عورت کی فطری شناخت جیسے شفقت، نرمی، حیا، جمالیاتی ذوق، پرورش اور نگہداشت کا ہنر وغیرہ اوصاف کی حیثیت سے نسوانیت کے مزاج کی شناخت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ موجودہ دور میں عورت کی نسوانی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے حقوق اور اس کے وقار (Dignity) کا تحفظ بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ اصل بحث یہ ہے کہ کیا عورت کی نسوانی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکتا ہے؟ یا حقوق کی بازیابی کے لیے روایتی نسوانیت میں تبدیلی لازمی ہے؟ کچھ لوگ تبدیلی کو لازمی سمجھتے ہیں لیکن اس سے خواتین کے حقوق کی بازیابی ممکن نہیں ہو سکی۔ لہٰذا آزادیِ نسواں اور حقوق کے حصول کے لیے آوازیں اٹھتی رہیں۔
مختلف تہذیبوں میں عورت کی حیثیت
اس سلسلے میں مختلف تہذیبوں میں نسوانیت کے تصور، عورت کے مقام اور اس کے حقوق کے تاریخی پس منظر، نیز موجودہ مغربی نسوانی تحریک یعنی فیمینیزم (Feminism) کو سمجھنا ضروری ہے۔ نسوانیت ایک ایسا تصور ہے جو صدیوں سے انسانی معاشرے، تہذیبوں اور ثقافتوں میں مختلف شکلوں میں موجود رہا ہے۔
ابتدائی دور کا جائزہ لیا جائے تو دنیا کی مختلف بڑی تہذیبوں، مثلاً یونان، مصر و روم اور خود ہندستانی معاشرے میں بھی عورت ہر دور میں بحث کا موضوع رہی ہے۔ کہیں یہ سوال اٹھایا گیا کہ عورت میں عقل و شعور کتنا ہے؟ کہیں اس کے قانونی اور سماجی مقام پر بحث ہوئی اور کہیں یہ سوال زیرِ بحث رہا کہ کیا عورت کو اپنی رائے دینے، اپنے فیصلے کرنے اور اجتماعی معاملات میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے یا نہیں؟ بعض معاشروں میں اس کی حیثیت کو محض گھریلو کام کاج، بچوں کی پرورش اور شوہر کی فرماں برداری تک محدود کر دیا گیا اور کہیں تو حالات اور بھی ناگفتہ بہ نظر آئے۔ تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بہت سے معاشروں میں عورت کو ایک خود مختار انسانی شخصیت کے بجائے مرد کے تابع اور بعض اوقات محض استعمال کی چیز سمجھا گیا۔ اس کی عقل و شعور پر سوال اٹھائے گئے، اسے گناہ اور فتنے سے جوڑا گیا، اس کی گواہی اور قانونی حیثیت کو سرے سے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا گیا اور اسے اپنی رائے کے اظہار اور اپنے معاملات میں فیصلہ سازی کا مکمل اختیار نہیں دیا گیا۔ بعض معاشروں میں مرد کو متعدد شادیوں اور ازدواجی تعلقات کے اختیارات حاصل تھے، جب کہ عورت کے لیے حقوق اور اختیارات انتہائی محدود تھے۔
قدیم یونانی معاشرے میں بھی عورت کی سیاسی، سماجی اور گھریلو حیثیت بہت محدود تھی۔ وہیں رومی معاشرے میں بھی عورت کا مقام کم و بیش ایسا ہی تھا۔ ہندستان میں تو ستی پرتھا میں شوہر کی چتا کے ساتھ جلنا اس کا مقدر تھا۔ اس طرح عورت کی حیثیت مختلف ادوار اور مختلف تہذیبوں میں مختلف شکلوں میں نظر آتی رہی، مگر مجموعی طور پر اسے مرد کے برابر کا درجہ نہیں مل سکا۔ اسے کسی طرح کے اختیار حاصل نہیں تھے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ عورت کے حقوق کا مسئلہ صرف کسی ایک معاشرے یا تہذیب تک محدود نہیں رہا، بلکہ یہ انسانی تاریخ کا ایک وسیع اور پیچیدہ مسئلہ رہا ہے۔
عرب کے بعض قبائلی معاشروں میں تو عورت کی صورتِ حال انتہائی سنگین تھی۔ قرآنِ مجید نے خود اس ذہنیت کی مذمت کی، جس میں بیٹی کی پیدائش کو باعثِ عار سمجھا جاتا تھا۔ قرآن کہتا ہے کہ جب ان میں سے کسی کو بیٹی کی پیدائش کی خبر دی جاتی تو اس کا چہرہ سیاہ پڑ جاتا اور وہ غم سے بھر جاتا تھا۔ اسی پس منظر میں قرآن نے اس معاشرتی رویے کی سخت مذمت کی اور انسانی جان کے احترام کو بنیادی اصول قرار دیا۔
فیمینیزم کا تاریخی پس منظر
زمانے کی ترقی کے ساتھ خواتین کے زندہ رہنے، تعلیم حاصل کرنے، معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے، رائے دینے، سیاسی عمل میں شرکت کرنے اور امتیازی سلوک سے تحفظ جیسے حقوق کے لیے مختلف تحریکیں اٹھیں۔ ان تحریکوں نے رفتہ رفتہ ایک سیاسی اور سماجی نظریے کی شکل اختیار کی۔ خواتین کے لیے برابری، مساوات اور مردوں کے مساوی سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے حصول کی جدوجہد آگے چل کر فیمینیزم کے نام سے موسوم ہوئی۔
عمومی طور پر فیمینیزم ایسی فکری اور سماجی تحریک کے طور پر سامنے آیا، جس کا مقصد خواتین کے لیے تعلیم، روزگار، سیاسی شرکت، قانونی تحفظ اور سماجی حقوق میں مساوی مواقع کا مطالبہ کرنا تھا۔ اس تحریک نے یہ سوال اٹھایا کہ عورت کو اپنی زندگی کے اہم فیصلے خود کرنے کا حق کیوں حاصل نہ ہو؟ اسے کام کی مساوی اجرت کیوں نہ ملے؟ جنس کی بنیاد پر اس کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں کیا جائے؟ اور اسے ظلم و ناانصافی سے تحفظ کیوں حاصل نہ ہو؟
اس تحریک کو آزادیِ نسواں، حقوقِ نسواں اور تحریکِ نسواں جیسے مختلف ناموں سے بھی تعبیر کیا گیا۔ اس کی جدید منظم شکل مغربی معاشروں میں زیادہ نمایاں ہوئی، لیکن وقت کے ساتھ یہ پوری دنیا میں خواتین کے حقوق کے لیے اٹھنے والی ایک وسیع فکری اور سماجی تحریک بن گئی۔
ایک بنیادی سوال
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا نسائی تحریک نے عورت کو تمام پابندیوں اور زیادتیوں سے مکمل آزادی دلا دی؟ کیا عورت کو واقعی ہر معاشرے میں برابر کے حقوق حاصل ہو گئے؟ اور کیا عورت کے حقوق کے تحفظ کے لیے اس کی روایتی نسوانی شناخت کو تبدیل کرنا ضروری ہے؟
یہ سوال اس لیے بھی اہم ہے کہ مختلف تہذیبوں اور مذاہب میں عورت کے مقام کے حوالے سے مختلف تصورات موجود رہے ہیں۔ بعض مذہبی و تہذیبی روایات میں عورت کو مقدس یا دیوی کا درجہ دیا گیا، لیکن عملی اور قانونی سطح پر اسے مکمل انسانی، معاشی اور سماجی حقوق ہمیشہ حاصل نہیں رہے۔ اس لیے کسی عورت کو محض قابلِ احترام قرار دینا اور اسے حقیقی حقوق، قانونی شخصیت اور معاشی خودمختاری دینا، دونوں الگ الگ معاملات ہیں۔
نسوانی شناخت اور اسلامی حقوق
اسلام جب عرب کی سرزمین پر آفتاب بن کر طلوع ہوا تو اس نے عورت کو محض مرد کی ملکیت یا تابع شخصیت کے طور پر قبول نہیں کیا، بلکہ اسے ایک مستقل انسانی اور اخلاقی شخصیت کے طور پر تسلیم کیا۔ قرآنِ مجید نے واضح کیا کہ مردوں کے لیے بھی ان کے کمائے ہوئے اعمال کا حصہ ہے اور عورتوں کے لیے بھی ان کے کمائے ہوئے اعمال کا حصہ ہے۔
اسلام نے عورت کو وراثت کا باقاعدہ حق دیا۔ سورۂ نساء میں واضح طور پر مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے والدین اور قریبی رشتہ داروں کے چھوڑے ہوئے مال میں مقررہ حصہ بیان کیا گیا ہے۔ یہ اس دور کے اعتبار سے ایک بنیادی قانونی تبدیلی تھی، کیوں کہ عورت کو محض وراثت کی چیز سمجھنے کے بجائے اسے خود وارث تسلیم کیا گیا۔
اسلامی قانون نے نکاح کے معاملے میں بھی عورت کے مالی حق کو تسلیم کیا۔ قرآن نے مردوںکو عورتوں کے مہر خوش دلی سے ادا کرنے کا حکم دیا۔ اسی طرح قرآن نے عورت کے معاشی حق اور اس کی ملکیت کو بھی تسلیم کیا۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ اسلام نے عورت کے حقوق کو صرف ’’مرد کے برابر‘‘ ہونے کے ایک سادہ تصور تک محدود نہیں کیا، بلکہ مرد اور عورت کی فطری، معاشرتی اور خان دانی ذمے داریوں کو سامنے رکھتے ہوئے حقوق و فرائض کا ایک متوازن نظام پیش کیا۔ اس نظام میں عورت کی نسوانیت، اس کی عزت، اس کی مادری حیثیت اور اس کے خان دانی کردار کو اس کے انسانی اور معاشی حقوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنایا گیا۔
اسلامی تاریخ کی چند مثالیں
اسلامی تاریخ میں حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ ایک نمایاں مثال ہیں۔ وہ ایک باوقار اور صاحبِ ثروت خاتون تھیں اور تجارت سے وابستہ تھیں۔ ان کی شخصیت اس تصور کو چیلنج (رد) کرتی ہے کہ اسلام میں عورت کا معاشی کردار صرف گھر کی چار دیواری تک محدود ہے۔
اسی طرح حضرت عائشہ صدیقہؓ علم و فقہ میں غیر معمولی مقام رکھتی ہیں۔ صحابۂ کرامؓ اور بعد کے اہلِ علم ان سے دینی مسائل دریافت کرتے تھے۔ یہ اس بات کی تاریخی مثال ہے کہ اسلامی روایت میں عورت کے علم، فہم، تعلیم اور علمی رائے کو اصولی طور پر تسلیم کیا گیا۔
حضرت فاطمہ زہراؓ کی شخصیت اسلامی خان دانی زندگی، حیا، عبادت، قربانی اور گھریلو ذمے داریوں، بچوں کی تعلیم و تربیت میں ایک نمایاں مثال ہے۔ یوں اسلامی روایت میں عورت کے مختلف کردار ماں، بیٹی، بیوی، عالمہ، فقیہ، تاجر اور معاشرتی فرد کی حیثیت سے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہ اوصاف ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک وسیع انسانی شخصیت کے مختلف پہلو ہیں۔
اسلام نے ماں کے مقام کو بھی غیر معمولی بلندی عطا کی۔ حدیثِ نبویؐ میں ماں کے ساتھ حسنِ سلوک کی خصوصی تاکید ملتی ہے۔ اس طرح عورت کی مادری حیثیت کو محض گھریلو ذمے داری نہیں بلکہ اخلاقی اور روحانی قدر کے طور پر پیش کیا گیا۔
اس تناظر میں یہ کہنا زیادہ درست ہوگا کہ اسلام نے عورت کی نسوانیت کو ختم کر کے اسے حقوق دینے کے بجائے اس کی نسوانی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے انسانی، معاشی، خان دانی اور قانونی حقوق کو تسلیم کیا۔
نسوانیت کی بقا اور آزادی ایک چیلنج (مسئلہ)
یہی نکتہ موجودہ فیمینسٹ مباحث کے ساتھ ایک اہم تقابلی بحث پیدا کرتا ہے۔
نسوانیت اور آزادی: ایک جدید مغربی مثال
اس بحث کو سمجھنے کے لیے اسماء عبدالحمید کی مثال بھی قابلِ توجہ ہے۔ اسماء عبدالحمید فلسطینی نژاد ڈینش (Palestinian-Danish) مسلم خاتون ہیں۔ 2006ء میں وہ ڈنمارک کے سرکاری ٹی وی چینل پر Adam & Asmaa نامی پروگرام کی میزبان بنیں اور حجاب کے ساتھ سرکاری ٹیلی ویژن پر پروگرام پیش کرنے والی ڈنمارک کی پہلی خاتون ثابت ہوئیں۔ 2007ء میں انھوں نے ڈینش پارلیمنٹ کے لیے امیدوار بننے کا اعلان کیا۔
ان کی ٹی وی پر حجاب کے ساتھ موجودگی نے ڈنمارک میں ایک شدید فکری اور سماجی بحث کو جنم دیا۔ بعض حلقوں نے اسے خواتین کے لیے روزگار اور عوامی زندگی میں شرکت کے ایک نئے امکان کے طور پر دیکھا، جب کہ بعض فیمینسٹ حلقوں نے حجاب کو عورت پر جبر کی علامت قرار دیا۔ خود اسماء عبدالحمید نے اس موقف پر سوال اٹھایا کہ اگر عورت کو اپنی زندگی اور لباس کے انتخاب کا حق حاصل ہے تو حجاب کا انتخاب کرنے والی عورت کے انتخاب کو خود بہ خود ’’جبر‘‘ کیوں سمجھا جائے؟
یہاں ایک بنیادی فکری سوال سامنے آتا ہے۔ اگر فیمینیزم عورت کے اپنے انتخاب کے حق کی حمایت کرتا ہے تو کیا اس انتخاب میں حجاب پہننے کا حق شامل نہیں ہے؟ اگر ایک عورت حجاب کو اپنی مذہبی شناخت، وقار اور آزادی کا حصہ سمجھتی ہے تو کیا اسے یہ حق حاصل نہیں ہونا چاہیے کہ وہ اپنے انتخاب کے مطابق زندگی گزار سکے؟
اسماء عبدالحمید کے تجربے کی اہمیت اسی تضاد میں ہے۔ ایک طرف خواتین کو یہ حق دلانے کی جدوجہد کی گئی کہ وہ اپنی زندگی، تعلیم، پیشے اور لباس کے بارے میں خود فیصلہ کریں؛ دوسری طرف جب ایک مسلم خاتون نے اسی حقِ انتخاب کو حجاب کے ذریعے ظاہر کیا تو بعض حلقوں نے اس کے انتخاب کو آزادی کے بجائے جبر کی علامت قرار دیا۔ یہی وہ مقام ہے، جہاں مغربی فیمینیزم اور اسلامی تصورِ آزادی کے درمیان ایک اہم فکری مکالمہ پیدا ہوتا ہے۔
اسماء عبدالحمید نے اپنے ایک مضمون میں اس تجربے کو بیان کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا بعض فیمینسٹ خواتین یہ بھول گئی ہیں کہ خود انھیں بھی ایک زمانے میں اپنے انتخاب کا حق حاصل کرنے کے لیے سماجی دباؤ اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا؟ کیا یہ انصاف ہے کہ مسلمان خواتین سے پوچھے بغیر یہ فرض کر لیا جائے کہ وہ لازماً مردوں یا اپنے مذہب و تہذیب کے ہاتھوں مظلوم ہیں؟
یہ سوال دراصل بہت معنی خیز ہے کہ کیا عورت کے حقوق کے تحفظ کے لیے اس کی نسوانی اور تہذیبی شناخت کو ختم کرنا ضروری ہے؟ یا عورت اپنی نسوانیت، مذہبی شناخت اور ثقافتی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے بھی مکمل انسانی وقار، قانونی تحفظ، تعلیم، معاشی خودمختاری اور سماجی شرکت کا حق حاصل کر سکتی ہے؟
اس کا جواب یہ ہے کہ عورت کے حقوق اور اس کی نسوانیت ایک دوسرے کی ضد نہیں ہیں۔ عورت کا باوقار، نرم، شفیق، حیا دار اور نگہداشت کرنے والی شخصیت ہونا اسے کم تر انسان نہیں بناتا۔ اسی طرح اس کا تعلیم یافتہ، معاشی طور پر فعال، صاحبِ رائے اور اپنے حقوق سے آگاہ ہونا بھی اس کی نسوانیت کو ختم نہیں کرتا۔
اصل مسئلہ نسوانیت یا حقوق میں سے کسی ایک کے انتخاب کا نہیں، بلکہ ایسے متوازن تصور کی تشکیل کا ہے جس میں عورت کی انسانی عزت، قانونی حقوق، معاشی خودمختاری، آزادیِ رائے اور سماجی شرکت کے ساتھ اس کی فطری نسوانی شناخت، حیا، وقار اور خان دانی کردار بھی محفوظ رہیں۔
یہی وہ مقام ہے، جہاں اسلام اور جدید فیمینیزم کے درمیان کشمکش ایک نئے سوال کو جنم دیتی ہے۔ کیا مساوات کا مطلب یکسانیت ہے؟ یا عدل کا تقاضا یہ ہے کہ عورت اور مرد کی انسانی قدر و منزلت کو یکساں تسلیم کرتے ہوئے ان کی فطری خصوصیات اور ذمے داریوں کا بھی احترام کیا جائے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments