کتاب: تذکرہ فقیہات

یہ صدی ان شاء اللہ خواتین کے اعترافِ خدمات سے منسوب کی جائے گی۔ قرآنِ مجید پر کام کرنے والی خواتین مفسرات پر لکھی گئی کتاب کے بعد، علمِ حدیث اور حدیث کی تدوین میں معاون خواتین کی خدمات پر مبنی کتاب المحدثات اور اب فقیہات کے تذکرے، یعنی خواتین کی خدماتِ فقہ پر مبنی کتاب منظرِ عام پر آئی ہے۔
مرکزِ جماعتِ اسلامی، دہلی میں ایک علمی مجلس کے دوران ہمیں یہ کتاب مولانا رضی صاحب کے دستخط کے ساتھ تحفے میں ملی۔ جب سے اس کتاب کے بارے میں سنا تھا، اشتیاق تھا۔ مولانا محترم ولی رحمانی صاحب کا مقدمہ فیس بک پر پڑھ چکے تھے۔ کتاب ہاتھ میں آتے ہی سفر کے دوران ہم نے اسے پڑھنا شروع کیا۔ اس کتاب کی انتہائی جامع معلومات میں مزید اضافہ کرنے والا ایک اور مقدمہ، مولانا ولی رحمانی صاحب کے مقدمے کے بعد ڈاکٹر اکرم ندوی صاحب کا ہے۔
دونوں حضرات کے مقدمے پڑھ کر یہ معلوم ہوا کہ مولانا رضی الاسلام ندوی صاحب نے اپنے مقدمے میں یہ بات درست لکھی ہے کہ مردوں نے خواتین کی دینی خدمات کا تذکرہ بہت کم کیا ہے۔ جہاں اس معاملے میں مردوں کا دل تنگ رہا، وہیں خواتین نے بھی اپنی خدمات کے اظہار میں تساہل برتا۔ مولانا کی یہ تصنیف ایک تحقیق کرنے والے طالب علم کے لیے معاون بن سکتی ہے یا اس راہ میں تحقیق کی نئی جہتوں کے در وا کر سکتی ہے۔ بلاشبہ صدیوں سے خواتین کی دینی خدمات پردۂ اخفا میں رہیں، تاہم یہ صدی مردوں ہی کی جانب سے ان خدمات کے اعتراف کی بھی ہے۔ جس احترام، کشادہ دلی، یقین دہانی اور اسلام کے عطا کردہ مقام کو بحال کرنے کا بیڑہ ان حضرات نے اٹھایا ہے، وہ سب کچھ اس کتاب میں موجود تینوں مقدمے پڑھتے ہوئے سامنے آئے گا۔
موجودہ دور میں خواتین کے لیے دنیاوی مختلف علوم کے حصول میں ہم عملاً مساوات ہر شعبۂ زندگی کے علم میں دیکھ رہے ہیں۔ مردوں کے ساتھ ساتھ طالبات دنیا کے ہر شعبے میں بلا تفریقِ صنف نہ صرف علم حاصل کر رہی ہیں بلکہ اسے برت بھی رہی ہیں اور یہ سہولت آنے والی نسلوں میں تحریک پیدا کرتی ہے۔ علمِ طب، کیمسٹری، فزکس اور ٹیکنالوجی جیسے علوم میں صنفی تفریق ختم ہوئی اور رجحان بڑھا، کیوں کہ طالبات کو جگہ ملنے لگی ہے۔
تاہم دینی علوم میں خواتین کی خدمات کا اعتراف، ان کے لیے دینی تعلیم کی سہولتیں اور ایسے علمی، تحقیقی اور تصنیفی ادارے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو اعتماد کے ساتھ برت سکیں، اگر میسر ہوں تو دینی علوم میں آگے بڑھنے کا رجحان خواتین میں بڑھے گا۔ اس کے برعکس ان کی عدم دست یابی خواتین کو دینی و علمی خدمت کے جذبے سے محدود کر دے گی۔ اس لیے خواتین کی علمی و دینی خدمات کے اعتراف کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ مولانا کی یہ کتاب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس کتاب کے مطالعے سے معلوم ہوا کہ خواتین کی دینی خدمات کے اظہار کا رجحان ہی کم رہا ہے یا پھر کوتاہ دلی کے سبب کہیں مستورات کو منظرِ عام پر نہ لانے کی وجہ سے ان کا ذکر نہیں کیا گیا۔ مولانا نے لکھا ہے کہ دینی سرگرمیوں میں اسلام کے نزدیک صنفی کوئی تفریق نہیں ہے۔
یہ کتاب کل چھ ابواب پر مشتمل ہے۔ مقدمے میں پوری اسلامی تاریخ و فقہ کے میدان میں خواتین کی سرگرمیوں پر اجمالی نظر ڈالی گئی ہے، جس سے ان کی کارکردگی کا واضح نقشہ سامنے آتا ہے۔
باب اول ’حدیث و فقہ کا زریں دور‘ کے عنوان سے موسوم ہے۔ اس پہلے باب میں تین فصلیں ہیں، جن میں 7 ازواجِ مطہرات، 15 صحابیات اور 19 تابعیات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
باب دوم میں تیسری صدی سے تیرھویں صدی تک کی 118 فقیہات کا تذکرہ ہے۔ باب سوم عالمِ عرب کی فقیہات کے بارے میں ہے، جس میں چودھویں صدی کی 21 اور پندرھویں صدی ہجری کی 26 فقیہات کا ذکرِ خیر ہے۔ باب چہارم میں برصغیر ہند و پاک کی فقیہات کا تذکرہ ہے: ہندستان کی 44 اور پاکستان کی 24 فقہ میں خدمات انجام دینے والی فقیہات کا تذکرہ ہے۔
باب پنجم میں فقہ پر مختلف اداروں میں لکھے گئے مقالوں کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے، جس میں مقالے کا موضوع، ادارے، رہنما اور سنِ اشاعت کا ذکر ہے۔
باب ششم مولانا نے فقہ سے متعلق مضامین، کتابوں اور مراجع کے لیے مختص کیا ہے۔
طالب ہاشمی رحمہ اللہ کی کتاب ’تذکرہ صحابیات‘ پڑھ کر جو روحانی سکون ملتا ہے یا سیرتِ نبوی میں صحابیات کے تذکرے پڑھ کر جو خوشی محسوس ہوتی ہے، ذاتی طور پر وہی احساس مولانا کی اس کتاب سے ہوا۔ ذیل میں قاری کو اس کتاب کو سمجھنے کے لیے ایک دو تذکرے نقل کیے جا رہے ہیں۔

أسماء بنت يزيد بن السكن بن رافع الأوسية

ان کی کنیت ام سلمہ تھی۔ انصار کے قبیلے اوس سے تعلق تھا۔ ہجرتِ مدینہ کے بعد اسلام قبول کیا۔ فصاحت و بلاغت میں نمایاں مقام حاصل تھا۔ اس بنا پر انھیں خطیبۃ النساء کہا جاتا تھا۔ ان کے چچا حضرت زیاد بن سکن اور ان (زیاد) کے بیٹے عمارہ بھی صحابی تھے۔
وہ کثرت سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوتیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تک دیگر خواتین کی پیغام رسانی کا کام بھی کرتیں۔
ام المؤمنین حضرت عائشہ کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نکاح ہوا تو انھیں سجانے سنوارنے میں حضرت اسماء دوسری خواتین کے ساتھ شامل تھیں۔
انھیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت محبت تھی۔ اکثر بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوتیں اور اکتسابِ فیض کرتی تھیں۔ وہ ان چند صحابیات میں سے ہیں جنھیں صلحِ حدیبیہ کے موقع پر بیعتِ رضوان میں شرکت کرنے کا شرف حاصل ہوا تھا۔ انھوں نے جنگِ یرموک میں حصہ لیا تھا۔ اس جنگ میں انھوں نے اپنے خیمے کی چوب سے نو رومیوں کو ہلاک کیا تھا۔ ان کا شمار عقل و دانش رکھنے والی خواتین میں ہوتا ہے۔ حافظ ابن عبد البر نے ان کے بارے میں لکھا ہے:

كانت من ذوات العقل والدين

ترجمہ: وہ عقل اور دین دونوں سے بہرہ ور تھیں۔

انھیں انصاری صحابیات میں سب سے زیادہ احادیث روایت کرنے کا شرف حاصل ہے۔ ان سے ایک سو اکیاسی (181) احادیث مروی ہیں، جو سنن اربعہ میں مذکور ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد دمشق میں مستقل رہائش اختیار کر لی تھی۔ وہاں ان کی وفات جنگِ یرموک (15ھ) کے کئی برس بعد ہوئی۔
اسی طرح ایک باب میں مولانا نے ہند و پاک کی خواتین کے تفقہ فی الدین اور ان کی کاوشوں کا ذکر بھی پیش کیا ہے۔ عائشہ جدون نامی خاتون کی علمِ فقہ میں ایک کے بعد دیگر اداروں سے فراغت اور خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ان کی مسلسل محنت، لگن اور اداروں میں خدمات کا ذکر کیا ہے۔
اللہ رب العالمین مولانا رضی صاحب کو جزائے خیر سے نوازے اور اس کاوش پر انھیں خوب اجر عطا کرے۔ قارئین اس کتاب کو پڑھ کر نہ صرف اپنی بچیوں اور نئی نسل کو دینی خدمات پر ہمت افزائی دے سکتی ہیں، بلکہ دین میں اختصاص کی اہمیت کو سمجھ سکتی ہیں اور خود بھی تحریک پا سکتی ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Luthfullah Azeez

    Is it Wali Rahmani or Moulana Khalid Saifullah Rahmani?

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦