محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت دینِ حق کی شرطِ اوّل ہے
اسی میں ہو اگر خامی، تو سب کچھ نامکمل ہے
ربیع الاول کی آمد آمد ہے۔ یہ وہ عظیم اور بابرکت مہینہ ہے جس میں ہمارے آخری نبی، اللہ تعالیٰ کے آخری رسول، خاتم النبیین، حاملِ قرآن، رہبر و رہنمائے امت، سرچشمۂ ہدایت اور رحمت للعالمین، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت ہے۔ اسی نسبت سے ماہِ ربیع الاول ہمارے لیے نہایت اہم اور بابرکت مہینہ ہے۔
اس مبارک مہینے کے موقع پر ہمیں اپنے دل و دماغ میں یہ بات تازہ کرنی چاہیے کہ ربیع الاول کی خوشی کا حقیقی تقاضا کیا ہے؟ یقیناً ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادتِ باسعادت پوری امتِ مسلمہ کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور باعثِ مسرت ہے۔ لیکن اس خوشی کو حقیقی معنوں میں بابرکت بنانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کو یاد کریں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو سمجھیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو اپنی زندگی میں اپنانے کی کوشش کریں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت و اتباع کو اپنے لیے سعادت سمجھیں۔
اگر ہم واقعی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت کرتے ہیں تو ہمیں اس مبارک مہینے میں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایات اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کو اپنی زندگی میں لانے کی بھرپور کوشش کریں گے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرماں بردار بن کر زندگی گزاریں گے۔
ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ، عادات و اطوار اور زندگی کے ان تمام روشن پہلوؤں کا مطالعہ کرنا چاہیے جنھیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے عمل سے ہمارے سامنے پیش فرمایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی عطا فرمائی۔ عبادات سے لے کر معاملات تک اور گھر کے تعلقات سے لے کر معاشرتی حقوق تک، ہر میدان میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے:
لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ
یقیناً تمہارے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں بہترین نمونہ ہے۔
(سورۃ الاحزاب، آیت نمبر: 21)
اس لیے ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو صرف پڑھنا یا سننا ہی نہیں، بلکہ اسے اپنی زندگی میں اتارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ربیع الاول اور ہماری عملی ذمےداری
ربیع الاول کا مہینہ آتا ہے تو ہمارے دلوں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت تازہ ہو جاتی ہے۔ بعض لوگ اس موقع پر گھروں اور گلیوں کو سجاتے ہیں، چراغاں کرتے ہیں اور روشنیاں اور جھنڈے لگاتے ہیں۔ خوشی کا اظہار اپنی جگہ، لیکن ہمیں اپنے دل سے ایک اہم سوال ضرور کرنا چاہیے کہ کیا ہماری محبت صرف ظاہری اظہار تک محدود ہے یا ہمارے کردار اور عمل میں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت نظر آتی ہے؟
اگر ہماری زبان پر محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے نعرے ہوں، لیکن ہماری نمازوں میں کوتاہی ہو، ہمارے اخلاق اچھے نہ ہوں، ہماری زبان سے دوسروں کو تکلیف پہنچتی ہو، ہم والدین اور رشتے داروں کے حقوق ادا نہ کرتے ہوں اور ہمارے معاملات سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق نہ ہوں تو ہمیں اپنے دل کا محاسبہ ضرور کرنا چاہیے۔
اسی طرح اگر ربیع الاول کے موقع پر خوشی کے نام پر ایسی سرگرمیاں کی جائیں جن سے دوسروں کو تکلیف پہنچے، گلیوں میں ضرورت سے زیادہ شور ہو، پڑوسیوں کے آرام میں خلل پڑے یا ایسے کام کیے جائیں جو ہماری دینی تعلیمات کے مطابق نہ ہوں تو ہمیں رک کر سوچنا چاہیے کہ کیا یہ واقعی محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا بہترین اظہار ہے؟
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑوسی کے حقوق کی بہت تاکید فرمائی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
جبریلؑ مجھے پڑوسی کے بارے میں مسلسل وصیت کرتے رہے، یہاں تک کہ مجھے گمان ہوا کہ وہ اسے وارث بنا دیں گے۔
(صحیح بخاری، صحیح مسلم)
لہٰذا ہمیں ربیع الاول میں بھی اپنے پڑوسیوں کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔ بیمار، بوڑھے، بچے اور آرام کرنے والے لوگ بھی ہمارے پڑوسی ہیں۔ ایک مسلمان کی خوشی ایسی نہیں ہونی چاہیے، جس سے دوسرے مسلمان کو تکلیف پہنچے۔ اسی طرح ہمیں ہر ایسے کام سے بچنا چاہیے، جس سے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی خواہشات کے بجائے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو ترجیح دیں۔
ہمیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے اپنی محبت کا سب سے بڑا اظہار کس طرح کیا؟ ان کی محبت کا سب سے روشن پہلو یہ تھا کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرتے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو اپناتے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کی پیروی کرتے اور اپنی زندگی کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق ڈھالتے تھے۔ لہٰذا ہمیں بھی ربیع الاول کو اپنی زندگی کی اصلاح کا ذریعہ بنانا چاہیے۔
گناہوں سے بچنے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں صرف نیکیوں کی ترغیب نہیں دی بلکہ بہت سے برے اعمال سے بھی منع فرمایا۔ ان برائیوں سے بچنا بھی محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حصہ ہے۔
معراج کے واقعے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض ایسے لوگوں کو دیکھا، جنھیں ان کے برے اعمال کے انجام کی صورت دکھائی گئی۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے لوگوں کو دیکھا، جو اپنے چہروں اور سینوں کو تانبے کے ناخنوں سے نوچ رہے تھے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت جبرئیل علیہ السلام سے ان کے بارے میں پوچھا تو بتایا گیا کہ یہ وہ لوگ ہیں، جو لوگوں کی غیبت کرتے اور ان کی عزتوں پر حملہ کرتے تھے۔
(سنن ابی داؤد، ریاض الصالحین: 1526)
یہ واقعہ ہمیں جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے کہ ہماری زبان سے نکلنے والا ہر لفظ معمولی نہیں۔ ہم کسی کی غیر موجودگی میں اس کی برائی کرتے ہیں، کسی کی عزت کے بارے میں بات کرتے ہیں اور کسی کے عیب دوسروں کے سامنے بیان کرتے ہیں تو ہمیں سوچنا چاہیے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اس سے منع فرمایا ہے۔
لہٰذا ہمیں اپنے آپ سے پوچھنا چاہیے کہ کیا ہم واقعی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کر رہے ہیں؟ کیا ہماری زبان غیبت سے محفوظ ہے؟ کیا ہمارے دل دوسروں کے لیے پاک ہیں؟ کیا ہمارے معاملات شریعت کے مطابق ہیں؟
ہمیں اس بات کا خوف بھی ہونا چاہیے کہ کہیں قیامت کے دن ہمیں اس بات پر شرمندگی نہ اٹھانی پڑے کہ ہم نے دنیا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا دعویٰ تو کیا، لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں وہ مقام نہ دیا جس کا تقاضا محبت کرتی تھی۔
یاد رکھیے! قیامت کے دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت اللہ تعالیٰ کے اذن سے ہوگی۔ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
مَن ذَا الَّذِي يَشْفَعُ عِندَهُ إِلَّا بِإِذْنِهِ
کون ہے جو اس کے پاس اس کی اجازت کے بغیر سفارش کر سکے؟
لہٰذا ہمیں اللہ تعالیٰ سے امید بھی رکھنی چاہیے اور اپنے اعمال کی فکر بھی کرنی چاہیے۔ ہمیں ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ دنیا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا دعویٰ کرتے رہیں، مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور تعلیمات سے بے اعتنائی کریں۔
طائف کا سبق آموز واقعہ
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا ایک نہایت سبق آموز واقعہ طائف کا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کا پیغام لے کر طائف تشریف لے گئے تاکہ وہاں کے لوگوں کو دینِ حق کی دعوت دیں، لیکن انھوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت قبول کرنے کے بجائے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سخت اذیت پہنچائی۔ اس موقع پر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صبر و تحمل کا دامن نہیں چھوڑا اور اللہ تعالیٰ پر اپنا توکل برقرار رکھا۔
ذرا غور کیجیے! جب ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اتنی تکالیف برداشت فرمائیں تو ہماری ذمے داری کیا ہونی چاہیے؟
ہماری ذمے داری تو یہ ہونی چاہیے کہ جب ہماری زندگی میں آزمائشیں اور تکالیف آئیں تو ہم بھی صبر کا دامن تھامیں، اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہیں اور اس کی ذات پر توکل رکھیں۔ اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کے لیے عظیم اجر کا وعدہ فرمایا ہے:
إِنَّمَا يُوَفَّى الصَّابِرُونَ أَجْرَهُم بِغَيْرِ حِسَابٍ
بے شک صبر کرنے والوں کو ان کا اجر بے حساب دیا جائے گا۔
(سورۃ الزمر،آیت نمبر 10)
لیکن آج ہمیں اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ذرا سی تکلیف پہنچتی ہے تو ہم بے صبری کا اظہار کرنے لگتے ہیں، کبھی ناشکری کے الفاظ زبان پر آ جاتے ہیں اور کبھی ہم دینِ اسلام کی تعلیمات کو پسِ پشت ڈال کر اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے لگتے ہیں۔
ہم یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی بے شمار آزمائشیں آئیں، حالاں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ نبی، رسول اور بندے تھے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تکالیف برداشت کیں، صبر کیا، اللہ تعالیٰ پر توکل کیا اور دینِ حق کے راستے سے پیچھے نہیں ہٹے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ ازواجِ مطہرات نے بھی صبر و استقامت کی مثالیں قائم فرمائیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحب زادیوں نے بھی آزمائشوں کا سامنا کیا اور صبر کیا۔ اس سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ آزمائش دنیا کی زندگی کا حصہ ہے۔ مومن کی شان یہ ہے کہ وہ آزمائش کے وقت گھبرا کر اللہ تعالیٰ سے دور نہ ہو، بلکہ مزید مضبوطی کے ساتھ اپنے رب کی طرف رجوع کرے۔
اس آزمائش میں ہمیں کیا کرنا ہے؟ اس کا طریقہ بھی ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی کے ذریعے ہمیں سکھایاہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صبر، توکل، دعا اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا راستہ دکھایا ہے۔ خصوصاً ہم خواتین کو بھی اپنے کردار کا جائزہ لینا چاہیے۔ جب گھریلو پریشانیوں، رشتوں کے مسائل یا زندگی کی آزمائشوں کا سامنا ہو تو ہمیں فوراً بے صبری اور ناشکری کا اظہار کرنے کے بجائے یہ سوچنا چاہیے کہ ہم کس نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی امت ہیں؟ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جنھوں نے مشکلات کے باوجود صبر کیا، اللہ تعالیٰ پر بھروسا رکھا اور حق کے راستے کو نہیں چھوڑا۔
نماز: محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک بڑا عملی تقاضا
اب اگر ہم واقعی اپنی زندگی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں تو ہمیں اس جائزے کا آغاز نماز سے کرنا چاہیے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کی عظمت کو اپنی زندگی میں اس طرح ظاہر فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
وَجُعِلَتْ قُرَّةُ عَيْنِي فِي الصَّلَاةِ
اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں رکھی گئی ہے۔
(سنن نسائی، مسند احمد)
اگر نماز ہمارے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں کی ٹھنڈک تھی تو ہمیں اپنے دل سے پوچھنا چاہیے کہ ہم نے نماز کو اپنی زندگی میں کیا مقام دیا ہے؟ کیا نماز ہمارے لیے واقعی اہم ہے یا ہم دنیا کے کاموں، مصروفیات اور ضرورتوں کو نماز پر مقدم کر دیتے ہیں؟
ہمیں اپنے آپ سے پوچھنا چاہیےکہ فجر کے وقت ہماری آنکھ کھلتی ہےیا نہیں؟ ظہر کے وقت ہماری مصروفیات ہمیں نماز سے غافل تو نہیں کرتیں؟ عصر، مغرب اور عشاء کی نمازوں کے ساتھ ہمارا تعلق کیسا ہے؟ کیا ہم نماز کو بوجھ سمجھتے ہیں یا اپنے رب کے ساتھ ملاقات کا ذریعہ؟
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے کا آغاز ہمیں اپنی نماز سے کرنا چاہیے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِنَّ أَوَّلَ مَا يُحَاسَبُ بِهِ الْعَبْدُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مِنْ عَمَلِهِ صَلَاتُهُ
قیامت کے دن بندے کے اعمال میں سب سے پہلے نماز کا حساب لیا جائے گا۔
(جامع ترمذی، حدیث 413)
تو پھر آئیے! ربیع الاول میں اپنی محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا پہلا عملی امتحان نماز سے شروع کرتے ہیں۔ ہم دیکھیں کہ ہماری نماز کہاں ہے؟ ہماری پابندی کہاں ہے؟ اور ہماری توجہ کہاں ہے؟ اگر ہم نماز کو سنوار لیتے ہیں تو یہ ہماری زندگی کی بہت بڑی اصلاح بن سکتی ہے۔
محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور اطاعت
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
مَنْ أَطَاعَنِي فَقَدْ أَطَاعَ اللَّهَ
جس نے میری اطاعت کی، اس نے اللہ کی اطاعت کی۔
(صحیح بخاری، صحیح مسلم)
یہ حدیثِ مبارک ہمیں واضح طور پر بتاتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا حصہ ہے۔ لہٰذا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا تقاضا صرف زبان سے محبت کا دعویٰ کرنا نہیں، بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اور اتباع کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوا
رسول تمھیں جو کچھ دیں، اسے لے لو اور جس چیز سے منع کریں، اس سے رک جاؤ۔
( سورۃ الحشر، آیت نمبر 7)
لہٰذا ربیع الاول میں ہمیں اپنے دل کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہماری زندگی میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کہاں تک موجود ہے؟ کیا ہمارے اخلاق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کے مطابق ہیں؟ کیا ہمارے معاملات درست ہیں؟ کیا ہماری زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ ہیں؟ کیا ہم اپنے گھر والوں، رشتہ داروں، پڑوسیوں، یتیموں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کے حقوق ادا کرتے ہیں؟
ہمیں قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ کا مطالعہ کرنا چاہیے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو سمجھنا چاہیے، علمائے کرام سے دین سیکھنا چاہیے اور جو کچھ سیکھیں اسے اپنی زندگی میں نافذ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ یہ ذمے داری صرف مردوں کی نہیں بلکہ خواتین کی بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:
وَمَن يَعْمَلْ مِنَ الصَّالِحَاتِ مِن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَأُولَٰئِكَ يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ
اور جو نیک عمل کرے، خواہ مرد ہو یا عورت، بشرطے کہ وہ مومن ہوں تو ایسے لوگ جنت میں داخل ہوں گے۔
(سورۃ النساء، آیت نمبر 124)
جب نیک اعمال کے اجر میں مرد و عورت دونوں کے لیے اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا ہے تو ہمیں اپنی ذمے داری کو سمجھنا چاہیے۔ ہمیں اپنے کردار، اپنے اخلاق، اپنی عبادات، اپنے معاملات اور اپنی پوری زندگی کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ سے اپنے آپ کو کہاں تک سنوارا ہے۔
آئیے! اس ربیع الاول میں ہم صرف زبان سے محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا دعویٰ نہ کریں، بلکہ اپنی زندگی کو محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا عملی نمونہ بنانے کی کوشش کریں۔ سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پڑھیں، قرآن و حدیث کو سمجھیں، سنتوں کو اپنائیں، نماز کی پابندی کریں، اپنے اخلاق کو سنواریں، دوسروں کے حقوق ادا کریں، اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھیں، غیبت اور تمام برائیوں سے بچیں، آزمائشوں میں صبر کریں اور ہر حال میں اللہ تعالیٰ پر توکل رکھتے ہوئے اپنی زندگی کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کے مطابق گزارنے کا عہد کریں۔
ہمیں ایسا مسلمان بننے کی کوشش کرنی چاہیے کہ قیامت کے دن جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کی امید ہو تو ہمارا عمل بھی اس محبت کی گواہی دے، جس کا ہم دنیا میں دعویٰ کرتے رہے۔
محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حقیقی تقاضا یہی ہے کہ ہمارے کردار میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کی جھلک نظر آئے، ہمارے اخلاق میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات نمایاں ہوں، ہماری نمازیں سنور جائیں، ہماری زبانیں غیبت سے محفوظ رہیں، ہمارے معاملات پاکیزہ ہوں اور ہماری زندگی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت و اتباع سےرنگ جائے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments