ماہ ربیع الأول: ظالمانہ عہد میں اخوت و محبت کا ابھرتا چراغ

ماہ ربیع الاول ہجری سال کا تیسرا مہینہ ہے ۔ اس مہینے کا حسن یوں دوبالا ہوا کہ اسے اشرف الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کا شرف حاصل ہوا ۔ اس مبارک مہینے کا تصور جب ذہن میں گردش کرتا ہے تو چہار جانب ظلم و بربریت، قتل و غارت گری، نا انصافی و سفاکی، بدامنی و انارکی اور عصبیت و فرقہ پرستی کا ایک لامتناہی جال پھیلا نظر آتا ہے ۔ دل و دماغ بے اختیار اس پہلو کی ورق گردانی میں مصروف ہوتے ہیں تو یکایک دماغ کی سوئی اس عظیم الشان کردار پر ٹک جاتی ہے، جس نے ناانصافی اور جبر کے تاریک ترین دور میں ہم دردی اور مواخات کی وہ روشن مثال قائم کی، جو نفرت کی دیواروں کو گرا کر معاشرے میں امید اور محبت کی نئی کرن پیدا کرتی ہے۔
ظلم و سفاکی کے تاریک ترین دور میں امن و آشتی اور اخوت و بھائی چارے کا تصور تاریخ، ادب اور تحریکِ آزادی کے مختلف ادوار میں نمایاں رہا ہے۔ لیکن عہد رسول میں اس اعلی کردار کی جو جھلک دیکھنے کو ملتی ہے، اس کا عشر عشیر بھی کسی قوم و ملت کو نہ ملا ۔
چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ عہدِ جاہلیت کے سخت ترین اور ظالمانہ ماحول میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے مواخاتِ مدینہ کے ذریعے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا، جہاں مہاجرین اور انصار نے اپنے مال و وسائل بانٹ کر اخوت کی لازوال مثال قائم کی۔
موجودہ دور میں جب پوری دنیا اور بالخصوص عالم اسلام مکمل طور پر ظلم و جبر، معاشی ناہمواری اور فسطائیت کا شکار ہے، جس کی واضح مثال اسرائیل فلسطین جنگ، اسرائیل اور ایران کا باہم تصادم نیز بر صغیر بالخصوص ملک ہندستان کی حالیہ صورت حال کی شکل میں موجود ہے ۔
ایسے حالات میں ماہ ربیع الاول کی آمد ایک پر نور مشعل کا احساس دلاتی ہے اور سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ آخر اس روشن چراغ کی وہ کیا شکل تھی، جس نے اپنی تاب ناک کرن سے ظلم و تعدی کے اندھیرے گوشوں کو روشن کیا؟ اور جب بالآخر ہم تصورات کی دنیا سے نکل کر سیرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیر کرتے ہیں تو یکایک سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا وہ تاب ناک پہلو جلوہ نما ہوتا ہے، جو ہم دردی و مواسات سے جانا جاتا ہے ۔
آج سے ساڑھے چودہ سو سال پہلے سر زمین عرب کچھ اسی طرح کی صورت حال سے دوچار تھی، جو آج کا عالمی و ملکی منظر نامہ پیش کررہا ہے۔ لیکن یہ کیا؟ یکایک وہ سر زمین امن و آشتی کا گہوارہ بن جاتی ہے، جہاں برسوں سے کشت وخون کی ندیاں بہتی تھیں اور جنگ و جدل کی اس ہیبت ناک فضا میں فرحت و انبساط کی روح پھونکنے والا وہ نبوی کردار تھا جس نے اپنے اخلاق کریمانہ کے وہ جوہر دکھائے کہ دشمن بھی صادق و امین کہنے پر مجبور ہوگئے ۔
ایسے میں جب ماہ آمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم بالکل قریب ہے اور پورا عالم کچھ اسی طرح کی خوف ناک صورت حال سے دوچار ہے، جو چودہ صدیاں قبل تھی۔ ذہن کے دریچے سے جھانکنے پر امید کی ایک کرن دکھائی دیتی ہے کہ اب فسطائیت کے خاتمے کا وقت قریب آ چکا ہے۔ بہ قول شاعر:

ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے

آج جب کہ پوری دنیا بہ شمول ہندستان میں آمریت کا راج ہے۔ انسانی حقوق بر سر عام پامال کیےجا رہے ہیں ۔ صاحب اقتدار دولت کے نشے میں چور ساری حدیں پار کرنے کے درپے ہیں ۔ پورا سیاسی نظام بے حسی کی رِدا اوڑھے ہوئے ہے۔ ایوان سیاست خونخار بھیڑیے کی مانند ہر ایک کے حقوق پر شب خون مارنے کے درپے ہے تو ماہ ربیع الاول کی آمد یہ احساس دلا رہی ہے کہ جس طرح مدبر کائنات نے چودہ صدیاں پہلے عربوں کے غموں کا مداوا کیا تھا، اسی طرح ظلم کے خاتمے کے لیے وہ اپنی قدرت کے کرشمے دکھانے پر پوری طرح سے قادر ہے۔ لیکن قدرت کے اس کرشمے کے ظہور سے پہلے ہمیں چند باتوں کو مد نظر رکھنا ہوگا :
(1) سیرت رسول کے مطالعے سے رغبت: ماہ آمد رسول کے موقع پر ہم سیرت رسول کے مطالعے سے رغبت پیدا کریں اور سیرت کے زریں اصولوں سے خود کو آراستہ کریں ۔
(2) اخلاق رسول سے سبق: سیرت رسول کے مطالعے کے ذریعے اخلاق نبوی کے ان روشن گوشوں سے دل کے نہا خانوں کو منور کریں، جو ظلم و جور کے خاتمے کا سبب بنا یعنی نرم دلی و غم خواری، ہمدردی و مواسات اور محبت و الفت وغیرہ ۔
(3) سیرت رسول سے عوام الناس کی آشنائی کی کوشش: اپنی اپنی مختلف النوع صلاحیتوں اور بساط کے مطابق سیرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہر پہلو کو عوام الناس تک پہنچانے کی کوشش کریں مثلاً تحریر و تقریر، نظم و نثر، ڈیبیٹ و پینل ڈسکشن، کانفرنسز اور ٹیبل ٹاک وغیرہ ۔
(4) بدعات و خرافات سے احتراز: ماہ ربیع الاول کی آمد کے موقع پر معاشرے میں رائج خرافات کا حصہ نہ بنیں مثلاً عید میلاد النبی کا جشن وغیرہ ۔
(5) رائج خرافات کے تئیں عوام الناس میں بیداری کی کوشش: جشن عید میلاد النبی کے تئیں نہ صرف یہ کہ اس کا بائیکاٹ کریں بلکہ عوام الناس کو اس بدعت کی شناعت سے بھی متعارف کرائیں ۔
خلاصہ یہ کہ آج کے دور میں بھی جب لوگ ظلم و جبر، نا انصافی و ناہمواری اور فسطائیت کا شکار ہیں، اگرچہ کچھ فلاحی ادارے اور عوامی تحریکیں اخوت و مساوات کا کردار ادا کر رہی ہیں، تاہم ماہ ربیع الاول کی آمد یہ پیغام دیتی ہے کہ اس ماہ کی آمد کا جشن محض عید میلاد النبی سے نہ کریں بلکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا آئیڈیل مانتے ہوئے سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو دلوں میں اتارنے کی کوشش کریں اور اپنے بہترین اخلاق کے ذریعے معاشرے میں پھیلی ظلم و جبر کی تاریکی کو ختم کریں۔ لیکن یہ بات ذہن میں راسخ رہے کہ یہ کام نہ خوب صورت تحریروں سے ممکن ہے نہ پرجوش تقریروں سے بلکہ اس کے لیے ملت کے ہر فرد کو عمل کا مجسم بننا ہوگا ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

 ستمبر ۲۰۲٦