سوال :
میرا نکاح چھ برس قبل ہوا تھا۔ میرے شوہر کے ایک غیر محرم لڑکی سے تعلقات ہیں۔ میں جانتی ہوں۔میں نے خود ان کے موبائل میں دیکھا ہے۔ لیکن میرے شوہر نہیں جانتے کہ مجھے ان کے ناجائز تعلقات کا علم ہے۔ میں اپنے باہمی تعلقات کوبہتر بنانے کی کوشش گزشتہ ایک برس سے صبر کے ساتھ کررہی ہوں۔ میں ان کا احترام کرتی ہوں، فرماں برداری کرتی ہوں اور زیادہ خیال رکھتی ہوں تاکہ دوسری خاتون سے ان کاناجائز رشتہ ختم ہوجائے۔ ان کا رویہ بھی میرے ساتھ بہتر ہے۔ لیکن اب وہ مجھ سے ناجائز مطالبات کرنے لگے ہیں، جو شرعی اعتبار سے درست نہیں ہیں۔ میں ایک پڑھی لکھی خاتون ہوں اور جانتی ہوں کہ ان کے مطالبات ناجائز اور غیر شرعی ہیں۔ میں سمجھتی ہوں کہ جس خاتون سے ان کے تعلقات ہیں ،یہ اسی کا نتیجہ ہے۔
کیا میں اپنے شوہر کو بتادوں کہ مجھے ان کے تمام معاملات کی خبر ہے؟ یا میں خاموشی سے ان سے علیٰحدگی اختیار کرلوں؟ میرا ایک بیٹا بھی ہے۔ براہ کرم اس معاملے میں میری رہ نمائی فرمائیے۔
جواب :
سب سے پہلے یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آپ کے شوہر کا کسی غیر محرم عورت سے ناجائز تعلق رکھنا شرعاً غلط ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشادہے:
وَلَا تَقْرَبُوا الزِّنَىٰ إِنَّهُ كَانَ فَاحِشَةً وَسَاءَ سَبِيلًا
ترجمہ:زنا کے قریب بھی نہ جاؤ۔ بے شک وہ بڑی بے حیائی اور بہت بُرا راستہ ہے۔ (الاسراء:32)
لہٰذا صرف یہ بات کہ شوہر آپ کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے ہیں، اس سے ان کا دوسری عورت کے ساتھ ناجائز تعلق جائز نہیں ہوجاتا۔ البتہ آپ کے صبر، حسنِ معاشرت اور محبت کی وجہ سے ان کا رویہ آپ کے ساتھ بہتر ہوا ہے تو یہ ایک اچھی اور مثبت علامت ہے۔ اس مرحلے میں جلد بازی میں گھر توڑنے کے بجائے حکمت سے کام لینا آپ کے لیے بہتر ہوگا۔
میرا مشورہ یہ ہے کہ ابتدائی مرحلے میں آپ ہرگزیہ ظاہر نہ کریں کہ آپ کو شوہر کے ناجائز تعلقات کا علم ہے اور آپ ان کاموبائل دیکھ چکی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس طرح گفتگو کا اصل مسئلہ یعنی شوہر کا ناجائز تعلق پیچھے چلا جائے گا اور بحث اس بات پر شروع ہوجائے گی کہ آپ نے ان کا موبائل کیوں دیکھا؟ اس سے اس بات کا اندیشہ ہے کہ شوہر ضد پکڑ لیں۔ آپ سے ان کے تعلق میں تلخی پیدا ہوجائے اور ان کی اصلاح کا موقع ضائع ہوجائے۔
اس کے بجائے کسی مناسب اور پُرسکون وقت میں آپ شوہر سے عمومی انداز میں ازدواجی وفاداری، غیر محرم سے تعلق اور حرام محبت کے بارے میں گفتگو کریں۔ انھیں یہ احساس دلانے کی کوشش کریں
کہ آپ ان کی عزت کرتی ہیں، ان سے محبت کرتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ازدواجی تعلقات ہمیشہ خوش گوار رہیں۔آپ اس اندیشےکا بھی اظہار کرسکتی ہیں کہ کہیں آپ کے اور ان کے درمیان کوئی تیسرا شخص نہ آجائے اور آپ کے پُرسکون اور محبت بھرے گھرانے کو کسی کی نظر نہ لگ جائے۔ اس طرح بات الزام، تفتیش اور لڑائی سے شروع ہونے کے بجائے اعتماد اور اصلاح سے شروع ہوگی۔
اگر شوہر خود حقیقت بیان کردیں تو بہتر ہے،لیکن اگر وہ انکار کریں تو کسی بھی حال میں موبائل دکھانے، اسکرین شاٹ پیش کرنے یا بحث کو تفتیشی معاملہ بنانے کی ضرورت نہیں۔ مقصد شوہر کو شکست دینا نہیں، بلکہ ان کا حرام تعلق ختم کروانا اور گھر بچانا ہونا چاہیے۔
جہاں تک شوہر کے ناجائز مطالبات کو ماننے کا معاملہ ہے تو اس سلسلے میں یہ بات بالکل واضح رہنی چاہیے کہ بیوی پر جائز امور میں شوہر کی اطاعت لازم ہے، لیکن اگر وہ کسی ایسے کام کا مطالبہ کرے جو شریعت کے خلاف ہو تو بیوی کو اس کی اطاعت نہیں کرنی چاہیے۔ نبی ﷺ نے فرمایا ہے:
لَا طَاعَۃَ فِي مَعْصِیَۃ ، إِنَّمَا الطَّاعَةُ فِي الْمَعْرُوفِ
ترجمہ:معصیت میں اطاعت نہیں کی جائے گی۔اطاعت صرف معروف یعنی جائز کاموں میں کی جائے گی۔
(بخاری7257:، مسلم:1840)
اس لیے اگر ’ناجائز مطالبات‘سے مراد واقعی کوئی ایسا جنسی یا ازدواجی عمل ہے، جسے شریعت نے حرام قرار دیا ہے تو محض شوہر کو خوش رکھنے، دوسری عورت سے اس کا تعلق ختم کروانے یا ازدواجی زندگی بچانے کے لیے بھی اسے اختیار کرنا جائز نہیں۔ آپ شوہر سے نرمی کے ساتھ کہہ سکتی ہیں:’’ اللہ تعالیٰ نے شوہر اور بیوی کو ایک دوسرے لیے باعث سکون قرار دیا ہے۔ میں آپ کی جائز خواہشات پوری کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہوں۔ لیکن جو چیز اللہ تعالیٰ نے حرام کی ہے، وہ میں محض آپ کو خوش کرنے کے لیے نہیں کرسکتی۔ میں آپ کی مخالفت نہیں کرنا چاہتی، بلکہ چاہتی ہوں کہ ہمارا تعلق حلال اور پاکیزہ طریقے پر قائم رہے۔‘‘ یہ انداز شوہر کو آپ سے بے زار کرنےکے بجائے انھیں یہ احساس دلائے گا کہ بیوی ان کی خیرخواہ ہے، لیکن کسی گناہ میں شریک نہیں ہونا چاہتی۔
ایک بات اور پیش نظر رہے کہ شوہر کے ناجائز تعلقات کس عورت کے ساتھ ہیں، اگر یہ بات آپ کو معلوم ہوجائے تو بھی آپ کے لیے مناسب نہیں کہ اُس عورت سے براہِ راست رابطہ کریں، اسے دھمکائیں، اس کے گھر والوں کو بتائیں یا شوہر کی نگرانی کا مستقل سلسلہ شروع کردیں۔ اس سے صورتِ حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ آپ کی ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ شوہر خود اس تعلق کو ختم کردے۔
صرف اس وجہ سے کہ شوہر کا ایک ناجائز تعلق آپ کے علم میں آیا ہے، فوراً طلاق یا خلع کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں۔ خصوصاً اس صورت میں جب کہ آپ نے خود بیان کیا کہ ایک برس کی کوشش کے بعد شوہر کا رویہ آپ کے ساتھ بہتر ہوا ہے اور آپ کا ایک بچہ بھی ہے، بلکہ فی الحال اصلاح کا ایک موقع دینا مناسب معلوم ہوتا ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ آپ ہمیشہ خاموشی سے ظلم سہتی رہیں یا حرام کام برداشت کرتی رہیں۔اگر باوجود بار بار کی کوششوں کے شوہر دوسری عورت سے تعلق ختم کرنے سے انکار کر دے، مسلسل حرام تعلق قائم رکھے، آپ پر ناجائزکام کرنے کے لیے دباؤ ڈالے، آپ کی عزّت، دین یا جسمانی و نفسیاتی سلامتی کو نقصان پہنچائے اور اصلاح کی تمام کوششیں ناکام ہو جائیں تو پھر خان دان کے کسی سمجھ دار، دیانت دار اور راز رکھنے والے بزرگ کو درمیان میں لاکر اصلاح احوال کی کوشش کرنی چاہیے۔ قرآن مجید میں سورۃ النساء کی آیت 35میں اس کا حکم دیا گیا ہے۔
اگر یہ کوشش بھی ناکام ہوجائے تب خلع یا تفریق کے شرعی راستے پر غور کیا جاسکتا ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments