آج کے دور میں کام یاب ازدواجی زندگی کا تصور

تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں شادی کا تصور

شادی ہمیشہ سے معاشرے کے بنیادی ستونوں میں سے ایک رہی ہے۔ لیکن آج جس دنیا میں ہم رہ رہے ہیں، وہ بہت تیزی سے بدل رہی ہے۔ سوشل میڈیا، بدلتے ہوئے طرزِ زندگی، کیریئر کا دباؤ اور غیر حقیقی توقعات نے شادی کے بارے میں لوگوں کے نظریات کو کافی حد تک متاثر کیا ہے۔ نتیجتاً، بہت سے میاں بیوی اپنی ذاتی خواہشات اور ازدواجی ذمے داریوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔
مزید یہ کہ دوسروں سے موازنہ کرنے کا رجحان، ایک دوسرے کے ساتھ معیاری وقت کی کمی اور مؤثر رابطے کا فقدان ازدواجی تعلقات کو پہلے سے زیادہ چیلنجنگ بنا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کے دور میں خوش گوار ازدواجی زندگی گزارنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ حکمت، سمجھ بوجھ اور باہمی شعور کی ضرورت ہے۔

اسلام میں شادی: ایک سماجی معاہدے سے بڑھ کر

اسلام میں شادی صرف ایک قانونی یا سماجی معاہدہ نہیں ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ایک مقدس رشتہ ہے، جو اعتماد، ذمے داری اور باہمی عہد و وفا پر قائم ہوتا ہے۔ شادی کا مقصد صرف دو افراد کو ایک بندھن میں باندھنا نہیں ہے بلکہ ایک ایسا رشتہ قائم کرنا ہے، جس میں میاں بیوی ایک دوسرے کے لیے سکون، محبت اور رحمت کا ذریعہ بنیں۔
اسلام شوہر اور بیوی دونوں کو ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے، ایک دوسرے کا احترام کرنے اور ہر حال میں حسنِ سلوک کے ساتھ زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے۔ اس بنیاد پر شادی نہ صرف دونوں افراد کی زندگی کو بہتر بناتی ہے، بلکہ ایک مضبوط خان دان اور ایک خوش حال معاشرے کی تشکیل میں بھی نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’اور اُس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اُس نے تمھارے لیے تم ہی میں سے جوڑے پیدا کیے تاکہ تم اُن کے پاس سکون حاصل کرو اور اُس نے تمہارے درمیان محبت اور رحمت رکھ دی۔‘‘
(سورۃ الروم:21 )

اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مضبوط ازدواجی زندگی

آج کے دور میں ایک مضبوط ازدواجی زندگی صرف محبت پر قائم نہیں ہوتی۔ ایک مضبوط ازدواجی زندگی ان اسلامی تعلیمات پر استوار ہوتی ہے، جو میاں بیوی کے درمیان احترام، حسنِ سلوک، نرمی، ذمے داری اور شفقت کو فروغ دیتی ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہو۔‘‘
(جامع الترمزی: 3895 )
اسلام میاں بیوی کو ایک دوسرے کے ساتھ بھلائی، عزت و احترام اور تعاون کے ساتھ زندگی گزارنے کی تعلیم دیتا ہے۔ اسی طرح اہم معاملات میں باہمی مشورہ، ایک دوسرے کی رائے کا احترام اور مل کر فیصلے کرنا ازدواجی زندگی کو مضبوط بناتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’اور ان کے معاملات باہمی مشورے سے طے پاتے ہیں۔‘‘
(سورۃ الشوریٰ: 38 )
ہر شادی میں کبھی نہ کبھی اختلافات اور مشکلات آ سکتی ہیں، لیکن صبر، برداشت، معافی، مثبت سوچ اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش ان مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
’’اے ایمان والو! صبر اور نماز کے ذریعے مدد طلب کرو، بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔‘‘
(سورۃ البقرہ: 153 )
ہر شادی اپنے ساتھ خوشیاں، آزمائشیں اور سیکھنے کے بے شمار مواقع لے کر آتی ہے۔ کام یاب شادی وہ نہیں، جس میں کبھی اختلاف یا مشکل پیش نہ آئے، بلکہ وہ ہے جس میں میاں بیوی باہمی سمجھ بوجھ، درگزر، احترام اور خود کو بہتر بنانے کے جذبے کے ساتھ ہر چیلنج کا سامنا کریں۔
جب شوہر اور بیوی ایک دوسرے کو بدلنے کی کوشش کرنے کے بجائے ایک دوسرے کی ترقی، کردار سازی اور مثبت نشوونما کا ذریعہ بن جاتے ہیں تو وقت کے ساتھ ان کا رشتہ مزید مضبوط ہوتا چلا جاتا ہے۔ مضبوط ازدواجی تعلقات روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی کوششوں، ایک دوسرے کی قدر کرنے اور مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے سے پروان چڑھتے ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ شادی کوئی منزل نہیں بلکہ زندگی بھر کا ایک خوب صورت رشتہ ہے، جسے محبت، اعتماد، ذمے داری اور باہمی تعاون کے ساتھ نبھایا جاتا ہے۔ آج کے دور میں ان ہی اصولوں کو اپنانا ایک مضبوط، پُرسکون اور خوش گوار ازدواجی زندگی کی بنیاد ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦