معلومات زیادہ ہیں مگر دانش مندی کم اور مہنگے مہنگے گیجٹس (آلات) ہیں مگر زندگی اور وقت کی قدردانی نہیں ہے۔ بچے غیر ملکی لہجے میں انگریزی بولتے ہیں مگر بات کرنے کا ادب نہیں۔ کپڑوں کے ڈھیر ہیں مگر حیا نہیں۔ دستر خوان بھرے ہوئے ہیں مگر رزق کی قدردانی نہیں۔ ڈگریاں ہیں مگر سینے دردِ دل سے خالی ہیں۔ مختلف شعبوں کے ماہر بن رہے ہیں مگر خوشی، اطمینان اور صبر و برداشت جیسے انسانی اوصاف سے عاری ہیں۔ وہ کتاب کم پڑھتے ہیں، ٹی وی زیادہ دیکھتے ہیں۔ جلدی غصے میں آ جاتے ہیں، عبادت کم کرتے ہیں، جسم کی طرف متوجہ اور روح کی طرف سے غافل ہیں۔ انھوں نے پیسہ کمانا تو سیکھ لیا ہے مگر زندگی گزارنی نہیں سیکھی۔
پہلے کی مائیں اتنی پڑھی لکھی نہ تھیں۔ اس دور میں انھوں نے کیسے اصول بنائے؟ اور وہ اصول منوائے بھی جاتے تھے۔ بچے والدین سے بگڑ کیوں نہ جاتے تھے؟ والدین کو یہ خوف کیوں نہ ہوتا تھا کہ بچے ذہنی مریض بن جائیں گے؟ آج صورتِ حال اس کے برعکس ہے۔

(1) کوئی پابندی نہ ہو

آج نئی نسل چاہتی ہے کہ ان سے پوچھنے والا اور انھیں کچھ بتانے والا کوئی نہ ہو۔ ان کی زندگی کو ڈکٹیٹ (حکم دینا) تو دور کی بات، گائیڈ بھی کوئی نہ کرے۔ وہ جو چاہیں کریں۔ ماں باپ کا ان پر نظر رکھنے کا مطلب انھیں ان پر اعتبار نہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ انھیں تجربہ کرنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’بھلا ہم تجربہ نہیں کریں گے تو سیکھیں گے کیسے؟‘‘ بچوں کو تجربہ کرنے ضرور دینا چاہیے، مگر ان باتوں میں نہیں جن کا تعلق دین، اخلاق، اقدار اور بچوں کی حفاظت سے ہو۔

(2) ناقدری

اکثر والدین بچوں کو ان کے کہنے سے پہلے ہر چیز دلانے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ انھیں کسی چیز میں کوئی حرج معلوم نہیں ہوتا۔ کثرت اور وسائل کی بہتات نے بچوں کو ناقدری میں مبتلا کر دیا ہے۔ بچوں کو بتا دینا چاہیے کہ جو اشیاء اللہ تعالیٰ نے ہمیں دی ہیں، ان کی قدر ہونی چاہیے۔ ہمارے دین نے تو ہمیں یہ سکھایا ہے کہ اگر ہم سمندر کے کنارے پر بھی کھڑے ہوں تب بھی پانی کا ایک قطرہ بھی ضائع نہ کریں۔ نعمتوں پر شکر کا مطلب اس کی قدر کرنا ہی ہے۔ پہلے بچے اپنے بہن بھائیوں کی کتابوں پر گزارا کر لیا کرتے تھے۔ اس دور میں بچوں کے پاس ہر مضمون کی تین تین کاپیاں بنی ہوتی ہیں۔

(3) فوری تسکین

بچوں کے مطالبات کے جواب میں فوری عمل، ناشکری اور ناقدری کے جذبات پیدا کرنے کے علاوہ انھیں بے صبر اور کمزور انسان بناتا ہے۔ ماؤں کو چاہیے کہ بچوں کو ان کی پسندیدہ چیز فوراً نہ دلائیں، بلکہ ناپسندیدہ صورتِ حال کا سامنا کرنا یا انتظار کرنا اور برداشت کرنا سکھائیں۔ جیسے ہی بچے بے صبر ہوئے، والدین بھی بے صبر ہو جاتے ہیں۔ ہیرالڈ شوائزر (Harold Schweizer) اپنی کتاب ’آن ویٹنگ‘ (On Waiting) میں لکھتے ہیں کہ انتظار انسان میں سوچنے، غور کرنے اور دوبارہ توانا ہونے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ اس سے قدردانی میں اضافہ ہوتا ہے۔ والٹر مشیل (Walter Mischel) نے ایک تجربہ کیا۔ چار سے چھ سالکی عمر کے بچوں کے ایک بڑے گروپ کو جمع کیا۔ اس نے ان سے کہا کہ میں تمھیں ایک ٹافی دوں گا، اور پھر پندرہ منٹ کے بعد آؤں گا۔ جو بچے اس عرصے میں صبر سے انتظار کریں گے اور اپنی ٹافی نہیں کھائیں گے، انھیں ایک اور ٹافی ملے گی۔ جو اس دوران کھا لے گا، اسے دوبارہ ٹافی نہیں دی جائے گی۔ تجربے کے بعد اس نے بتایا کہ ایک تہائی بچے صبر اور برداشت کا مظاہرہ کر پائے۔ باقی بچوں میں پندرہ منٹ تک بھی انتظار کرنے کا حوصلہ نہیں تھا۔

(4) نیا دور، نئے تصورات، نئے اقدار

آج دنیا میں انسانی اقدار کی تعریف ہی بدلنے لگی ہے۔ نئی تہذیب میں حیا کا جامہ اتار پھینکا گیا ہے اور اب نئے جامے میں ’جتنا کم، اتنا اچھا‘ کا اصول فتنہ بن کر کھڑا ہے۔ ڈھکا چھپا لباس جہالت اور تنگ نظری کی علامت بن گیا ہے۔

(5) فیملی (خان دان) بہ مقابلہ دوست

بچوں کے ذہن میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ اصل چیز دوستی ہے، باقی سب تعلقات بس نبھانے ہوتے ہیں۔ بچے اپنے دوستوں پر اس طرح اعتماد کرنے لگے ہیں جیسے کبھی والدین پر کیا کرتے تھے۔ جہاں تک کھیل کود اور لطف اندوز ہونے کا تعلق ہے تو انسان اپنے ہم عمروں میں خوش ہوتا ہے، مگر گھر والوں خصوصاً والدین کا خلوص، محبت اور رہنمائی انمول چیز ہے۔ بچوں کو دوستی کے تعلق سے یہ بات ذہن نشیں کرانی چاہیے کہ جس طرح ہر چیز کا ایک مقام ہے، اسی طرح دوستوں کا بھی ایک مقام رہے۔ اس کو وہی اہمیت دینی چاہیے، جس کی وہ لائق ہے۔ قربِ قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: آدمی دوستوں سے بھلائی کرے گا اور باپ پر ستم اٹھائے گا۔ (ترمذی)

(6) تفریح پر مبنی طرزِ زندگی

فی زمانہ ہر چیز کی دو ہی قسمیں ہیں:بورنگ (بے مزہ) یا فن (Fun)۔ جو چیز فن نہیں، وہ بورنگ ہے۔ آج بچوں کو پڑھنے میں بھی فن چاہیے۔ انسانی نفس کو خوش رکھنے کے لیے جتنی کوشش کی جا رہی ہے، وہ اتنا ہی بگڑتا جا رہا ہے۔ بچوں کو باہر کا کھانا کھلا دو، دوسرے ممالک چھٹیوں پر لے جاؤ، الغرض کچھ بھی کر لو، انھیں مزید فن چاہیے ہوتا ہے۔ بچے دو منٹ گھر میں سکون سے بیٹھ نہیں پاتے۔ اگر انھیں سمارٹ فون تھما دیا جائے تو چپ رہتے ہیں یا پھر’’ ہم بور ہو رہے ہیں‘‘ کا نعرہ لگا کر والدین کو پریشان کرتے ہیں۔ ایک مسلمان کی زندگی تفریح کے گرد نہیں گھومتی۔ جائز تفریحات مخصوص اوقات میں انسان کو تازہ دم ضرور کر دیتی ہیں، مگر ہمہ وقت کی تفریح، چاہے ہ ظاہر حرام کے گرد نہ بھی گھومتی ہو، زندگی کے مقصد کو نگاہوں سے اوجھل کر دیتی ہے۔

(7) گیجٹ کنٹرول (قابو)

آج کیا بچے کیا بڑے، سب گیجٹ خصوصاً سمارٹ فون کے غلام بن چکے ہیں۔ اعداد و شمار کو دیکھیں تو 2015 میں دنیا بھر میں 1.4 ارب سمارٹ فون بیچے گئے ہیں۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق لڑکیاں 10 گھنٹے اور لڑکے آٹھ گھنٹے روزانہ فون کا استعمال کرتے ہیں۔ دو سے دس فی صد بچے ویڈیو گیمز اور اسکرین سے ایسے چپکے رہتے ہیں کہ انھیں ڈیجیٹل ڈی ٹاکس (لت چھڑانے کا عمل) کرانے کے لیے والدین کو پروفیشنل (ماہر) کی مدد لینی پڑتی ہے۔ ہزاروں لاکھوں خرچ کر کے ایڈکشن (لت) سے باہر نکالنا پڑتا ہے۔ ہر عمر کا بچہ الیکٹرانک گیجٹ کا اس قدر عادی ہو چکا ہے کہ ہر ٹیکسٹ میسج، ہر فیس بک لائک اور گیمز پر سکور ہونے والے پوائنٹس سے اس کے دماغ میں ڈوپامائن (خوشی پیدا کرنے والا کیمیائی مادہ) پیدا ہوتا ہے۔ اس سے انسان کو وہی خوشی ملتی ہے، جو کسی ایڈکٹ (نشے کے عادی شخص) کو اپنا نشہ پورا کرنے پر ہوتی ہے۔ بچوں کی اکثریت دن میں تقریباً 150 دفعہ اپنا سمارٹ فون چیک کرتی ہے، کسی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے نہیں بلکہ دراصل مسئلہ ٹمپٹیشن (للچاہٹ) کا ہے۔ یہ للچاہٹ جب تک فون نہ دیکھا جائے انسان کو پریشان رکھتی ہے۔ اس کے خطرناک نتائج سب کے سامنے ہیں: نیند کی کمی، موٹاپا، ڈپریشن، حافظے کی کمزوری، سر درد، نظر پر اثرات اور تعلیمی کارکردگی میں کمی وغیرہ۔
والدین کو چاہیے کہ صورتِ حال اتنی خراب ہونے نہ دیں۔ مسلسل بچے پر نظر رکھیں کہ کہیں اس میں یہ علامات تو نظر نہیں آ رہی ہیں:
(1) اسمارٹ فون میں اتنا مصروف تو نہیں کہ خان دان سے دور ہو رہا ہے؟
(2) فون کی لت اس کے ضروری کاموں پر اثر انداز تو نہیں ہو رہی مثلاً نمازوں میں تاخیر، ہوم ورک نہ کرنا وغیرہ؟
(3) بچہ رات کو فون کا استعمال تو نہیں کر رہا؟
(4) کیا بچے سے فون لے لینا اس کی سب سے بڑی سزا تو نہیں؟
ہم اپنے بچوں کے لیے کچھ اصول بنائیں، جن پر عمل کر کے ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکتا ہے:
(1) بچے کی نیٹ تک رسائی سے جس عمر تک ممکن ہو اجتناب کریں۔
(2) بچے کو جب نیٹ کے استعمال کی اجازت دی جائے تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ خود اس کا استعمال جانتی ہوں۔
(3) ماں پڑھی لکھی ہو اور بچوں کو پتا ہو کہ والدین ان طریقوں سے واقف ہیں، جو نیٹ کا غلط استعمال چھپانے کے لیے اختیار کیے جا سکتے ہیں۔ اس طرح وہ سمجھ جائیں گے کہ والدین کو آسانی سے بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
(4) بچوں پر واضح ہو کہ نیٹ کے استعمال کی اجازت ان کے ذمے دار رویے پر مشروط ہے۔ کمرہ بند کر کے سمارٹ فون دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
(5) فون کے استعمال سے بچے کی صحت، کھیل اور ورزش کے اوقات پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے۔

(8) منشیات کی لت

منشیات کا استعمال، خصوصاً نوجوان طبقے میں، اب کوئی اجنبیت نہیں رہی۔ نئے تجربات کا شوق، دوستوں کا دباؤ، بوریت کا علاج اور پڑھائی کے دباؤ سے باہر آنے کی خواہش وغیرہ وہ عوامل ہیں جن کی وجہ سے لڑکے لڑکیاں اس کے عادی ہو رہے ہیں۔ اس کی بھی کچھ واضح علامات ہیں:
(1) بچوں کی جسمانی چستی میں واضح کمی نظر آنا۔
(2) بچے کے سونے جاگنے کے اوقات میں تبدیلی محسوس ہونا۔
(3) آنکھوں میں سرخی نظر آنا۔
(4) بچے کی بھوک ختم ہو کر رہ جانا یا بہت بڑھ جانا۔
(5) جسم پر سوئی نما یا سرخ نشانات نظر آنا۔
(6) بچے کا گھر سے غائب رہنا۔
(7) گھر سے پیسے غائب ہونے لگنا۔
والدین کو ان علامات کو ہرگز ہلکا نہیں لینا چاہیے۔ بچے کی عدم موجودگی میں الماریوں اور بیگ کی تلاشی ضرور لینی چاہیے۔ بچوں کے ملنے والوں پر نظر ضرور رکھیں۔

(9) مخلوط تعلیم اور ماحول کے نقصانات

بچوں کے اندر حیا کے تصور کو بالکل چھوٹی عمر سے اس طرح پیوست کر دینا چاہیے کہ لڑکے/لڑکی کی نگاہ ہمیشہ جھکی رہے۔ بچوں کے دل میں یہ احساس پیدا کرنے کی کوشش کرنا چاہیے کہ اللہ دیکھ رہا ہے اور اللہ تعالیٰ کو مرد اور عورت کا ناجائز تعلق بالکل ناپسند ہے۔ انھیں گندے مواد والے ناولوں اور رسالوں سے بچانا چاہیے۔ ابتدائی عمر سے کمرہ بند کر کے کپڑے بدلنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ لڑکی کی جسمانی تبدیلیوں کے ساتھ ہی اسے گھر میں اور باہر سینہ ڈھانکنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ اگر غیر مخلوط ادارے میسر ہوں اور تعلیم پر کچھ سمجھوتہ کرنا پڑے تو کر لیا جائے اور دیگر طریقوں سے پورا کرنے کی کوشش کی جائے۔ اگر غیر مخلوط اداروں کا ماحول بھی خراب ہو تو پھر اس اسکول کا انتخاب کیا جائے، جہاں انتظامیہ سخت ہو اور بچوں میں بد تمیزی اور بے حیائی کے مسائل کم ہوں۔ بچوں کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ مناسب لباس کے بغیر گھر سے نہیں نکلیں گے۔ بازار سے خریداری کرتے وقت جو لباس پورا اور مناسب نہ ہو، اسے ضد کے باوجود نہیں خریدنا چاہیے۔
عزیز قارئین! مگر مچھ کے منہ کی طرح اس پرفتن دور کے مسائل ہمیں اور ہماری اولاد کو نگلنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ شعوری طور پر محتاط ہونے کے ساتھ ساتھ سارا وقت اللہ تعالیٰ سے اپنی اولاد کے لیے توفیق اور بھلائی مانگتے رہنا چاہیے۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں سے ڈرنا چھوڑ دیں۔ ہر وقت انھیں خوش رکھنے کی فکر نہ کریں اور ان کی ناراضی سے خوف زدہ نہ ہوں۔ انھیں پیار بھی دیں اور ان کے جائز مطالبات بھی مانیں، مگر بلا ضرورت روز روز کی فرمائشوں پر ہتھیار نہ ڈالیں۔ کھیل کود اور صحت مند تفریح کے لیے انھیں مواقع فراہم کریں، لیکن کبھی کبھی وہ بور ہو رہے ہوں تو ہونے دیں۔ ہر چیز پکی پکائی تیار شدہ فراہم کرنے کے بجائے انھیں اپنے کام خود کرنے دیں۔ انھیں کچھ حاصل کرنے کے لیے انتظار کرنے کا عادی بنائیں۔ ناپسندیدہ صورتِ حال کو برداشت کرنے کے لیے صبر کا ہتھیار دیں۔ جن چیزوں کا تعلق ان کی حفاظت، اخلاق اور دین سے ہو، اس میں رسک (خطرہ) نہ لیں۔ بچوں کے لیے سونے جاگنے اور دیگر کاموں کے اوقات متعین کریں۔ غیر محسوس طریقے سے ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ انھیں ذمے داریاں سونپی جائیں۔ ان کے لیے حدود طے کریں، جو قابلِ عمل ہوں۔ بچوں کو گھر کے کھانے کا عادی بنائیں۔ بچوں کی عزتِ نفس کا خیال رکھیں اور اپنی عزت بھی کروائیں۔ بچوں کے لیے اچھے رول ماڈل (نمونہ) بنیں۔ اگر آپ رول ماڈل نہیں ہیں تو ان سے توقعات نہ باندھیں۔ پہلے اپنے اوپر کام کریں۔ ماں باپ دونوں مل کر اصول وضع کریں۔ بچوں کے سامنے لڑنے جھگڑنے سے پرہیز کریں۔ ترجیحات متعین کریں۔ والدین کی ترجیحات بچے کی زندگی کو مکمل کرتی ہیں۔ تاریخِ انسانی کی عظیم شخصیتوں کی زندگیوں کا جائزہ لیا جائے تو پتا چلتا ہے کہ جن عوامل نے انھیں ایک کام یاب انسان بنایا، ان میں سب سے نمایاں بات یہ تھی کہ وہ اپنی ترجیحات سے آگاہ تھے اور اسی کی روشنی میں زندگی کے تمام فیصلے کرتے تھے۔ اگر بچوں کو غلط ترجیحات کی روشنی میں پالا جائے تو وہ فتنہ بن جاتے ہیں۔ اگر والدین ان باتوں کا خیال رکھیں گے تو امید ہے کہ ان شاء اللہ موجودہ دشواریوں سے نمٹ سکیں گے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦